Tag: عمران خان کی خبریں

  • ملک بھر میں اسلامی بینکنگ نظام متعارف کروایا جائے، عمران خان کی ہدایت

    ملک بھر میں اسلامی بینکنگ نظام متعارف کروایا جائے، عمران خان کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں اسلامی بینکنگ نظام متعارف کروانے کی ہدایت جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملکی معیشت سےمتعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وزیرخزانہ اسد عمر، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری خزانہ اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی اشفاق حسین سمیت اقتصادی ماہرین نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ملک کی اقتصادی صورت حال سے متعلق ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    گورنر اسٹیٹ بینک نے دورانِ اجلاس وزیراعظم کو بریفنگ دی کہ پاکستان بینکنگ سہولتوں سےسب سےکم استفادہ کرنے والاملک ہے کیونکہ صرف 16 فیصد آبادی بینکنگ سہولیات استعمال کررہی جن میں 11 فیصد خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ عوام کی کثیر تعدادمذہبی رجحان کی وجہ سے بینکنگ نظام سے دور رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

    گورنر اسٹیٹ بینک نے بریفنگ دی کہ آئندہ5سال کیلئےجامع پلان بنایاجارہا ہے جس کے تحت اسلامک بینکنگ اورڈیجیٹل پیمنٹ کوفروغ دیاجائےگا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’5سالہ منصوبہ بندی کےتحت 30لاکھ روزگارکےمواقع پیدا کیے جاسکیں گے جبکہ ایس ایم ای نظام کےتحت  5 کھرب ڈالرکی ایکسپورٹس بھی بڑھے گی‘۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے آگاہ کیا کہ ’کمرشل اورمائیکرو فنانس بینکنگ پرکام تیزکیا جائےگا‘۔

      وزیراعظم نے قومی اقتصادی حکمت عملی کے 5 سالہ منصوبہ بندی کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ’اقتصادی استحکام کے ذریعے غربت پر قابو پانے میں مدد ملے گی‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ملک کےاقتصادی نظام کی مضبوطی کیلئے اہم فیصلے کرنا ہوں گے، اسلامک بینکنگ نظام کی وجہ سے زراعت جیسےشعبوں کوبھی ترقی ملےگی۔

    وزیر اعظم نے بیکنگ اصلاحات کے لیے پیش کیے گئے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے پانچ سالہ منصوبہ بندی پر جلد عملدرآمد شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

  • سٹیزن پورٹل، حکومت کو 1 لاکھ سے زائد شکایات موصول، 16 ہزار کا ازالہ کردیا گیا

    سٹیزن پورٹل، حکومت کو 1 لاکھ سے زائد شکایات موصول، 16 ہزار کا ازالہ کردیا گیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ 24 دنوں میں ایپ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد عوامی شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 84 ہزار سے زائد درخواستوں پر کام جاری ہے جبکہ 16 ہزار  سے زائد کو حل کردیا گیا۔

    اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے افتخار درانی کا کہنا تھاکہ 24 دنوں کے دوران شکایتی ایپ کے ذریعے عوام نے 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد شکایات وزیراعظم آفس کو ارسال کیں جن میں سے 16ہزار 770 کو حل کردیا گیا جبکہ 84ہزار پر کام جاری ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ عوام نے چوبیس دنوں کے دوران وزیراعظم آفس ایپ کو 4 لاکھ 54 ہزار بار ڈاؤن لوڈ کیا جس کے ذریعے وہ مسلسل اپنی شکایات درج کروا رہے ہیں، اب تک 54 فیصد مردوں جبکہ 6 فیصد خواتین نے ایپ ڈاؤن لوڈ کی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’عوام کی بڑی تعداد نے بلدیاتی مسائل کے حوالے سے شکایات درج کروائیں جن کو تقریباً حل کر دیا گیا جبکہ انرجی سیکٹر کی 6ہزار 303 شکایات موصول ہوئیں‘۔

    مزید پڑھیں: حکومت عوام کو جواب دہ، آن لائن شکایات درج کروانے کی سہولت کا آغاز

    وزیراعظم کے معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ 12 ہزار سے زائد شکایات تعلیم کے حوالے سے موصول ہوئیں جبکہ امن و امان، محکمہ صحت اور محکمہ لینڈ کی چار ہزار سے زائد شکایتی درخواستیں موصول ہوئیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’کرپشن سے متعلق ابھی تک ایک بھی شکایات موصول نہیں ہوئی‘۔

