Tag: عمرہ زائرین

  • عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس پالیسی لازمی

    عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس پالیسی لازمی

    ریاض: سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس پالیسی لازمی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے عمرہ ویزے پرآنے والے زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس پالیسی حاصل کرنا ضروری ہے۔

    وزارت حج و عمرہ کے مطابق بیرون مملکت سے عمرہ ویزے پرآنے والے زائرین کو انشورنس پالیسی سے فائدہ ہوگا۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ میڈیکل انشورنس پالیسی کا پریمیم عمرہ ویزے کی فیس کے ساتھ وصول کیا جائے گا، میڈیکل پالیسی تمام ہنگامی نوعیت کے طبی اور دیگر معاملات کو کور کرے گی۔

    انشورنس پالیسی کے حوالے سے وزارت حج و عمرہ نے انٹرنیٹ پر معلومات فراہم کی ہیں، جو’رعایہ‘ کے عنوان سے دیکھی جا سکتی ہیں۔

    پالیسی کے فوائد کے حوالے سے وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ کووِڈ 19 کے علاوہ حادثات، وفات اور واپسی کے لیے فلائٹ کی تاخیر ہونے کی صورت میں پالیسی مکمل کوریج فراہم کرے گی۔

    انشورنس پالیسی میں ایک لاکھ ریال تک کوریج فراہم کی جائے گی۔

    عمرہ ویزا پالیسی کے حوالے سے وزارت نے اندرون مملکت کے لیے ٹول فری نمبر 800440008 جب کہ بیرون مملکت سے استفسارات کے لیے 00966138129700 نمبر مخصوص کیے ہیں۔

    علاوہ ازیں وزارت حج کی ویب سائٹ سے بھی اس بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

  • عمرے پر جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    عمرے پر جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    ریا‌ض : سعودی عرب نے بیرون ملک سے عمرہ زائرین کیلئے ویزوں کی درخواستوں کا آغاز  کردیا،سعودی عرب میں رہنے والوں کیلئے عمرہ پرمٹ 19 ذوالحجہ سے جاری کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ممالک سے سعودی عرب آنے والے عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری آگئی ، سعودی عرب کی جانب سے بیرون ملک سے عمرہ زائرین کیلئے ویزوں کی درخواستوں کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔

    سعودی عرب میں رہنے والوں کیلئے عمرہ پرمٹ انیس ذوالحجہ سے جاری کئے جائیں گے۔

    وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی حکام نے عمرہ کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور دنیا بھر سے ادائیگی عمرہ کے لیے آنے والوں کے لیے ہم چشم براہ ہیں۔

    سعودی وزارت کا کہنا تھا کہ تمام ممالک سے عمرے کے لیے آنے کے خواہش مند مسلمان ویزے کے لیے آج 14 جولائی سے متعلقہ سفارت خانوں میں درخواستیں دے سکتے ہیں۔

    ایک جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم محرم 1444 سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے لوگوں کے قافلے آنا شروع ہو جائیں گے۔

    تحریری طور پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے اندر سے موصول ہونے والی درخواستوں پر عمرہ ادائیگی کے لیے خصوصی اجازت نامہ جاری کیا جائے گا۔

  • اسلام آباد پہنچنے والی عمرہ زائرین کی بڑی تعداد سامان سے محروم

    اسلام آباد پہنچنے والی عمرہ زائرین کی بڑی تعداد سامان سے محروم

    کراچی : جدہ سے اسلام آباد پہنچنے والے 100 سے زائد عمرہ زائرین نے سامان نہ ملنے پر ایئرپورٹ پر احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ سے اسلام آباد پہنچنے والے مسافر ساڑھے 3 گھنٹے گزرنے کے باوجود سامان کے حصول سے محروم ہیں۔

    عمرہ زائرین کی بڑی تعداد سعودی ایئرلائین کی پرواز ایس وی 722 کے پر جدہ اسلام آباد پہنچی تو دو گھنٹے گزرنے کے باجود مسافروں کا سامان کنویئر بیلٹ پر نہ ڈالا جاسکا۔

