Tag: عمران خان کی خبریں

  • حکومت کا عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ

    حکومت کا عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا عمران خان کا آئیڈیل ریاست مدینہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومت کی ماہر اقتصادیات عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے الگ کرنے کے فیصلہ کی تصدیق کردی۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں فواد چوہدری نے کہا حکومت علما، تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، ایک نامزدگی سے مختلف تاثر پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا عمران خان کا آئیڈیل ریاست مدینہ ہے، وزیراعظم اوران کی کابینہ کے ارکان عاشقان رسولﷺہیں، ختم نبوتﷺہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حال ہی میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر حکومت نے کامیابی حاصل کی۔

    دوسری جانب سینیٹرفیصل جاوید نے بھی معاملے پر پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عاطف میاں مستعفی ہونے پر رضا مند ہوگئے ہیں ،ان کے متبادل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    یاد رہے چند روز قبل ہی وزیراعظم عمران خان نے 11 افراد پر مشتمل اقتصادی مشاورتی کونسل تشکیل دے تھی، جس میں ماہرین تعلیم، ماہرین اقتصادیات اور ترقی کے ماہرین کو شامل کیا گیا تھا۔

  • وزیر اعظم عمران خان  نے گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم عمران خان نے گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے گیس کمپنیوں کے ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی اور گیس چوری روکنے کے لئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق توانائی کے شعبے میں جاری مالی مسائل، گیس چوری اور عدم ادائیگیاں عروج پر ہیں جس کے سبب گیس کمپنیاں شدید مالی بحران کا شکار ہیں، حکومت نے اوگرا کی تجویز کے مطابق گیس کی قیمتوں میں چھیالیس فیصد اضافہ کردیا ہے۔

    اعداد وشمار کے مطابق سوئی سدرن پر ایک سو اڑتالیس ارب اٹھتر کروڑ جبکہ سوئی نادرن پر ایک سو اکہتر ارب روپے کے واجبات ہیں، سیمنٹ،سی این جی ،کھاد، کیپٹو پاور پلانٹس اور آئی پی پیز کیلئے بھی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، گھریلو صارفین کیلئے بھی گیس کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے گیس چوری روکنے کےلئے جامع پلان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوری سے قومی خزانے کو سالانہ پچاس ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی گیس چوری روکنے کے لئے جامع پلان بنانے کی ہدایت

    بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا تھا کہ 5 سال میں تیل و گیس کی تلاش کے لئے نئے بلاکس کی منظوری نہیں دی گئی اور پالیسیوں میں تبدیلی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہورہا ہے۔

    گیس سیکٹر ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ دورِ حکومت میں سیاسی بنیادوں پر گیس کی قیمت کو مستحکم رکھا گیا تھا۔

    خیال رہے اوگرا نے گھریلو صارفین کے لئے گیس کی قیمت تین گنا کرنے جبکہ کمرشل صارفین کیلئے قیمت میں تیس فیصد اضافہ تجویز کیا  تھا اور کہا تھا گیس کی قیمت می کافی عرصے سے اضافہ نہ ہونےکےباعث ایس ایس جی سی اور ایس این جی پی ایل کمپنی کے مالیاتی خسارہ میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔

    یاد رہے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے پی ایس او کیلئے دس ارب روپے کے اجراء اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مؤخر کرنے کی منظوری دی تھی۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ گردشی قرضوں کا مجموعی حجم گیارہ سو اٹھاسی ارب روپے ہوگیا ہے، جس پر وزیر خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی تھی اور کہا تھا گردشی قرضوں کے بارے میں فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس: سرکاری ملازمین کو برطرف نہ کیے جانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس: سرکاری ملازمین کو برطرف نہ کیے جانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کو برطرف نہ کیے جانے کا بڑا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم آفس میں ہوا۔

    اجلاس میں کابینہ کو بیرون ملک سے لوٹی گئی رقم واپس لانے پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے دی۔