    [bs-quote quote=”سرکاری محکموں میں کرپشن سے متعلق ابھی تک کوئی شکایات درج نہیں ہوئی” style=”style-9″ align=”center” author_name=”افتخار درانی”][/bs-quote]

    یاد رہے کہ 28 اکتوبر 2018 کو وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں وزراء اور حکومتی کارکردگی کے خلاف آن لائن شکایات درج کروانے کے لیے سے (عوامی شکایتی سیل اور آراء) سٹیزن پورٹل سروس کا افتتاح کیا تھا۔

    افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا تھا کہ’یہ نیا پاکستان ہے کیونکہ اب حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی‘۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پرانے پاکستان میں نوآبادیاتی نظام قائم تھا جس کی وجہ سے عوام حکمرانوں کے غلام تھے اور غریب پاکستانی سرکاری دفاتر میں اپنے کاموں کے لیے دھکے کھاتے تھے جبکہ بااثر اور پیسوں والے اپنے کام رشوت دے کر  جلدی کروالیتے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: سٹیزن پورٹل سے بیک وقت 3 لاکھ 82 ہزار شکایات موصول ہو سکیں گی، وزیرِ اطلاعات

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سٹیزن پورٹل نظام کےتحت ملک کےکسی بھی حصےسےعام آدمی حکومت یا سرکاری محکمے کی شکایت درج کرواسکے گا، اس سے ہمیں معلوم ہوگا کہ اسلام آبادکے عوام کو پانی کی ضرورت ہے یا وہ میٹرو بس سروس چاہتے ہیں‘۔

    ایپ استعمال کرنے کا طریقہ کار

    گوگل پلے اسٹور سے ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اس پر آئی ڈی بنائیں تاکہ شناخت ظاہر ہو مگر حکومت اسے خفیہ بھی رکھے گی۔آئی ڈی بنانے کے بعد صارف کے سامنے تین مینیو کھلیں گے، مقامی شہری، اوورسیز پاکستانی، یا غیر ملکی؟ جس میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ضروری ہوگا۔

    بعد ازاں صارف کے سامنے ایک اسکرین کھلے گی جس میں وہ اپنی شکایت درج کرے گا، اُس کے بعد اسکرین پر لکھا آئے گا کہ پہلے سے اس مسئلے پر کتنی شکایات درج ہیں۔

    شکایات کنندہ کو جو بھی مسئلہ درپیش ہے اُس کو منتخب کر کے وہ اپنی شکایت درج کرے گا۔

  • آزادی اظہار کے نام پر سوا ارب مسلمانوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیئے: وزیر اعظم

    آزادی اظہار کے نام پر سوا ارب مسلمانوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیئے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ایک قرارداد پاس کروائیں گے اور اسے دنیا بھر میں پھیلائیں گے، آزادی اظہار کے نام پر سوا ارب مسلمانوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری 2 روزہ بین الاقوامی رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں بتایا کہ کرکٹ کھیلنے سے پہلے ان کی ایک صوفی سے ملاقات ہوئی تھی، صوفی کی تعلیمات کے باعث وہ اسلام کی طرف راغب ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ نام کا مسلمان تھا، والد صاحب کہتے تھے تو جمعہ کی نماز پڑھ لیتا تھا، آنکھوں کے سامنے سے پردہ اٹھا تو یقین ہوگیا کہ اللہ ہے۔ اللہ نے کرم کیا مجھے سیدھے راستے پر لے آیا، زندگی تبدیل ہوگئی۔

