Tag: عمرہ

  • عمرہ زائرین کی بڑی مشکل آسان ہوگئی

    عمرہ زائرین کی بڑی مشکل آسان ہوگئی

    اسلام آباد : عمرہ پر جانے والے زائرین کی بڑی مشکل آسان ہوگئی، گردن توڑ بخار ویکسین کی قلت پر عمرہ زائرین پریشان تھے۔

    تفصیلات کے مطابق گردن توڑ بخار ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، ڈریپ زرائع نے بتایا ہے کہ ویکسین کی 37500 ڈوز پاکستان لائی گئی ہیں۔

    ویکسین فائزر پاکستان نے برآمد کی ہے، فارما کمپنی یہ ویکسین صوبوں کو فراہم کرے گی۔

    فارما کمپنی نے پنجاب کیلئے گردن توڑ بخار کی کھیپ روانہ کر دی ہے، ویکسین کی ڈوز 7 فروری تک موصول ہوں گی ، ویکسین کی 16 ہزار ڈوز پنجاب کو فراہم کی جائیں گی۔

    یہ ویکسین دیگر صوبوں کو حسب ضرورت فراہم ہوگی تاہم ویکسین بارے صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے اور ویکسین کی قلت خاتمے کیلئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ ویکسین بارے فارما کمپنیز سے رابطہ ہے،ویکسین بارےصوبائی حکومتوں سے رابطے ہیں، ویکسین کی صورتحال میں جلد بہتری آئے گی، ویکسین بارے صورتحال چند روز میں نارمل ہوگی۔

    پاکستان میں ویکسین فائزر، سنوفی برآمد کرتی ہیں، ماضی میں ملک میں گردن توڑ بخار ویکسین کی قلت نہیں رہی، ملک میں ویکسین کی ماہانہ کھپت ایک ہزار ڈوز تک ہے۔

    سعودی حکومت کے لازم قرار دینے پر ویکسین کی قلت ہوئی، مین انجائٹس ویکسین قلت ہونےپر بلیک میں مہنگے داموں سیل ہو رہی تھی،اس ویکسین کی مد میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔

    عمرہ زائرین کیلئے سفر سے دس روز قبل یہ ویکسین لگوانا لازم ہے تاہم پنجاب میں ویکسین کی قلت پر عمرہ زائرین پریشان تھے اور ویکسین خریدنے کیلئے فارمیسیز پر شدید رش تھا۔

  • عمرہ پر جانے والوں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا

    عمرہ پر جانے والوں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا

    لاہور: عمرہ پر جانے کےلیے گردن توڑ بخار کی ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے جس کے بعد لاہور کے میڈیکل اسٹورز پر ویکسین بلیک میں فروخت ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب میں میننجائٹس ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی، لاہور کے میڈیکل اسٹورز پر گردن توڑ بخار کی ویکسین بلیک میں فروخت کی جارہی ہے، پنجاب بھر میں سیکڑوں عمرہ زائرین کو ویکسین کے حصول میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    ویکسین کی قیمت 5 ہزار سے کم لیکن 10 سے 20 ہزار روپے میں فروخت کی جارہی ہے، سرکاری مرکز برائے حفاظتی ٹیکہ جات پر ویکسین دستیاب نہیں ہے۔

    عمرہ پر جانے والوں کے لیے اہم خبر

    حفاظتی ٹیکے لگانے والی نجی لیبارٹریز نے عمرہ زائرین کی ویکسی نیشن سے انکار کردیا ہے، اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ طیارے کی ٹکٹس ہوگئی ہیں مگرویکسین نہیں مل رہی۔

    محکمہ صحت پنجاب نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے پاس ویکسین دستیاب نہیں، شہری میڈیکل اسٹور سے ویکسین خرید کر انسٹی ٹیوٹ پبلک ہیلتھ سے لگواسکتے ہیں،

    حکام نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنی صنوفی، اوینٹس، فائزر کی ویکسین سفر کیلئےقابل قبول ہوگی، ویکسین سفر سے کم از کم 10 روز قبل لگانا لازمی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/fia-arrested-10-suspects-involved-in-begging/

  • عمرہ پر جانے والوں کے لیے اہم خبر

    عمرہ پر جانے والوں کے لیے اہم خبر

    جدہ: عمرہ کے لئے سعودیہ کے کسی ایئر پورٹ پر داخل ہونے والوں کے گردن توڑ بخار کے انجکشن کا سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہے۔

    سعودی وزارتِ صحت نے پاکستان سمیت دیگر ملکوں کے مسافروں کیلئے نئی ہدایت جاری کردی ہے جس کے مطابق سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے گردن توڑ بخار کی ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے۔

