فیصل آباد : عمرے کی آڑ میں شہریوں سے منشیات اسمگلنگ کروانے والے گینگ کے مرکزی ملزم شاہ صدام حسین کو گرفتار کرلیا گیا۔
فیصل آباد: ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے انسانی اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا عمرے کی آڑ میں شہریوں سے منشیات اسمگلنگ کروانے والے گینگ کے مرکزی ملزم شاہ صدام حسین کو سپریم کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم شاہ صدام حسین نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پانچ افراد پر مشتمل ایک خاندان کو سعودی عرب بھیجا۔ متاثرہ خاندان کو مفت عمرہ کا جھانسہ دیا گیا تاکہ وہ بغیر کسی شک کے سفر کریں۔
مزید پڑھیں : عمرے کی آڑ میں 4 خواتین کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام
ملزم نے خاندان کو ایک بیگ سعودی عرب پہنچانے کے لیے دیا، جس میں منشیات چھپائی گئی تھی۔ سعودی حکام نے بیگ چیک کرکے منشیات برآمد کی اور متاثرہ خاندان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے نے اس کارروائی کو انسانی اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