Tag: عمرہ زائرین

  • مکہ میں موسلا دھار بارش، عمرہ زائرین کے طواف جاری رکھنے کے روح پرور مناظر

    مکہ میں موسلا دھار بارش، عمرہ زائرین کے طواف جاری رکھنے کے روح پرور مناظر

    مکہ مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث عمرہ زائرین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، مسجد الحرام میں عمرہ زائرین بارش کے دوران طواف اور عبادت میں مصروف رہے۔

    مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث عمرہ زائرین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بارش کے دوران عمرہ زائرین کے حرم کے صحن میں ایمان افروز مناظر دیکھنے میں آئے۔

    سعودی عرب کے دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی اطلاعات ہیں، بارش کی وجہ سے سڑکیں زیر آب آگئیں۔

    حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین اور نمازیوں کی سہولت کے لیے مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر پانی کی فوری نکاسی اور فرش خشک کرنے کو یقینی بنایا گیا ہے۔

  • سعودی عرب کا بھارتی عمرہ زائرین کی تعداد بڑھانے کیلئے اہم اقدام

    سعودی عرب کا بھارتی عمرہ زائرین کی تعداد بڑھانے کیلئے اہم اقدام

    سعودی عرب نے بھارتی عمرہ زائرین کی تعداد بڑھانے کے لئے اہم اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر حج اور عمرہ توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے بھارت میں نئے ویزا مراکز کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اس کے علاوہ سعودی عرب عمرہ پر ہندوستانی زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کوسہولت فراہم کرنے کیلیے سستی پروازیں بھی متعارف کرائے گا۔

    واضح رہے کہ سعودی وزیر حج و عمرہ ایک سرکاری دورے پر نئی دہلی میں موجود ہیں، جس کا مقصد ہندوستانی حکام اور شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانا اور بین الاقوامی زائرین کے لیے عمرہ کی سہولت کو ہموار کرنا ہے۔

    دہلی میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سعودی وزیرحج اور عمرہ کا کہنا تھا کہ ویژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے کے ایک حصے کے طورپر، مملکت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کیلیے عمرہ کو”ایک فائدہ مند مذہبی سفر میں تبدیل کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 2023 میں ہندوستان سے عمرہ زائرین کی تعداد میں پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 74 فیصد اضافہ ہوا اور زائرین کی تعداد 12 لاکھ سے زیادہ تھی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سعودی کم لاگت والی ایئر لائنز، فلائی ناس اور فلائیڈیل کے ذریعے نئی شیڈول پروازیں متعارف کروا کر متوقع نمو کو پورا کرنے کے لیے اپنی صلاحیت کو بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

    کویت: غیر ملکیوں کیلئے اقامہ ٹرانسفر سے متعلق نیا فیصلہ

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ”عمرہ کرنے کے خواہشمند ہندوستانیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ایڈجسٹ کرنے”کے لیے اپنے درمیان براہ راست پروازیں بڑھانے کے لیے بات چیت کا آغاز کردیا ہے۔ سعودی وزیر نے کہا کہ یہ اضافہ سعودی عرب اور ہندوستان کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔

  • جدہ ایئرپورٹ پر دو عمرہ زائرین کی جان بچالی گئی

    جدہ ایئرپورٹ پر دو عمرہ زائرین کی جان بچالی گئی

    سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیکل ٹیم نے دل کا دورہ پڑنے والے دو عمرہ زائرین کی زندگیاں بچالیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک عمرہ زائر پاکستانی ہے جس کی عمر 70 سال ہے جبکہ دوسرا ازبک زائر ہے جس کی عمر 68 سال بتائی جارہی ہے۔

    میڈیکل ٹیم نے اس حوالے سے بتایا کہ دونوں حاجیوں کے دل کی دھڑکن رک گئی تھی، جنہیں فوری طور پر طبی مدد فراہم کرکے دونوں زائرین کی زندگیاں بچالی گئیں۔

    میڈیکل ٹیم کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ ٹیم 24 گھنٹے ایئرپورٹ پر زائرین اور مسافروں کو طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے موجود رہتی ہے۔