    شہزاد اکبر نے رقم کی واپسی سے متعلق ٹاسک فورس کی رپورٹ بھی پیش کی۔

    اجلاس میں پاکستان اور چین میں شعبہ تعلیم میں تعاون کے لیے معاہدے کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی سرکاری ملازم کو نوکری سے برطرف نہیں کیا جائے گا۔ فیصلے کا اطلاق ریگولر، کنٹریکٹ اور ایڈ ہاک پر رکھے ملازمین پر بھی ہوگا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ سرکاری ملازم کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر بھی برطرف نہیں کیا جا سکے گا تاہم حکم کا اطلاق عدالتی فیصلوں پر نہیں ہوگا۔ فیصلے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    اجلاس میں پاکستان انٹرنیشل ایئر لائنز پی آئی اے کا چارج سیکریٹری ایوی ایشن کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں این آئی آر سی کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع اور وزارتوں اور ڈویژنز کے صوابدیدی فنڈز واپس لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کی نجکاری، سی پیک اور توانائی کمیٹیاں تشکیل دی تھیں۔

    توانائی کمیٹی میں وزرائے خزانہ، منصوبہ، ریلوے، مشیر تجارت و ٹیکسٹائل اور صنعت و پیداوار شامل ہوں گے جبکہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن بھی توانائی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

    7 رکنی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے چیئرمین وزیر خزانہ اسد عمر ہوں گے جبکہ سی پیک کمیٹی میں وزرائے خارجہ، قانون، خزانہ، پیٹرولیم، ریلوے، وزیر مملکت داخلہ، مشیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری شامل ہوں گے۔

  • یومِ دفاع کی مرکزی تقریب، وزیراعظم مہمانِ خصوصی ہوں گے: فواد چوہدری

    یومِ دفاع کی مرکزی تقریب، وزیراعظم مہمانِ خصوصی ہوں گے: فواد چوہدری

    اسلام آباد : وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان یوم دفاع کی مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا  ہے کہ یوم دفاع کی مرکزی تقریب کل 6 ستمبر 2018 کو جی ایچ کیومیں منعقد ہوگی، وزیراعظم عمران خان یوم دفاع کی مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں افواجِ پاکستان ، حکومت اور عوام کی جانب سے یوم دفاع و شہداء بھرپور جوش و خروش سےمنانے کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔

    گذشتہ روز پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ شہداء کی قربانیوں خدمات کا اعتراف کیاجائے، فیلڈ فارمیشنز شہداء کے خاندانوں سے مل کر ان کی عظیم قربانیوں کا احترام اور اعتراف کریں۔

     ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اعلان کیا تھا کہ ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ کے نام سے یوم دفاع وشہداء منایا جائے گا، کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی اور وطن کی حفاظت کے لیے جانیں دینے والوں کو سلام پیش کیا جائے گا۔

    انہوں نے قوم سے بھرپور شمولیت کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئیے زندہ قوم کی طرح اپنے شہداءکو یاد رکھیں ، ہمارےشہداء نے اپنا آج ہمارے محفوظ کل کے لیے قربان کیا ، شہید ہمارے اصل ہیرو ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان نے نجکاری، سی پیک اور توانائی کمیٹیاں تشکیل دے دیں

    وزیراعظم عمران خان نے نجکاری، سی پیک اور توانائی کمیٹیاں تشکیل دے دیں

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کی نجکاری، سی پیک اور توانائی کمیٹیاں تشکیل دے دیں، توانائی کمیٹی کے چیئرمین وزیرپٹرولیم غلام سرور خان، نجکاری کمیٹی کے چیئرمین وزیر خزانہ اسد عمر اور سی پیک کمیٹی کے چیئرمین خسرو بختیار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ کی نجکاری، سی پیک، توانائی کمیٹیاں تشکیل دیں، توانائی کے لیے کابینہ کی 6 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے، جس کے چیئرمین وزیر  پیٹرولیم غلام سرور خان ہوں گے۔

