Tag: عمرہ

  • عمرہ پر جانے سے قبل زائرین اپنے یہ حقوق جان لیں!

    عمرہ پر جانے سے قبل زائرین اپنے یہ حقوق جان لیں!

    سعودی عرب (29 اگست 2025): دنیا بھر سے زائرین عمرے کی سعادت حاصل کرنے کیلیے مکہ مکرمہ آتے ہیں لیکن کیا وہ اپنے حقوق جانتے ہیں۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ہر سال عمرے کی سعادت حاصل کرنے اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت کے لیے مسلم امہ کے سب سے مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آتے ہیں۔ تاہم ان کے کچھ حقوق ہیں، جن سے اکثر زائرین لاعلم ہیں۔

    اس حوالے سے وزارتِ حج و عمرہ نے زائرین کے لیے آگہی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس کو مقصد عمرہ زائرین کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مناسک کے سفر کے دوران ان کے حقوق سے آگاہ کرنا ہے۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور آگہی مرکز کے تعاون سے اس آگہی مہم کا آغاز کیا ہے جس میں زائرین کو ٹیکسیوں کے استعمال کے دوران ان کے حقوق سے متعلق آگہی فراہم کی گئی ہے۔

    وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری ہدایات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ زائرین یہ یقینی بنائیں کہ ٹیکسی میں سفر کے آغاز ہی سے الیکٹرانک میٹر چلایا جائے۔

    اس کے علاوہ ٹیکسی کا کرایہ طے شدہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق ہونا چاہیے۔ آگہی مہم میں بتایا گیا ہے کہ زائر مسافر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں شکایت درج کرائے تاکہ اس کے حقوق محفوظ رہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ اقدام وزارت کی اُن کوششوں کا حصہ ہے جو نقل و حمل کی خدمات سے فائدہ اٹھانے والوں کے حقوق کے شعور کو بڑھانے اور عمرہ زائرین کو محفوظ اور منظم سفری تجربہ فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/good-news-for-umrah-pilgrims-a-facility-free/

  • عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوشخبری

    عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوشخبری

    سعودی عرب کی وزارت عمرہ نے ’نُسُک عمرہ‘ نام سے ایک نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کرائی ہے، اس سے بین الاقوامی زائرین بغیر کسی رکاوٹ کے عمرہ ویزا کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت عمرہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد سفر عمرہ کے عمل کو آسان اور بہتر بنانا ہے۔

    سعودی وزارت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ نُسُوک عمرہ کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس سفر کو آسان اور قابل رسائی بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

    یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم مملکت کے باہر عمرہ زائرین کو سیدھے عمرہ ویزا کے لیے درخواست کرنے، رہائش، ٹرانسپورٹیشن، ثقافتی سیاحت اور امدادی خدمات کی آن لائن بکنگ کی سہولت دیتا ہے۔

    سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زائرین پہلے تیار انٹیگریٹیڈ پیکیج کا انتخاب کر سکتے ہیں یا ذاتی خدمات منتخب کرکے اپنی پسند کے پیکیج بنا سکتے ہیں۔

    نُسُک عمرہ کو اس کی سرکاری ویب سائٹ (umrah.nusuk.sa) یا دستیاب موبائل ایپ کے توسط سے ایکسس کیا جا سکتا ہے۔

    یہ سروس کئی پیمنٹ آپشن بھی فراہم کرتی ہے۔ حالانکہ یہ ایک نیا ڈیجیٹل چینل پیش کر رہا ہے، لیکن افسران کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد منظور شدہ ایجنٹ کی جگہ لینا نہیں بلکہ زائرین کو زیادہ لچیلاپن اور بہتر متبادل فراہم کرنا ہے۔

    عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کیلیے سعودیہ جانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس سروس کا آغاز سعودی عرب کے ویژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے وزارت کی کوششوں کا حصہ ہے۔