    انہوں نے بتایا کہ سیدھے راستے پر چلنا شروع کیا تو والد نے کہا قرآن پڑھنا شروع کرو، ’انہوں نے کہا کہ قرآن اس وقت سمجھ آئے گا جب دل میں ایمان کا جذبہ ہو۔ نبی کریم ﷺ سے محبت پیدا ہوئی تو سیدھے راستے کا جذبہ پیدا ہوا‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جس دن اللہ آپ کو سیدھے راستے پر چلاتا ہے اس دن ایمان کا جذبہ مضبوط ہوتا ہے، نبی کریم ﷺکی سیرت کا مطالعہ کیا تو مجھ میں تبدیلی آنا شروع ہوئی۔ اللہ نے انسان کو کسی مقصد کے لیے پیدا کیا، ذمہ داری کا احساس پیدا ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ذمہ دار انسان بن کر انسان ہونے کا احساس ہوتا ہے۔ اللہ نے نبی کریم کو خطاب رحمت اللعالمین ﷺ دیا تھا۔ نبی کریم ﷺ رحم کرنے والے انسان تھے۔ فلاحی ریاست وسائل سے نہیں احساس اور رحم کی وجہ سے بنتی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کو کہہ رہے ہیں 3 یونیورسٹیز میں نبی کریم ﷺ کی زندگی پر ریسرچ کی جائیں۔ ہم چاہتے ہیں نبی کریم ﷺ کی زندگی کے بارے میں لوگوں کو پتہ چلے۔

    انہوں نے کہا کہ مدینے کے بعد پاکستان اسلام کے نام پر بنا، کئی لوگ اسلام کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان عظیم ملک بنے گا۔ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی پر مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خاکوں کے معاملے کو او آئی سی میں اٹھایا اور عالمی سطح پر احتجاج کیا۔ خاکوں کے معاملے پر ہماری حکومت نے ہالینڈ کی حکومت سے بات کی، ہمارے کہنے پر ہالینڈ کی حکومت نے خاکے واپس لیے اور مطالبہ تسلیم کیا۔ ’آزادی اظہار کے نام پر سوا ارب مسلمانوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیئے‘۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ایک قرارداد پاس کرائیں گے اور اسے دنیا بھر میں پھیلائیں گے۔ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔ قرارداد کے ذریعے بتائیں گے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی جرم ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا

    وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا طلب کردہ اجلاس کل بروز جمعرات وزیر اعظم کے دفتر میں ہوگا۔ اجلاس میں وزرا اپنے متعلقہ محکموں کو دیے گیے اہداف کے متعلق رپورٹ دیں گے۔ مختلف ٹاسک فورسز بھی اب تک کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دیں گی۔

    اجلاس میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری مذاکرات کے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس کے لیے وزارتوں کو 100 روزہ پلان پر کارکردگی رپورٹ کی حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا جو جاری کردیا گیا ہے۔

    اجلاس کے ایجنڈے میں آذر بائیجان سے سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی توثیق شامل ہے۔ طاہر امام بخش بنام حکومت پاکستان رٹ پٹیشن پر کابینہ سے رہنمائی لی جائے گی علاوہ ازیں وی آئی پی فلائٹس سے متعلق ایریل ورک لائسنس کی توسیع کی منظوری بھی شامل ہے۔

    ایجنڈے میں کار بنانے والی کمپنی کی پابندی کے حامل آئٹمز کو کابل سے منگوانے کی منظوری بھی شامل ہے۔ وفاقی کابینہ نیشل ٹیلی کمیونیکیشن کے نظر ثانی بجٹ کا بھی جائزہ لے گی جبکہ نیشنل ہیلتھ سروسز اور روانڈا میں تعاون کے پروگرام کی بھی منظوری دی جائے گی۔

    اجلاس میں پاک افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبےمیں تعاون کی یادداشت (ایم او یو) کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کابینہ پی ٹی ڈی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے اضافی چارج سے متعلق بھی فیصلہ کرے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ارکان قومی اسمبلی کے اجلاس کی بھی صدارت کی تھی۔ اجلاس میں سندھ کی ترقی اور مسائل کے حل پر گفتگو ہوئی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو کراچی کے عوام کے پینے کے پانی اور سیوریج مسائل سے آگاہ کیا گیا جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم کے اعلان کردہ کراچی پیکج کی پیشرفت پر بھی بریفنگ دی تھی۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار

    وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار کرلیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 20 نومبر کو ملائیشیا پہنچیں گے اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار کرلیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان 20 نومبر سے ملائیشیا کا دورہ کریں گے اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر 2 روز تک قیام کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم خان ملائیشین ہم منصب سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں گے۔ وزیر اعظم اپنے ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ ملائیشیا کی ترقی کے تجربات سے استفاده پر بات چیت بھی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو ملائیشیا میں ترقی کے تیز ترین ماڈل پر بریفنگ دی جائے گی۔

    وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سمیت دیگر حکام بھی ملائیشیا جائیں گے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم کو 28 اکتوبر کو ملائشیا کے دورے پر روانہ ہونا تھا، بعد ازاں دورہ ملائیشیا کی تاریخ تبدیل کردی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اب تک 2 بار سعودی عرب اور چین کا دورہ کرچکے ہیں۔

    اس سے قبل اپنے 5 روزہ دورہ چین میں وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران 15 معاہدوں اور یاداشتوں پر بھی دستخط کیے۔

    اس سے قبل دورہ سعودی عرب میں دوست ملک نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کے لیے بڑا پیکج دے کر تحریک انصاف حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا اور پاکستان کے لیے 12 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔

    پیکج کے مطابق پاکستان کو 3 ارب ڈالر ایڈونس دیے جائیں گے، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا جبکہ بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالر بھی پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھے جائیں گے۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ چین سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔

    وزیر مملکت شہریار آفریدی نے امن و امان اور ملک کی داخلی سلامتی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔  سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملک میں قیام امن کے حوالے سے بھی مختلف امور زیر غور آئے۔

    اجلاس میں کابینہ نے موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم کے دو ٹوک مؤقف کو سراہا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ریاست کو چند شر پسند عناصر یرغمال نہیں بنا سکتے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں شر پسند عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ چین سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے چین جانے والا وفد مختصر کردیا۔ وزیر اعظم نے متعدد حکومتی شخصیات کو پاکستان میں رہنے کی ہدایت کی جن میں وفاقی وزرا بھی شامل ہیں۔

    فیصلہ ملک میں حالیہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔

    وفاقی کابینہ نے 8 نکاتی ایجنڈے کے بیشتر نکات کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں پاکستان اور چین کی وزارت دفاع میں معاہدے کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں میجر جنرل فیاض حسین کی بطور آئی جی فرنٹیئر کور بلوچستان اور میجر جنرل راحت حسین احمد کی بطور آئی جی ایف سی خیبر پختونخواہ کے تقرر کی منظوری دی گئی۔

    کابینہ نے ریڈیو پاکستان کے نئے بورڈ کی تشکیل، آٹھویں ویج بورڈ کے چیئرمین کے تقرر، پاکستان ایل این جی ٹرمینل لمیٹڈ اور ایل این جی لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز کی بھی منظوری دی۔

    اجلاس میں ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کے قانون پر بھی غور کیا گیا۔

  • جو بھی اصلاحات ہوں گی اس کے نتائج 3 سے 6 ماہ میں آئیں گے: وزیر اعظم

    جو بھی اصلاحات ہوں گی اس کے نتائج 3 سے 6 ماہ میں آئیں گے: وزیر اعظم

    ریاض: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ ہے۔ جو بھی اصلاحات ہوں گی اس کے نتائج 3 سے 6 ماہ میں آنا شروع ہوں گے۔ آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے مدد کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ریاض میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس کا موضوع ’مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع‘ تھا جبکہ وزیر اعظم کے سیشن کا نام ’پاکستان ۔ علاقائی ترقی اور استحکام کا مرکز‘ تھا۔

    سوال و جواب کے سیشن کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اقتدار میں آئے ہوئے ابھی 60 دن ہوئے ہیں۔ نئے پاکستان کا مطلب اپنی اصل بنیادوں کی طرف واپس جانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انصاف فراہم کرنے والے اداروں کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ پاکستان کو ایک آئیڈیل مسلم ریاست بنانا ہے۔ ہمیں مالیاتی اور جاری کھاتوں کا خسارہ ملا ہے۔ ہماری اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ان 2 ممالک میں شامل ہے جو نظریے کی بنیاد پر بنے۔ نیا پاکستان قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق بنانا ہے، ہمیں فوری طور پر کرنٹ خسارے کے مسئلے کا سامنا ہے۔ منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک میں بڑا مسئلہ ہے، ’ہم جو بھی اقدامات کریں گے آنے والے دنوں پر اس کا مثبت اثر ہوگا‘۔