    سعودی وزارتِ صحت کا کہنا ہے زائرین کو مملکت آنے سے دس دن پہلے ویکسینیشن لازمی کرانا ہوگی، ائیرپورٹ پر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔

    سعودی وزارتِ صحت کے مطابق اس ہدایت کا اطلاق 10 فروری سے ہوگا جبکہ ایک سال اور اس سے کم عمر بچوں کو استثنا حاصل ہوگا۔

    اس سے قبل جاری کردہ ہدایت میں پاکستان سمیت نائجیریا، افغانستان اور دیگر پولیو متاثرہ ممالک کے زائرین کیلئے پولیو ویکسین کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں عمرہ زائرین سعودیہ جا رہے ہیں، اگر وزیراعظم نے نوٹس لے کر سعودی حکومت سے بات نہ کی تو 10 فروری سے سینکڑوں افراد کے واپس بھیجے جانے کا خدشہ ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

  • پاسپورٹ پر جعلی جائے پیدائش لکھوا کر عمرے کی آڑ میں سعودی عرب جانے والا مسافر گرفتار

    پاسپورٹ پر جعلی جائے پیدائش لکھوا کر عمرے کی آڑ میں سعودی عرب جانے والا مسافر گرفتار

    کراچی: پاسپورٹ پر جعلی جائے پیدائش لکھوانے والے مسافر کی عمرے کی آڑ میں سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گداگروں کے خلاف ایف آئی اے امیگریشن کا کریک ڈاؤن جاری ہے، کراچی ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں عمرے کی آڑ میں غیر قانونی سفر کرنے والا مسافر گرفتار کر لیا گیا۔

    مسافر کی شناخت محمد مزمل کے نام سے ہوئی ہے، جس کے پاسپورٹ پر درج معلومات جعلی تھیں، ملزم نے جعلی جائے پیدائش درج کی ہوئی تھی، معلوم ہوا کہ اس کی جائے پیدائش لودھراں ہے جب کہ اس نے جائے پیدائش سرگودھا ظاہر کر کے عمرہ ویزا حاصل کیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم عمرے کی آڑ میں سعودی عرب ملازمت کے غرض سے جا رہا تھا، اس نے اس مقصد کے لیے بہاولپور کے رہائشی عاشر نامی ایجنٹ سے ڈیل 3 لاکھ 50 ہزار روپے میں طے کی۔

    سرکاری حج اسکیم میں درخواست جمع کرنے والوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    ڈیل کے تحت ملزم کو سعودی عرب پہنچنے پر اقامہ ملنا تھا، گرفتار مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • متحدہ عرب امارات کے عمرہ زائرین کیلئے بڑی خوشخبری

    متحدہ عرب امارات کے عمرہ زائرین کیلئے بڑی خوشخبری

    متحدہ عرب امارات کے عمرہ زائرین کیلئے اچھی خبر سامنے آئی ہے، سعودی عرب میں شدید گرمی کے باعث یو اے ای میں عمرے کے پیکج کی قیمت میں 25 فیصد کمی کردی گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں بہت سے لوگ شدید گرمی کے باعث عمرے کا پروگرام ستمبر تک ملتوی کرنے کا ارادہ کررہے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں زائرین کی تعداد کم ہونے کے باعث عمرہ پیکجز تقریباً 25 فیصد سستے کردیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سرد موسم کے مقابلے میں اس وقت عمرہ پیکج 25 فیصد تک سستے ہیں۔ طلب کم ہونے کے باعث عمرہ پیکج غیر معمولی ڈسکاؤنٹ کے ساتھ پیش کیے جارہے ہیں۔

    گرم موسم کے باعث بہت سے زائرین نے اپنا سفر روک دیا ہے، یو اے ای کے کچھ رہائشی درجہ حرارت میں معمولی کمی کی امید کی وجہ سے عمرہ ادائیگی کا منصوبہ ستمبر تک ملتوی کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

    دوسری جانب رواں سیزن میں عمرہ زائرین کو بڑی سہولت مل گئی ہے کیونکہ وزارت حج نے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے اردو سمیت 16 زبانوں میں گائیڈ بک جاری کردی ہے۔

    عاجل نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے ’دلیل العمرہ‘ کے عنوان سے ایک گائیڈ بک لانچ کی گئی ہے جو اردو، فارسی، عربی، انگریزی، ترکی، ازبک، اسپینش، روسی، ہندی اور دیگر زبانوں پر مشتمل ہے۔

