Tag: عمرہ

  • عازمین عمرہ کیلئے بڑی خوشخبری

    عازمین عمرہ کیلئے بڑی خوشخبری

    حرمین شریفین انتظامیہ نے عازمین عمرہ کو بڑی خوشخبری سنادی، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مطاف عمرہ زائرین کے لیے خاص ہوگا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ صرف طواف کرنے والے زائرین بالائی منزلوں سے کعبہ کا طواف کرسکتے ہیں۔

    حرمین انتظامیہ کے مطابق زائرین کی سلامتی اور مناسک کی آسانی کے ساتھ ادائیگی کے لیے مطاف کو عمرہ زائرین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

    انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ مطاف میں صرف طواف ہوگا، نماز پڑھنے والوں کو چاہئے کہ وہ مختلف مصلوں (مطاف کے باہر) میں جاکر نمازیں ادا کریں، یعنی وہ افراد جنہوں نے احرام نہیں پہنا ہوگا انہیں مطاف کے علاقے میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    دوسری جانب سعودی وزارت حج و عمرہ نے دوٹوک کہا ہے کہ مملکت میں مقیم تارکین وطن کا اجازت نامے کے بغیر حج کرنا غیرقانونی ہے۔

    سعودی وزارت حج وعمرہ نے مملکت میں مقیم تارکین وطن کو خبردار کیا ہے کہ ضروری اجازت نامے کے بغیر حج کی ادائیگی غیرقانونی ہے جبکہ اس کی خلاف ورزی پر بھاری سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔

    سعودی وزارت کا کہنا ہے خلاف ورزی پر 50 ہزار سعودی ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنیوالے تارکین وطن کو 6 ماہ جیل کی سزا ہوگی۔

    سعودی عرب نے بچوں کیساتھ حج و عمرہ کرنیوالوں کیلئے گائیڈ لائنز جاری کردیں

    سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق بغیر اجازت حج کرنے والے تارکین وطن کے 10 سال تک ملک میں داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔

  • عمرہ زائرین کے لئے خاص انتباہ جاری

    عمرہ زائرین کے لئے خاص انتباہ جاری

    پبلک سیکیورٹی کی جانب سے مسجد الحرام، مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے صحنوں میں ماسک پہننے کے حوالے سے اہم انتباہ جاری کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنرل سکیورٹی کی جانب سے سابقہ ٹوئٹر Xپر جاری کئے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ”اللہ کے مہمان… مسجد حرم اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حفاظت کے لیے ماسک پہنیں“

    دوسری جانب سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ عازمین حج اورعمرہ زائرین کے لیے سعودی عرب میں کیے جانے والے انتظامات کے حوالے سے تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔

    تعاون کے معاہدے کی منظوری گزشتہ روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی زیرصدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔

    واضح رہے کہ پاکستان کی نگران وفاقی کابینہ رواں سال حج پالیسی 2024 کی اصولی منظوری دے چکی ہے۔

    حج کمپنی کی آڑ میں کروڑوں روپے بٹورنے والا ملزم گرفتار

    حج پالیسی 2024 کے مطابق رواں پاکستان سے عازمین حج کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 رکھا گیا ہے جس میں سے 50 فیصد سرکاری جبکہ باقی نجی اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔

  • سعودی عرب: بحرین کے تارکین وطن کیلئے عمرہ سے متعلق اہم فیصلہ

    سعودی عرب: بحرین کے تارکین وطن کیلئے عمرہ سے متعلق اہم فیصلہ

    مملکت سعودی عرب نے بحرین میں مقیم مسلمان تارکین وطن کے لیے مکہ میں آنے اور عمرہ کرنے کے لیے سہولیات میں اضافہ کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان سہولیات میں تمام ویزا رکھنے والوں کے لیے عمرہ کی ادائیگی کی اجازت اور عمرہ سے متعلق ہیلتھ انشورنس فیس میں 235 سے SR87.4 تک کی کمی ،سعودی حکومت کے پلیٹ فارم نسک کے ذریعے 90 دن تک کے لیے الیکٹرانک ویزا حاصل کرنے کا امکان شامل ہے۔

    سعودی عرب میں عمرہ کرنے یا مقدس مقامات کی زیارت کے خواہشمندوں کو nusuk.sa پلیٹ فارم ضروری ویزا اور اجازت نامہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ پیکجوں کو الیکٹرانک طور پر بک کرنے کے قابل بناتا ہے۔

    وزارت کی جانب سے اس حوالے سے وضاحت جاری کی گئی ہے کہ بحرین میں مقیم غیر ملکی سعودی شہریوں کی دعوت پر جاری کردہ ذاتی وزٹ ویزا، سعودی عرب میں مقیم رشتہ داروں کی دعوت پر جاری کردہ فیملی وزٹ ویزا یا بحرین میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے جاری کردہ ای ویزا پر عمرہ کر سکتے ہیں۔

