Tag: عمرہ زائرین

  • سعودی عرب، عمرہ زائرین کے لیے اہم خبر

    سعودی عرب، عمرہ زائرین کے لیے اہم خبر

    ریاض: سعودی وزیر حج و عمرہ نے آئندہ مرحلے میں عمرہ و زیارت کے مرحلہ وار بحالی کی تفصیلات جاری کردیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق عمرہ فورم میں گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ سعودی عرب حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کے ساتھ عمرہ بتدریج بحال کرنے والا ہے۔

    وزیر حج و عمرہ کے مطابق آئندہ مرحلے میں عمرہ کی کارروائی کے سلسلسلے میں جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کیا جائے گا تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اندرون اور بیرون ملک عمرہ پیکیج جدید شکل میں متعارف کراسکیں۔

    انہوں نے کہا کہ ’وزارت ایک ایپ جاری کرے گی، عمرہ کے خواہشمند افراد اس کے ذریعے اپنی آسانی کو پیش نظر رکھتے ہوئےعمرہ ادا کرنے کی تاریخ اور وقت کا تعین کریں گے۔

    عمرہ کمپنیاں اور ادارے اس حوالے سے اندرون ملک اور باہر سے عمرے کے لیے آنے والوں کو اپنی خدمات پیش کریں گی۔

    وزیر حج نے بتایا کہ عمرہ پروگرام کے سلسلے میں 30 سے زیادہ سعودی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو کام کا موقع دیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کمپنیاں آن لائن اپنی خدمات پیش کریں گی اور عمرے پر آنے والوں سے رابطے میں رہیں گی، پہلی تبدیلی اندرون و بیرون ملک سے مسجد نبوی کے زائرین کے حوالے سے کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزارت حج، عمرہ کمپنیوں اور کارکنان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے، اس مرحلے میں ان کے ساتھ ہے اور ادارہ جاتی تبدیلی کے مرحلے میں بھی ان کے ساتھ ہوگی تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے طاقتور اقتصادی گروپ کے طور پرابھریں اور اعلی معیاری خدمات فراہم کرسکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کمپنیاں اندرون ملک سے عمرہ کرنے والے سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں، جی سی سی ممالک اور دنیا بھر کے عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کریں گی۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے اپنی توانیاں وقف کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ 2030 تک سالانہ تین کروڑ عمرہ زائرین کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔

  • کروناوائرس: عمرہ زائرین کیلئے سعودی عرب کا بڑا اعلان

    کروناوائرس: عمرہ زائرین کیلئے سعودی عرب کا بڑا اعلان

    ریاض : کرونا وائرس کے باعث ریاست میں پھسنے والے عمرہ زائرین کی ویزہ مدت ختم ہونے کے باوجود سعودی حکومت نے جرمانہ فیس عائد نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کےلیے مقدس شہروں (مکہ و مدینہ) کا رخ کرنے والے بیشتر زائرین کرونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب میں پھنس گئے ہیں، خیال رہے کہ عالمی وبا کے باعث درجنوں ممالک نے فضآئی آپریشن معطل کر رکھا ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث ریاست میں رہ جانے والے ایسے زائرین جن کی ویزہ مدت بھی ختم ہوچکی ہے حکومت نے ان پر عائد جرمانہ فیس عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت حج و عمرہ کے مطابق ایسے جو سفری پابندیوں کے باعث نہیں جاسکے وہ 28 مارچ 2020 تک جرمانہ اور قانونی کارروائی سے بچنے کےلیے درخواست دائر کرسکتے ہیں۔

    درخواست موصول ہونے کے بعد ریاست انہیں پرواز اور سفر کی تفصیلات درج موبائل نمبر پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجے گی۔

    سعودی حکام نے زائرین کو متنبہ کیا کہ اگر عمرہ زائرین اس مہلت سے مستفید نہ ہوئے تو اور مدت گزر گئی تو انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ عمرہ زائرین کے لیے ضروری ہے کہ وہ وقت مقررہ پر ریاست سے نکل جائیں بصورت دیگر ان پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے لیکن موجودہ حالات کے دوران سعودی حکومت نے زائرین کو ویزہ مدت ختم ہونے کے باوجود ان پر قانون کا اطلاق نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