    سامان نہ ملنے پر عمرہ زائرین نے احتجاج اور شور شرابہ کیا اور کہا کہ دیگر مسافروں کا سامان آرہا ہے لیکن اتنی دیر سے ہمارا سامان نہیں آرہا۔

    عمرہ زائرین نے مطالبہ کیا کہ وزارت ہوا بازی ایئرپورٹ پر انتظامیہ کی غفلت کا نوٹس لے۔

    مسافروں کی جانب سے سامان کے نہ ملنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کو تحریری طور پر اپنی شکایات بھی جمع کرادی گئی۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر عملہ نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کا سامان کنویئربیلٹ پر لوڈ نہیں کیا جاسکا۔

  • سعودی عرب: عمرہ زائرین کو بڑی اجازت مل گئی

    سعودی عرب: عمرہ زائرین کو بڑی اجازت مل گئی

    ریاض: عمرہ زائرین کو مملکت کے مختلف شہروں میں جانے کی اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ ویزے کی مدت 30 روز کر دی گئی ہے، اب عمرہ ویزے پر آنے والے مختلف شہروں میں جا سکیں گے۔

    سعودی وزارت کے مطابق عمرہ زائرین مکۃ المکرمہ اور مدینہ منورہ کے شہروں کے درمیان اور مملکت کے تمام شہروں میں اپنے قیام کے دوران جانے کے لیے آزاد ہیں۔

    سعودی حکام نے حال ہی میں عمرہ کرنے کے حوالے سے اقدامات میں نرمی کی ہے، کیوں کہ مملکت میں کرونا وبا کے خلاف پابندیوں میں بڑی حد تک نرمی آ چکی ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے متعدد پابندیاں ختم کی ہیں جن میں مکہ میں نماز ادا کرنے اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں جانے کے اجازت ناموں کی منسوخی بھی شامل ہیں، اب زائرین کو اس کی اجازت ہوگی۔

    وزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ دونوں مقدس مقامات میں داخل ہونے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کی جانچ تمام عبادت گزاروں کے لیے ختم کر دی گئی ہے۔

  • عمرہ زائرین کے لیے ایک اور سہولت کا اضافہ

    عمرہ زائرین کے لیے ایک اور سہولت کا اضافہ

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے توکلنا ایپ میں نئی سہولت کا اضافہ کردیا جس سے عمرہ زائرین کو مزید سہولت حاصل ہوگی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے نئی سہولت کا اضافہ کیا ہے، اس سہولت سے وہ افراد بھی استفادہ کر سکیں گے جو عمرہ اجازت نامہ ایسے وقت میں حاصل کرنا چاہتے ہیں جب رش زیادہ نہ ہو۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اعتمرنا اور توکلنا ایپس کو اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے، اس کی بدولت عمرے کے امیدوار یہ دریافت کر سکیں گے کہ عمرے کا اجازت نامہ ایسے وقت کے لیے جاری کیا جائے جب رش کم ہو۔

    وزارت حج و عمرہ نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ یہ نئی سہولت متعارف کروائی ہے اس کی بدولت عمرے کا اجازت نامہ طلب کرتے وقت معلوم کیا جا سکتا ہے کہ مصروف ترین اوقات سے کس طرح بچا جائے۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اعتمرنا اور توکلنا ایپس کو ایپل اور گوگل پلے کے ذریعے اپ ڈیٹ کر لیا جائے اور اس کی بدولت یہ پتہ لگایا جا سکے گا کہ عمرہ کرنے کے لیے کون سا وقت مناسب رہے گا۔

