Tag: عمرہ

  • معروف فٹبالر’’ پال پوگبا‘‘ عمرہ ادائیگی میں مشغول

    معروف فٹبالر’’ پال پوگبا‘‘ عمرہ ادائیگی میں مشغول

    ریاض : بین الاقوامی شہرہ آفاق فٹبالر ’’ پال پوگبا‘‘ رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے حرم پاک میں موجود ہیں جہاں وہ عمرے کی ادائیگی اور نفلی عبادات میں مشغول ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس سے تعلق رکھنے والے معروف فٹبالر ’’ پال پوگبا‘‘ یورپا لیگ کپ میں اپنی ٹیم کو فتح دلوانے کے بعد مکہ مکرمہ پہنچے جہاں وہ ماہ رمضان کی مبارک ساعتوں میں اپنے رب کے حضور سجدہ شکر بجا لائے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرانہوں نے سیزن کے اختتام پرسوٹ کیس لیے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں عبادت کے غرض سے سفر کرنے کا قصد ظاہر کیا گیا تھا بعد ازاں وہ مکہ پہنچے اورعمرہ ادا کیا۔

    خیال رہے ’’ پال پوگبا‘‘ اس سے قبل حج بھی ادا کر چکے ہیں اور اپنی روز مرہ زندگی میں بھی اسلام کی زریں تعلیمات پرعمل پیرا نظر آتے ہیں۔

    یاد رہے جب انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے اطالوی کلب یووینٹس سے آٹھ کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈ کی ریکارڈ قیمت کے عوض ان کی خدمات حاصل کیں جس کے بعد ’’ پال پوگبا‘‘ مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کے اہم ستون اور دنیا کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن چکے ہیں۔

    مکہ پہنچنے سے محض 3 روز قبل ہی پال پوگبا نے یورپا لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کھیل پیش کیا اور اپنی ٹیم کو فائنل جیتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

  • خواجہ سراؤں کے عمرے پر پابندی نہیں لگائی، سعودی حکام

    خواجہ سراؤں کے عمرے پر پابندی نہیں لگائی، سعودی حکام

    کراچی: سعودی حکومت نے خواجہ سرائوں پر عمرے کی پابندی کی خبر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہ ماضی میں خواجہ سرائوں پر ایسی کوئی پابندی عائد کی گئی اور نہ مستقبل میں ایسا کوئی ارادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز قبل سوشل میڈیا اور اخبارات میں یہ خبر نشر ہوئی کہ سعودی حکومت نے خواجہ سرائوں پر عمرہ کرنےکی پابندی عائد کردی ہے اور اس ضمن میں ٹریول ایجنٹس اور ایجنسیز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ خواجہ سرائوں سے ویزا درخواست نہ لی جائیں اور نہ ان سے سفری معاملات طے کیے جائیں لیکن سعودی حکومت کے ذرائع نے اس خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

    یہ پڑھیں : خواجہ سراؤں کے عمرہ کرنے پرپابندی عائد

    سعودی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سرائوں کے عمرے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی،ان کے لیے صرف ایک قانون ماضی کا بنا ہوا موجود ہے کہ اگر وہ نازیبا حرکات کرتے ہوئے پائے گئے تو انہیں پکڑ لیا جائے تاہم عمرہ پر پابندی کی خبر میں صداقت نہیں۔

    قبل ازیں خواجہ سرائوں پر عمرہ کرنے کی پابندی کی خبر میڈیا میں نشر ہونے پر خواجہ سرائوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے پابندی کو مذہبی اور انسانی حقوق کی شدید ترین پامالی قرار دیا تھا۔

    شی میل فائونڈیشن پاکستان کی سربراہ الماس بوبی نے اس خبر کے بعد برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن خواجہ سرائوں کے ویزے لگ چکے ہیں وہ مخمصے کا شکار ہیں کہ آیا وہ عمرے پر جائیں کہہ نہیں، قرآن کی کس آیت میں لکھا ہے کہ خواجہ سرائوں کے عمرہ پر جانے پر پابندی ہے۔

    خواجہ سرا پر عمرہ کی پابندی ناجائزہے، مفتیان کرام

    پابندی کی خبر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مذہبی اسکالرمفتی ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی سربراہی میں جامعہ نعیمیہ کے شعبہ دارالافتاء کے مفتیان کرام نے سعودی حکومت کی طرف سے خواجہ سراﺅں کے عمرہ پر حالیہ پابند ی کو مسترد کرتے ہوئے متفقہ شرعی فتویٰ میں کہا تھا کہ خواجہ سراﺅں پر عمرہ کے لیے پابندی لگانا شرعاً ناجائز ہے، حکومت پاکستان سعودی گورنمنٹ سے بات کرکے خواجہ سراﺅں پر پابندی ختم کرائے۔

  • مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ

    مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ

    اسلام آباد: مفتی شہاب الدین پوپلزئی 2 دن قبل عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ وہ عید کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کی مسجد قاسم علی کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں جس کے بعد اب ملک بھر میں ایک ہی دن عید ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہر سال علیحدہ چاندوں کا قضیہ کھڑا کر کے پشاور اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں ایک روز قبل ہی عید یا روزہ کروا دیا کرتے تھے۔

    ان کے خلاف 50 علمائے کرام متفقہ طور پر فتویٰ بھی جاری کر چکے ہیں۔ فتوے کے مطابق ان کا رویت ہلال کمیٹی سے علیحدہ رمضان اور عید کا اعلان کرنا ریاستی امور میں دخل اندازی کے مترادف اور شرعی امور کی خلاف ورزی ہے۔

    اس سے قبل وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ موجودہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔

  • حج اورعمرہ میں آبِ زم زم ساتھ لانے پر پابندی

    حج اورعمرہ میں آبِ زم زم ساتھ لانے پر پابندی

    اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدہ دو ہزار پندرہ طے پا گیا، عازمین حج اپنے ساتھ آب زم زم نہیں لا سکیں گے۔

     سعودی وزیر حج بندر بن الحجر اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یو سف کےدرمیان ہونیوالےحج معاہدے کے تحت ہر حاجی کو پانچ کلوزم زم کا ایک کین ائیر پورٹ پر ملے گا۔

     آب زم زم دینے کی ذمہ داری حکومت پاکستان پوری کرے گی، اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امورسہیل عامر، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ایچ ای منظور الحق سمیت دونوں ممالک کی وزارت حج کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔

     ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ، وبائی امراض سے بچائو کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی، وزیر مذہبی امور دو جنوری کو وطن واپس پہنچیں گے۔

     دوسری جانب وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت کے حکام نے فضائی کمپنیوں سے رابطے بھی کئے ہیں اور اس معاملے پر بات چیت بھی جاری ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کرائے بھی کم ہونے چاہئیں۔

    حکومت کو کوشش ہے کہ رواں سال حج کرائے کم سے کم کئے جائیں اور حج اخراجات دو لاکھ تیس ہزار تک لانے کی کوشش کی جائے گی۔