Tag: عمر شریف

  • راج پال یادو نے عمر شریف اور معین اختر سے متعلق کیا کہا؟

    راج پال یادو نے عمر شریف اور معین اختر سے متعلق کیا کہا؟

    بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف کامیڈین راج پال یادو بھی پاکستانی لیجنڈری کامیڈین معین اختر اور عمر شریف کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    پاکستان کے مشہور یوٹیوبر نادرعلی کے پوڈ کاسٹ میں راج پال یادو نے شرکت کی، جس میں انہوں نے بھارت اور پاکستان کے تعلقات کے بارے میں بات کی اور دونوں ملکوں کے اداکاروں سے متعلق بھی احوال بیان کیا۔

    راج پال نے کہا کہ کسی بھی اداکار کے لیے یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ وہ کس کردار کو پسند کرتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ فلم ’چھپ چھپ کے‘ میں ان کے کردار کو بہت سراہا گیا اور آج تک ان کے کردار پر بہت زیادہ میمز بنائی جاتی ہیں، ان کو سب سے زیادہ معاوضہ بھی اس فلم کا ہی ملا تھا۔

    راج پال نے بتایا کہ وہ جب سے فلموں میں آئے ہیں، یہ فیصلہ کیا ہے کسی ایسی فلم میں کام نہیں کریں گے جس میں کسی دوسرے ملک کو بُرا دکھایا جائے، ہم صرف سینما کی بات کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے تعلقات اچھے ہوں۔

    اپنے پسندیدہ پاکستانی کامیڈینز کے بارے میں بات کرتے ہوئے بھارتی کامیڈین نے معین اختر اور عمر شریف کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

    اُنہوں نے کہا کہ ان کے مطابق عمر شریف اور معین اختر اپنے فن کے بادشاہ تھے اور وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے اسکرین پر دلکش اور یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تھے۔

    راجپال کا مزید کہنا تھا کہ عمر شریف اور معین اختر کی صلاحیتوں کی بدولت آپ انہیں دیکھتے ہوئے ایک لمحے کے لیے بھی اسکرین نہیں چھوڑ سکتے تھے، خاص طور پر لوز ٹاک جیسے پروگراموں میں جہاں ہر مکالمہ برجستہ بے مثال ہوتا تھا۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ ہم عمر شریف کی آڈیو کیسٹ سنتے تھے کیونکہ وہ قدرتی طور پر تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال تھے اور واقعی میں ایک بڑے اسٹارتھے۔

    راجپال یادیو نے بھول بھولیا 3 میں اپنے کردار سے متعلق کیا کہا؟

    پاکستان کے پسندیدہ شہر سے متعلق جب ان سے سوال کیا گیا تو انہوں نے لاہور کا نام دیا، اس کے علاوہ انہو ں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پشاور شہر بھی دیکھیں۔

  • آج بھی کہتا ہوں عمر شریف اور معین اختر کی روٹی کھاتا ہوں، ساحر لودھی

    آج بھی کہتا ہوں عمر شریف اور معین اختر کی روٹی کھاتا ہوں، ساحر لودھی

    شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان و اداکار ساحر لودھی کا کہنا ہے کہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ عمر شریف اور معین اختر کی روٹی کھاتا ہوں۔

    اداکار و میزبان ساحر لودھی نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اس دوران میزبان نے پوچھا کہ ہوسٹنگ کرنا مشکل کام ہے اکثر ایسا ہوتا ہے کہ مہمان ایسے آجاتے ہیں انہیں جگانا پڑتا ہے آپ کیسے ہینڈل کرتے ہیں۔