    انہوں نے کہا کہ بینکنگ چینلز سے ترسیلات بھیجنے والوں کو رعایت دیں گے۔ جو بھی اصلاحات ہوں گی اس کے نتائج 3 سے 6 ماہ میں آنا شروع ہوں گے۔ آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے مدد کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کو دوست ممالک کے تعاون سے حل کریں گے۔ ’کرپشن کی وجہ سے ملک غریب ہوتا ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کو کمزور کرتی ہے، کرپشن نے افریقی ممالک کو تباہ کیا۔ کرپشن انسانی ترقی کے منصوبوں سے رخ موڑ دیتی ہے۔ پاکستان کی برآمدات بڑھانے کے لیے حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے۔ ملک میں 10 کروڑ افراد 35 سال سے کم عمر کے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قرضے ادا کرنے کے لیے رقم کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے نوجوانوں کے لیے نوکری کے مواقع پیدا کرنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک میں بنیادی فرق کرپشن ہے۔ چین نے گزشتہ کئی سالوں میں کرپشن کے خلاف اقدامات کیے۔ چین نے 415 حکومتی افراد کو کرپشن کرنے پر سزائیں دیں۔ سوئس حکومت اور ادارے مضبوط ہیں اسی لیے وہاں خوشحالی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک پاکستان کے لیے بڑے مواقع لے کر آیا ہے، پاکستان سی پیک میں اسٹریٹجک مقام رکھتا ہے۔ پاکستان میں وائٹ کالر کرائم کو پکڑنا بہت مشکل ہے۔ آئندہ ماہ چین کا دورہ کر رہا ہوں، کرپشن اور غربت پر قابو پانے کا طریقہ چین سے سیکھیں گے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے سب سے بڑے کوئلے کے ذخائر ہیں، پاکستان میں 12 موسمیاتی زونز ہیں۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ پاکستان مذہبی اور سیاحت کی وجہ سے بہترین ملک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2 مسائل کا سامنا ہے، پہلا کرپشن دوسرا غربت۔ دونوں مسائل کے حل کے لیے چین سے مدد حاصل کریں گے۔ مسلح افواج کی کوششوں کی بدولت دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔ گزشتہ 15 سال میں دہشت گردی کے ناسور نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے بعد سی پیک سے وسط ایشیائی ممالک فائدہ اٹھائیں گے، ماضی میں امن و امان کی وجہ سے سرمایہ کار پاکستان نہیں آ رہے تھے۔ افغانستان جہاد اور نائن الیون کے واقعات سے پاکستان بہت متاثر ہوا۔ پاکستان اب سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ملک ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ دسمبر میں ایگزون کمپنی دوبارہ پاکستان آرہی ہے۔ ایگزون کی پاکستان واپسی سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک نکاتی حل مہیا کریں گے۔ کوشش ہے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کی سہولت ملے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اب آئی ٹی شعبے کو خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ سعودی سرمایہ کاروں سے پاکستان میں 2 آئل ریفائنریز کی بات کر رہے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی افغانستان سے ہو رہی ہے، پاکستان کو زیادہ امن اور استحکام کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے ایسی جنگ لڑی جو اس کی اپنی نہیں تھی۔ جنگ کے باعث قبائلی علاقے تباہ ہوئے، 100 ارب ڈالر نقصان ہوا۔ ’بھارت میں انتخابات کے باعث پاکستان مخالف مہم جاری ہے، بھارت میں الیکشن کے بعد امن مذاکرات شروع کریں گے‘۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر تجارت رزاق داؤد، وزیر مملکت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں۔

    سعودی عرب پہنچ کر وزیر اعظم نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی، نوافل ادا کیے اور پاکستان اور امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ دوسرا دورہ سعودی عرب ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم 18 ستمبر کو دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے تھے جو ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس: وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ طلب

    وفاقی کابینہ کا اجلاس: وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ طلب

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ مانگ لی۔ ’بتایا جائے 60 دن میں وزرا نے کیا کیا‘؟