  • عمرہ زائرین کا حکومت پاکستان سے واپسی میں مدد کی اپیل

    عمرہ زائرین کا حکومت پاکستان سے واپسی میں مدد کی اپیل

    کراچی: سعودی عرب میں پھنسے ہوئے عمرہ زائرین نے واپسی کے لیے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے خدشے کے باعث سعودی عرب میں خلیجی ممالک کی پروازیں معطل ہیں، جس کے باعث پاکستانی معتمرین سعودی میں پھنس گئے ہیں۔

    پاکستانی عمرہ زائرین کے پاس ہوٹلوں کا کرایہ ختم ہو چکا، دیگر ایئر لائنز کی ٹکٹ خریدنے کے پیسے بھی موجود نہیں، جس پر زائرین نے حکومت پاکستان سے واپسی میں مدد کی اپیل کی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک سے سعودی عرب آنے والے افراد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ماسوائے ان افراد کے جو سعودی عرب کے شہری ہیں یا اقامتی ویزے کے حامل ہیں اور وہ شہری جو واپس اپنے ملک جانا چاہتے ہیں۔ کارگو پروازیں بھی سعودی عرب کے لیے آپریٹ کی جا سکتی ہیں اور میڈیکل ویزہ رکھنے والے یا نئے میڈیکل ویزے والے افراد سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں۔

    سعودی حکومت کے اعلان کے بعد پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلانے کی تیاری

    اس سلسلے میں پی آئی اے نے ہم وطنوں کی سعودی عرب سے واپسی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، پی آئی اے 6 خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب سے ہم وطنوں کو پاکستان لے کر آئے گی، ترجمان پی آئی اے کے مطابق 14 اور 15 مارچ کو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ خیال رہے کہ سعودی ایوی ایشن نے پاکستان سمیت تمام ممالک کے مسافروں کو سعودیہ عرب سے جانے کے لیے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔

  • سعودی عرب کی پابندی ، عمرہ زائرین کے لئے نیا حکمنامہ جاری

    سعودی عرب کی پابندی ، عمرہ زائرین کے لئے نیا حکمنامہ جاری

    اسلام آباد : پاکستان میں کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی عرب کے بعد پی آئی اے نے عمرہ زائرین کے سفر پر 15 مارچ 2020 تک پابندی عائد کر دی ، عمرہ اور وزٹ ویزا والے پی آئی اے سے سفر نہیں کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ایئر لائن کے بعد پی آئی اے نے بھی عمرہ زائرین کے لئے نیا حکمنامہ جاری کر دیا ، پی آئی اے نے عمرہ زائرین کے سفر پر 15 مارچ 2020 تک پابندی عائد کر دی اور کہا کرونا وائرس کے خطرہ کے پیش نظر پی آئی اے نے عمرہ اور وزٹ ویزا والوں کو جدہ اور مدینہ سفر سے روکا گیا ہے۔

    حکمنامے میں کہا گیا پی آئی اے پاکستان سے سعودیہ صرف اقامہ ہولڈرز رہائشی اور مستقل ویزہ رکھنے والوں کو سفری سہولیات فراہم کرے گی ، عمرہ اور وزٹ ویزا والے پی آئی اے سے سفر نہیں کر سکیں گے، صرف بزنس ویزا والے پاکستانی دمام اور ریاض کے لئے پی آئی اے سے سفر کر سکیں گے۔

    حکمنامے کے مطابق پشاور سے جدہ براستہ کراچی جانے والے مسافروں کو اپنے ملک میں ہی روکا جائے گا، اندرون ملک میں ہی روکے جانے والے مسافروں کو ایئر لائن قوانین کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

    جاری حکمنامے میں مسافروں کو تاکید کی گئی ہے وہ اپنے محفوظ سفر کے لئے پی آئی اے کال سینٹرز سے رابطے میں رہیں ، مسافر کال سینٹر سے رابطے سے پیش آنے والی پریشانی سے بچ سکیں اوراپنے اگلے سفر کے لئے معلومات حاصل کریں۔

    یاد رہے پاکستان میں کرونا وائرس کی تصدیق کےبعدسعودی ایوی ایشن نےتمام ائیرلائینوں کوخصّوصی نوٹم جاری کیا تھا ، جس میں پاکستان سےپی آئی اے سمیت دیگرغیر ملکی ائیرلائنوں پرسعودی عرب جانےوالوں پرپابندی عائد کردی تھی ۔