    ساحر لودھی نے بتایا کہ شو شروع ہوتا ہے تو مہمان کو جگانے کی ذمہ داری ہے ان سے گفتگو کرنا بھی ہوتی ہے مہمان اچھے آتے ہیں اگر کوئی ایسا آبھی جائے تو ہینڈل کرلیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب عمر شریف میرے شو پر آئے تو میں نے ان کے لیے کارپٹ بچھایا تھا، میں آج بھی کہتا ہوں کہ عمر شریف اور معین اختر کی روٹی کھاتا ہوں کیونکہ اگر وہ نہ ہوتے تو میں نہیں چل سکتا تھا۔

    ساحر لودھی نے کہا کہ جب عمر شریف آئے تھے تو میں بہت پرجوش تھا، میرا شو 12 بجے ختم ہوتا ہے میں ملیر کینٹ سے گزرتا ہوں تو گاڑی روک کر معین اختر کی قبر پر جاکر فاتحہ پڑھتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ جب میں ان دونوں کا انٹرویو کیا تھا یہ دھیان رکھا تھا کہ مجھ سے کوئی ایسی بات نہ ہوجائے جس سے انہیں تکلیف پہنچے۔

    اداکار نے کہا کہ میں وحید مراد کی قبر پر بھی کافی مرتبہ گیا ہوں، پاکستان میں ہیرو تو بہت آئے لیکن ان کے جیسا کوئی نہیں ہے۔

    اپنی ڈائٹ سے متعلق ساحر لودھی نے کہا کہ میں اب ڈائٹ کا خیال کرتا ہوں، ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق کھاتا ہوں، میں پہلے 18 سے 19 میل بھاگتا تھا اب 8 سے 9 میل ہوگیا ہے آئندہ چھ ماہ میں دوبارہ 18 سے 19 میل دوڑوں گا۔

  • عمر شریف نے انجان خاتون کی کیسے مدد کی؟

    عمر شریف نے انجان خاتون کی کیسے مدد کی؟

    پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کامیڈین عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے مرحوم شوہر کی خوبیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی سخاوت کا ایک جذباتی واقعہ مداحوں سے شیئر کیا۔

    نجی چینل کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے بتایا کہ ‘عمر کا دل بچوں کی طرح تھا۔ وہ فرض کے ساتھ ساتھ کوئی نفل نماز بھی نہیں چھوڑتے تھے۔

    عمر شریف کی اہلیہ زرین نے کہا کہ عمرشریف بیٹیوں کے معاملے میں بہت زیادہ جذباتی تھے کوئی بھی کسی کام سے آجائے بیٹی کا نام سنتے ہی اُن کا دل پگھل جاتا تھا۔

    زرین غزل نے ایک واقعہ سنایا کہ ایک دفعہ ایک بوڑھی عورت عمر سے ملنے آئی 4 گھنٹے تک باہر بیٹھی انتظار کرتی رہی جب عمر نے اسے اندر بلایا تو اس کا لہجہ بالکل مختلف تھا۔

    اس عورت نے ایک پرچی پر اپنا پتہ لکھ کر مرحوم عمر شریف کو دے دیااور دو منٹ سے بھی کم وقت میں وہ یہ حکم دے کر چلتی بنی کہ بیٹی کی شادی ہے کل لیکن کھانے کا انتظام نہیں ہے۔ 500 لوگوں کا کھانا کل اس پتے پر بھجوادینا۔

    مودی سرکار نے کنگنا رناوت کو خوشخبری سنادی

    زرین نے مزید کہا کہ ہم سب حیران رہ گئے یہ ہو کیا رہا ہے لیکن عمر نے اسی وقت اپنے پکوان والے کو فون کر کے کہا کہ کل جاؤ اس پتے پر اور کھانے کے علاوہ بھی جس چیز کی ضرورت ہو وہ کرکے آنا۔

  • کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کو بچھڑے 2 سال گزر گئے

    کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کو بچھڑے 2 سال گزر گئے

    معروف پاکستانی اداکار، کامیڈی کے بادشاہ اور ٹی وی اور اسٹیج کی معروف شخصیت عمر شریف کو مداحوں سے بچھڑے دو برس بیت گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیج ڈراموں کے بادشاہ مزاحیہ اداکار عمر شریف گزشتہ برس 2 اکتوبر کو عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث 66 برس کی عمر میں جرمنی میں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔بے مثال اداکاری اور جداگانہ انداز سے کئی دہائیوں تک لوگوں کو ہنسانے والے محمد عمر (عمر شریف)نے 19 اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں جنم لیا تھا۔

