Tag: عمرہ

  • عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس محدود حج کی کامیابی کے بعد ایس او پیز کے ساتھ عمرہ شروع کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزارت حج و عمرہ کے سیکریٹری ڈاکٹر حسین الشریف کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرہ کے بارے میں بھی معاملہ زیر غور ہے۔

    ڈاکٹر شریف کا کہنا ہے کہ ہر برس حج کے اختتام کے ساتھ ہی حج آپریشن کے تمام پہلوؤں پر غور کر کے جامع رپورٹ تیار کی جاتی ہے جس کی روشنی میں آئندہ برس کے لیے تیاریاں شروع کی جاتی ہیں۔

    جدہ کے شاہ عبد العزیز ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر عصام فواد کا کہنا ہے کہ مملکت کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے رواں برس حجاج کو تمام مقررہ سہولتیں فراہم کی گئیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ حجاج کی آمد سے لے کر روانگی تک کے تمام معاملات مقررہ شیڈول کے مطابق انجام دیے گئے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    رواں برس مملکت کے 8 شہروں ریاض، مدینہ منورہ، الوجہ، دمام، قصیم، ابہا، جیزان اور تبوک سے عازمین حج کو سعودیہ ایئر کی اندرون ملک پروازوں کے ذریعے جدہ لایا گیا تھا۔

    اس سال محدود حج آپریشن کے تمام انتظامات مثالی رہے جن کے تحت عازمین کی آمد سے لے کر روانگی تک ہر مرحلے پر وزارت صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے حجاج کی صحت اور دیگر امور کی نگرانی کی جاتی رہی۔

    وزارت صحت کا کہنا تھا کہ کسی حاجی میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

  • سعودی حکومت کا عمرہ اور زیارت معطل رکھنے کا فیصلہ

    سعودی حکومت کا عمرہ اور زیارت معطل رکھنے کا فیصلہ

    ریاض: سعودی حکومت نے عمرہ اور زیارت معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ماہرین عالمی وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، ان کی رائے ملنے پر ہی دونوں مذہبی فریضوں کے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

    سعودی وزارت مذہبی امور نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کے بعد موجودہ حالات کے پیش نظر عمرہ اور زیارت ابھی معطل رہیں گے تاہم اس پر نظر ثانی ہوتی رہے گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ وبا کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین غور کر رہے ہیں، صورت حال میں بہتری ہونے پر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔

    سعودی عرب؛ پروازوں سے متعلق بڑا اعلان

    وزارت حج و عمرہ کے اعلامیے کے مطابق ملک میں معطل ہونے والی معمولات زندگی بحال کیے جا رہے ہیں، تاہم عمرہ و زیارت سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا، سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 21 جون کو مکہ مکرمہ کی مساجد نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں ڈومیسٹک پروازیں بھی بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، سعودی ایوی ایشن گاکا نے پروازوں کے لیے ایس او پیز بھی جاری کر دیے ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق اتوار31 مئی سے ڈومیسٹک پروازیں بحال کر دی جائیں گی، بحالی سے قبل ملکی ایئر پورٹس پر تمام حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    سعودی ایئر پورٹس پر فضائی آپریشن 2 مراحل میں بحال کیا جائے گا، 2 ہفتے کے دورانیے کے پہلے مرحلے میں آدھے ایئر پورٹس کھولے جائیں گے جب کہ دیگر ایئر پورٹس پر ڈومیسٹک پروازیں دوسرے مرحلے میں کھولی جائیں گی۔

  • عمرہ زائرین کے سعودی عرب جانے پر پابندی میں توسیع

    عمرہ زائرین کے سعودی عرب جانے پر پابندی میں توسیع

    کراچی: کرونا وائرس کے پیش نظر عمرہ زائرین کے سعودی عرب جانے پر پابندی میں 31مارچ تک توسیع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ائیرلائن نے 31 مارچ تک عمرہ زائرین اور آن لائن ٹورسٹ ویزے کے حامل سفر کرنے پر پابندی بر قرار رکھنے کا سرکلر جاری کردیا ہے۔

    حکمنامہ میں سعودی ائیرلائن نے کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے تمام ائیرپورٹ کے اسٹیشن مینجرز کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 31 مارچ تک عمرہ زائرین کی تمام ٹکٹیں منسوخ کر دی جائیں۔