  • پاکستانی زائرین کو عمرے کی اجازت، بڑی خوشخبری آگئی

    پاکستانی زائرین کو عمرے کی اجازت، بڑی خوشخبری آگئی

    پشاور:وفاقی وزیرنورالحق قادری کا کہنا ہے کہ عمرہ اور حج دوبارہ شروع کرنےکےلئےسعودی حکومت سےرابطےمیں ہیں، امید ہے پاکستان سے جلد عمرہ زائرین کا سلسلہ شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مذہبی امور کے وفاقی وزیرنورالحق قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج اخراجات کم کرنے کیلئے ملیشیا کے طرز پرکام کررہے ہیں، عمرہ اور حج دوبارہ شروع کرنے کے لئے سعودی حکومت سے رابطےمیں ہیں۔

    نورالحق قادری نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا امیدہے پاکستان سے جلد عمرہ زائرین کا سلسلہ شروع ہوگا۔

    گذشتہ ماہ وفاقی وزیرمذہبی نے پشاور میں حاجی کیمپ فیز7میں نئے رہائشی بلاک کے افتتاح کے موقع پر کہا تھا کہ حجاج کرام کےتربیتی نظام اورکلاسز کیلئےیہاں بندوبست کیاجائےگا ایک ہی چھت ‏تلے دستاویزات کی جانچ،ویکسی نیشن بھی کی جاسکےگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمرہ، حج سےمتعلق کوئی اضافی خرچہ وصول نہیں کیا جا رہا ہے دنیا بھر میں حج اور ‏عمرےکی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ایئرلائنز کے ٹکٹ مہنگےہونےسےحج، عمرےپیکیج میں اضافہ ہوا۔

    نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ دنیابھر میں کورونا پابندیوں میں نرمی کی جارہی ہیں، آئندہ 3 ، 2ہفتے میں پاکستانی ‏عازمین کیلئے بھی پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔

  • کورونا سے بچاؤ کی ویکسین:  عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد  کیلئے اہم خبر آگئی

    کورونا سے بچاؤ کی ویکسین: عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے اہم خبر آگئی

    ریاض : سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ زائرین کوہروقت چہرے پر ماسک پہن کر رکھنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کی دوسری لہر نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا ہے ، سعودی عرب کے وزیرِحج وعمرہ ڈاکٹرمحمد صالح بن طاہربنتن نے عمرہ زائرین کو مکہ مکرمہ میں آمد سے قبل کورونا ویکسین لگوا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں احتیاط کے لیے کورونا کی ویکسین لگوانی چاہیے۔

    وزیرِحج وعمرہ ڈاکٹرمحمد صالح نے عازمینِ عمرہ کیلئے ہروقت چہرے پر ماسک پہنا بھی لازمی قرار دیا اور کہا عازمین کیلئے مقررکردہ عمرکی حد کی پابندی برقرار رہے گی، جس کے مطابق 18 سے 50سال کی عمر کے افراد ہی عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں ایک لاکھ سے زیادہ شہریوں کو افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین مفت لگائی جاچکی ہیں اور مسجدالحرام کے مختلف حصوں میں میڈیکل ٹیمیں بھی مقرر کردی گئی ہے جبکہ کورونا کیسز سامنے آنے کی صورت میں افراد کا طبی معائنہ اور آئسولیشن کیلئے کمرے بھی مختص کردیئے گئے ہیں۔

  • عمرہ زائرین کے لیے خوشخبری، نیا معاہدہ تیار

    عمرہ زائرین کے لیے خوشخبری، نیا معاہدہ تیار

    اسلام آباد: عمرہ زائرین سے متعلق سعودی حکومت اور پاکستانی ٹریول ایجنسیز کے درمیان نیا معاہدہ تیار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت اور پاکستانی ٹریول ایجنسیز کے درمیان نیا معاہدہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت زائرین کو عمرے پر گروپ کی شکل میں لے جایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق 50 سے زائد کمپنیوں کے ساتھ عمرہ سے متعلق معاہدہ ہوگا، معاہدے کو 15 دسمبر تک حتمی شکل دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے معاہدے کے مطابق ہر گروپ 22 زائرین پر مشتمل ہوگا، عمرہ زائرین مکمل طور پر سعودی حکومت کے ایس او پیز پر عمل کریں گے۔