    سعودی عرب اس بات کی توقع کررہا ہے کہ موجودہ عمرہ سیزن کے دوران بیرون ممالک سے 10 ملین مسلمان عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔

  • سعودی عرب: عمرہ سے متعلق نئی ہدایات جاری

    سعودی عرب: عمرہ سے متعلق نئی ہدایات جاری

    سعودی ایجنسی کی جانب سے عمرے کی ادائیگی کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جس پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ذیابیطس کے شکار مسلمان جو عمرہ ادا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، انہیں فراہم کردہ سفارشات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

    ذیابیطس کے شکار افراد کے لئے جاری نئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ مکہ مکرمہ میں عمرے کی رسومات شروع کرنے سے پہلے اپنی ضروری ادویات استعمال کریں۔

    اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انہوں نے مناسب خوراک کھائی ہوئی ہے۔ اس سے عمرے کے دوران بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

    ہائیڈریشن:
    زائرین کو پانی کی کمی کو روکنے کے لیے کافی مقدار میں پانی پینے کی ترغیب دی جاتی ہے، خاص طور پر مکہ میں گرم اور خشک آب و ہوا کے پیش نظر ایسا لازمی کرنا چاہئے۔اس دوران اچھی طرح سے ہائیڈریٹ رہنا بہت ضروری ہے۔

    الیکٹرک شیورز اور آرام دہ موزے:
    حفاظت اور آرام کے لیے، زائرین کو روایتی استرا بلیڈ کے بجائے الیکٹرک شیور استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، چھالوں اور تکلیف کے خطرے کو کم کرنے کے لیے آرام دہ موزے پہننے کی سفارش کی گئی ہے۔

    طبی امداد حاصل کرنا:
    جب ضروری ہو، ذیابیطس کے مریضوں کو صحت سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لیے قریبی مراکز صحت سے طبی امداد لینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔

    بلڈ شوگر لیول کی نگرانی:
    عمرہ زائرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بلڈ شوگر لیول کو باقاعدگی سے چیک کریں۔ اگر وہ نمایاں کمی محسوس کرتے ہیں، تو انہیں اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اپنی رسومات کو عارضی طور پر روک دینا چاہیے۔

    پاؤں کی حفاظت:
    زائرین کو چاہئے کہ وہ چلتے وقت اپنے پیروں کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھیں۔ اس میں مناسب جوتے کا انتخاب کرنا اور اپنے اردگرد کے ماحول کے بارے میں چوکنا رہنا شامل ہے۔

    ادویات لے کر جانا:
    ذیابیطس کے مریضوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مسجد الحرام میں رہتے ہوئے اپنی ضروری ادویات اپنے ساتھ رکھیں۔

    سعودی عرب میں عمرے کے سیزن میں زور شروع ہونے کے بعد یہ رہنماء خطوط سامنے آئے ہیں، جس میں موجودہ سیزن کے دوران بیرون ممالک سے تقریباً 10 ملین مسلمانوں کی شرکت متوقع ہے۔

  • سعودی ایئر لائن نے مسافروں کو خوش خبری سنا دی

    سعودی ایئر لائن نے مسافروں کو خوش خبری سنا دی

    ریاض: پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لئے خوشی کی خبر سامنے آگئی۔ ’السعودیہ‘ ایئر لائن نے کرایوں میں 50فیصد تک رعایت دینے کا اعلان کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عمرہ زائرین سمیت کام کے لیے سعودی عرب جانے والے افراد سستے داموں ٹکٹ خرید کر سفر کرسکیں گے۔

    ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ عمرہ کی ادائیگی سمیت دیگر امور کے لیے سعودی عرب سفر کرنے والوں کی تعداد میں ایک ہفتے کے دوران بڑا اضافہ سامنے آیا ہے، جس کی بڑی وجہ کرایوں میں بڑی کمی ہے۔

    السعودیہ ایئرلائن کے بیان کے مطابق انہوں نے دنیا بھر سے سعودی عرب سفر کرنے والوں کے لیے کرایوں میں 50 فیصد تک کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    سعودی ایئر لائن کی جانب سے کرایوں میں یہ کمی 30 نومبر تک کی گئی ہے، اس دوران بزنس اور اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے دنیا بھر کے مسافر اس پروموشن سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

    کراچی کے مقامی ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ بعض افراد نے یہ پیکیج آنے سے قبل مہنگے کرائے ہونے کے باعث عمرے پر جانے کا ارادہ ملتوی کردیا تھا، مگر کرایوں میں کمی کا اعلان ہوتے ہی ہم نے ان تمام افراد سے رابطہ کیا اور انہیں اس حوالے سے بتایا تو انہوں نے عمرے پر جانے کے لئے حامی بھرلی ہے۔

