Tag: عمران خان کی خبریں

  • وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، 17 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل اجلاس میں متعدد امور زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    اجلاس میں قومی ایئر لائن پی آئی اے، پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور سیکورٹی پیپرز لمیٹڈ کراچی کے ملازمین پر پاکستان ایسنشل سروسز مینٹی نینس ایکٹ 1952 کے اطلاق کی سمری پیش کی جائے گی۔

    ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات کی پیشرفت رپورٹ اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2010 میں ترامیم تجویز کرنے کی سمری پیش کی جائے گی جبکہ وزارت داخلہ آئینی پٹیشن نمبر 50 دو ہزار تیرہ غور کے لیے پیش کرے گی۔

    اجلاس میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے چیئر پرسن، وائس چیئرمین اور یوتھ کونسلر کے استعفے، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین ایرا اور فیڈرل لینڈ کمیشن میں سینیئر ممبر کی تعیناتی کی سمری پیش کی جائے گی۔

    ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں بلوچستان اور لاہور کی پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو پر غور کیا جائے گا اور الیکٹرونک سرٹیفیکیشن ایگریڈیٹیشن کونسل کے ممبران کی از سر نو تعیناتی کی جائے گی۔

    اجلاس میں پاکستان مورٹگیج ریفائنینس کمپنی لمیٹڈ کے لیے 58 کروڑ ڈالر کی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی جبکہ 15 جنوری 2019 کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کا گزشتہ اجلاس 17 جنوری کو ہوا تھا جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی منظوری دی گئی تھی۔

    اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین کے تقرر کی منظوری دی گئی جبکہ سیمنٹ انڈسٹری میں سپلائی، ڈیمانڈ اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی تھی۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس

    وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور وزیر توانائی عمر ایوب خان بریفنگ دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں بجلی کے پیداواری منصوبوں، ایل این جی اور پٹرولیم سے متعلق امور پر غور کیا جارہا ہے۔

    وزیر پٹرولیم غلام سرور خان پٹرولیم سیکٹر اور وزیر توانائی عمر ایوب خان پاور سیکٹر پر بریفنگ دے رہے ہیں۔

    اجلاس میں ایل این جی کی 4 ماہ کی طلب کے منصوبے اور گیس لوڈ مینجمنٹ پلان پر بھی بات چیت کی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں ریفائنریز اور فرنس آئل لابی کے کردار پر غور کیا جارہا ہے جبکہ گیس بحران پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ توانائی کی کابینہ کمیٹی 3 ماہ قبل تشکیل دی گئی تھی جس میں وزرائے خزانہ، منصوبہ، ریلوے، مشیر تجارت و ٹیکسٹائل اور صنعت و پیداوار شامل کیے گئے تھے۔

    سیکریٹری کابینہ ڈویژن بھی توانائی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

  • وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا جس کے لیے 13 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس دن ساڑھے 11 بجے وزیر اعظم آفس میں ہوگا۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس کے لیے 13 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا جس کے مطابق مختلف معاملات پر غور ہوگا۔ اجلاس میں صحت کے شعبے میں فلسطین کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔

    چیئرمین نیپرا اور ممبران کی تقرری بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ اجلاس میں اسٹیل مل کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے لیے 5 کروڑ کی خصوصی گرانٹ کی بھی منظوری دے گی۔ اس کے علاوہ موبائل کمپنیوں کی لائسنس کی تجدید بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس 10 دسمبر کو ہوا تھا جس میں وزیر اعظم عمران خان نے تمام وزرا سے 100 دن کی کارکردگی دریافت کی تھی۔

    گزشتہ اجلاس میں ہر وزارت سے اقدامات، کفایت شعاری مہم اور آئندہ پلان پر بات کی گئی تھی جبکہ وزرا سے آئندہ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات سے متعلق بھی پوچھا گیا تھا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے ہر 3 ماہ بعد وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزیر اعظم نے وزرا کو اسٹریٹیجک پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی تھی، وزیر اعظم کی ہدایت پر اسٹریٹیجک پلان 5 سال کے لیے بنایا جائے گا۔

  • حکومت نے وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا وعدہ پورا کردیا