    اسٹیج ڈراموں کے بے تاج بادشاہ نے 1980ء میں پہلی بار آڈیو کیسٹ کے ذریعے ڈرامے ریلیز کیے، جنہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملک بھارت میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔

    پاکستان کے ساتھ ساتھ عمر شریف، ہندوستان میں بھی کافی مقبول ہیں، انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، سٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔

    ’بکرا قسطوں پے‘ اور ’بڈھا گھر پے ہے‘ جیسے لازوال سٹیج ڈراموں کو عمر شریف کے مداح آج بھی دیکھتے اور لطف اٹھاتے ہیں۔

    عمر شریف کے مقبول سٹیج ڈراموں میں دلہن میں لے کر جاؤں گا، سلام کراچی، انداز اپنا اپنا، میری بھی تو عید کرا دے، نئی امی پرانا ابا، یہ ہے نیا تماشا، یہ ہے نیا زمانہ، یس سر عید نو سر عید، عید تیرے نام، صمد بونڈ 007، لاہور سے لندن، انگور کھٹے ہیں، پٹرول پمپ، لوٹ سیل، ہاف پلیٹ، عمر شریف ان جنگل، چوہدری پلازہ وغیرہ شامل ہیں۔

    عمر شریف نے 70 سے زائد ڈراموں کے اسکرپٹ لکھے جن کے مصنف، ہدایتکار اور اداکار وہ خود تھے اور ان ڈراموں نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے۔

    بھارت کے مشہور مزاحیہ اداکار جونی لیور اور راجو شریواستو نے عمر شریف کی مزاحیہ اداکاری سے متاثر ہوکر انہیں ’دی گارڈ آف ایشین کامیڈی‘ کا لقب دیا تھا۔

    2017میں عمر شریف کے انتقال سے متعلق جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں، جس کے بعد ان کے صاحبزادے جواد عمر نے خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمر شریف حیات اور تندرست ہیں، بعدازاں ستمبر 2021 میں عمر شریف ایک مرتبہ پھر موت سے متعلق جھوٹی خبروں کا شکار ہوئے۔

  • مرحوم عمر شریف کی اہلیہ نے ان کی نعت شیئر کر دی

    مرحوم عمر شریف کی اہلیہ نے ان کی نعت شیئر کر دی

    کراچی: پاکستان میں مزاحیہ تھیٹر کی دنیا پر ایک عرصے تک راج کرنے والے نامور اداکار مرحوم عمر شریف کی اہلیہ نے ان کی نعت شیئر کر دی ہے۔

    آج ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت اور مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اسی مناسبت سے کامیڈی کے بے تاج بادشاہ مرحوم عمر شریف کی اہلیہ نے ان کی یاد میں ان کی ایک نعت شریف انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔

    عمر شریف اس دنیا سے چلے گئے ہیں لیکن ان کی ہنستی مسکراتی اور خوش گوار یادیں پیچھے رہ گئی ہیں، ان کی ایک یادگار ایک نعت بھی ہے، جو انھوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں نہایت خوب صورت آواز میں سنائی تھی۔

    یہ ویڈیو زریں عمر نے 12 ربیع الاوّل کی مناسب سے اپنے شوہر کے مداحوں کے ساتھ شئیر کی ہے، جس میں وہ خوب سرور میں ڈوب کر نعتِ رسول مقبول ﷺ پڑھ رہے ہیں ہے۔

