پشاور (20 جولائی 2025): وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کے پی میں سینیٹ الیکشن سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر ہو رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ الیکشن کے حوالے سے مشاورتی ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ میں خرید وفروخت کو ہارس ٹریڈنگ نہیں بلکہ ڈنکی ٹریڈنگ کہتا ہوں۔ سینیٹ میں خرید وفروخت اس سے بھی گھٹیا کام ہے، اس لیے فیصلہ کیا کہ کے پی سینیٹ الیکشن میں خرید وفروخت نہیں ہونی چاہیے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار اتنا اچھا فیصلہ ہو رہا ہے۔ اس سے قبل ہم نے پنجاب سینیٹ انتخابات میں بھی یہی کیا تھا۔ کے پی میں بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فیصلے اور فارمولے پر عمل کریں گے۔
وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے مطابق مخصوص نشستوں کے ارکان حلف لیں گے۔ جو بھی ہورہا ہے، وہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر ہو رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے فیصلے کی نفی عمران خان کی نفی ہے۔ اس لیے ناراض امیدواروں کے خلاف پارٹی کارروائی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی میں اپوزیشن سے اتحاد صرف سینیٹ انتخابات تک ہے۔ ان کے ساتھ پہلے 8 اور 3 کے فارمولے پر اتفاق ہوا تھا۔ تاہم ہمارے امیدواروں کے کاغذات واپس نہ لینے سے ہمیں نقصان ہوا۔ اب ہمیں 6 اور اپوزشن کو 5 نشستیں ملیں گی۔
پی ٹی آئی کورنگ امیدواروں کے کاغذات واپس نہ لینے کی وجہ اے آر وائی نیوز سامنے لے آیا
واضح رہے کہ آج پشاور ہائیکورٹ نے کے پی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لینے کے لیے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو نامزد کیا تھا۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے کل (پیر) صبح 9 بجے حلف برداری تقریب کا اعلان کیا تھا۔
تاہم گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وہ ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لیے سینیٹ الیکشن سے قبل کسی بھی وقت مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لے سکتا ہوں۔
اس کے کچھ دیر بعد گورنر کے پی سیکریٹریٹ پشاور سے مخصوص نشستوں پر ارکان کی آج شام 6 بجے حلف برداری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ جس میں کہا گیا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی حلف لیں گے۔
دریں اثنا مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے معاملے پر اسمبلی سیکرٹریٹ نے حاضری رجسٹر گورنر ہاوس بھجوا دیا ہے۔ مخصوص نشستوں پر نو منتخب ارکان حلف برداری کے بعد گورنر ہاؤس میں ہی رجسٹر پر دستخط کرینگے۔
https://urdu.arynews.tv/kp-governer-faisal-karim-kundi-senate-elections-20-july-2025/