    توانائی کمیٹی

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ارکان میں وزرائے، خزانہ ، منصوبہ ، ریلوے ، مشیر تجارت و ٹیکسٹائل اور صنعت و  پیداوار بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن بھی توانائی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

    کمیٹی برائے نجکاری

    فوادچوہدری نے کہا وزیراعظم نے 7 رکنی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری بھی تشکیل دی، نجکاری کمیٹی کے چیئرمین وزیر خزانہ اسد عمر ہوں گے، کمیٹی میں
    مشیر تجارت و ٹیکسٹائل، صنعت وپیداوار بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ وزرائے قانون، منصوبہ بندی نجکاری کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

    وزیراعظم کے مشیر ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری کمیٹی بھی شامل ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سی پیک کے حوالے سے بھی کمیٹی تشکیل دی ہے ، سی پیک کمیٹی کے ارکان کی تعداد 9 ہے اور وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار چیئرمین ہوں گے۔

    سی پیک کمیٹی

    وزیراطلاعات نے کہا سی پیک کمیٹی میں وزرائےخارجہ،قانون،خزانہ،پیٹرولیم،ریلوے ، وزیر مملکت داخلہ، مشیر تجارت، صنعت وسرمایہ کاری شامل ہوں گے جبکہ سیکرٹری کابینہ ڈویژن بھی کابینہ کمیٹی سی پیک کے ممبر مقرر کردیئے گئے ہیں، کابینہ نے تینوں کمیٹیوں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں امیدواروں کے درمیان اچھا مقابلہ چل رہاہے، ہم نے فاٹا کے انضمام کی طرف قدم اٹھایا، عارف علوی کی پارٹی نظریےسےکمٹمنٹ شک وشبہات سے بالاترہے۔

    فوادچوہدری نے کہا شدت پسندوں کے سامنے نہیں جھکیں گ اور اقلیتوں کےحقوق کی حفاظت کریں گے، ہرمسلمان کافرض ہےکہ وہ اقلیتوں کےحقوق کی حفاظت کرے۔

  • منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا: وزیر اعظم

    منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وفاقی وزیر برائے داخلہ، وزیر خزانہ اسد عمر اوروزیر تجارت سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو کم آمدن طبقے کے لیے گھروں کی فراہمی کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 5 لاکھ گھروں کی فوری تعمیر اولین ترجیح ہے، گھروں کی تعمیر کے لیے نجی شعبہ آگے آئے۔ منصوبہ رہائشی مسائل کاحل اور اقتصادی ترقی کا باعث ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ رہائشی منصوبے سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، بے گھر کیے بغیر کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کی پالیسی بنانا ہوگی۔ منصوبے پر عملدر آمد اور روڈ میپ کے لیے سیکریٹری ہاؤسنگ کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات سے متعلق بریفنگ  دینے کے ساتھ ساتھ ایف اے ٹی ایف کی شرائط اور ہنڈی کے خاتمے سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کومخاطب کرکے کہا کہ ہنڈی کی بجائے بذریعہ بینک اپنی رقوم وطن بھجوا کر پاکستان کی تعمیروترقی میں اپنا کردارادا کریں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ کے حوالے سے شروع سے ہی سخت مؤقف اپنایا ہے۔ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان سے چوری ہو کر باہر جانے والا پیسہ واپس لانا ہے، ہر سال پاکستان سے ایک ہزار ارب روپے چوری ہو کر باہر جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ سے باہر گیا پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس بنائیں گے۔ جس پارٹی کے لیڈر کا پیسہ ملک میں نہیں اسے کبھی ووٹ نہ دیں، جس کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں وہ کیسے عوام کی حالت بہتر کرے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں اس وقت متعدد اہم سیاسی رہنماؤں اور اداروں کے خلاف مختلف منی لانڈرنگ کیسز کی تحقیقات چل رہی ہیں ، جن میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ ، سابق صفر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت کئی اہم نام شامل ہیں۔