    عمرہ زائرین کو بڑی سہولت مل گئی

    پی ڈی ایف فارمیٹ میں جاری اس گائیڈ بک کے ذریعے مختلف ممالک سے آنے والے زائرین اپنی زبان میں عمرے کے احکامات اور ضروری ہدایات معمول کر سکیں گے۔

  • سعودی وزارت حج وعمرہ کا حجاج کرام کو اہم مشورہ؟

    سعودی وزارت حج وعمرہ کا حجاج کرام کو اہم مشورہ؟

    سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، حجام کرام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے بہترین انتظامات کئے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ نے سفر حج کے دوران عازمین کو فوڈ پوائزننگ سے محفوظ رکھنے کے لئے مفید مشورہ دیا ہے۔

    سعودی وازارت حج وعمرہ کے آفیشل ایکس اکاونٹ پر جاری بیان میں مشورہ دیا گیا کہ ’کھانے کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے سے گریز کریں۔

    عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ’کوئی بھی ایسا کھانا جس کا رنگ یا خوشبو بدل گئی ہو، کھلی اور بغیر دھلی چیزوں کے کھانے سے گریز کریں‘۔

    وزارت نے عازمین کو اپنی دواؤں کو مناسب طریقے سے رکھنے، صحت کے مسائل سے بچنے اور مناسک حج آسانی سے کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    جاری کی گئی ہدایات کے مطابق ’عازمین اپنی دواوں کو ایک فولڈر میں اور دوسرے لوگوں کی دواوں سے فاصلے پر رکھیں۔

    وزارت کی جانب سے یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ’وہ فلائٹ ڈاکٹر یا سپروائز کو مریض کی صحت کے حوالے سے آگاہ کریں اور اس کی صحت کے حوالے سے میڈیکل رپور ٹ کی ایک کاپی ساتھ لائیں‘۔

    دوسری جانب ’الزمازمہ‘ کمپنی عازمین حج کو ان کی رہائش تک آب زم زم کی فراہمی یقینی بنانے میں مصروف ہے۔

    الزمازمہ کمپنی میں فیلڈ سروس سینٹرز کے اسسٹنٹ جنرل سپروائزر ڈاکٹر محمد سرحان کے مطابق عازمین حج کو اگر کسی وجہ سے آب زم زم ان کی رہائش پر نہیں مل پارہا تو وہ اپنے کارڈ کے‘کیو آر کوڈ‘ کے ذریعے آرڈر دے کر منگوا سکتے ہیں، انہیں ان کی رہائش گاہ پر فراہم کردیا جائے گا۔

    ممبئی سے حجاج کرام کا پہلا قافلہ سعودی عرب کیلئے روانہ

    ڈاکٹر محمد سرحان کا مزید کہنا تھا کہ عازمین کے استقبالیہ مراکز پر 330 ملی لٹرزم زم کی بوتلیں فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ عازمین حج کو مملکت سے واپس جاتے ہوئے زم زم فراہم کیا جاتا ہے تاکہ حجاج اچھی یادیں لے کر اپنے ممالک واپس جائیں۔

  • سعودی عرب، ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے کیا عمرہ کرسکتے ہیں؟

    سعودی عرب، ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے کیا عمرہ کرسکتے ہیں؟

    سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ کسی بھی ویزے پر مملکت آنے والے عمرہ ادا کر سکتے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے عاجل کے مطابق ٹرانزٹ ویزے یا کسی بھی ویزے پر مملکت آنے والے ’نسک‘ ایپ انسٹال کر کے عمرہ پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ایکس اکاونٹ پروزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین سے متعلق وضاحت کی گئی ہے کہ بیرون ملک سے وزٹ، ورک، سیاحت، ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے باسانی عمرے کی سعادت حاصل کرسکتے ہیں۔

    وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ آنے والوں کو چاہیے کہ وہ عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کیلیے ’نسک‘ ایپ پر اکاونٹ بنا کراس میں خود کو رجسٹرکریں تاکہ عمرہ پرمٹ حاصل کرسکیں۔

    وزارت حج وعمرہ کے مطابق عمرہ پرمٹ پر درج شدہ وقت اور تاریخ پرپوری طری سے عمل کریں، مقررہ وقت پر مسجد الحرام میں پہنچ جائیں۔

    ایران سے 9 سال بعد عازمین عمرہ ادائیگی کیلیے سعودی عرب روانہ

    واضح رہے عمرہ پرمٹ کا اصل مقصد عوام کے رش کو کنٹرول کرنا ہے، تاکہ آنے والے عمرہ زائرین کو کسی قسم کی مشکلات نہ اُٹھانی پڑیں اور وہ با آسانی عمرے کی ادائیگی کرسکیں۔

