Tag: عمران خان کی خبریں 3

  • وزیراعظم عمران خان پہلے سرکاری دورے  پر سعودی عرب روانہ

    وزیراعظم عمران خان پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ

    اسلام آباد : وزیرِ اعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے، وزیراعظم سعودی عرب کےبعد ابوظہبی کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، رزاق داؤد اور وزیر اطلاعات فوادچوہدری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    دو روزہ سرکاری دورے میں وہ سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے جبکہ سعودی فرمانروا وزیراعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔

    ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے وزرا اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

    دورے کے دوران مدینہ منورہ میں زیارت اور عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔

    وزیراعظم بدھ کی شام وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچیں گے، جہاں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد وزیراعظم کا ایئرپورٹ پراستقبال کریں گے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کا کل پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کا امکان ہے، ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا کل دبئی میں ہوگا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے بھی دورے کی دعوت دی تھی۔

    ذرائع کے مطابق اقتصادی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان کا دورہ غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ ان کے دورے کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا بھی امکان ہے۔

    خیال رہے واضح رہے کہ 7 ستمبر کو سعودی وزیراطلاعات عواد بن صالح اور دیگر پرمشتمل وفد پاکستان پہنچا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے سعودی وزیراطلاعات سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں  پاک سعودی عرب تعلقات سمیت اہم امور پرتبادلہ خیال کیا جبکہ دہشت گردی کےخلاف پاکستان کی خدمات پربھی بات چیت کی گئی

    اس موقع پر سعودی وزیراطلاعات عواد بن صالح نے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔

  • ایم کیو ایم کا ڈیم فنڈز کی مہم میں وزیراعظم کے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان

    ایم کیو ایم کا ڈیم فنڈز کی مہم میں وزیراعظم کے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان

    کراچی : ایم کیو ایم نے ڈیم فنڈز کی مہم میں وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان کردیا اور کہا کہ تنخواہیں بہت چھوٹی چیز ہے، ہماری تمام سیاسی اور اخلاقی حمایت وزیراعظم کی ڈیم فنڈ مہم کے ساتھ ہے۔

    تفصلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما اور وفاقی وزیر خالد مقبول نے ڈیم فنڈز کی مہم میں وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تنخواہیں بہت چھوٹی چیز ہے، وزیراعظم کی ڈیم فنڈمہم کی سیاسی واخلاقی حمایت کرتے ہیں۔

    وزیر برائے آئی ٹی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کراچی، اندرون سندھ ڈیم فنڈمہم کو لیڈ کرے گی اور فنڈز اکٹھا کرنے سڑکوں پر نکلے گی۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا آبی ضروریات سیاسی مجبوریوں اور مفادات کی نظر ہو چکی ہیں ، سب لوگ کارخیر میں حصہ ڈالیں اور وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کریں۔

    رہنما ایم کیو ایم نے فاروق ستار کے حوالے سے بھی بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا فاروق بھائی ہمارے سینئر اور بھائی ہیں ، وہ کہیں نہیں جارہے، وہ ہمارے ساتھ ہیں ،کبھی نظر نہیں آتے تو مطلب ناراضی نہیں۔

    مزید پڑھیں : ڈیمز کی تعمیر، وزیراعظم کی اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات کی اپیل

    واضح رہے گذشتہ روز وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر سب بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہوگیا ہے، ڈیم نہ بنائے تو 2025میں پاکستان میں خشک سالی شروع ہوجائے گی، پاکستان میں قحط پڑسکتا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ڈیم بنانے کے لئے آج سے جہاد کرنا ہے، اوورسیز پاکستانی کم ازکم ایک ہزارڈالر ڈیم فنڈز میں بھیجیں۔چیف جسٹس اورپرائم منسٹر فنڈزکو ضم کیا جارہا ہے، یقین دلاتا ہوں قوم کے پیسے کی خود حفاظت خود کروں گا۔