    مشہور نعت یہ سب تمھارا کرم ہے آقا پڑھنے کے ساتھ ساتھ وہ تحت الفظ میں کچھ اشعار اور وعظ بھی سناتے ہیں۔ یہ نعت سننے کے بعد دنیا بھر میں موجود عمر شریف کے لاکھوں مداح ایک بار پھر غمگین ہو گئے ہیں۔

    یاد رہےکہ لیجنڈ کامیڈین اور اسٹیج کے بے تاج بادشاہ عمر شریف رواں ماہ 2 اکتوبر کو جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by S Zareen Omer Sharif (@zareeenomer)

  • عمر شریف کی بھارت میں ایک یادگار پرفارمنس کا تذکرہ

    عمر شریف کی بھارت میں ایک یادگار پرفارمنس کا تذکرہ

    یکم اپریل کی خوش گوار شام جب عمر شریف خم ٹھونک کر حیدرآباد کے اوپن ایئر تھیٹر کے اسٹیج پر اترے تو پھر انھیں میدان مارنے سے کوئی نہیں روک سکا۔

    اپنے لطیفوں، آس پاس کے لوگوں اور حاضرین سے نوک جھونک، طنز کے تیروں اور زبان کی مٹھاس سے عمر شریف نے وہ جادو جگایا کہ شاید حیدرآباد اور حیدرآباد والے اس سرور سے کافی طویل عرصے تک جھومتے رہیں گے۔

    یہ ہندوستان کے مشہور شہر حیدر آباد دکن میں کامیڈی کنگ کی 2006ء کی ایک اسٹیج پرفارمنس کا تذکرہ ہے اور یہ پارے صحافی عمر فاروق کی ایک رپورٹ سے نقل کیے گئے ہیں۔

    لوگوں کو لطائف سناکر، مزاحیہ اور طنزیہ جملوں اور برجستہ مکالموں سے ہنسنے اور قہقہے لگانے پر مجبور کردینے والے پاکستانی فن کار کا بھارت میں یہ پہلا شو تھا۔

    عمر شریف نے اس موقع پر اپنے جذبات کا جن الفاظ میں اظہار کیا، انھیں عمر فاروق نے یوں رقم کیا، ’مجھے یہاں آکر ہرگز نہیں لگتا کہ میں کسی اجنبی جگہ آگیا ہوں۔ نہ تو لوگوں کی آنکھوں میں بیگانگی ہے اور نہ ہی ان کے ملنے میں کوئی ہچکچاہٹ۔ میں یہاں ملنے والی محبت اور یہاں کے لوگوں کی گرم جوشی، یہاں کی زبان اور تہذیب سے بہت متاثر ہوا ہوں۔‘
    پاکستان میں اسٹیج شوز اور مزاحیہ تھیٹر کی دنیا پر دہائیوں تک راج کرنے والے عمر شریف کو گزشتہ روز سپرد خاک کردیا گیا۔

    حیدرآباد دکن میں ان کے اسٹیج شو کی مختصر روداد کے ساتھ ہم آپ کو یہاں اس فلم کے بارے میں بھی بتائیں گے جسے ہندوستان میں بننے والی پہلی ایسی فلم کہا گیا تھا، جس کا ہدایت کار پاکستانی فن کار تھا۔ یہ عمر شریف ہی تھے۔

    عمر شریف صرف 14 سال کی عمر میں تھیٹر سے بطور اداکار وابستہ ہوئے۔ ان کی اولین اسٹیج پرفارمنس کا ماجرا بھی بہت دل چسپ ہے۔

    کراچی کے آدم جی ہال میں اسٹیج ڈرامہ منعقد ہونا تھا، جس کا ایک گجراتی اداکار اپنے قریبی عزیز کی اچانک وفات کی وجہ سے ڈرامہ چھوڑ کر چلا گیا تھا۔ شو سے دو گھنٹے قبل عمرشریف کو بلایا گیا اور انھیں جوتشی بن کر حاضرین کے سامنے بھیج دیا گیا۔