    حکمنامہ کے مطابق ملک تمام ائیرپورٹس سے سعودی ائیر لائن سے عمرہ زائرین سفر نہیں کر سکیں گئے تاہم اقامہ ہولڈر، بزنس اور فیملی وزٹ ویزے کے حامل مسافر سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔

    مسافروں کی منسوخ شدہ ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کے لیے سعودی ائیرلائن سیلز سپورٹ سینٹر سے رابطہ کیا جائے۔

    واضح رہے کہ وزارتِ حج و عمرہ نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ ’جن زائرین نے ویزہ فیس اور عمرہ پیکج کی رقم ادا کردی تھی وہ اپنی رقم واپس لے سکتے ہیں‘۔ وزارت کی جانب سے ایک بار پھر وضاحت کی گئی ہے کہ عمرہ ویزوں کے اجرا پر پابندی کرونا کے خدشات کے پیش نظر لگائی گئی جو کہ عارضی ہے۔

    سرکاری اعلامیے میں زائرین کو ہدایت کی گئی کہ وہ فیسوں کی واپسی کے لیے اپنے ملک کے مقامی ایجنٹوں سے رجوع کردیں، اس حوالے سے تمام ایجنٹس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب نے 27 فروری کو ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے باعث عمرے یا مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے افراد کا داخلہ عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • سعودی سفیر نے عمرہ زائرین کو اچھی خبر سنا دی

    سعودی سفیر نے عمرہ زائرین کو اچھی خبر سنا دی

    اسلام آباد: کرونا وائرس کے باعث عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد پر پابندی سے متعلق سعودی سفیر نے اچھی خبر سناتے ہوئے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کے ویزے میں توسیع کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرمذہبی امور نورالحق قادری اور سعودی سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں عمرہ زائرین کو روکنے اور حج سےمتعلق دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین کو عارضی طور پر روکا گیا ہے، عمرہ زائرین کے ویزوں میں توسیع کر دی جائےگی۔

    سعودی سفیر نے کہا کہ 22 ممالک سے عمرہ زائرین کو روکا گیا ہے تاہم مناسب میکانزم تیار کرنے کے بعد عمرہ زائرین کو آنے دیا جائے گا۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ عمرہ زائرین اور حج کے والے سے حکومت سعودی حکام کیساتھ مسلسل رابطےمیں رہے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی پابندی ، عمرہ زائرین کے لئے نیا حکمنامہ جاری

    دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کے مطابق عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزہ والوں پر سعودی عرب آمد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    مذکورہ پابندی کے بعد پی آئی اے کال سینٹر سے معزز مسافروں کو اطلاع فراہم کی جارہی ہے۔ پی آئی اے نے مسافروں کو بکنگ تبدیلی، کرایہ میں فرق اور ٹکٹ واپسی کے چارجز ختم کر دئے ہیں۔

    پی آئی اے دفاتر اور ائر پورٹ پر مسافروں کو ہر ممکن سہولیات اور معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔ سفری پابندی کے باوجود ائر پورٹ پہنچنے والے مسافروں کو پی آئی اے کی جانب سے گھر واپس پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی جارہی ہے۔

    مزید برآں پی آئی اے کی جدہ اور مدینہ منورہ کے لئے پروازیں معمول کے لئے آپریٹ کی جارہی ہیں تا کہ وہ عمرہ زائرین جو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس میں موجود ہیں ان کو وطن واپس پہنچایا جا سکے۔

  • مکہ میں عمرہ کرنے والی خاتون نے خودکشی کرلی

    مکہ میں عمرہ کرنے والی خاتون نے خودکشی کرلی

    مکۃ المکرمہ: عمرہ پر آئی سوڈانی خاتون نے ہوٹل کی عمارت سے کود کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمرہ زائر نے پیر کی صبح مکہ کے علاقے "الجرول” میں واقعے ہوٹل کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔

    ہوٹل نے فوری طور پر واقعے سے متعلق پولیس کو آگاہ کیا تو ریسکیو ٹیمیں اور مقامی پولیس پہنچ گئی، خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جب خاتون کو اسپتال لایا گیا تو وہ زندگی کی بازی ہار چکی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: خانہ کعبہ میں نومسلم نوجوان نے خودکشی کرلی