  • عمرہ پروازیں لے جانے والی پاکستانی ایئر لائنز پر جرمانہ عائد کیے جانے کا خدشہ

    عمرہ پروازیں لے جانے والی پاکستانی ایئر لائنز پر جرمانہ عائد کیے جانے کا خدشہ

    کراچی (20 اگست 2025): عمرہ پروازوں میں تاخیر پر پاکستانی ایئر لائنز کو مبینہ طور پر جرمانے عائد کیے جانے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ایوی ایشن گاکا نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پاکستان کو سخت مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں پروازوں کی بروقت آمد و رفت کی تاکید کی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق پروازوں کی بروقت آمد و رفت کی شرح 80 فی صد تک ہونی چاہیے، جب کہ پاکستانی ایئر لائنز کی بروقت آمد و رفت کی شرح صرف 37 سے 69 فی صد ہے۔

    خط کے مطابق گاکا نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ اس صورت حال کو فوری طور پر درست کرایا جائے، بہ صورت دیگر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

    سعودی دارالحکومت میں درجنوں کاروبار بند کیوں کردیے گئے؟

    گاکا کے خط کے مطابق پروازوں کی بر وقت آمد و رفت کے حوالے سے پی آئی اے کی شرح 69 فی صد، ایئر سیال 46 فی صد، ایئر بلیو 65 فیصد، فلائی جناح 43 فی صد اور سیرین ایئر کی 37 فی صد ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز کی تاخیر کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ خط سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے صدر نے ڈی جی سی اے اے کو تحریر کیا ہے۔

  • عمرہ کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر

    عمرہ کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر

    مکہ مکرمہ: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے نئے عمرہ ویزا کیلئے اپنی پالیسی سخت کردی ہے جو نافذ العمل ہو چکا ہے۔

    سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ کے خواہشمند بین الاقوامی افراد کو صرف اس وقت ہی ویزا جاری کیا جائے گا جب ان کی رہائش کی بکنگ "نسک مسار” ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر درج ہو گی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت کی نئی ہپالیسی کے تحت تمام عمرہ سروس فراہم کنندگان، کمپنیوں اور بین الاقوامی ایجنٹس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ زائرین کے لیے صرف وزارت سیاحت سے لائسنس یافتہ ہوٹلوں میں رہائش کا انتظام کریں اور اس کی مکمل تفصیلات نسک مسار پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کریں۔

    وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا کہ جو ادارے اس فیصلے پر عمل نہیں کریں گے، انہیں ویزہ تاخیر یا ریگولیٹری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، یہ فیصلہ 10 جون 2025 سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔

    یہ پالیسی سعودی عرب کے ویژن 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد مذہبی سیاحت کے شعبے کو جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ معیار کی خدمات کے ساتھ ترقی دینا ہے۔

    نسک مسار پلیٹ فارم اب زائرین کے لیے عمرہ خدمات کا مرکزی ڈیجیٹل گیٹ وے بن چکا ہے، جہاں سے وہ نہ صرف ویزہ اور رہائش کی بکنگ کر سکتے ہیں بلکہ مختلف زبانوں میں تعلیمی رہنمائی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/hajj-rules-violating-foreigners-arrested-for/

  • وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی عمرہ ادائیگی، باب کعبہ خصوصی طور پر کھولا گیا (ویڈیو)

    وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی عمرہ ادائیگی، باب کعبہ خصوصی طور پر کھولا گیا (ویڈیو)

    وزیراعظم شہباز شریف فیلڈ مارشل عاصم نے وفد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کر لی اور خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فلڈ مارشل سید عاصم منیر جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔

    گزشتہ شب وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔ ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ امت مسلمہ بالخصوص کشمیریوں، فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    پی ایم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔ دونوں شخصیات نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ کے اندر جا کر نوافل ادا کیے اور آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

    وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ بھی شامل تھے۔ وفد نے معاشی میدان اور عوامی فلاحی اقدامات میں حکومت کی کامیابیوں پر بھی اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