    جس کے بعد کراچی،لاہور،اسلام آباد کے ائیرپورٹس پرعمرہ زائرین کا رش لگ گیا تھا اور پی آئی اے کی مدینہ جانے والی پرواز پی کےسات سو سینتالیس سے تین سو عمرہ زائرین کو اتار دیاگیا تھا جبکہ سعودی ائیر سے جانے والے عمرہ زائرین کو بھی آف لوڈ کردیاگیا تھا۔

  • سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی، ملک بھر میں مسافر پروازوں سے آف لوڈ

    سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی، ملک بھر میں مسافر پروازوں سے آف لوڈ

    کراچی: سعودی عرب نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عمرہ زائرین کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی امور خارجہ نے کہا ہے کہ عمرے کے لیے سعودی عرب میں داخلہ عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے، یہ اقدام کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیا جا رہا ہے۔

    کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی ایوی ایشن نے نئی پالیسی جاری کر دی، سیاحتی ویزے پر سعودی عرب کا سفر کرنے والوں کا داخلہ بھی معطل کر دیا گیا، ایران کے شہری بھی سعودی عرب میں داخل نہیں ہو سکیں گے، سیاحتی ویزے کے لیے ایران، چین، ہانگ کانگ اور اٹلی پر بھی پابندی لگا دی گئی۔

    پی آئی اے ذرایع کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن سعودی عرب کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن جاری رکھے گی، تاہم عمرہ زائرین سفر نہیں کر سکیں گے، جدہ و مدینہ جانے والے عمرہ زائرین کو 48 گھنٹے کے لیے روکا گیا ہے، سعودی عرب سے پاکستانیوں کو وطن پہنچانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا، 450 سے زائد عمرہ زائرین کو آف لوڈ کیا گیا ہے۔

    مراسلہ جاری ہونے پر اتحاد ایئر لائن نے بھی 97 پاکستانی عمرہ زائرین کو آف لوڈ کر دیا، پی آئی اے اور غیر ملکی ائیر لائنز نے عمرہ زائرین سعودی عرب لے جانے سے انکار کر دیا ہے، غیر ملکی ایئر لائنز نے نوٹس بھی جاری کر دیا، جس کی وجہ سے ایئر پورٹس پر عمرہ زائرین کا رش لگ گیا ہے، ایئر پورٹ پر عمرہ زائرین نے عملے سے تکرار اور احتجاج بھی کیا۔

    پاکستان میں‌ کرونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق

    اے آر وائی نیوز کے مطابق غیر ملکی ایئرلائن ای وائی 242 سے 50 عمرہ زائرین آف لوڈ کیے گئے، سعودی گلف فلائٹ 6 ایس 158 سے 10 عمرہ زائرین، پی آئی اے کی مدینہ جانے والی پرواز پی کے 747 سے 300 عمرہ زائرین جب کہ پشاور سے پرواز ای کے 20 سے بھی تمام عمرہ زائرین کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ پی آئی اے کی رات ساڑھے دس بجے جانے والی پرواز پی کے 759 کے عمرہ زائرین کو بھی روک دیا گیا، پی کے 759 کے 340 سے زائد عمرہ زائرین کو گھروں سے نہ آنے کے لیے فون کالز کی گئیں۔ 

    خیال رہے کہ پاکستان میں بھی 2 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

  • پاکستانی عمرہ زائرین نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    پاکستانی عمرہ زائرین نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    ریاض: عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک دنیا بھر سے لاکھوں افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی یا پھر کررہے ہیں جن میں پاکستانی عمرہ زائرین کی تعداد سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عمرہ زائرین کے اعداد وشمار جاری کرنے والے ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر اب تک 29 لاکھ 13 ہزار 170 ویزے جاری ہوئے اور 25 لاکھ کے قریب زائرین سعودی عرب پہنچے، جن میں پاکستانی عمرہ زائرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عمرہ زائرین کی مجموعی تعداد میں سے پاکستانیوں کی اب تک کی تعداد 6 لاکھ ایک ہزار 880 تک پہنچ چکی ہے جس کے باعث پاکستان سرفہرست آچکا ہے۔