    میڈیکل ٹیم کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مسافروں کو قریبی اسپتال منتقل کرنیکی بھی صلاحیت رکھتی ہے،جبکہ ایئرپورٹ پرموجود میڈیکل ٹیم کے پاس جان بچانے کیلیے تمام آلات موجود ہوتے ہیں۔

    واضح رہے کہ میڈیکل ٹیم نے اس سے قبل بھی دوران عمرہ دل کی تکلیف میں مبتلا ایک معمر حاجی کی زندگی کو بچایا تھا۔

    میڈیکل حکام کی جانب سے عمرہ زائر کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، جہاں طبی عملے نے معائنہ اور ٹیسٹ کیے تو پتہ چلا کہ دل کی بڑی رگ میں خون جما ہوا ہے۔

    کویت: تارکین وطن کے فیملی ویزوں سے متعلق اہم خبر

    ہنگامی بنیادوں پر طبی ٹیم کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی پہنچی جہاں ڈاکٹروں نے عمرہ زائر کو کارڈیک کیتھیٹرائزیشن کی سہولت فراہم کیں، اس طرح ایک زائر کی قیمتی زندگی کو بچالیا گیا۔

  • عمرہ زائرین کی پرواز آج بھی روانہ نہ ہوسکی، مسافر رُل گئے

    عمرہ زائرین کی پرواز آج بھی روانہ نہ ہوسکی، مسافر رُل گئے

    کراچی : اسلام آباد سے نجی ائیرلائن کے ذریعے جدہ روانہ ہونے والی پرواز کے 300 سے زائد عمرہ زائرین آج بھی کراچی ائیر پورٹ پر بے یارو مددگار پڑے ہیں۔

    گزشتہ روز ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے کراچی لینڈنگ کرنے والا طیارہ 29گھنٹے بعد بھی جدہ روانہ نہ ہوسکا۔

    اسلام آباد سے جدہ جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کو آج صبح جدہ روانہ ہونا تھا، ڈی جی سی اے اے نے واقعے کا نوٹس لے لیا، ٹیکنیکل لینڈنگ کرنے والی پرواز گزشتہ روز سے کراچی ائیر پورٹ پر تاحال موجود ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کی شکایت پر ڈی جی سی اے اے نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    ڈی جی سی اے اے نے متعلقہ حکام سے سوال کیا کہ گزشتہ روز نجی ایئرلائن کی پرواز نے کس وجہ سے لینڈنگ کی تھی؟

    سی اے اے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پہلے ہمیں بتایا گیا تھا کہ طیارے میں پریشر کا مسئلہ ہوا جس پر پرواز کارخ واپس موڑا گیا، بعد ازاں کہا گیا کہ پریشر کا مسئلہ نہیں ہے طیارے کے انجن کو چیک کیا جارہا ہے۔ تاہم تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ڈی جی سی اے اے کو ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری نادر شفیع ڈار اور دیگر نے بریفنگ دی، اچانک تکنیکی خرابی آئی تو کپتان طیارےکو34ہزار فٹ اونچائی سے10ہزار تک نیچے لے آیا، ڈی جی سی اے اے نےمعاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق نجی ائیر لائن کی پرواز ای آر 1801 نے گزشتہ دوپہر اسلام آباد سے جدہ کیلئے ٹیک آف کیا تھا، دوپہر ایک بج کر 42 منٹ پر اڑان بھرنے والی پرواز کو ہنگامی صورتحال پیدا ہونے پر 3 بج کر 42 منٹ پر کراچی اتار لیا گیا تھا۔

    جدہ جانے والے عمرہ زائرین گزشتہ 29 گھنٹے سے زائد کراچی ائیر پورٹ پر بے یار و مددگار بیٹھے ہیں، مسافروں کے مطابق عمرہ زائرین کو ہوٹل منتقل کیا گیا اور نہ ہی جدہ پہنچانے کا کوئی انتظام کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب : حج عمرہ زائرین کیلئے اہم وضاحت