    حکومت نے وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا وعدہ پورا کردیا

    اسلام آباد: حکومت نے وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا وعدہ پورا کردیا، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس جیسے بڑے گھرغلامی کے دورکی نشانیاں ہیں جنہیں ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اپنا ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کے انتظامات مکمل کرلیے۔ یونیورسٹی کو اسلام آباد نیشنل یونیورسٹی کا نام دیا جائے گا۔ یونیورسٹی کی لانچنگ کانفرنس ’ایمرجنگ چیلنجز فار پاکستان‘ سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بچپن سے ہی گورنر ہاؤسز اور حکمرانوں کے بڑے گھر دیکھے، برطانیہ میں حکمرانوں کی رہائش دیکھ کر میرے ذہن میں تبدیلی آئی۔ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں سادہ سی عمارت میں برطانوی وزیراعظم کا گھر تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جب آزادی ملی تو تعلیم کے شعبے پر کسی نے توجہ نہیں دی، وزیر اعظم ہاؤس جیسے بڑے گھر غلامی کے دور کی نشانیاں ہیں جنہیں ختم کرنا چاہتے ہیں۔ نوجوان طبقہ ٹیکس کے پیسے کے غلط استعمال پر آواز اٹھائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو باشعور بنا رہے ہیں، مدینہ کی ریاست میں حکمرانوں نے پیسہ اپنی ذات پر خرچ نہیں کیا۔ ہمارے حکمران عالیشان محل میں رہتے ہیں۔ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا مقصد حکمران اور عوام میں فاصلہ کم کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جس بڑے ڈاکو سے پیسہ پکڑیں گے وہ تعلیم پر خرچ کیا جائے گا، ملک کی معاشی صورتحال جلد بہتر ہوجائے گی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے برسر اقتدار  آنے کے بعد وزیر اعظم ہاؤس، وزیر اعلیٰ اور گورنر ہاؤسز کو عوامی استعمال میں لانے کا اعلان کیا تھا۔

    انہوں نے خود ملٹری سیکریٹری کے گھر میں رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کردیا جائے گا۔

    بعد ازاں چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز کو بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کو اس وقت بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے، ہمارا قرضہ 30 کھرب روپے سے زائد ہو چکا ہے، لہٰذا حکومت سادگی اختیار کرے۔

    انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں موجود اور دیگر حکومتی عہدیداران کے زیر استعمال لگژری گاڑیاں بھی نیلام کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • وزیر اعظم کے غربت مٹاؤ پروگرام کا عالمی میڈیا بھی معترف

    وزیر اعظم کے غربت مٹاؤ پروگرام کا عالمی میڈیا بھی معترف

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے غربت مٹاؤ پروگرام کا عالمی میڈیا بھی معترف ہوگیا، واشگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ منصوبے کو ہر طبقے کے لوگوں میں پذیرائی ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن پوسٹ میں شائع شدہ آرٹیکل میں وزیر اعظم عمران خان کے غربت مٹاؤ پروگرام کی تعریف کی گئی ہے۔ آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ غریب اور ورکنگ کلاس نے مرغیوں کے منصوبے پر خوشی کا اظہار کیا۔

    واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ خوشحال خاندانوں نے بھی غریبوں کی حالت بہتر بنانے کی ترجیح پر سراہا، منصوبے کا مقصد غریب خاندانوں کو آمدنی کا ذریعہ مہیا کرنا ہے۔

    آرٹیکل کے مطابق بہت سے غریب گھرانے اس منصوبے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں جبکہ شہری گھرانے بھی منصوبے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے 100 روز مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غربت مٹاؤ پروگرام کا اعلان کیا تھا جس کے تحت غریبوں کو مرغیاں اور انڈے فراہم کیے جائیں گے۔

    منصوبہ نہ صرف لوگوں کو معاشی طور پر خوشحال کرسکے گا بلکہ غذائی قلت کا شکار بچوں کی غذائی قلت کو بھی دور کرسکے گا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غریبوں کے لیے 5 ارب روپے سے گھر بنائیں گے، چھوٹے کسانوں کو قرضے دے کر ان کی مدد کریں گے اور سبسڈی دیں گے جس سے وہ اوپر آسکیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ کسانوں کو جانور پالنے کے لیے پیسے دیں گے اور چھوٹے کسانوں کو لیز پر مشینیں دیں گے۔

  • دعا ہے کہ مذاکرات کا عمل افغانستان میں امن کے لیے مددگار ثابت ہو: وزیر اعظم

    دعا ہے کہ مذاکرات کا عمل افغانستان میں امن کے لیے مددگار ثابت ہو: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دعا ہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا عمل افغانستان میں امن کے لیے مددگار ثابت ہو۔ پاکستان امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں مدد دی، دعا ہے یہ عمل افغانستان میں امن کے لیے مددگار ثابت ہو۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ دعا ہے کہ افغانستان میں 3 دہائیوں سے جاری مشکلات ختم ہوجائیں، 3 دہائیوں سے بہادر افغان عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

    خیال رہے کہ افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات گزشتہ روز ہوئے، دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات پاکستان کے تعاون سے ہورہے ہیں۔

    امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات میں پاکستان، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

    افغانستان میں ترجمان امریکی سفارتخانے نے وائس آف امریکا سے گفتگو میں کہا تھا کہ امریکا پاکستانی حکومت کے تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے، امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد تمام فریقین سے ملے ہیں اور مزید ملاقاتیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو خط ارسال کیا تھا، خط میں امریکی صدر نے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستان سے مدد مانگ تھی۔

    بعد ازاں امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان زلمے خلیل زاد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ دورے میں زلمےخلیل زاد نے وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں تھیں۔

    امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان زلمے خلیل زاد نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل اور طالبان سے مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا جبکہ صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم کو نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا تھا۔

  • معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کر قوم کو دشمن کے خلاف متحد کیا: وزیر اعظم

    معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کر قوم کو دشمن کے خلاف متحد کیا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے انسانیت اور مذہب کے تقاضوں کو بالائے طاق رکھا اور بچوں کو نشانہ بنایا، معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کر قوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر ہمیں ایک سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے، معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کر قوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے انسانیت اور مذہب کے تقاضوں کو بالائے طاق رکھا اور بچوں کو نشانہ بنایا، قوم کی حمایت سے افواج پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ سر انجام دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہدا کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، آج کے دن شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو قیمت ادا کی اس کا تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا۔ بچوں کی شہادت کے دلخراش واقعے نے پوری قوم کو کرب و غم میں مبتلا کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں بچھڑنے والوں کی یاد ہمیشہ ساتھ رہے گی، شہدا کے غمزدہ والدین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ بحیثیت قوم ملکی، علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تعلیم سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکتا ہے، پاکستان کو فرقہ واریت، لسانیت اور رنگ و نسل سے پاک ملک بنائیں گے۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔

  • وزیر اعظم کا کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کا کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کاروبار اور سرمایہ کاری سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر قانون فروغ نسیم ،مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے شرکت کی جبکہ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف سمیت اقتصادی ماہرین بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دوران اجلاس وزیر اعظم عمران خان کو سرمایہ کاروں کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔

    وزیر اعظم کو کاروباری افراد کو درپیش ٹیکسز اور پالیسی ایشوز پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ صوبائی سطح پر اقتصادی زون کے قیام میں رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔ نجی شعبے کا حکومتی پالیسیز پر اعتماد بحال کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل پر فوری اقدامات کیے جائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ اقتصادی ٹیم جامع پلان پیش کرے۔

    وزیر اعظم نے کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ بھی کیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا رواں ماہ دورہ قطر کا امکان

    وزیر اعظم عمران خان کا رواں ماہ دورہ قطر کا امکان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ قطر کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وزیر اعظم قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے دوروں کے بعد اگلا دورہ قطر کا ہوگا جو رواں ماہ ہی متوقع ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ قطر کے دوران وزیر اعظم امیر قطر اور ہم منصب سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ قطر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے۔ اس دوران پاکستان اور قطر ایل این جی معاہدے پر بھی بات چیت کریں گے۔

    دورہ قطر کے دوران وزیر اعظم پاکستان کی افرادی قوت قطر بھیجنے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    دورے کے دوران وفاقی وزرا بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ہوں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اب تک 2 بار سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کا دورہ کرچکے ہیں۔

    اپنے 5 روزہ دورہ چین میں وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران 15 معاہدوں اور یاداشتوں پر بھی دستخط کیے۔

    اس سے قبل دورہ سعودی عرب میں دوست ملک نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کے لیے بڑا پیکج دے کر تحریک انصاف حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا اور پاکستان کے لیے 12 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔

    پیکج کے مطابق پاکستان کو 3 ارب ڈالر ایڈونس دیے جائیں گے، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا جبکہ بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالر بھی پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھے جائیں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان نے کینسر سے لڑنے والی ننھی پرستار کی خواہش پوری کردی

    وزیراعظم عمران خان نے کینسر سے لڑنے والی ننھی پرستار کی خواہش پوری کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ڈنمارک سے آئی ننھی پرستار سے ملاقات کر کے اُس کی دیرینہ خواہش پوری کردی۔

    نمائندہ اے آر وائی عبد القادر کے مطابق علیزہ نامی بچی ڈنمارک کی رہائشی ہے اور وہ کافی عرصے سے عمران خان سے ملاقات کی کوششوں میں تھی۔

    علیزہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی تھی اور اُس نے متعدد بار ملنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ کپتان کی ننھی پرستار گزشتہ دنوں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اسلام آباد پہنچی۔

    وزیر اعظم کو جب اطلاع ملی کہ اُن کی ننھی پرستار اسلام آباد میں موجود ہے تو عمران خان نے اہل خانہ کے ہمراہ علیزہ کو اپنی رہائش گاہ بنی گالہ مدعو کیا۔

    مزید پڑھیں: حکومت نے نابینا شہری کی فریاد سُن لی، علاج کرانے کا اعلان

    علیزہ اپنی پسندیدہ شخصیت سے ملنے کے لیے والدین کے ہمراہ بنی گالا پہنچی تو وزیراعظم نے انہیں اندر بلا لیا اور اپنی پرستار سے ملاقات کر کے اُس سے بات چیت بھی کی۔ اپنی پسندیدہ شخصیت سے ملاقات کے بعد علیزہ نے مسرت کا اظہار بھی کیا اور کپتان کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔

    کینسر سے لڑنے والی علیزہ کو عمران خان نے اپنا دستخط شدہ بلا تحفے میں دیا اور اُس کو بیماری کے خلاف لڑنے کا حوصلہ بھی دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے علیزہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے اُسے بہادر اور باہمت بچی قرار دیا۔