Tag: عمر شریف

  • عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کی آمد کب تک متوقع ہے؟

    عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کی آمد کب تک متوقع ہے؟

    کراچی: شدید علیل اداکار عمر شریف کے بیرون ملک علاج کے لیے روانگی کے لیے ایئر ایمبولینس کی جناح ٹرمینل پر آمد منگل تک متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے معروف کامیڈین اور فلم اداکار عمر شریف کے علاج کی غرض سے امریکا روانگی کے لیے تمام دستاویزات جمع کرائی جا چکی ہیں، جب کہ ایئر ایمبولینس کی آمد منگل تک متوقع ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس کمپنی کو پیر کی صبح تک ڈالرز میں ادائیگی کر دی جائے گی، عمر شریف کا علاج امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں ہوگا۔

    دریں اثنا، ایئر ایمبولینس کی آمد سے قبل سی اے اے سے پیشگی اجازت لی جائے گی، ایئر ایمبولینس کی کراچی سے روانگی کے بعد ری فیولنگ کا شیڈول طے کیا جائے گا۔

    دو دن قبل کامیڈین عمر شریف اور ان کے اہل خانہ کو امریکا کے ویزے جاری کیے گئے تھے، جس پر سندھ حکومت نے امریکی قونصل خانے کا شکریہ ادا کیا، عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی اہلیہ زریں عمر ساتھ جائیں گی، جب کہ امریکا میں ڈاکٹر طارق شہاب سرجری کے انتظامات کر رہے ہیں۔

    خیال رہے سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے 4 کروڑ روپے کی رقم جاری کی ہے، رقم ایئر ایمبولینس اور دیگر اخراجات پر خرچ ہوگی۔

  • عمر شریف کی امریکا منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس کل کراچی پہنچے گی

    عمر شریف کی امریکا منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس کل کراچی پہنچے گی

    کراچی : معروف کامیڈین عمرشریف کی امریکا منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس کل کراچی پہنچے گی ، ایئرایمبولینس میں طبی عملے کے افراد کے علاوہ فیملی کے 2 افراد روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین عمرشریف کی امریکا منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس ہفتے کو کراچی پہنچے گی ، اس سلسلے میں ایئرایمبولینس کے اخراجات کے حوالے سے کاغذی کارروائی جاری ہے۔

    ایئرایمبولینس میں طبی عملے کے افراد کے علاوہ فیملی کے دو افراد روانہ ہوں گے۔

    گذشتہ روز معروف کامیڈین عمرشریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری کئے گئے تھے جبکہ ویزےکےلیےعمرشریف کوقونصل خانے آنے سے استثنیٰ دیا گیا تھا۔

    سندھ حکومت نے ویزے جاری کرنے پر امریکی قونصل خانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا برصغیرکے عظیم ترین کامیڈین کی صحت یابی کے لیے دعاگو رہیں گے۔

    عمر شریف کی خواہش کے مطابق اہلیہ زریں عمر ساتھ جائیں گی جبکہ امریکا میں ڈاکٹر طارق شہاب سرجری کے انتظامات کر رہے ہیں۔

    خیال رہے سندھ حکومت نے معروف کامیڈین عمر شریف کے علاج کے لیے 4 کروڑ روپے کی رقم جاری کی ہے، رقم ایئر ایمبولینس اور دیگر اخراجات پر خرچ ہوگی۔

  • عمر شریف شو بز انڈسٹری میں کیسے آئے؟

    عمر شریف شو بز انڈسٹری میں کیسے آئے؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کے مشہور کامیڈین اور تھیٹر، اسٹیج، فلم اور ٹی وی کے اداکار عمر شریف شو بز کی جگمگاتی دنیا میں کیسے آئے؟ اے آر وائی نیوز کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں وہ خود اس کے حوالے سے بتاتے ہیں:

    گجراتی ڈراموں کے ڈائریکٹر اور ایکٹر آر کے پٹیل آدم جی ہال میں ایک ڈراما کر رہے تھے، میں بھی وہاں گیا تھا، اس وقت میں چھوٹے چھوٹے کردار کرتا تھا، جیسا کہ کوئی ڈراما چل رہا ہے اور کوئی اداکار نہیں آیا، کوئی مر گیا ہے، کسی کو دیر ہو گئی، کوئی ایکسیڈنٹ ہو گیا، تو ایسے مواقع پر مجھے کہتے کہ آ جاؤ بھئی۔