    سعودی عرب : حج عمرہ زائرین کیلئے اہم وضاحت

    مکہ مکرمہ : سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ احرام کے دوران چھ چیزوں کی ممانعت نہیں ان کے استعمال سے احرام کی حالت پرکوئی فرق نہیں پڑتا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے ایکس اکاؤنٹ پر احرام کی حالت میں ان اشیاء کے حوالے سے وضاحت کی کہ چشمہ، انگوٹھی اور گھڑی پہننا، چھوٹا بیگ، کرنسی رکھنے کا پرس یا جسم کے ساتھ باندھا ہوا چھوٹا بیگ شامل ہے۔

    umrah

    وزارت حج کا مزید کہا کہ احرام میں نہانے، چھتری اٹھانے، چپل پہننے اور زخم پر پٹی باندھنے کی بھی ممانعت نہیں ہے۔ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے احرام کے لیے جائز شرائط کو واضح کیا گیا ہے تاکہ زائرین کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • عمرہ زائرین کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری

    عمرہ زائرین کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری

    سعودی ائیر لائن نے عمرہ زائرین کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ساتھ ہی تمام ٹکٹ بکنگ سینٹر کو بھی  ہدایات جاری کردی ہے۔

    نیا سفری ہدایت نامہ کے مطابق سعودی ائیر لائن میں بذریعہ ریاض یا دیگر شہروں سے مکہ مدینہ جانے والے مسافروں کیلئے وقت کی پابندی لاگو کر دی گئی۔

    ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو ڈومیسٹک پرواز کیلئے 3 گھنٹے سے کم وقت ائیرپورٹ پر رکنے کی اجازت نہیں ہوگی ساتھ ہی عمرہ زائرین کو ائیرپورٹ پر 6 گھنٹے سے زائد بیٹھنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

    کنیکٹنگ فلائٹ کے عمرہ زائرین 6 گھنٹے کے اندر اپنی اگلی پرواز پر سوار ہونے کے پابند ہونگے، 3 گھنٹے سےکم اسٹے یا 6 گھنٹے سے زائد اسٹے والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

    نیا سفری ہدایت نامہ کے مطابق نئی ہدایات کا اطلاق براہ راست مدینہ اور مکہ جانے والے عمرہ زائرین پر نہیں ہوگا۔

  • ’سعودیہ عرب: عمرہ زائرین کے لئے خاص ہدایت جاری‘

    ’سعودیہ عرب: عمرہ زائرین کے لئے خاص ہدایت جاری‘

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لئے خاص ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمرے کے بعد لائسنس ہولڈرز حجاموں سے ہی اپنے بال منڈوائیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے ٹوئٹر (ایکس) پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عمرہ زائرین مقررہ باربر شاپس ہی سے بال ترشوانے یا منڈوانے کا اہتمام کریں۔

    بیان کے مطابق ’راستوں میں بال منڈوانے سے گریز کریں۔ اس سلسلے میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بنائے گئے قانون پرعمل درآمد میں تعاون کریں‘۔

    وزارت کے مطابق سعودی حکومت نے حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق باربر شاپس قائم کی ہیں۔ زائرین انہی شاپس سے اپنے بال منڈوانے کو ترجیج دیں۔

    دوسری جانب سعودی وزارت حج وعمر نے خواتین زائرین عمرہ کے لیے ڈریس کوڈ جاری کیا ہے اور اس حوالے سے تین ضابطوں کی وضاحت کی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ نے خواتین کے لیے مناسب عمرہ لباس کے حوالے سے تین ضابطوں کی وضاحت کی ہے جس کے مطابق خواتین عمرے کے لیے غیر آرائشی لباس کا انتخاب کریں۔

    وزارت حج کے مطابق عمرے کے لیے خواتین کا لباس ڈھیلا ہونا چاہیے جو جسم کے کسی بھی حصے کو ظاہر نہ کرے۔

    سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین خواتین عمرے کے لیے مسجد الحرام آتے وقت ایسا کوئی بھی لباس پہن سکتی ہیں جو مذکورہ تینوں ضوابط پر پورا اترے۔

    واضح رہے کہ عمرے کے لیے مرد زائرین کے لیے دو چادروں پر مشتمل بغیر سلا احرام پہننا لازم ہے تاہم خواتین کے لیے ان کا سلا ہوا لباس ہی احرام ہوتا ہے۔

