Tag: عمران خان کی ممکنہ گرفتاری

  • عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف اوورسیز پاکستانی بھی سراپا احتجاج

    عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف اوورسیز پاکستانی بھی سراپا احتجاج

    لندن : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف اوورسیزپاکستانی بھی سراپا احتجاج ہے، مظاہرین نے عمران خان کی گرفتاری نامنظور کے نعرے لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف برطانیہ کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔

    لندن، مانچسٹر، گلاسگو،برمنگھم،مشرقی لندن سمیت مختلف شہروں میں اووسیز پاکستانیوں نے مظاہرے کیے اور عمران خان کی گرفتاری نامنظور کے نعرے لگائے۔

    لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے سامنے اوورسیز پاکستانیوں نے مظاہرہ کیا اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا عمران خان کا الیکشن میں مقابلہ کرنے کے بجائے ان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حکومت کےاس اقدام کے خلاف ہرجگہ احتجاج کریں گے۔

    مانچسٹر میں بھی اوورسیز پاکستانی سڑکوں پرنکل آئے اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔

    گلاسگو اور مشرقی لندن میں بھی پاکستانیوں نے احتجاج کیا ، مظاہرین نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، اسے پار نہ کیا جائے۔

    پی ٹی آئی برطانیہ کے سربراہ عمران خلیل نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتارکیاگیا تولندن، بریڈ فورڈ، مانچسٹر، برمنگھم اورگلاسگو میں احتجاج ہوگا اور ضرورت پڑی تو پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے بھی بھرپوراحتجاج ریکارڈ کرایا جائےگا۔

  • عمران خان کی ممکنہ گرفتاری : پی ٹی آئی کے کارکنوں نے زمان پارک کے سامنے ٹینٹ لگالئے

    لاہور : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر زمان پارک کے سامنے پی ٹی کے کارکنوں نے ٹینٹ لگا لئے۔

    تفصیلات کے مطابق رات گئے پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کارکنان کیلئے ہدایت جاری کی گئی، جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت آج عمران خان کو گرفتار کرنےکی کوشش کرے گی، تحریک انصاف کے کارکنان اپنے لیڈرکی حفاظت کیلئے زمان پارک پہنچیں۔

    پی ٹی آئی آفیشل اکاؤنٹس سے الرٹ جاری ہونے کے بعد پی ٹی آئی کارکنان  رات گئے شدید سردی اور بارش کے باوجود زمان پارک پہنچ گئےاور پارٹی قائد کی رہائش گاہ کے باہر کیمپ لگالئے۔

    کارکنان نے عمران خان کی حمایت اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، جس کو کراس کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، حکومت کو شکست نظر آرہی ہے اس لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر بھی کارکنان کے ہمراہ عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر موجود رہے۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت عمران خان کی گرفتاری کے لیے ماحول بنا رہی ہے ،عمران خان کی حفاظت کے لیےکارکن موجود رہیں گے، حکومت کو یقین دہانی کرانی ہوگی کہ چیئرمین پی ٹی آئی زمان پارک میں محفوظ رہیں گے۔

  • عمران خان کی گرفتاری کا منصوبہ ناکام بنانے کیلئے کارکنان نے بنی گالہ کے اطراف خیمے لگا لئے

    عمران خان کی گرفتاری کا منصوبہ ناکام بنانے کیلئے کارکنان نے بنی گالہ کے اطراف خیمے لگا لئے

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کو ناکام بنانے  کے لیے کارکنان نے بنی گالہ کے اطراف خیمے لگا دئیے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے 200 سے زائد کارکنان بنی گالہ پہنچ گئے۔

    کارکنان نے عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے اطراف خیمے لگا دئیے گئے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنوں نے رہائش، کھانے پینے ودیگر ضروری اقدامات کر لئے، کارکنان اپنے ساتھ بستر، پانی کے کولر اورضروری سامان بھی لے آئے۔

    خیال رہے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ سے قبل سابق وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کی حکومت کی طرف سے کسی بھی کوشش سے بچنے کے لیے انتظامات کیے گئے تھے۔

    وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور شیخ رشید کو مسجد نبوی (ص) میں نعرے بازی میں ملوث ہونے کے ثبوت ملنے پر گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے عمران خان نے حال ہی میں کہا تھا کہ انہیں قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور انہوں نے ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا ہے، جسے اگر قتل کیا گیا تو جاری کیا جائے گا تاکہ قوم سازش کرنے والوں کو جان سکے۔