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کے بعد زیادہ تعداد میں عمرہ کرنے والوں کا تعلق انڈونیشیا سے ہے، جن کی تعداد 5 لاکھ 37 ہزار 894 ہے۔ تیسرے نمبر پر انڈین، چوتھے نمبر پر مصری اور پانچویں نمبر پر ملائیشین ہیں۔

    مسجد نبویﷺ میں دو پاکستانی عمرہ زائرین کی زندگیاں بچ گئیں

    خیال رہے کہ یہ تعداد عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر جمعہ 17 جنوری تک کے ہیں۔

    واضح رہے کہ مسلمانوں کی عبادات میں سے عمرہ اور حج کو بڑی فضیلت حاصل ہے، اسی لیے دنیا بھر سے مسلمان سعودی عرب کا دورہ کرتے اور روضہ رسول ص پر حاضری دیتے ہیں اور عمرے کے فرائض انتہائی ادب واحترام اور مذہبی عقیدت سے ادا کرتے ہیں۔

  • مسجد نبویﷺ میں دو پاکستانی عمرہ زائرین کی زندگیاں بچ گئیں

    مسجد نبویﷺ میں دو پاکستانی عمرہ زائرین کی زندگیاں بچ گئیں

    مدینہ: مسجد نبویﷺ میں طبی عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو پاکستانی عمرہ زائرین کی زندگیاں بچالیں۔

    تفصیلات کے مطابق مدینے میں پاکستانی عمرہ زائرین کو دل کا دورہ پڑا اور وہ بے حوش ہوگئے۔ مسجدنبوی میں قائم ہنگامی طبی مرکز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں پاکستانیوں کو موت سے بچا لیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طبی مرکز میں پہلے 65 سالہ خاتون عمرہ زائر کو لاگیا جن کی نبص بند اور حرکت قلب بھی ساکت کی۔ عملے نے مصنوعی طریقے سی پی آر کے ذریعے مریضہ کی سانس بحال کی۔

    بعد ازاں ہنگامی طبی مرکز میں ایک اور پاکستانی عمرہ زائر کو لایا گیا جن کی عمر 75 برس تھی وہ بے ہوش تھے۔ ڈاکٹرز کی جانب سے فوری چیک اپ سے پتا چلا مریض بھی دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کی حرکت قلب بھی بند ہوگئی ہے۔ تاہم عملے نے طبی امداد فراہم کی اور پاکستانی کی جان بچائی۔

    خیال رہے کہ سی آر پی ٹیکنیک میں مریض کے سینے پر مخصوص انداز میں ہاتھ رکھ کر دبایا جاتا ہے اسی دوران انکا سر اٹھا کر انہیں مصنوعی طریقے سے سانس دی جاتی ہے۔ مدینے میں قائم یہ مرکز 24 گھنٹے سروس فراہم کرتا ہے۔

  • عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    ریاض: عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی کردیا گیا، اقدام کا مقصد عمرے پر باہر سے آنے والوں کو زیادہ بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن اور التعاونیہ انشورنس کمپنی کے چیئرمین سلیمان الحمید نے ہیلتھ انشورنس معاہدے پر دستخط کیے۔

    سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ بیرون ملک سے عمرے پر آنے والوں کو بہتر اور اعلیٰ معیار کی طبی خدمات میسر ہوں۔ عمرہ زائرین کی یہاں آمد سے لے کر روانگی تک نگہداشت کی جاسکے گی۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ یہ عمرے پر آنے والوں کے لیے انشورنس پروگرام جامع ہے۔ یہ پروگرام ایجنسیوں کے ذریعے یا آن لائن عمرہ ویزا حاصل کرنے والے حاصل کرسکیں گے۔

    انشورنس اسکیم میں صحت نگہداشت، ہیلتھ ٹرانسپورٹ، ایمبولینس، ایمرجنسی، ٹریفک حادثات، قدرتی آفات، سامان گم ہونے، پرواز میں تاخیر اور ایئرپورٹ پر قیام سمیت تمام امور شامل ہوں گے۔

    وزارت حج کے مطابق عمرہ زائرین سے متعلق ہیلتھ انشورنس اسکیم کم قیمت اور مناسب نرخوں پر ہوگی۔ یہ سعودی عرب میں موجود تمام انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے پیش کی جائے گی۔ انشورنس کا دورانیہ 30دن ہوگا۔