  • کورونا کی  نئی قسم کا تیزی سے پھیلاؤ ، عمرہ  زائرین کے لئے اہم ہدایات

    کورونا کی نئی قسم کا تیزی سے پھیلاؤ ، عمرہ زائرین کے لئے اہم ہدایات

    جدہ : سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے کورونا وائرس کی نئی قسم ‘ایرس’ کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر عمرہ زائرین کو ماسک پہننے کی ہدایات دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں کورونا وائرس ایک بار پھر سر اٹھا رہا ہے جس کی وجہ اِس کی نئی قسم ایرس کو قرار دیا جا رہا ہے۔

    سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے بھی کرونا وائرس کی نئی قسم ‘ایرس’ کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر ہدایات جاری کردی ، جس میں زائرین کو ماسک پہننے کی ہدایت کی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ایرس دوہزار اکیس میں پھیلنے والے اومیکرون ویرینٹ کی نئی قسم ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزشن کے مطابق ایرس پچاس سے زائد ملکوں میں رپورٹ ہو چکا ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران دنیا بھر میں کووڈ 19 کے کیسز کی تعداد میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے ، ایرس نامی کرونا کے نئے ویرینٹ میں بظاہر دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت ہے۔

    واضح رہے کہ 2019 کے آخر میں چین سے شروع ہونے والی یہ عالمی وبا دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں پھیل گئی تھی اور اس سے لاکھوں اموات اور کروڑوں متاثر ہوئے تھے۔ بڑے متاثرہ ممالک میں امریکا، برطانیہ کے علاوہ بھارت بھی شامل تھے۔

    المی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران دنیا بھر میں کووڈ 19 کیکیسز کی تعداد میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے مئی میں کہا تھا کہ کووڈ 19 کی وبا اب عالمی طبی ایمرجنسی نہیں رہی، مگر ساتھ ہی خبردار کیا تھا کہ وائرس تاحال خود کو تبدیل کر رہا ہے، جس کے باعث اس کی لہریں دیکھنے میں آسکتی ہیں۔

  • عمرے پر جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لئے بڑا اعلان

    عمرے پر جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لئے بڑا اعلان

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے عمرہ زائرین کیلئے کرایوں میں نمایاں کمی کا اعلان کردیا ، جس کا اطلاق 10 اگست تک رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے کی جانب سے عمرہ زائرین کے کرایوں میں 11 ہزار روپے کمی کر دی گئی، جس کے بعد پی آئی اے کا فیصل آباد سے مدینہ، جدہ کا کرایہ 1 لاکھ 12 ہزار سے کم ہو کر 1 لاکھ 800 ہوگیا ہے۔

    پی آئی اے نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے مدینہ اور جدہ کیلئے پروازوں کے کرایوں میں بھی کمی کی، کرایوں میں کمی کا اطلاق 10 اگست تک رہے گا۔

    یاد رہے سپریم کورٹ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کو 205 نئی پروفیشنل بھرتیوں کی اجازت دے دی تھی ، جن میں پائلٹس، کیبن کریو اور آئی ماہرین شامل ہیں جب کہ 45 نشستوں پر بھرتیوں کا معاملہ موخر کر دیا تھا۔

    کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ پی آئی اے اپنے واجبات ادا نہیں کر پا رہا پھر اس کو مزید بھرتیاں کس لیے کرنی ہیں؟

  • وزیر اعظم کا پاکستانی عمرہ زائرین کی موت پر افسوس کا اظہار

    وزیر اعظم کا پاکستانی عمرہ زائرین کی موت پر افسوس کا اظہار

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کے ہوٹل میں آگ سے 8 پاکستانی عمرہ زائرین کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلاے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کے ہوٹل میں آگ سے 8 پاکستانی عمرہ زائرین کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے  وزارت مذہبی امور کو زخمیوں کی بہترین دیکھ بھال، سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے  مرحومین کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں افسوسناک واقعہ پیش آگیا، 8 پاکستانی جاں بحق

    یہ بھی پڑھیں: مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی: 4 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

    واضح رہے کہ مکہ میں ابراہیم خلیل روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔

    ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ آگ ہوٹل کی تیسری منزل پر شارٹ سرکٹ سے ایک کمرے میں لگی جس نے دیگر کمروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے چار کمروں کو نقصان پہنچا۔

    مرنے والے پاکستانیوں میں 4 کی شناخت ہوگئی جن میں سے 2 کا تعلق وہاڑی جبکہ 2 کا قصور سے ہے، دیگر چار افراد کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