Tag: عمر کوٹ

  • عمر کوٹ میں ضمنی انتخاب میں ووٹ کم کیوں پڑے؟ پیپلز پارٹی ہائی کمان کا اہم فیصلہ

    عمر کوٹ میں ضمنی انتخاب میں ووٹ کم کیوں پڑے؟ پیپلز پارٹی ہائی کمان کا اہم فیصلہ

    عمر کوٹ: صوبہ سندھ کے شہر عمر کوٹ میں حلقہ این اے 213 میں ضمنی الیکشن کے دوران کم ووٹ پڑنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی ہائی کمان پریشان ہو گئی ہے، کمان نے عمرکوٹ کی مقامی قیادت سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت صوبہ سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور دیگر رہنماؤں سے وضاحت طلب کرے گی کہ قومی حلقے میں ضمنی انتخاب کے دوران کم ووٹ کیوں پڑے۔

    این اے213 کی نشست پر 18 امیدوار مد مقابل تھے، پی پی کی صبا تالپور اور حزب اختلاف کے مشترکہ امیدوار لال مالھی میں مقابلہ تھا، حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 6 لاکھ 8 ہزار 997 ہے، جن میں 2 لاکھ 87 ہزار 311 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔


    این اے 213 عمر کوٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کامیاب


    ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کردہ 498 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق این اے 213 عمر کوٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی صبا تالپور ایک لاکھ 61 ہزار 934 ووٹ لے کر کامیاب رہیں، جب کہ آزاد امیدوار لال چند مالھی 81 ہزار 160 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    تاہم ضمنی انتخابات میں سٹی میں 31 ہزار 63 ووٹ ڈالے گئے، جن میں سے 881 ووٹ مسترد ہوئے، عمر کوٹ کے 63 پولنگ اسٹیشنوں پر پی پی امیدوار کو 14 ہزار 37 ووٹ پڑے، جب کہ اپوزیشن امیدوار نے 15 ہزار 431 ووٹ لیے۔ اس نتیجے کو دیکھ کر پی پی قیادت نے مقامی قیادت سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • این اے 213 ضمنی الیکشن، خواتین پولنگ عملہ بیلٹ باکس سیل کرنے سے ناواقف

    این اے 213 ضمنی الیکشن، خواتین پولنگ عملہ بیلٹ باکس سیل کرنے سے ناواقف

    عمرکوٹ: این اے 213 پر ضمنی الیکشن کے دوران گورنمنٹ ڈگری کالج میں قائم خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر انوکھی صورت حال دیکھنے کو ملی۔

    تفصیلات کے مطابق آج صوبہ سندھ کے شہر عمر کوٹ میں حلقہ این اے 213 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے، پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ ڈگری کالج میں اس وقت دل چسپ صورت حال دیکھنے کو ملی جب خواتین پولنگ عملہ بیلٹ باکس سیل کرنے سے ناواقف نکلا۔

    پولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ افسر اور عملہ بیلٹ باکس کو سیل لگانے کی کوششیں کرتا رہا، جب کسی سے بھی بیلٹ باکس کی سیل نہ لگی تو خواتین عملے نے باہر کھڑے پولیس اہلکار کو بلا لیا۔


    حلقہ این اے 213 کے حوالے سے مکمل معلومات


    پولیس اہلکار کی کوشش بھی ناکام رہی، عملے کی وجہ سے پولنگ شروع ہونے میں تاخیر بھی ہوئی، پولنگ کا وقت شروع ہونے کے باوجود خواتین ووٹرز انتظارکرتی رہیں۔

    بعد ازاں، مرد عملے کو طلب کر کے بیلٹ باکسز سیل کرائے گئے، اور آدھا گھنٹہ تاخیر سے پولنگ شروع ہو گئی۔

  • حلقہ این اے 213 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شروع

    حلقہ این اے 213 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شروع

    عمرکوٹ: حلقہ این اے 213 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شروع ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر عمر کوٹ میں حلقہ این اے 213 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گا۔

    این اے213 کی نشست پر 18 امیدوار مد مقابل ہیں، پی پی کی صبا تالپور اور حزب اختلاف کے مشترکہ امیدوار لال مالھی میں مقابلہ ہے، حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 6 لاکھ 8 ہزار 997 ہے، حلقے میں 2 لاکھ 87 ہزار 311 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔


    الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی خالی نشست پر الیکشن شیڈول کا اعلان کردیا


    حلقے میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 498 ہے، 98 خواتین پولنگ اسٹیشن بھی شامل ہیں، 269 کو حساس اور 91 کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے۔

    این اے 213 کی نشست نواب یوسف تالپور کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، پولنگ اسٹیشن کی سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، وزارت داخلہ کی جانب سے حلقے میں رینجرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

  • میگھواڑ قبیلے کا حیرت انگیز ہنر نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے، ویڈیو رپورٹ

    میگھواڑ قبیلے کا حیرت انگیز ہنر نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے، ویڈیو رپورٹ

    ویڈیو رپورٹ: ممتاز اریسر

    عمر کوٹ کے سے تعلق رکھنے والے میگھواڑ قبیلے کی خواتین دست کاری میں مہارت کے حوالے سے مقبول ہیں۔ ان کا ہنر نسل در نسل منتقل ہوتا ہے، لیکن ان ہنر مند خواتین کا کہنا ہے کہ اب پہلے جیسا معاوضہ نہیں ملتا، غیر سرکاری تنظیم کے لوگ آتے ہیں، ملاقاتیں کرتے ہیں لیکن ہمارے لیے کوئی کام نہیں کرتا۔

    70 سالہ پریمی کا تعلق ایک ہندو میگھواڑ قبیلے سے ہے۔ یہ قبیلہ دستکاری کی مہارت کے حوالے سے مشہور ہے۔ پریمی کی عمر کپڑے پر سوئی اور دھاگے سے پھول سجاتے گزر گئی، مگر مگر ان کی زندگی سنور نہیں سکی۔ پریمی کو شکوہ ہے کہ جتنی محنت اور صفائی سے کپڑے پر سلائی کڑھائی کا کام کرتی ہیں، اس کا انھیں معاوضہ اتنا نہیں ملتا۔

    پریمی میگھواڑ نے بتایا ’’ایک وقت تھا جب ہنرمند خواتین کے کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، اور منہ مانگا معاوضہ بھی مل جاتا تھا مگراب ایسا نہیں ہے۔ مارکیٹ میں مشین سے بنائے گئے گلے اور کرتے میعار میں کم ہونے کے باوجود سستے ہونے کی وجہ سے زیادہ فروخت ہو رہے ہیں۔‘‘

    پریمی کی بیٹی کے مطابق پریمی کے شوہر پریموں گھر کے سربراہ ہیں، وہ سلائی کڑھائی کے کام سے خوش نہیں ہیں، ان کا خیال ہے کہ اس کام میں وقت زیادہ لگتا ہے اور معاوضہ کم ملتا ہے۔

    ’لٹل پیرس‘ کے 4 بلند پہاڑوں سے کون سی عجیب و غریب داستانیں منسوب ہیں؟ ویڈیو

    گھر کے سربراہ پریموں میگھواڑ غیر سرکاری تنظیموں کے کردار سے خوش نہیں ہیں، وہ شکوہ کرتے ہیں کہ غیر سرکاری تنظیموں کے ذمہ دار فقط دکھاوے کے لیے ان کے کام کو پیش کرتے ہیں، مگر بریانی کے علاوہ کوئی سہولت نہیں دیتے۔

    پریموں کا کہنا ہے کہ ہنر مند خواتین کی تیار اشیا کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے، مگر ان کا یہ ہنر ان کی زندگی میں خاص تبدیلی نہیں لا سکا۔ اگر انھیں ایسا پیلٹ فارم مل جائے، جہاں وہ اپنی بنائی ہوئی چیزیں فروخت کر کے مناسب معاوضہ وصول کر سکیں، تو ان کے معاشی حالات بھی بہتر ہو جائیں۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • ماں کے عالمی دن پر نافرمان بیٹے کی ماں پر ظلم کی انتہا

    ماں کے عالمی دن پر نافرمان بیٹے کی ماں پر ظلم کی انتہا

    عمر کوٹ کے میگھوار محلے میں نافرمان بیٹے نے ماں کے عالمی دن پر ماں پر تشدد کیا اور اسے گھر سے نکال دیا۔

