Tag: عمران خان کی نااہلی

  • تحریک انصاف کا عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آج ہی چیلنج کرنے کا اعلان

    تحریک انصاف کا عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آج ہی چیلنج کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کا فیصلے آج ہی چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر متوقع نہیں ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ آپ کا عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، یہ جمہوریت عمران خان کے بغیر نہیں چل سکتی

    اسد عمر نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف آج ہی پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے کی کاپی آتے ہی پٹیشن دائر کردی جائے گی۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیشہ اندیشہ تھا کہ اس قسم کا ہی فیصلہ آسکتا ہے، الیکشن کمیشن کویہ اختیار ہی نہیں جو انہوں نے آج استعمال کیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام عمران خان کے بغیر چل سکتاہے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے ، آج ہم سب مل کر کہتے ہیں مائنس ون نامنظور۔

    خیال رہے الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دے دیا، عمران خان کو آرٹیکل 63ون کے تحت نااہل قرار دیا گیا۔

    الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس درست قرار دیتے ہوئے فیصلہ میں کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے،عمران خان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قراردی جاتی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ عمران خان نے غلط گوشوارے جمع کرائے جبکہ بعض تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کئے گئے۔

  • عمران خان کی نااہلی کی درخواست  پر فیصلہ محفوظ

    عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی، شہری محمد ساجد کی جانب سے وکیل نے دلائل دیئے۔

    عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کہہ رہے انہوں نے الیکشن کمیشن سے معلومات چھپائیں وہ کون سی معلومات ہیں؟

    جس پر وکیل نے کہا عمران خان نے بیٹی ٹائیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔

    عدالت نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    یاد رہے دو روز قبل درخواست اسلام آباد کے شہری محمد ساجد کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔

    جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان پہلے ٹائیریان سے متعلق تردید کرتے تھے، اب عمران خان ٹائیریان سے متعلق سوال کا جواب نہیں دیتے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان جانتے ہیں ان کیخلاف ثبوت موجود ہیں، عمران خان پبلک آفس یا پارٹی سربراہ کا عہدہ نہیں رکھ سکتے، عمران خان سے پوچھا جائے ان پر آرٹیکل 62ون ایف کا اطلاق کیوں نہ ہو؟

  • پی ڈی ایم  نے عمران خان کی نااہلی کیلئے  ریفرنس دائر کردیا

    پی ڈی ایم نے عمران خان کی نااہلی کیلئے ریفرنس دائر کردیا

    اسلام آباد : پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے آرٹیکل63 کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کیلئے ریفرنس دائر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائرکردیا۔

    پی ڈی ایم نے الیکشن کمیشن میں آرٹیکل 63 کے تحت ریفرنس دائر کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نےتوشہ خانہ میں ملنےوالےتحائف کوظاہرنہیں کیا۔

    ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل کرانے کے لیے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، یہ ریفرنس آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

    اجلاس میں عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا تاہم ای سی ایل میں نام ڈالنے کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

  • سپریم  کورٹ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست خارج کردی

    سپریم کورٹ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست خارج کردی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف نا اہلی کی درخواست غیر موثر ہونے درخواست گزار کی جانب سے واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ کسی اور فورم میں جانا چاہیں تو جا سکتے ہیں، جس اسمبلی مدت میں نااہلی کی درخواست دائر کی گئی وہ ختم ہو چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل پینچ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ عام انتخابات کے دوران عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے، عمران خان آرٹیکل 62 کے تحت اہل نہیں، درخواست میں صادق اور آمین نہ ہونے کی بنیاد پر عمران خان کی تاحیات نااہلی مانگی گئی تھی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ کسی اور فورم میں جانا چاہیں تو جاسکتے ہیں، جس اسمبلی مدت میں نااہلی کی درخواست دائر کی گئی وہ ختم ہو چکی ہے، گزشتہ اسمبلی اپنی معیاد پوری کر چکی ہے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا یہ درخواست تو پہلے ہی غیر موثر ہو چکی ہے کسی اور قانونی فورم سے رجوع کرنے کا اپ کو مکمل اختیار حاصل یے۔

    عدالت نے درخواست غیرموثر ہونے اور درخواستگزار کی جانب سے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر مسترد کر دی۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ان کی درخواست میں ایک معاملہ اب بھی متعلقہ ہے، لیکن وہ درخواست پر اصرار نہیں کریں گے، ہم نے اسی نوعیت کا ایک مقدمہ ہائیکورٹ میں دائر کر رکھا ہے۔

    یاد رہے 20 ستمبر کو سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کو سماعت کے لئے مقرر کیا تھا، درخواست مسلم لیگ(ن) کے رہنما دانیال چوہدری نے 2017 میں دائر کی تھی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر

    خیال رہے قومی اسمبلی سے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد 18 اگست کو عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ، صدر مملکت ممنون حسین نے حلف لیا تھا۔

    بطور منتخب وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ سب سے پہلے احتساب ہوگا، قوم کا مستقبل برباد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، کسی ڈاکو کو این آر او نہیں ملے گا، مجھے کسی ڈکٹیٹر نے نہیں پالا، اپنے پیروں پر یہاں پہنچا ہوں۔ کرکٹ کی 250 سالہ تاریخ کا واحد کپتان ہوں جو نیوٹرل امپائر لایا۔

    واضح رہے کہ25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے واضح اکثریت حاصل کی تھی۔