Tag: عمر عطا بندیال

  • چیف جسٹس نے عمران خان کو ’’گڈ ٹو سی یو‘‘ کیوں کہا؟

    چیف جسٹس نے عمران خان کو ’’گڈ ٹو سی یو‘‘ کیوں کہا؟

    اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے عمران خان کو” گڈ ٹو سی یو "کہنے کی وضاحت دیدی۔

    سپریم کورٹ میں سول مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے وکیل اصغر سبزواری سے مکالمہ کیا کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، کافی وقت کے بعد آپ میری عدالت آئے ہیں۔

    چیف جسٹس  پاکستان نے کہا کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی یہ میں ہر کسی کو کہتا ہوں، مجھے گڈ ٹو سی یو کہنے پر تنقیدکا نشانہ بنایاگیا۔

    چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ میں ہر ایک کو احترام دیتا ہوں، ادب واخلاق تو سب کیلئے ضروری ہے، ادب و اخلاق کے بغیر مزہ نہیں ہے۔

    واضح رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کےبعد سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر چیف جسٹس نے عمران خان کو دیکھ کر  کہا تھا  ’ویلکم خان صاحب! آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘

    ان کے ریمارکس پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

  • چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کیلئے بڑا اعزاز

    چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کیلئے بڑا اعزاز

    واشنگٹن : امریکہ کے عالمی شہرت یافتہ جریدے نے چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کو دنیا کی 100 بااثر ترین افراد کی فہرست میں شامل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کے عالمی شہرت یافتہ جریدے ٹائمز میگزین کی جانب سے 2022 کی سو بااثر شخصیات کی فہرست کا اجراء کردیا گیا ، رواں برس پانچ سے زائد شعبوں کی شخصیات کو فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    امریکی صدر جو بائیڈن، امریکی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادمیر پیوٹن ، یوکرینی صدر زیلنسکی اور احمد ابے بھی فہرست میں شامل ہیں۔

    ٹائمز میگزین کی جانب سے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو بھی سو بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    فہرست کے لیے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا پروفائل سینئر وکیل اعتزاز احسن نے تحریر کیا ہے اور لکھا چیف جسٹس بندیال کے فیصلوں میں صرف انصاف ہوتا نہیں بلکہ انصاف ہوتا نظر آتا ہے۔

    یاد رہے اپریل کے اوائل میں جسٹس عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے اقدام کو ‘غیر آئینی’ قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیا تھا۔

    خیال رہے جسٹس عمر عطا بندیال نے 2 فروری کو چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ سنبھالا تھا ، جسٹس بندیال 18 ستمبر 2023 کو ریٹائر ہونے تک چیف جسٹس کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

  • قانون کے مطابق فیصلے کرنا مقصد ہے،عمرعطا بندیال

    قانون کے مطابق فیصلے کرنا مقصد ہے،عمرعطا بندیال

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمرعطا بندیال کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق فیصلے کرنا مقصد ہے، انصاف نمبرز سے نہیں معیار سے ملتا ہے۔

    سرکٹ ہاوس ملتان میں ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ فیصلوں کا معیار تب ہوگا جب وکلا کا بھرپور تعاون ہوگا، ملتان سمیت تمام علاقوں میں بہتر ججز دیں گے تاکہ انصاف کی فراہمی ہوسکے۔

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ عدلیہ مضبوط ہو کر ادارہ بن گئی ہے اب عوام کو انصاف فراہم کرنا ہے، تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور بار ممبران سمیت ججز کو شیلڈز پیش کی گئیں۔