  • سعودی عرب میں عمرہ کے لیے فیملی ویزا کیسے حاصل کریں؟

    سعودی عرب میں عمرہ کے لیے فیملی ویزا کیسے حاصل کریں؟

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کی سہولت کے پیش نظر مقامی و غیر ملکیوں سمیت خلیجی ممالک کے شہریوں کے لئے عمرے کے نئے طریقہ کار کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق حج سیزن کی کامیابی کے بعد سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں سمیت خلیجی ممالک کے لئے آج سے نئے عمرہ سیزن کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے لئے توکلنا اور نسک موبائل ایپ سے اجازت نامے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ فیملی وزٹ ویزا مملکت میں مقیم شخص کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے جو فائدہ اٹھانے والے کا رشتہ دار ہو۔

    وزارت حج و عمرہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وژن 2030 کے تحت پوری دنیا کے مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے اور اسی کے ساتھ انہیں بہتر سے بہتر سہولیات سے آراستہ کرنا بھی ہے۔

    سعودی عرب کو توقع ہے کہ ایک ماہ قبل شروع ہونے والے موجودہ سیزن میں بیرون ملک سے تقریباً 10 ملین مسلمان عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔

    حالیہ مہینوں میں سعودی عرب نے عمرہ کی خاطر ملک میں آنے والے بیرون ملک مقیم مسلمانوں کے لئے بہت سی سہولیات متعارف کرائی ہیں۔

    سعودی حکام نے عمرہ ویزا کی مدت 30 دن سے بڑھا کر 90 کر دی ہے اور حاملین کو تمام زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے مملکت میں داخل ہونے اور کسی بھی ہوائی اڈے سے جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    اس ماہ کے شروع میں، سعودی عرب نے وزٹ ای ویزا سسٹم میں مزید آٹھ ممالک کو شامل کیا ہے، جس سے ان کے شہریوں کو عمرہ اور سیاحت کے لیے مملکت آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

  • حج سیزن سے قبل عمرہ پرمٹ اجراء کی آخری تاریخ کا اعلان

    حج سیزن سے قبل عمرہ پرمٹ اجراء کی آخری تاریخ کا اعلان

    مکہ مکرمہ: سعودی عرب نے حج سیزن سے قبل عمرہ پرمٹ اجراء کی آخری تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔

    وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق حج سیزن سے قبل عمرہ پرمٹ اجراء کی آخری تاریخ چار جون ہے، 4 جون سے مسجدِ الحرام صرف عازمینِ حج کے لیے مختص ہو گی۔

    وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق عمرہ، سیاحت اور وزٹ ویزے پر آنے والوں کو حج کی اجازت نہیں ہے۔

    سعودی عرب سے عمرہ زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ 18 جون (29 ذو القعدہ ) ہے۔

  • رمضان المبارک کے دوران عمرہ کرنے والوں کی ریکارڈ تعداد

    رمضان المبارک کے دوران عمرہ کرنے والوں کی ریکارڈ تعداد

    ریاض: سعودی عرب کے جدہ ایئر پورٹ پر رمضان اور عید کی تعطیلات کے دوران 44 لاکھ افراد کو سفر کی سہولیات فراہم کی گئیں، صرف یکم اپریل کو ڈیڑھ لاکھ افراد نے سفر کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مطارات جدہ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سال عمرہ سیزن کا آپریشنل پلان کامیاب رہا ہے، 44 لاکھ افراد کو رمضان اور عید الفطر کی تعطیلات میں سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔

    مطارات جدہ کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین ایمن ابو عباۃ کا کہنا ہے کہ رواں عمرہ سیزن میں کئی نئے اقدامات کیے گئے، عمرہ زائرین کی تمام کارروائی تیزی سے نمٹانے اور امیگریشن اینڈ کسٹم زون میں انتظار کا دورانیہ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

    ایمن ابو عباۃ کا کہنا تھا کہ جدہ ایئرپورٹ پر رمضان اور عید الفطر کی تعطیلات کے دوران 44 لاکھ سے زیادہ افراد کو آمد ورفت کی سہولت فراہم کی گئی، 28 ہزار پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں، 79 لاکھ بیگ منتقل کیے گئے، ایئر کارگو کا مجموعی حجم اس دوران 30 ہزار ٹن تک پہنچ گیا۔

    انہوں نے کہا کہ جدہ ایئرپورٹ نے بہترین آپریشنل نمبر ریکارڈ کروائے ہیں، سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران تقریباً 11 ملین افراد نے سفر کیا جو 2022 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں تقریباً 99 فیصد زیادہ ہے، 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 5.6 ملین افراد نے سفر کیا تھا۔

    ان کے مطابق 10 رمضان یکم اپریل 2023 کو جدہ ایئرپورٹ سے 1 لاکھ 43 ہزار افراد نے سفر کیا جو ایک ریکارڈ ہے۔