  • عمرہ ویزوں کا اجراء کب سے ہوگا ؟ تاریخ سامنے آگئی

    عمرہ ویزوں کا اجراء کب سے ہوگا ؟ تاریخ سامنے آگئی

    سعودی عرب میں وزارتِ حج و عمرہ نے بیرونی ممالک کے لیے بعد از حج عمرہ پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ رواں برس حج ختم ہوتے ہی بیرونی عمرہ زائرین کے لیے 14 ذوالحجہ بمطابق 11 جون 2025 سے عمرہ ویزوں کو بحال کردیا جائے گا۔

    وزارت حج کے مطابق عمرہ ویزے رمضان المبارک کے اختتام تک جاری کرائے جاسکتے ہیں، یکم شوال سے عمرہ ویزوں کا اجرا بند ہونے کے بعد صرف جاری شدہ ویزوں کے حامل عمرہ زائرین 15 شوال 1447 ہجری تک مملکت آسکتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق عمرہ ویزوں پر مملکت آنے والے زائرین کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ آئندہ برس حج سیزن سے قبل یعنی 15 ذوالقعدہ 1447 ہجری تک اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔

    خیال رہے عمرہ ویزوں کے اجرا پر عارضی پابندی کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں غیرضروری ازدحام نہ ہواور حجاج کرام بغیر کسی پریشانی کے حج کرسکیں۔

    دوسری جانب گزشتہ سال بغیراجازت حج کی خلاف ورزیوں پر سعودی عرب کی حکومت نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ حکومت نے اس سال سخت پالیسی اپناتے ہوئے بغیراجازت حج پر 10ہزار سے 1لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سفیر پاکستان احمدفاروق کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے حج قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے سعودی حکام کے مطابق گزشتہ سال11ہزار پاکستانیوں نے ویزہ ختم ہونے کے بعد مکہ میں قیام کیا۔

    بغیراجازت نامے یا وزٹ ویزے پر حج مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ حج 2025 میں خلاف ورزیوں پر قید، جرمانے، ملک بدری، 10سال داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے عازمین کو جدید ٹیکنالوجی سیلیس بینڈز دییجا رہے ہیں۔

    سفیر نے کہا کہ مکہ مکرمہ سے بروقت روانگی نہ کرنے پر بھی بھاری سزائیں ہوں گی،“حرم ریجن”میں مقررہ مدت سے زائد قیام کو سنگین جرم قرار دیا گیا ہے۔

    سعودی عرب: مسجد الحرام میں عازمین حج کی آمد شروع

    انہوں نے اپیل کی کہ عازمین حج سعودی قوانین کی مکمل پاسداری کریں اس حوالے سے سفارتخانہ پاکستانی عازمین کی خدمت کے لیے ہمہ وقت موجود ہے سعودی قانون شکنی پر سفارتخانے کے اختیارات محدود ہو جاتے ہیں، پاکستانی کمیونٹی کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا مگر قانون پر عمل ضروری ہے۔

  • سعودی وزارت حج کا عمرہ زائرین کو انتباہ

    سعودی وزارت حج کا عمرہ زائرین کو انتباہ

    سعودی عرب میں سعودی وزارت حج نے مختلف ممالک سے عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کو ایک بار پھر انتباہ دیا ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ ویزے پر غیر قانونی قیام کرنے والوں کو ضوابط کے مطابق سخت سزا بھگتنا پڑے گی۔

    سعودی وزارت حج کا کہنا تھا کہ عمرہ ویزے پر آنے والوں کو حج کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہوتی۔ زائرین کے لیے یہ ضروری ہے کہ عمرہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی اپنے ممالک روانہ ہوجائیں۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے مملکت میں عمرہ ویزے پر آنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 29 اپریل سے پہلے پہلے اپنے اپنے ممالک روانہ ہوجائیں، مذکورہ تاریخ کے بعد عمرہ ویزے والوں کا مملکت میں قیام غیرقانونی شمار ہوگا جس پر انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

    واضح رہے حج قوانین کے مطابق عمرہ یا وزٹ ویزے پر آنے والے غیرملکیوں کو کسی طرح بھی حج ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ایسا کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں جس پر سخت سزا مقرر ہے۔

