Tag: عمر ایوب

  • وزیر اعظم کی وزیر توانائی عمر ایوب سے ملاقات، اہم امور پر مشاورت

    وزیر اعظم کی وزیر توانائی عمر ایوب سے ملاقات، اہم امور پر مشاورت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیرِ توانائی عمر ایوب  کے درمیان انتہائی اہم ملاقات ختم ہوگئی ہے، ملاقات میں  وفاقی وزیر خزانہ کے منصب کے لیے کسی ٹیکنوکریٹ کو لائے جانے پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسد عمر کے وزارتِ خزانہ چھوڑنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیربرائے توانائی عمرایوب  سے وزارتِ خزانہ سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت کی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عمر ایوب کو بجٹ تک وزارت خزانہ کا اضافی چارج دینے کی تجویز  بھی دی گئی، تاہم وزارت خزانہ کے لیے کسی ٹیکنو کریٹ کولانے پر بھی غور کیا گیا، جب کہ مشیر خزانہ کے لیے بھی کسی ٹیکنو کریٹ کو لانے پر غور و خوض کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر ایوب کے علاوہ شوکت ترین،حفیظ شیخ،عشرت حسین ،اورشمشاداختر کے ناموں پر بھی زیرغور  کیا گیا۔

    یاد رہے کہ آج 18 اپریل 2019 کو تحریک انصاف حکومت کی جانب سے مقرر کردہ وزیر خزانہ نے اپنا قلمدان چھوڑنے کا اعلان کیا ہے، اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں ردوبدل کے عمل میں وزیراعظم عمران خان چاہتے تھے کہ میں خزانہ کے بجائے توانائی کی وزارت سنبھالوں۔ تاہم میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ مجھے کابینہ میں کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ہی پاکستان کے لیے سب سے بہتر امید ہیں اور انشا اللہ وہ نئے پاکستان کی تعمیر کریں گے۔

    اسد عمرنے وزارت خزانہ چھوڑدی

    یاد رہےتین دن قبل اے آروائی نیوز نے خبر دی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی کی بنیاد پرپانچ وزراء کےقلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیرخزانہ اسدعمر، وزیرمملکت برائےداخلہ اورپٹرولیم کےوزراء کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے۔

    خبر میں کہا گیا تھا کہ اسد عمرکو وزارت پیٹرولیم دینے اورشہر یارآفریدی کی جگہ اعجاز شاہ کو ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیاگیا، جبکہ وزارت خزانہ کے لیے ٹیکنو کریٹ مشیر تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

    تاہم وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے اس وقت اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی وزیرکوتبدیل نہیں کیاجا رہا، وزیراعظم نےپیغام بھیجا کہ میڈیاپرغلط خبریں چل رہی ہیں، اس طرح کی خبریں تصدیق کے بغیر نہیں چلنی چاہئیں، غلط خبروں سے ملک اور میڈیا کا بھی نقصان ہوگا۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزرا کی ملاقات، گیس کے بحران پر گفتگو

    وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزرا کی ملاقات، گیس کے بحران پر گفتگو

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب خان اور وزیر برائے پیٹرولیم غلام سرور سے ملاقات ہوئی جس میں صوبے میں بجلی و گیس کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے گفت و شنید کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور کی ملاقات ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ سے متعلق وزیر پیٹرولیم کو آگاہی دی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صنعتی یونٹ بند اور ہزاروں مزدور بے روزگار ہوگئے۔ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب اور سی این جی اسٹیشنز بند ہیں۔ یہ صورتحال ہمارے لیے باعث تشویش ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کو گیس کمپنیوں میں نمائندگی دی جائے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے وزیر اعظم عمران خان کو تمام صورتحال سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

    وزیر اعلیٰ کی وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب خان سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بجلی کے علاوہ ٹرانسمیشن بھی صوبائی معاملہ ہے، پاور جنریشن ٹھیک ہے لیکن ترسیل بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تقسیمی نظام بہتر کرنے کی ضرورت ہے، حکومت سندھ نے حیسکو اور سیپکو کے 27 ارب ادا کر دیے تھے، معاہدہ تھا کہ سندھ میں ایم آر یا چیک میٹر لگیں گے تاکہ چوری کو روکیں۔

    انہوں نے کہا کہ میٹر 6 ماہ میں لگانے تھے لیکن 2 سال ہو گئے میٹر نہیں لگے۔

    وفاقی وزیر عمر ایوب نے یقین دہانی کروائی کہ میٹر جلد لگائیں گے، ہر ماہ ایک ارب سے زائد حیسکو اور سیپکو کو ادا کرتے ہیں۔

    وفاقی وزیر عمر ایوب نے سندھ میں کنڈا کلچر کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت سے تعاون کی درخواست کی جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی چوری چند لوگ کرتے ہیں اور بندش پورے گاؤں کی ہوتی ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی چوری کو ٹیکنالوجی کے ذریعے روکیں۔

    ملاقاتوں میں صوبائی اور وفاقی سیکریٹریز بھی موجود رہے۔

  • توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ 1250 ارب ہے: وزیر توانائی

    توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ 1250 ارب ہے: وزیر توانائی

    صوابی: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ 1250 ارب ہے۔ گرمیوں سے پہلے پہلے وولٹیج کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ 1250 ارب ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک پر مجموعی قرضہ 29 ہزار ارب روپے ہے، 5 سال پہلے یہ قرضہ 14 ہزار ارب تھا۔

    وزیر توانائی نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں غریبوں کو ٹیکس سےاستثنیٰ دیں، سرمایہ کاروں پر ٹیکس لگائے جائیں گے۔ صوابی میں 220 کے وی گرڈ اسٹیشن کے لیے منظوری دے دی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گرمیوں سے پہلے پہلے وولٹیج کا مسئلہ حل ہوجائے گا، تربیلا ڈیم اور غازی بروتھا کے متاثرین کے مسائل حل کیے جائیں گے۔