    عمرشریف نے اپنی پرفارمنس سے خود کو پُراعتماد اور باصلاحیت ثابت کردیا۔ ان کی پرفارمنس کے بعد ان کے لیے دیر تک تالیاں بجتی رہیں۔

    اپنی شہرت کے کئی برس بعد جب انھوں نے حیدرآباد، دکن میں ایک پروگرام کیا تو وہاں ان کے مداحوں کے لیے یہ بہت خوشی کا موقع تھا۔ لوگوں کا بے پناہ اشتیاق اور عمر شریف کے لیے ان کی چاہت کا اظہار دیدنی تھا۔ اس عظیم فن کار کو اسٹیج پر دیکھنے والوں میں ایسے شائقین بھی تھے جو مقبول ترین اسٹیج شو ‘بکرا قسطوں پر’ دیکھ چکے تھے اور عمر شریف کے بڑے مداح تھے۔

    یہ بھی ایک بڑا کامیڈی شو ثابت ہوا جس میں عمر شریف نے اپنے فن کا بھرپور اور کامیڈی کی صلاحیت کا شان دار مظاہرہ کیا۔

    صحافی عمر فاروق لکھتے ہیں، انھوں نے کئی تیز رفتار اور بے دم کر دینے والے آئٹم پیش کیے جس میں ایک طرف پاکستان اور مغربی جرمنی کے ہاکی میچ کی دھواں دھار کمنٹری اور اس میں ’سمیع اللہ کلیم اللہ، کلیم اللہ پھر سمیع اللہ‘ کا کبھی نہ ختم ہونے والا ورد تھا۔ تو دوسری طرف عزیز میاں قوال کی یادگار قوالی ’میں شرابی میں شرابی‘ کی ہوبہو نقل بھی۔

    جب سے ’بکرا قسطوں پہ‘ جیسے کامیڈی ڈرامے کے ویڈیو کیسٹ ہندوستان میں آئے اور پھر کسی وبا کی طرح پھیلتے چلے گئے، تب ہی سے عمر شریف کا نام، ان کا چہرہ مہرہ اور ان کی چال ڈھال، یہاں کے لوگوں میں ساری چیزیں بے حد مقبول رہی ہیں۔

    انھوں نے کے ایل سہگل، گلوکار محمد رفیع اور کشور کمار کی آوازیں ہی نہیں سنائیں، مہدی حسن کے انداز میں ایک جدید فلمی گانا بھی سنایا۔ اس پرفارمنس کے دوران گائیکی اور موسیقی میں نام ور نصرت فتح علی خان کے ڈیل ڈول اور ان کی شخصیت کا نقشہ بھی کچھ انداز سے کھینچا کہ لوگ ہنستے ہنستے دہرے ہوگئے۔

    یہ عمر شریف کا وہ پہلا شو تھا جو انھوں نے لاہور میں دل کے ایک آپریشن کے بعد کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بائی پاس سرجری کے بعد انھیں نئی زندگی ملی ہے۔

    اب بات کرتے ہیں ‘تم میرے ہو’ نامی فلم کی۔ یہ وہ فلم تھی جس کے لیے عمر شریف نے بھارت میں ہدایات دیں۔ حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے ایک پروڈیوسر مسعود علی نے اپنی فلم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اس میں مشہور اداکاروں راجیش کھنہ، آرتی چھابڑیہ، اشمت پٹیل، رزاق خان، جسپال بھٹی کے کام کرنے کی بات کی، وہیں بتایا کہ ہدایت کاری کے ساتھ عمر شریف بھی ان کی فلم میں تین کردار ادا کررہے ہیں جب کہ ہندوستان کے تین بڑے اداکاروں پریش راول، انوپم کھیر اور جانی لیور سے بھی اس فلم میں کردار ادا کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