  • کیا کوئی لڑکی اکیلے عمرہ کرنے جاسکتی ہے؟ علماء کرام کی رائے

    کیا کوئی لڑکی اکیلے عمرہ کرنے جاسکتی ہے؟ علماء کرام کی رائے

    ہر مسلمان مرد و عورت کیلئے عمرے کی ادائیگی باعث شرف ہے جس میں مقدس مقامات کی زیارت اور عبادات کرنا شامل ہے، تاہم کچھ اسلامی قواعد و ضوابط ہیں جن کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔

    سب سے اہم سوال جو کل اس حوالے سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ کیا اسلام میں غیر شادی شدہ لڑکی بغیر محرم کے عمرے پر جاسکتی ہے؟ کچھ ایسا ہی ایک سوال اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان رمضان کے سیگمنٹ ’عالِم اور عالَم‘ میں ایک خاتون کالر نے علمائے کرام سے پوچھا۔


    جس کے جواب میں مفتی اکمل قادری نے بتایا کہ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو عورت اللہ تعالی اور روز قیامت پر ایمان رکھتی ہے وہ بغیر شوہر یا محرم کے تین دن کی مسافت کا سفر نہ کرے۔

    مفتی اکمل قادری نے اس حدیث کی وضاحت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سفر کیلئے محرم کا ہونا اوّلین شرط ہے اور اگر ہم کلومیٹرز کی بات کریں تو شہر کی حدود سے نکل کر 92 کلومیٹرز سے زائد کا سفر ہے تو عورت اکیلی سفر نہیں کرسکتی، تاہم دوسری کسی مستثنیٰ صورت میں حالات کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے مشورہ لیا جاسکتا ہے۔

    علامہ رضا داؤدی نے بتایا کہ اس مسئلہ کے حوالے سے فقہ جعفریہ میں بڑی وسعت دی گئی ہے کہ اگر کوئی خاتون اکیلے کہیں جانا چاہتی ہے اور سفر اور راستہ محفوظ ہے اور خود بھی مطمئن ہے تو ضرور جاسکتی ہے، اس کیلئے کوئی ممانعت نہیں۔

  • نسیم شاہ والد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

    نسیم شاہ والد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ اپنے والد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کے لئے سعودی عرب پہنچ گئے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ، بابر اعظم اور افتخار احمد حال ہی میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔ رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے کے لئے قومی کرکٹرز سعودی کا رخ کررہے ہیں۔

    اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹاربلے باز بابر اعظم اور امام الحق عمرے کی ادائیگی کے لیے پہلے ہی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

    اس حوالے سے بابر اعظم کے بھائی نے امام الحق اور بابر کی احرام میں تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جس میں وہ خود بھی احرام باندھے نظر آ رہے ہیں۔

    سابق کپتان کا محمد رضوان کو قیمتی مشورہ

    واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان سپر لیگ سیزن 9 ختم ہوئی ہے جس میں بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی نے پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی۔

  • شاہی مہمانوں کا چوتھا گروپ عمرہ ادا کرنے کیلئے مدینہ پہنچ گیا

    شاہی مہمانوں کا چوتھا گروپ عمرہ ادا کرنے کیلئے مدینہ پہنچ گیا

    خادم حرمین شریفین کی ضیافت میں عمرہ کے لیے مختلف ممالک سے آنے والے مہمانوں کے چوتھے گروپ کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ پہنچ گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شاہی مہمانوں کے چوتھے گروپ میں پاکستان، قرغستان، ترکمنستان، نیوزی لینڈ، طاجکستان، روس، بنگلہ دیش، ترکیہ، نیپال، کوسوا، آذربیجان، انڈیا، سری لنکا،آسٹریلیا اور یورپ کے مہمان شامل ہیں۔

    خادم حرمین شریفین کی ضیافت میں آنے والے چوتھے گروپ کے مہمانوں کی مجموعی تعداد 250 ہے،مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزارت اسلامی امور کے اعلی عہدیداروں نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

    مہمانوں کو ایئرپورٹ سے انکی قیام گاہ پر لے جایا گیا جہاں کچھ دیر آرام کرنے کے بعد وہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے روانہ ہوگئے۔

    سعودی عرب میں پیر کو کیا ہوگا؟

    مہمانوں کو مدینہ منورہ میں مختلف مقامات کی زیارت کرانے کے بعد انہیں مکہ مکرمہ لایا جائے گا جہاں وہ عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے بعدازاں مکہ مکرمہ میں موجود اہم مقامات کی زیارت کرنے کے بعد اپنے اپنے ممالک چلے جائیں گے۔