  • وزیراعظم کا نواز لیگ کے دورمیں منگوائی گئی پر تعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا نواز لیگ کے دورمیں منگوائی گئی پر تعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے نواز لیگ کے دور میں منگوائی گئی پرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا، کیبنٹ ڈویژن نے فیصلے پر عمل درآمد کی تیاری شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز حکومت نے جاتے جاتے بھی ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے چھ مرسڈیز ایس 600 گاڑیاں منگوائی تھیں، تمام گاڑیاں ہائی ٹیک اور بم پروف ہیں اور ایک گاڑی کی قیمت تقریبا اٹھارہ کروڑ روپے ہے۔

    وزیراعظم عمران خان تمام پرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم کی ہدایت پر کیبنٹ ڈویژن نے نیلامی کی تیاری شروع کردی ہے، نیلامی کےلئے اشتہار جاری کیا جائے گا۔

    وزیراعظم نے تمام عمل آئندہ ماہ تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائےگی۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکریٹریز اور سول انتظامیہ کے پاس بھی بے پناہ مراعات ہیں، وزیراعظم کے بیرونی دوروں65 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوتی ہے، مغرب میں جانور بھی بھوکے نہیں رہتے وہاں ان کےلئےبھی اسپتال ہیں، ہمارے انسانوں کا حال مغرب کے جانوروں سے بھی برا ہے۔

  • وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

    وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے جو صدارتی انتخاب کے بعد کیاجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

    وفاقی کابینہ میں توسیع صدارتی انتخاب کے بعد ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں وفاقی وزرا کے حلف اٹھانے کے بعد اب دوسرے مرحلے میں 8 سے 10 وزرا حلف اٹھائیں گے، وفاقی کابینہ میں تحریک انصاف کو سینیٹ سے بھی نمائندگی ملے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی بنائے جانے کا امکان جبکہ علی امین گنڈا پور اور علی زیدی کو بھی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں 20 اگست کو وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں 16 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان سے سربراہ پاک بحریہ کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے سربراہ پاک بحریہ کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے سربراہ پاک بحریہ نے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سمندری حدود کی حفاظت کے لیے پاک نیوی کا کردار قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ملکی سلامتی اور پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

    اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سمندری حدود کی حفاظت کےلیے پاک نیوی کا کردار قابل تحسین ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف کی ملاقات

    گزشتہ وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ خطےمیں امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے الیکشن جیتنے، نئی حکومت بننے اور عمران خان کے بطور وزیر اعظم حلف اٹھانے کے بعد دونوں شخصیات کی یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا آج اجلاس ، اہم فیصلوں کا امکان

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا آج اجلاس ، اہم فیصلوں کا امکان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، جس کے لئے 9نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، اجلاس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا تیسرا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا، جس میں وفاقی کابینہ 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔

    اجلاس میں حکومت کے 100روزہ پلان پرعملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ وفاقی حکومت کی طرف سے افسران کے تقرر اور تبادلوں پر غور ہوگا اور سول لا ریفارمز سے متعلق ٹاسک فورس کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا۔

    نیب قوانین کی اصلاحات سے متعلق ٹاسک فورس کا قیام بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سول سروس اصلاحات، وفاقی حکومت کی تنظیم نو پر ٹاسک فورس کا جائزہ لیا جائے گا اور کفایت شعاری مہم سے متعلق اور صلاحات سے متعلق ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری بھی دی جائے گی۔

    اجلاس کے دوران مون سون کے دوران شجر کاری مہم پر بریفنگ دی جائے اور پلانٹ فار پاکستان مہم کی منظوری دیئے جانے کا بھی امکان ہے جبکہ داخلی اورخارجی امورپر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد وفاقی کابینہ پہلے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔

    وفاقی کابینہ کے 24 اگست کو ہونے والے دوسرے اجلاس میں صدر، وزیراعظم، وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

    واضح رہے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ہر ہفتے جمعہ اور منگل کو کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