    سعودی عرب: 2 غیر ملکیوں کو سزائے موت

    قبل ازیں وزارت نے عمرہ زائرین کی واپسی میں تاخیر پر ایک لاکھ ریال جرمانہ بھی مقرر کیا تھا اور ہدایت کی تھی کہ وہ کمپنیاں جن کے تحت بیرون ممالک سے عمرہ زائرین مملکت آتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے زیرانتظام مملکت آنے والے زائرین کی وقت مقررہ پر واپسی کو یقینی بنائیں تاکہ بھاری جرمانے سے بچ سکیں۔

  • سعودی عرب نے مسافروں کے لیے نئی اور سخت شرط عائد کر دی

    سعودی عرب نے مسافروں کے لیے نئی اور سخت شرط عائد کر دی

    کراچی: سعودی عرب نے مسافروں کے لیے نئی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمرہ ویزا رکھنے والے مسافروں کے لیے سعودی حکومت نے نئی شرط عائد کی ہے، دنیا بھر کی ایئر لائنز کو سعودی ایوی ایشن کی جانب سے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

    جاری ہدایت نامے کے مطابق اب ہر سال 15 شوال کے بعد عمرہ ویزا رکھنے والے مسافروں کو سعودی سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ایئر لائنز کو نئی ہدایت پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔


    سعودی عرب نے غیرملکیوں کے لیے نئی ہدایات جاری کردیں


    سعودی ایوی ایشن نے کہا ہے کہ شوال کی 15 تاریخ کے بعد ایئر لائنز عمرہ ویزے والے مسافروں کو بورڈنگ نہ دیں، خلاف ورزی کرنے پر مسافروں اور ایئر لائنز کے خلاف سعودی ایوی ایشن قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی۔

  • بابر اعظم نے عمرہ ادا کر لیا

    بابر اعظم نے عمرہ ادا کر لیا

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعطم نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ہے ان کے ہمراہ بھائی سفیر اعظم بھی ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر اور سابق کپتان بابر اعظم نے اپنے بھائی سفیر اعظم کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ہے۔

    عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر بابر اعظم کے مداح سمیت دیگر صارفین انہیں مبارک باد پیش اور نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

    اس حوالے سے بابر اعظم کے بھائی سفیر نے مسجد الحرام میں افطار کی ویڈیو بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری کی تھی جس میں دونوں کو افطار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

     

    بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ ہیں اور وہ 15 مارچ کو وطن واپس پہنچ کر سیریز کی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی عمرہ ادائیگی کے لیے ان دنوں سعودی عرب میں موجود ہیں تاہم اب تک اس حوالے سے کوئی اپ ڈیٹ نہیں ملی ہے۔

  • محمد سراج نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی، تصاویر، ویڈیو وائرل

    محمد سراج نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی، تصاویر، ویڈیو وائرل

    بھارتی کرکٹر محمد سراج نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز کرکٹرمحمد سراج شہرحیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ سے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے، تاہم آج ان کی عمرہ ادائیگی کے دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    واضح رہے کہ سراج پاکستان اوردبئی میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی میں جگہ نہیں بنا پائے ہیں، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرکٹر اپنے رشتہ داروں سے روانگی کے موقع پر ملاقات کررہے ہیں، ان کے ساتھ سفری دستاویزات بھی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سال 2019 میں بھی سراج نے اپنے والدین کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی تھی، آئی پی ایل سیزن 2025 اور ماہ مقدس رمضان المبارک سے پہلے سراج نے عمرہ کی ادائیگی کو ترجیح دی۔

    اس سے قبل بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان نے بھی عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔

    فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری پر سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان نے مکہ مکرمہ کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ان کے ہمراہ ثانیہ مرزا اور ان کی بہن بھی موجود ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ثناء خان نے ثانیہ مرزا کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا الحمدلِلّٰہ عمرہ ادا کرلیا ہے، اب حج ارکان شروع ہونے کا انتظار ہے۔