    انھوں نے کہا کہ ایسے ہی ایمرجنسی ایکٹر کے طور پر ان کا کام جاری تھا جس کے لیے وہ دو سو، تین سو اور پانچ سو روپے لیتے تھے، ایسے میں آدم جی ہال میں آر کے پٹیل کا ڈراما ساس کی آس چل رہا تھا، اس وقت میں برابر والے ہال میں ایک ڈرامے میں کام کر رہا تھا، تو میرے پاس ایک پیغام آیا کہ صبا صاحب آپ کو بلا رہے ہیں۔

    جب میں گیا تو انھوں نے مجھ سے پوچھا کہ مجھے جانتے ہو، میں نے کہا نہیں، تو انھوں نے کہا میں صمد یار خان ہوں، اور یہاں ہمارے ڈرامے کے اداکار آر کے پٹیل انتقال کر گئے ہیں کل رات کو، ان کی تدفین بھی ہو چکی، مسئلہ یہ ہے کہ رات کو ڈرامے کا شو ہے اور وہ مرکزی کردار کر رہے تھے، تو اس کے لیے آپ کو بلوایا ہے۔

    عمر شریف نے بتایا کہ یہ سن کر میں حیران ہو گیا کہ دو گھنٹے بعد شو ہے، اور میں مرکزی کردار کیسے کر سکتا ہوں، اتنی جلدی سارا ڈراما کیسے یاد ہو سکتا ہے، لیکن صمد یار خان نے کہا کہ بیٹا میری عزت کی بات ہے، جس پر میں نے ہامی بھر لی۔

    انھوں نے کہا کہ حافظہ اچھا تھا، اور وہی آج تک کام آ رہا ہے، میں اللہ کا نام لے کر چلا گیا، ادھر میرا میک اپ چل رہا تھا اور ادھر میں اپنے ڈائیلاگ یاد کر رہا تھا، اور تمام سیچوئیشنز کو ذہن نشین کرنے لگا۔

    عمر شریف نے مزید بتایا کہ ہندو کریکٹر کا گیٹ اپ تیار ہو گیا تھا، اور میں نے خود کو پوری طرح ذہنی طور پر تیار کر لیا، اور پھر میں اسٹیج پر آ گیا، پہلا ہی سین ہندی منتر پڑھنے کا تھا، اور میں نے اسے اپنے طور پر عجیب و غریب طرح سے پڑھا، اس میں اپنا عربی انداز شامل کیا، اور پھر ہال میں تالیاں بجنے لگیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس ڈرامے کے لیے مجھے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا، پھر انھوں نے ہی مجھے برما شیل کے پورے سال کے شو بھی دے دیے، پھر ایک ڈرامے کے لیے گاڑی بھی ملی اور پورے سال کا پیٹرول بھی ملا۔

  • لیجنڈری اداکار عمر شریف کی طبیعت سے متعلق خبریں ، بیٹے کا اہم  بیان سامنے آگیا

    لیجنڈری اداکار عمر شریف کی طبیعت سے متعلق خبریں ، بیٹے کا اہم بیان سامنے آگیا

    کراچی : لیجنڈری اداکار عمر شریف کے بیٹے نے ان کی بیماری کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا عمر شریف بالکل صحت مند ہیں،ان کی بیماری سے متعلق خبروں اور ویڈیوز سے ہمارے جذبات مجروح ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈری اداکار عمر شریف کی طبیعت سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے بیٹے جواد عمر نے ویڈیو بیان جاری کردیا ہے۔

    ویڈیو میں عمر شریف کے بیٹے کا کہنا تھا والد کی طبعیت ٹھیک ہے، وہ تندرست ہیں اور گھر پر ہی ہیں اور آرام کررہے ہیں، ان کی صحت کےحوالے سے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، عمرشریف جنرل چیک اپ کیلئےگئے، جوسب کو کرانا چاہیے۔

    جواد عمر نے مزید کہا عمرشریف ریہرسل کر رہے ہیں اور امریکاکادورہ کرنےوالے ہیں، وہ پورٹ گرینڈ پر شو کررہے ہیں جبکہ عید پر بھی پلےکیا تھا۔

    عمر شریف کے بیٹے کا کہنا تھا چینلزاور سوشل میڈیا پربغیر تصدیق خبریں نہ چلائی جائیں، مداحوں سے اپیل ہے کہ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔

    جواد عمر نے مزید کہا بےبنیاد خبروں سے ہمارے جذبات کو ٹھیس پہنچی، کچھ عرصہ قبل بھی اس طرح کی افواہیں پھیلائی گئی تھیں۔

    خیال رہے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ کامیڈین عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں ہنگامی طور پر ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔

  • عمران خان ستارے کی طرح‌ ہے، دنیا بھر کے پاکستانی اس کی اپیل پر لبیک کہیں: انورمقصود

    عمران خان ستارے کی طرح‌ ہے، دنیا بھر کے پاکستانی اس کی اپیل پر لبیک کہیں: انورمقصود

    کراچی:‌ ممتاز ڈراما نگار انور مقصود نے کہا ہے کہ عمران خان کی اپیل پر دنیا بھر کے پاکستانیوں کو لبیک کہنا چاہیے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "سوال یہ ہے” میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    انور مقصود کا کہنا تھا کہ میں‌ پاکستان کو گرین دیکھنا چاہتا ہوں، ڈیم بننے سے ہی پاکستان گرین ہوگا، بدقسمتی سے ماضی میں اس جانب توجہ نہیں‌ دی گئی.

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد شخصیت ہیں، جس نےکرپشن کے خلاف آوازاٹھائی. اوورسیزپاکستانیوں کے لئے ایک ہزار ڈالر 100روپے کےبرابرہیں.

    انور مقصود کا کہنا تھا کہ دعا کرتا ہوں عمران خان جو کہہ رہے وہ کرکے دکھائیں اوروہ کریں گے، وہ اس وقت آسمان میں ایک چکمتےستارے کی طرح ہیں.

    امید ہے تمام پاکستانی ڈیم فنڈ میں عطیات دیں گے: عمر شریف

    پروگرام میں شریک معروف اداکار عمر شریف کا کہنا تھا کہ پانی کا ایک ایک قطرہ نعمت کی طرح ہے، اسے بچانے کی ضرورت ہے.

    انھوں نے کہا کہ خشک سالی سے بچنے کے لئے ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کرانے چاہییں، یہ پیسے ہم اُس ملک کو دے رہے ہیں، جس نے ہمیں جگہ اورعزت دی ہے.

    انھوں نے امید ظاہر کی تمام پاکستانی ڈیم فنڈ میں عطیات دینے کے لئے آگے بڑھیں گے.

  • ہالی ووڈ اداکار عمر شریف تراسی برس کی عمر میں چل بسے

    ہالی ووڈ اداکار عمر شریف تراسی برس کی عمر میں چل بسے

    کیریو: ہالی ووڈ کے مشہور اداکار عمر شریف تراسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مرحوم اداکاری میں اپنی مثال آپ تھے۔

    ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے، عمر شریف نے کئی ایواڈز بھی اپنے نام کئے۔

    ساٹھ کی دہائی میں ہالی ووڈ کی فلموں سے شہرت پانے والے مصری نژاد اداکار عمر شریف تراسی برس کی عمر میں چل بسے۔

    عمر شریف نے مشہور فلم لارنس آف عربیہ سمیت کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور عالمی سطح پر شہرت پائی۔

    عمر شریف نے گولڈن گلوب سمیت کئی ایوارڈز اپنے نام کئے، انھیں آسکر ایوارڈ کے لئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔

  • ہرلمحہ پُرجوش میں عمرشریف کا شعیب اختر کو کرارا جواب

    ہرلمحہ پُرجوش میں عمرشریف کا شعیب اختر کو کرارا جواب

    کراچی : سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھارتی چینل پر پاکستانی ٹیم کا تمسخر اڑایا تو عمر شریف اے آر وائی کے پروگرام ہر لمحہ پُرجوش میں شعیب اختر کو کرارا جواب دیا۔

    ہر لمحہ پُرجوش میں کامیڈی کے بادشاہ نے دکھایا کہ شعیب اختر نے کس طرح سے  بھارتی ٹی وی چینل پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم کا مذاق اڑایا،  شعیب اختر نے پروگرام میں چیئرمین پی سی بی کی بھی نقل اتاری اور کہا جس عمر میں بندہ ریٹائر ہوتا ہے اس عمر میں اس کو کپتان بنایا جاتا ہے۔

    عمر شریف نے شعیب اختر کو کرارا جواب دیا اور کہا وہ اب مرحوم ہوگئے ہیں، جس کو جو کہنا ہے وہ پاکستان میں کہے کسی دوسرے ملک میں جاکر ملک کی جگ ہنسائی نہ کرائے۔

    کامران اکمل کا کہنا تھا کہ شعیب اختر نے پاکستان کے لئے کیا ہی کیا ہے۔

    ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے انکشاف کیا کہ شعیب اختر ایکٹر ہیں۔

    مہمان قیصر نظامانی کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کی برائی کرنے والے ہی پسند آتے ہیں۔