    لاش کو پولیس نے تحویل میں لینے کے بعد سردخانے منتقل کردیا ہے اور لواحقین کی تلاش شروع کردی ہے، خاتون کے ڈیٹا سے لواحقین کو تلاش کر کے آگاہ کیا جائے گا اور ضابطے کی کارروائی کے بعد میت کو ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ مکہ میں خودکشی کے واقعات کی روک تھام کے لیے حرم مکی کی انتظامیہ نے بالائی منزلوں کی ریلنگ کو مزید بلند کردیا جب کہ اضافی پولیس اہلکاروں کی بھی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔

  • عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے بڑی خوش خبری

    عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے بڑی خوش خبری

    ریاض: عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے ایک اور خوش خبری سامنے آگئی، زائرین اور عازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ’’عنایہ‘‘ پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے سعودی شہر مدینہ میں عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے ’’عنایہ ‘‘ پروگرام کے تحت دو مراکز کا افتتاح کردیا ہے جس کے تحت عازمین اور زائرین کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مدینے میں عنایہ کے دو سینٹر قائم کیے گئے ہیں جن میں سے ایک مسجد نبوی کے بالمقابل جنت البقیع کے ساتھ جبکہ دوسرا سینٹر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ایئر پورٹ پر قائم کیا گیا ہے، مذکوہ سینٹرز کے قیام کا مقصد بہترین خدمات مہیا کرنا ہے۔

    مذکورہ سینٹروں میں 30 قسم کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں جن میں 16 ڈیجیٹل سروسز جبکہ 14 خدمات کی فراہمی کے لیے کارکنوں کو متعین کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ عربی زبان میں عنایہ کا مطلب دیکھ بھال، رہنمائی اور تعاون فراہم کرنا ہے۔

    عنایہ سینٹر میں اردو، ترکی، انگلش، عربی، انڈونیشین کے علاوہ دیگر زبانیں بولنے والی کارکن خواتین کوبھی متعین کیا گیا ہے تاکہ وہ عازمین حج اور عمرہ زائرین سے ان کی ضرویات اور دیگر معلومات حاصل کرسکیں۔ سینٹر میں خودکار سروس کے تحت خصوصی کمپیوٹرائز مشینں بھی نصب کی گئی ہیں۔

  • احسن خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    احسن خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    کراچی: معروف اداکار احسن خان نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کرلی، اس موقع پر انہوں نے اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ پاکستان کے لیے بھی دعائیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق احسن خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے مداحوں کو عمرہ کرنے کی اطلاع دی۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اپنے نئے سال کا آغاز درست راستے سے کرنا چاہتے ہیں۔

    بعد ازاں انہوں نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ اور ان کی اہلیہ مسجد نبوی ﷺ کے دروازے کے سامنے کھڑے ہیں۔ احسن خان نے لکھا کہ شکریہ میرے رب آپ نے اس ناچیز کو یہ سلام پیش کرنے کا موقع دیا۔

    ایک اور تصویر کے ساتھ، جس کے پس منظر میں خانہ کعبہ موجود ہے، انہوں نے لکھا کہ انہوں نے اپنے ملک، اپنے مداحوں اور دوستوں و خاندان کے لیے بے شمار دعائیں کی۔

    خیال رہے کہ احسن خان کے علاوہ ہمایوں سعید اور مہوش حیات نے بھی عمرے کی بابرکت سعادت کے ساتھ اپنے نئے سال کا آغاز کیا تھا۔