    وزیر اعظم نے وزرا سے آئندہ 40 روز کا پلان بھی مانگ لیا۔

    اجلاس میں گنے کی کرشنگ 15 نومبر سے شروع کرنے کی منظور دی گئی جبکہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اختیاراتی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس منسوخی کے نوٹیفکیشن کی واپسی کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

    اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے کابینہ کو آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اعتماد میں لیا اور حکومت کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے اتھارٹی کے چیئرمین کی تعیناتی اور ایل این جی ٹرمینلز پر بریفنگ بھی ایجنڈے کا حصہ تھی۔

    وفاقی کابینہ نے غیر ملکی دوروں کے حوالے سے پالیسی کا جائزہ لیا جبکہ سی پیک سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی کے فیصلوں اور ای سی سی کے مختلف فیصلوں کی توثیق بھی کی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی جس میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو قرض پروگرام کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دی تھی۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، دوست ممالک سے بات کر رہے ہیں۔ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا اولین ترجیح ہے، مشکل فیصلے کر رہے ہیں، مگران کے مثبت نتائج ملیں گے۔

    عمران خان نے کہا تھا کہ سابق حکومتوں نے ملک کوجس دلدل میں دھکیلا ہے اس کی مثال نہیں، آج ملک 30 ٹریلین کا مقروض ہوچکا ہے۔ معیشت کا آج جو حال ہے ایسا ملکی تاریخ میں کبھی نہیں تھا، قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کے لیے 6 ارب روپے روزانہ ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ قوم کا ایک روپیہ خرچ کرتا ہوں تو تکلیف ہوتی ہے، ماضی میں کروڑوں روپے حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ کیے گئے، کوشش ہے ایساحل نکالیں کہ عوام کو کم سے کم تکلیف ہو۔

    معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے 8 ارب ڈالر تک کا قرض لے سکتا ہے، گزشتہ پروگرام کا حجم 6 ارب 40 کروڑ ڈالر تھا۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پروگرام کے لیے 20 شرائط حکومت کے سامنے رکھی ہیں جن میں سرفہرست روپے کی قدر میں کمی اور بجلی کی قیمت میں اضافہ ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشین ہم منصب کا ٹیلی فون

    وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشین ہم منصب کا ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ٹیلی فون کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں آپس کا تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ٹیلی فون کیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کو انتخابات میں کامیابی اور وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

    دوران گفتگو وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشین معیشت میں بہتری کے لیے مہاتیر محمد کے اقدامات کی تعریف کی۔

    اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک میں وفود کے تبادلے انتہائی ضروری ہیں۔ دو طرفہ تعاون سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

    دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں آپس کا تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشین وزیر اعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

    مہاتیر محمد نے عمران خان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا جلد دورہ کروں گا۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو بھی ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی۔

  • وزیر اعظم کے دورہ چین کو حتمی شکل دے دی گئی

    وزیر اعظم کے دورہ چین کو حتمی شکل دے دی گئی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کو حتمی شکل دے دی گئی۔ وزیر اعظم اپنے دوسرے سرکاری دورے پر 3 نومبر کو چین کے لیے روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کو حتمی شکل دے دی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ چین ان کے پہلے سرکاری دورے سعودی عرب کی نسبت طویل ہوگا۔

    وزیر اعظم 3 روز تک چین میں قیام کریں گے۔ قیام کے دوران چینی صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔

    چین کے دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ وزیر اعظم کی ملاقاتیں بھی شیڈول میں شامل ہیں۔ وزیر اعظم 5 نومبر کو شنگھائی میں عالمی درآمدی نمائش میں مہمان ہوں گے۔

    وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران اقتصادی و دفاعی تعاون اور سی پیک منصوبوں پر اہم پیش رفت کا امکان ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان 3 نومبر کو دورہ چین کے لیے روانہ ہوں گے جبکہ 7 نومبر کو وطن واپس پہنچیں گے۔

    وزیر اعظم کے ہمراہ خارجہ، خزانہ، ریلوے، پلاننگ اور اطلاعات کے وزرا بھی ہوں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنا پہلا سرکاری دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جہاں انہوں نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔

    ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ عمرہ بھی ادا کیا تھا۔

    دورہ سعودی عرب کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور سعودی حکام کے درمیان ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