    مطارات جدہ کمپنی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ 27 سے زیادہ سرکاری و نجی اداروں کے نمائندہ، 20 ہزار اہلکاروں نے زائرین کو سہولتیں فراہم کیں، ایئرپورٹ کے تمام ٹرمینلز پر مطلوبہ انتظامات کیے گئے تھے۔

  • نواز شریف 18 اپریل کو عمرہ ادا کرنے سعودی عرب روانہ ہوں گے

    نواز شریف 18 اپریل کو عمرہ ادا کرنے سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: نواز شریف 18 اپریل کو عمرہ ادا کرنے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف لندن سے اٹھارہ اپریل کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ عمرہ کا فریضہ ادا کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز بھی 10 اپریل کو سعودی عرب روانہ ہوں گی، اور شریف خاندان سعودی عرب میں عمرہ ادا کرے گا۔

    دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف کا عید کے بعد دورہ سعودی عرب کا امکان ہے، جب کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ نواز شریف عیدالفطر بھی سعودی عرب میں منائیں گے۔

    واضح رہے کہ میاں نواز شریف صحت کی خرابی کے باعث علاج کی غرض سے گزشتہ تین سال سے زائد عرصے سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مقیم ہیں۔ گزشتہ سال ڈاکٹروں نے ان کو سعودی عرب جانے یا عمرہ نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا۔

  • عمرہ زائرین کے لیے ایک اور سہولت

    عمرہ زائرین کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: ماہ رمضان کے دوران حرم شریف اور مسجد نبوی ﷺ میں عمرہ زائرین اور دیگر عبادت گزاروں کے لیے ایک اور سہولت کا اجرا کیا جارہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے معروف ٹیلی کام پرووائیڈر ایس ٹی سی گروپ عمرہ سیزن کے دوران بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے مسجد الحرام میں اپنے فائیو جی نیٹ ورک کے دائرہ کار کو گزشتہ سال کے مقابلے میں 130 فیصد بڑھا رہا ہے۔

    کمپنی نے گزشتہ سال کے مقابلے میں مکہ میں 13 فیصد اور مدینہ میں 18 فیصد نیٹ ورک کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کیا جبکہ متعلقہ مقامات پر فائیو جی کوریج کو 25 فیصد اور 13 فیصد تک بڑھایا ہے۔

    گروپ نے نیٹ ورک کے استحکام، تکنیکی مدد اور دیکھ بھال کی ٹیمیں 24 گھنٹے تیار رکھنے کے علاوہ کسی بھی بحران کا تیز رفتار ردعمل حاصل کرنے کے لیے حکام کے ساتھ ایک ہنگامی منصوبہ تیار کیا ہے۔

    خیال رہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کا ڈیجیٹل انفراسٹرکچر رمضان کے مہینے میں لاکھوں زائرین کے لیے قائم کیا گیا تھا۔

    گروپ کا مقصد مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے عمرہ زائرین کے لیے تمام سائٹس کو اس طرح تیار کرنا ہے جو ایک ممتاز ڈیجیٹل تجربے کی ضمانت دے اور انہیں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بلند کرے۔

    ان تیاریوں کا مقصد عمرہ زائرین کے لیے ایک منفرد تجربہ فراہم کرنے کے لیے گروپ کی خدمات اور ڈیجیٹل حل کی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔

    سعودی وزارت حج کے مطابق مملکت حج اور رمضان سیزن کے دوران لاکھوں عمرہ زائرین کا استقبال کرتی ہے، گزشتہ سال عمرہ زائرین کی تعداد 70 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔

    سعودی وزارت حج نے 2022 میں پہلی بار ان لوگوں کو جن کے پاس مملکت کا سیاحتی ویزا تھا کو اپنے قیام کے دوران عمرہ کرنے کی اجازت دی تھی۔

    سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کرنے والوں میں پچھلے سال کے مقابلے میں نصف ملین کا اضافہ ہوا تھا اور مملکت کو اس سال 9 ملین عمرہ زائرین تک پہنچنے کی بھی توقع ہے۔

    ایس ٹی سی نے مارچ کے آغاز میں فائیو جی سروسز کی فراہمی کے لیے تعیناتی کے اختیارات اور مستقبل کے نیٹ ورک آرکیٹیکچرز کو تلاش کرنے کے لیے ارکسن کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

    معاہدے کا مقصد کلاؤڈ نیٹیو ٹیکنالوجیز اور اوپن نیٹ ورک ڈیزائنز کی طرف ترقی کے ساتھ ساتھ اس کے فائیو جی انفراسٹرکچر میں کمپنی کی لچک کو بڑھانے کے لیے ایس ٹی سی کے ہدف کی حمایت کرنا ہے۔