    جہاں آج دنیا بھر میں ماؤں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، وہیں عمر کوٹ کے میگھوار محلے میں نافرمان بیٹے نے ماں کے عالمی دن پر ماں پر تشدد کیا اور اسے گھر سے نکال دیا۔

    بیٹے کی تشدد کا نشانہ بننے والی ضعیف العمر ماں انصاف کے لئے پریس کلب پہنچ گئی جہاں انہوں نے بتایا کہ اس کا بیٹا رام چند گھر فروخت کرنا چاہتا تھا میں نے منع کردیا۔

    رام چند کی والدہ نے کہا کہ میرے منع کرنے پر مجھے تشدد کر کے گھر سے نکال دیا، بیٹے نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے تحفظ فراہم کیا جائے۔

  • ماحولیاتی تبدیلیاں، سندھ کے شہر عمر کوٹ میں پانی اور غذائی قلت

    ماحولیاتی تبدیلیاں، سندھ کے شہر عمر کوٹ میں پانی اور غذائی قلت

    کراچی: ماحولیاتی تبدیلیوں نے جہاں دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں، وہاں سندھ کے شہر عمر کوٹ میں بھی پانی اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسانیت کے عالمی دن کے موقع پر سندھ کے شہر عمر کوٹ میں پانی کی کمی اور شدید غذائی قلت کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا، جس میں پاکستانی اور جاپانی این جی اوز کے ماہرین نے شرکت کی۔

    مقررین نے بتایا کے عمر کوٹ سمیت دیگر پس ماندہ علاقوں میں پانی کی رسائی کے لیے 3 سال سے کام کیا جا رہا ہے۔

    مقررین کا کہنا تھا کہ عمر کوٹ میں خواتین کو پانی کے حصول کے لیے کئی کلومیٹر دور جانا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا اس سیمینار کا مقصد آفات سے بچاؤ اور اس میں کمی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے عالمی کلچر کو فروغ دینا ہے۔

    انھوں نے کہا جاپان حکومت نے پاکستانی اداروں کے ساتھ مل کر خشک سالی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں، عمر کوٹ میں این جی اوز کی جانب سے پانی کی کمی اور غذائی قلت پر باقاعدہ کام جاری ہے۔

    سیمینار میں محکمہ موسمیات، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی سمیت دیگر نجی اداروں کے ماہرین نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔

  • وفاقی وزیر مراد سعید کو چائے پلانے پر ڈھابے والا مشکل میں پڑ گیا

    وفاقی وزیر مراد سعید کو چائے پلانے پر ڈھابے والا مشکل میں پڑ گیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید کو چائے پلانے پر عمرکوٹ سندھ کا ایک ڈھابے والا مشکل میں پڑ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر عمرکوٹ میں وفاقی وزیر مراد سعید اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کو چائے پلانے پر ایک غریب ڈھابے والا زیر عتاب آ گیا۔

    مراد سعید عمر کوٹ جلسے اور ریلی کے بعد ڈھابے پر کچھ دیر کے لیے رُکے تھے، اس حوالے سے 5 ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلتے ہی مراد سعید کا جوابی رد عمل بھی آ گیا ہے۔

    مراد سعید نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پرچی چیئرمین کی جمہوریت دیکھیے، مجھےاورگورنر سندھ کو چائے پلانے پر ایک غریب کا ڈھابا غیر قانونی ٹھہرا۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ سندھ میں حکومتی مافیا عوام کا خون چوس رہا ہے، اور زرداری کے ‘بہادر بچے’ وردی میں موت بانٹ رہے ہیں، سوال پوچھنے والے مارے جاتے ہیں۔

    مراد سعید نے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ 30 دسمبر کو لاڑکانہ میں ملاقات ہوگی۔

    ہائی وے پر قائم ڈھابے کے مالک شہری نے ویڈیو میں بتایا کہ 5 دسمبر کو جلسے میں آئے مراد سعید، گورنر سندھ اور دیگر کو انھوں نے چائے پلائی تھی، ان کے جانے کے بعد ہائی وے افسران نے آ کر پیپلز پارٹی کے جھنڈے اتارنے کا کہا اور بہ صورت دیگر ڈھابا بند کرنے کی دھمکی دی۔