    عمر شریف اسی فلم کے سلسلے میں بھارت گئے تھے جہاں دکن میں انھوں نے وہ اسٹیج پرفارمنس دی تھی جس کی یاد ایک بار پھر تازہ ہو گئی ہے، لیکن آج حیدرآباد دکن ہی کیا، ہندوستان، پاکستان اور دنیا بھر میں موجود عمر شریف کے مداح اُس یادگار پرفارمنس کی ریکارڈنگ دیکھتے ہوئے ہنسنے اور قہقہے لگانے پر مجبور ہوجانے کے باوجود اُس ہنسانے والے کی یاد میں صرف رونا چاہتے ہیں۔

  • عمر شریف کے لیے بھارتی کامیڈینز کپل شرما اور جونی لیور کے پیغامات

    عمر شریف کے لیے بھارتی کامیڈینز کپل شرما اور جونی لیور کے پیغامات

    کراچی: مشہور بھارتی کامیڈین کپل شرما اور جونی لیور نے بھی کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ‘دی کپل شرما شو’ کے ہوسٹ کپل شرما نے اسٹیج کی دنیا کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کے انتقال پر ایک ٹوئٹ میں اظہار افسوس کیا۔

    بھارتی کامیڈین کپل شرما نے لکھا ‘الوداع لیجینڈ، خدا آپ کی روح کو سکون دے۔’

    بھارتی فلموں کے مشہور مزاحیہ اداکار جونی لیور نے اپنے پیغام میں کہا کہ عمر شریف نے ڈراموں کو نیا درجہ دیا، عمر شریف نمبر ایک ادکار تھے، جونی لیور اپنا کام کرتاہے لیکن عمر شریف کا کام بالکل الگ تھا،ان کے جیسےلوگ ہزاروں سال میں پیدا ہوتےہیں۔

    جونی لیور نے کہا 1990میں عمر شریف کوئی فلم لکھنےبھارت آئے تھے، ہم گھنٹوں بیٹھ کر باتیں کرتے تھے، عمر شریف بہت حاضر جواب تھے، ان کا کام ہی کچھ اور تھا، وباسے دو سال پہلے ہم امریکا میں شو کرنا چاہتےتھے، میری 4سے 5 ماہ پہلےبھی عمر شریف سےبات ہوئی تھی۔

    جونی نے مزید کہا ہم سیکھنےکی کوشش کرتے تھےکہ وہ بے ساختہ جملےکیسےکہہ جاتے ہیں، عمر شریف سے پوچھا تو بولے بس ہو جاتاہے۔

    واضح رہے کہ عمر شریف نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بہت مقبول رہے ہیں، بھارت میں سامنے آنے والے اسٹیج کامیڈینز ہمیشہ عمر شریف کو کاپی کرتے رہے۔

    کامیڈی کنگ عمر شریف انتقال کرگئے

    کپل شرما بھی ان بھارتی کامیڈینز میں سے ایک ہیں جو عمر شریف کے مداح رہے ہیں، ایک بار کپل شرما نے کہا تھا کہ انھوں نے کامیڈی عمر شریف ہی سے سیکھی۔

    ادھر ٹوئٹر پر عمر شریف کا ٹرینڈ ٹاپ پر جا رہا ہے، اب تک ان کے لیے 16 ہزار سے زائد ٹوئٹس کیے جا چکے ہیں، اور اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں، اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے، انھیں کراچی سے واشنگٹن علاج کے لئی پہنچایا جا رہا تھا، لیکن ناساز طبیعت کے باعث انھیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کر دیا گیا تھا۔

  • کامیڈی کنگ عمر شریف کی زندگی پر ایک نظر

    کامیڈی کنگ عمر شریف کی زندگی پر ایک نظر

    پاکستان کے معاشی حب کراچی کے مشہور علاقے لیاقت آباد میں 19 اپریل 1955 کو محمد عمر نامی بچے نے جنم لیا بعدازاں وہ بچہ کامیڈی کنگ عمر شریف کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہوا۔

    عمر شریف نے اپنی زندگی کی چودہ بہاریں دیکھنے کے بعد 14 برس کی عمر میں اسٹیج ڈراموں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور کامیابی کی سیڑھیاں کچھ اس انداز میں چڑھنا شروع کی کہ پھر پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔

    عمر شریف نے تھیٹر، اسٹیج، فلم اور ٹی وی میں اپنی جاندار اور بے مثال اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن ان کی بنیادی وجہ شہرت مزاحیہ اسٹیج ڈرامے ہیں۔

    کامیڈی کنگ کا اصل نام محمد عمر تھا لیکن عمر شریف لڑکپن سے ہی برصغیر کے بےمثل مزاحیہ اداکار منور ظریف کے دیوانے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ منورظریف میرے روحانی استاد ہیں۔ کریئر کی ابتدا میں عمرشریف نے اپنا نام عمر ظریف بھی رکھا لیکن 70 کی دہائی میں مصری اداکار عمر شریف کی فلم ’لارنس آف عریبیا‘ کی نمائش ہوئی تو جواں سال محمد عمر، عمر شریف بن گئے، بعدازاں عمر شریف کے نام دنیا میں اپنی پہنچان بنائی۔

    اسٹیج ڈراموں کے بے تاج بادشاہ نے 1980ء میں پہلی بار آڈیو کیسٹ سے اپنے ڈرامے ریلیز کیے، جو پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی کافی مقبول ہوئے۔

    عمر شریف کے مقبول ڈراموں میں 1989 میں ریلیز ہونے والا مشہور مزاحیہ ڈرامہ ’بکرا قسطوں پر 1، 2، 3، 4، 5، بڈھا گھر پر ہے، میری بھی تو عید کرا دے، ماموں مذاق مت کرو اور دیگر شامل ہیں۔

    عمر شریف نے 70 سے زائد ڈراموں کے سکرپٹ لکھے جن کے مصنف، ہدایتکار اور اداکار وہ خود تھے اور ان ڈراموں نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے۔

    عمر شریف نے اکتوبر 2009 میں اپنے لیٹ نائٹ ٹاک شو ’دی شریف شو‘ کا آغاز کیا اور متعدد اداکار، فنکار، گلوکار اور سیاست دانوں کے انٹرویوز کیے، انہوں نے اداکاری اور میزبانی کے ساتھ ساتھ متعدد پروگراموں میں بطور جج بھی شرکت کی جس میں بھارت کا مقبول ترین پروگرام ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ سرفہرست ہے، جہاں نوجوت سنگھ سدھو ان کے ہمراہ جج کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

    انسانی خدمت

    کامیڈی کنگ اداکاری کی دنیا میں شہرت حاصل کرنے کے باوجود انسانیت کے جذبے سے سرشار تھے، جس کے باعث انہوں نے 2006 میں عمر شریف ویلفیئر ٹرسٹ قائم کی جس کے تحت ماں کے نام سے اسپتال قائم کیا جہاں مریضوں کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

    ماں اسپتال

    ایوارڈز

    عمر شریف نے سال 1992 میں فلم ’مسٹر۔420‘ میں بہترین اداکاری اور ہدایت کاری کرنے پر نیشنل ایوارڈ حاصل کیا۔

    کامیڈی کنگ نے اپنی زندگی میں دس نگار ایوارڈ اپنے نام کیے اور عمر شریف واحد اداکار ہیں جنہوں نے ایک ہی سال میں چار مرتبہ نگار ایوارڈ حاصل کیا، آپ کو حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

    تمغہ امتیاز

    انتقال

    سن 2017 میں عمر شریف کے انتقال سے متعلق جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں، جس کے بعد ان کے صاحبزادے جواد عمر نے خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمر شریف حیات اور تندرست ہیں، بعدازاں ستمبر 2021 میں عمر شریف ایک مرتبہ پھر موت سے متعلق جھوٹی خبروں کا شکار ہوئے۔