  • علی زیدی کا حج اور عمرے کے لیے بحری جہاز چلانے کا عندیہ

    علی زیدی کا حج اور عمرے کے لیے بحری جہاز چلانے کا عندیہ

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ مسافر بحری جہاز چلانا چاہتے ہیں، حج اور عمرے کے لیے سمندری سفر سے اخراجات میں کمی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک میں جو ہو رہا ہے وہ سب جانتے ہیں، پاکستان میں ریاست مدینہ کا نظام لانا چاہتے ہیں، قائد نے جو خواب دیکھا تھا اسے 2020 میں پورا کریں گے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا کراچی کا دورہ خوش آئند ثابت ہوگا، وزیر اعظم ارکان صوبائی و قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کو ٹھیک کیے بغیر معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی۔ کراچی میں جو نظام ہے اس کو بھی ٹھیک کر رہے ہیں۔ ایک ادارہ بناتا ہے اور دوسرا ادارہ دوسرے دن کھدائی کر دیتا ہے، یہ ادارے ایک ہی چھت کے نیچے کام کرتے ہیں۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ دنیا کے پرانے روٹس سمندر کے ہیں، وزارت دفاع سے 4 جگہ سے مسافر بحری جہاز چلانے کے این او سی مانگے ہیں۔ نجی شعبے کو بھی سمندری جہاز چلانے کی دعوت دیں گے۔ میرین سیکٹر بھی نجی شعبے کے لیے کھولنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حج اور عمرے کے لیے سمندری سفر سے اخراجات میں کمی آئے گی، کربلا جانے والے زائرین بھی بسرا سے ٹرین میں جا سکتے ہیں۔

  • عمرہ زائرین سے متعلق اہم وضاحت

    عمرہ زائرین سے متعلق اہم وضاحت

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے امیگریشن حکام کو خط لکھ کر واضح کیا ہے کہ محرم یا اہل خانہ کے ساتھ 40 سال سے کم عمر افراد کو عمرے پر جانے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق 40 سال سے کم عمر افراد کے تنہا عمرے پر جانے کی پابندی کے باوجود کلیئرنس ملنے کا انکشاف ہوا ہے ، یہ انکشاف ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن اسلام آباد کی جانب سے لکھے گئے خط میں کیا گیاہے۔

    خط کی کاپی اے آروائی نیوز نےحاصل کرلی ہے ، یہ خط اسلام آباد ایئرپورٹ امیگریشن کے تمام شفٹ انچارجز کولکھا گیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پالیسی کے تحت 40 سال سے کم عمر زائرین کےتنہا سعودی عرب میں داخلے پر پابندی ہے اس کے باوجود مقررہ حد سے کم عمر زائرین کے اکیلے سعودی عرب جانے کی شکایات آئی ہیں لہذا کم عمر عمرہ زائرین کی سعودیہ روانگی کی بڑھتی شکایات کی روک تھام کی جائے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی امیگریشن اتھارٹیز کی پالیسی پر عمل کیا جائے اور منظور شدہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔

  • عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    ریاض: عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی کردیا گیا، اقدام کا مقصد عمرے پر باہر سے آنے والوں کو زیادہ بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن اور التعاونیہ انشورنس کمپنی کے چیئرمین سلیمان الحمید نے ہیلتھ انشورنس معاہدے پر دستخط کیے۔

    سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ بیرون ملک سے عمرے پر آنے والوں کو بہتر اور اعلیٰ معیار کی طبی خدمات میسر ہوں۔ عمرہ زائرین کی یہاں آمد سے لے کر روانگی تک نگہداشت کی جاسکے گی۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ یہ عمرے پر آنے والوں کے لیے انشورنس پروگرام جامع ہے۔ یہ پروگرام ایجنسیوں کے ذریعے یا آن لائن عمرہ ویزا حاصل کرنے والے حاصل کرسکیں گے۔

    انشورنس اسکیم میں صحت نگہداشت، ہیلتھ ٹرانسپورٹ، ایمبولینس، ایمرجنسی، ٹریفک حادثات، قدرتی آفات، سامان گم ہونے، پرواز میں تاخیر اور ایئرپورٹ پر قیام سمیت تمام امور شامل ہوں گے۔

    وزارت حج کے مطابق عمرہ زائرین سے متعلق ہیلتھ انشورنس اسکیم کم قیمت اور مناسب نرخوں پر ہوگی۔ یہ سعودی عرب میں موجود تمام انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے پیش کی جائے گی۔ انشورنس کا دورانیہ 30دن ہوگا۔

    دوسری جانب انشورنس کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ عمرہ زائر کو انشورنس پیکج پر 1 لاکھ ریال تک کی ہنگامی صحت نگہداشت کی سہولت مہیا ہوگی۔

    خیال رہے کہ عمرہ ویزا کی فیس 300ریال ہے، یہ فیس 49 ممالک سے عمرے پر آنے والے زائرین کے لیے مقرر ہے۔ عمرے پر آنے والوں کو میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں 110ریال دینا ہوں گے۔