Tag: عمران علی یوسف

  • شہباز شریف کے داماد کی جائیداد نیلام کی جائے گی

    شہباز شریف کے داماد کی جائیداد نیلام کی جائے گی

    لاہور: شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف نجی بینک کے ڈیفالٹر نکلے، بینک نے عدالت سے عمران علی کی جائیداد نیلام کرانے کی ڈگری حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے لاہور میں عمران علی یوسف کی 2 کنال کی جائیداد نیلام کی جائے گی، معلوم ہوا ہے کہ میاں شہباز شریف کے داماد نجی بینک کے ڈیفالٹر ہیں، اس سلسلے میں بینک نے نیلامی ڈگری بھی حاصل کر لی ہے۔

    بینکنگ کورٹ نے حکم دیا ہے کہ 27 مارچ کو عمران علی یوسف کی مذکورہ جائیداد نیلام کی جائے، 2 کنال اراضی کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بولی رکھی گئی ہے، بینکاری عدالت کے حکم پر یہ جائیداد 27 مارچ کو نیلام کر دی جائے گی۔

    ڈونگا گلی میں شہباز شریف کا بڑا گھر سیل

    یاد رہے کہ ماضی میں شہباز شریف کے داماد کے نام پر اربوں روپے کی جائیداد کا انکشاف ہوا تھا، بعد ازاں احتساب عدالت نے ان کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کیا، احتساب عدالت کی جانب سے انھیں اشتہاری بھی قرار دیا گیا تھا۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق عمران علی یوسف پر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی سے 13 کروڑ رشوت لینے کا الزام تھا۔

    گزشتہ برس 20 دسمبر کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کے حکم پر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈونگا گلی، ایبٹ آباد میں تعمیر شدہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا 9 کنال، ایک مرلے کا گھر بھی سیل کر دیا تھا۔ اس سے ایک ہفتہ قبل احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا تھا۔

  • شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا تحریری حکم جاری

    شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا تحریری حکم جاری

    لاہور : احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا، جس میں کہا گیا عدالت مجرم کے نام پر ساری پراپرٹی ضبط کرنے کا حکم دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

    تحریری حکم کے مطابق مجرم عمران علی کو 8 ستمبر 2018 کو اشتہاری قرار دیا گیا، اسے 1 ماہ دیا گیا کہ وہ اپنا اعتراض عدالت میں جمع کروا سکے لیکن مجرم کی جانب سے کوئی بھی جواب جمع نہیں کروایا گیا۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالت مجرم کے نام پر ساری پراپرٹی ضبط کرنے کا حکم دیتی ہے، نیب کے مطابق علی سنٹر ،علی ٹاؤن میں کروڑوں روپے مالیت کے دفاتر اور اپارٹمنٹس ہیں۔ علی اینڈ فاطمہ ڈویلپر کے نام پر گلبرگ میں اربوں روپے مالیت کا پلازہ ہے۔

    تحریری حکم کے مطابق غوث الاعظم ڈویلپرز کے نام پر بھی کروڑوں روپے کی جائیداد عمران علی کے نام ہے، گلبرگ 3 میں 99/100 A بلاک میں کروڑوں روپے مالیت کا پلاٹ ہے۔ مدینہ فیڈز مل بھی عمران علی یوسف کی ملکیت ہے۔ علی پروسیسڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی وزیر پنجاب کے داماد کی ملکیت ہے۔

    مزید پڑھیں : عدالت کا شہباز شریف کے داماد کی جائیداد قرق کرنے کا حکم

    عدالتی حکم نامے میں کہا گیا عمران علی یوسف پر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی سے 13 کروڑ رشوت لینے کا الزام ہے، اسے تحقیقات کے لیے نیب طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کے وارنِٹ گرفتاری جاری ہوئے تاہم ملزم بیرون ملک فرار ہو چکا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز  احتساب عدالت نے شہباز شریف کے داماد عمران علی کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دیا تھا۔