    بھارت کے مشہور مزاحیہ اداکار جونی لیور اور راجو شریواستو سے ’دی گارڈ آف ایشین کامیڈی‘ کا لقب پانے والے کامیڈی کنگ عمر شریف 2 اکتوبر 2021 میں عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث 66 برس کی عمر میں جرمنی میں دوران علاج انتقال کرگئے۔

  • معروف کامیڈین عمر شریف کو کیا بیماری ہے؟

    معروف کامیڈین عمر شریف کو کیا بیماری ہے؟

    کراچی: امریکا میں مقیم ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا ہے کہ معروف کامیڈین عمر شریف کی ہارٹ سرجری ایک پیچیدہ عمل ہے، امریکا پہنچتے ہی انہیں اسپتال میں داخل کرلیا جائے گا اور ایک سے دو دن میں ان کی سرجری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں مقیم ڈاکٹر طارق شہاب نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں معروف کامیڈین عمر شریف کی بیماری کی تفصیلات بتائیں۔

    ڈاکٹر طارق کا کہنا تھا کہ عمر شریف کے دل کے ایک والو کے مسلز کمزور ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے خون کی گردش میں رکاوٹ ہے جبکہ انہیں سانس لینے میں بھی تکلیف کا سامنا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس کا علاج اوپن ہارٹ سرجری سے ہوسکتا ہے، لیکن عمر شریف کی پہلے ہی ایک اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے جبکہ ان کے گردے بھی کمزور ہیں لہٰذا دوبارہ سرجری کرنا ان کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

    ڈاکٹر طارق کے مطابق عمر شریف کی سرجری اب نئے طریقہ علاج کے ذریعے کی جائے گی جس میں دل کو کھولے بغیر شریانوں کے اندر سے ہی اس والو کی جراحت کی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا یہ ایک مشکل سرجری ہے اور اس کے لیے ماہر امراض قلب کی پوری ٹیم چاہیئے جن کا پاکستان آنا مشکل تھا، اسی لیے عمر شریف کو یہاں بلایا گیا۔ امریکا پہنچتے ہی عمر شریف کو اسپتال میں داخل کرلیا جائے گا اور ضروری پروسیجر کے بعد ان کی سرجری کا عمل شروع کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ کراچی ایئرپورٹ سے ایئر ایمبولنس عمر شریف کو لے کر امریکا روانہ ہوچکی ہے، ایئر ایمبولینس میں اہلیہ بھی عمر شریف کے ہمراہ ہیں۔

  • عمر شریف  کی امریکا منتقلی کیلئے ائیر ایمبولینس کی جلد پاکستان آمد متوقع

    عمر شریف کی امریکا منتقلی کیلئے ائیر ایمبولینس کی جلد پاکستان آمد متوقع

    کراچی : معروف کامیڈین عمر شریف کو امریکہ لے جانے کے لیے ائیر ایمبولینس اگلے 48 گھنٹوں میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین عمر شریف کی بیرون ملک علاج کیلئے روانگی کے معاملے پر ایئرایمبولینس کے لیے رقم امریکی بینک کو منتقل کردی گئی رقم کی منتقلی کے بعد ایئرایمبولینس 48 گھنٹے میں پاکستان پہنچ جائے گی۔

    محکمہ صحت سندھ نے کل معروف فنکار اور اداکار عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کے حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ کو خط لکھا تھا ، جس میں وفاقی حکومت سے ایئر ایمبولینس سے متعلق تمام مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی درخواست کی تھی۔

    خط میں کہا گیا تھا کہ ایئر ایمبولینس اور عمر شریف کے علاج کے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔

    خیال رہے عمرشریف کی بیرون ملک منتقلی کیلئے امریکا کی ایئرایمبولینس نامی کمپنی کی خدمات حاصل کی جارہی ہے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے عمر شریف کےعلاج کیلئے4کروڑ جاری کئےگئےتھے جبکہ امریکا منتقلی کے لیے 2کروڑ 84لاکھ 98ہزار ادا کئے گئے۔