    مزید پڑھیں:عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوش خبری، سعودی عرب نے اجازت دے دی

    عمرہ زائرین کو گروپوں میں عمرے کی ادائیگی کے لیے لے کر جانے کے لیے منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ 6 نومبر کو سعودی عرب نے تمام ایئرلائنز کو عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا کے مسافروں کو مملکت لانے کی اجازت دی تھی۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب نے یکم نومبر سے بیرون ملک کے زائرین کے لیے عمرہ کھولنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد انڈونیشیا اور پاکستان سے عازمین کا پہلا دستہ یکم نومبر کو ہی جدہ اور مدینہ ایئرپورٹ پہنچا تھا۔

  • عمرہ زائرین کو کتنے دن آئسولیشن میں رہنا ہوگا؟

    عمرہ زائرین کو کتنے دن آئسولیشن میں رہنا ہوگا؟

    ریاض: سعودی عرب میں آج سے مختلف ممالک سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق مسجدالحرام میں کرونا وائرس کے حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر مکمل کر لی گئی ہیں، آج سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہوگی۔

    روزانہ 20 ہزار عمرہ زائرین اور 60 ہزار افراد نماز باجماعت ادا کر سکیں گے، ایئر پورٹس، بندرگاہوں، برۤی سرحدی چوکیوں پر زائرین کے استقبال کی تیاریاں بھی مکمل ہو چکی ہیں۔

    سعودی عرب پہنچنے پر عمرہ زائرین کو 3 دن آئسولیشن میں رہنا ہوگا، مکہ مکرمہ میں یومیہ 10 ہزار عمرہ زائرین کی بکنگ ہوگی، ایک دن میں 500 گروپس کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔

    واضح رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے سفری ضوابط مقرر کیے ہیں، عمرہ زائرین کی ہر بس خود کار نگرانی کے نظام سے آراستہ ہوگی، شاہراہوں پر بس سروس کی سہولت مہیا ہوگی، ہر بس کا ایک ڈرائیور اور ایک اس کا ہیلپر ہوگا۔

    بس کے روٹ، منزل اور عمرہ زائرین کے ناموں کی فہرست تیار کی جائے گی، جس میں ڈرائیور اور ہیلپر کا نام بھی درج ہوگا، بسوں میں سینیٹائزر فراہم کیے جائیں گے۔

  • عمرہ زائرین کے لیے سعودی وزارت صحت کے اہم مشورے

    عمرہ زائرین کے لیے سعودی وزارت صحت کے اہم مشورے

    ریاض: سعودی وازرت صحت کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے اہم مشورے جاری کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ عمرے کے لیے مکہ آنے والے زائرین کی صحت پر وہ نظر رکھے ہوئے ہیں، مسجد الحرام کے اطراف قائم صحت اداروں میں تمام سہولتیں مہیا کی جا چکی ہیں۔

    سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے عمرہ زائرین کو 4 اہم مشورے بھی دیے ہیں۔

    انھوں نے کہا عمرہ زائرین موسمی انفلوئنزا ویکسین سمیت تمام ضروری ویکسین لینے کے بعد مقدس شہر کا رخ کریں۔ کوئی بھی عمرہ زائر دوسرے کی نجی اشیا استعمال کرنے سے پرہیز کرے۔

    تمام زائرین حفاظتی ماسک کی پابندی کریں اور اپنے دونوں ہاتھ پابندی سے دھوتے رہیں۔ تمام عمرہ زائرین ایک دوسرے سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔

    ادھر مکہ ریجن میں محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وائل المطیر کا کہنا ہے کہ اجیاد جنرل اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں اور عمرہ زائرین کے لیے تمام صحت خدمات موجود ہیں، تمام اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں صحت عملہ پوری طرح مستعد ہے۔

    وزارتِ صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک ہزار سے زائد صحت کارکن مطاف جانے والے عمرہ زائرین کے گروپس کو منظم کر رہے ہیں اور حفاظتی تدابیر کی پابندی کرا رہے ہیں۔