    دوسری جانب انشورنس کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ عمرہ زائر کو انشورنس پیکج پر 1 لاکھ ریال تک کی ہنگامی صحت نگہداشت کی سہولت مہیا ہوگی۔

    خیال رہے کہ عمرہ ویزا کی فیس 300ریال ہے، یہ فیس 49 ممالک سے عمرے پر آنے والے زائرین کے لیے مقرر ہے۔ عمرے پر آنے والوں کو میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں 110ریال دینا ہوں گے۔

  • سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کو بڑی خوشخبری سنادی

    سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کو بڑی خوشخبری سنادی

    ریاض: سعودی حکومت نے ایک سال میں دوسری بار عمرہ ادائیگی کی فیس معاف کردی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے ایک سال میں دوسری بار عمرہ ادائیگی کی فیس ختم کردی، دوسری بار عمرہ کرنے والے زائرین سے 2 ہزار سعودی ریال فیس لی جاتی تھی۔

    سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح کا کہنا ہے کہ تمام زائرین سے اب ہر دفعہ صرف 300 ریال فیس لی جائے گی، 300 ریال فیس پاکستان کے علاوہ سعودی عرب میں بھی جمع کرائی جاسکتی ہے۔

    ڈاکٹر محمد صالح نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں معتمرین کو تمام خدمات مہیا کی جائیں گی، سعودی حکومت نے یہ فیصلہ وزارت حج اور عمرہ کی درخواست پر کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب، دوسری بار عمرہ کرنے والوں کے لیے نئی شرائط

    واضح رہے کہ رواں ماہ 2 ستمبر کو سعودی حکومت نے دوسری بار عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں پر نئے سیزن کے لیے دو ہزار ریال کی شرط لازمی قرار دی تھی۔

    نئی عمرہ پالیسی کے فوری نفاذ کے باعث عمرہ ویزوں کی منظوری بھی تاخیر کا شکار ہوگئی تھی جس کی وجہ سے یکم محرم سے عمرہ زائرین سعودی عرب نہیں جاسکے تھے کیونکہ پیکیج کے بغیر عمرہ ویزا دینے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل یہ پابندی دو سال پہلے ایک سال میں دوسری مرتبہ عمرہ کرنے والوں کے لیے تھی اور پچھلے سال یہ پابندی دو سال میں دوسری مرتبہ عمرہ کرنے والوں پر عائد کی گئی تھی۔

  • سعودی عرب، دوسری بار عمرہ کرنے والوں کے لیے نئی شرائط

    سعودی عرب، دوسری بار عمرہ کرنے والوں کے لیے نئی شرائط

    ریاض: سعودی حکومت نے دوسری بار عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں پر نئے سیزن کے لیے 2 ہزار ریال کی شرط لازمی قرار دے دی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نئی عمرہ پالیسی کے فوری نفاذ کی وجہ سے عمرہ درخواستوں اور ویزا کی منظوری بھی تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے سال میں دوسری بار عمرہ کرنے والے پاکستانیوں پر فی کس دو ہزار ریال ٹیکس عائد کردیا گیا ہے۔

    نئی عمرہ پالیسی کے فوری نفاذ کے باعث عمرہ ویزوں کی منظوری بھی تاخیر کا شکار ہے جس کی وجہ سے یکم محرم سے عمرہ زائرین سعودی عرب نہیں جاسکے کیونکہ پیکیج کے بغیر عمرہ ویزا دینے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: عمرہ زائرین کی تعداد میں 7 فیصد اضافہ، پاکستانی سرفہرست

    واضح رہے کہ اس سے قبل یہ پابندی دو سال پہلے ایک سال میں دوسری مرتبہ عمرہ کرنے والوں کے لیے تھی اور پچھلے سال یہ پابندی دو سال میں دوسری مرتبہ عمرہ کرنے والوں پر عائد کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا ماہ شعبان میں دنیا بھر سے 61 لاکھ 36 ہزار 139 زائرین عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچے۔

    سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ زائرین کی تعداد پاکستان سے آئی، مجموعی طور پر شعبان کے ماہ میں 13 لاکھ 71 ہزار 544 پاکستانیوں نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