  • نادرا انچارچ عمر کوٹ نور محمد بھنبھرو گرفتار

    نادرا انچارچ عمر کوٹ نور محمد بھنبھرو گرفتار

    کراچی: فیڈرل انویسٹگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے عمر کوٹ کے نادرا انچارچ نور محمد بھنبھرو کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا کے ذریعے القاعدہ دہشت گردوں کو جعلی شناختی کارڈ بنانے کے کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے عمر کوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے نادرا انچارچ کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق نور محمد پر کراچی میں تعیناتی کے دوران جعلی شناختی کارڈ بنانے کا الزام ہے، گرفتار نادرا انچارج عمر کوٹ کےگاؤں چھور کا رہائشی ہے، اس کیس میں ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت کئی ملزمان پہلے ہی گرفتار ہیں۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل ایف آئی اے نے انکشاف کیا تھا کہ نادرا کے ڈیٹا بیس میں افغان ایجنسی این ڈی ایس نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو شناختی کارڈز دلوائے۔

    افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ٹی ٹی پی کو نادرا شناختی کارڈز دلوائے، انکشاف

    جمعرات کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون وَن عامر فاروقی نے پریس کانفرنس میں انکشاف کہا کہ نادرا سے ٹی ٹی پی اور القاعدہ کے دہشت گردوں کو کارڈز بنوا کر دیے گئے، بھارتی شہری عمران علی کا شناختی کارڈ بھی بنایا گیا تھا، جو صفورا حملے میں ملوث تھا۔

    ڈائر یکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں بھی شناخت تبدیل کی گئی تھی، نادرا سے اللہ نذر اور قوم پرست دہشت گردوں نے بھی شناختی کارڈ بنوائے، عامر فاروقی کے بیان کے مطابق اس سلسلے میں نادرا سندھ کے کئی ملازم ملوث ہیں۔

  • کلانکر جھیل: تھر کی رونق ماند پڑتی جارہی ہے

    کلانکر جھیل: تھر کی رونق ماند پڑتی جارہی ہے

    اچھڑو تھر 23 ہزار مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اس کی حدود عمر کوٹ سے شروع ہو کر سندھ کے ضلع گھوٹکی سے آگے پنجاب سے ملتی ہیں، جس کے بعد چولستان کا علاقہ شروع ہوجاتا ہے۔

    سندھ کے مشہور اور تاریخی علاقے عمر کوٹ کے قصبے، ڈھورو نارو سے شمال کی سمت 6 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں تو اچھڑو تھر میں ریت کے ٹیلوں کے درمیان کلانکر جھیل واقع ہے۔ یوں تو سندھ کے ان علاقوں میں متعدد جھیلیں ہیں جو دریاؤں کے سمٹنے سے وجود میں‌ آئیں اور کینال کے پانی نے بھی انھیں شاد باد رکھا، برسات میں ان کی رونق مزید بڑھ جاتی ہے، لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ ہم قدرت کے ان تحائف کی قدر کرنے کو تیّار نہیں ہیں۔ کلانکر جھیل کے ساتھ بھی ہم کچھ ایسا ہی سلوک کرتے رہے ہیں اور اس کے قدرتی حسن اور اس جھیل میں موجود حیات کو نقصان پہنچا ہے۔‌ ماہرین کے مطابق کلانکر جھیل ہاکڑو دریا کا تسلسل ہے جس کا وجود مٹ چکا ہے، لیکن اس کے طفیل ہمیں کلانکر اور دیگر جھیلیں‌ ضرور ملی ہیں جن کی حفاظت کرنا ہوگی۔

    کلانکر جھیل کی وجہِ شہرت خوب صورت نظّاروں کے ساتھ ساتھ اس میں موجود مچھلیوں کی مختلف اقسام تھیں جن میں چاکڑ، سنگاری، کرڑیو، جھرکا و دیگر شامل ہیں، لیکن اب یہاں‌ کا پانی مچھلیوں کی افزائش اور فراوانی کے لیے موزوں نہیں رہا اور یہی وجہ ہے کہ اس جھیل کے ساتھ آباد ماہی گیروں کی بڑی تعداد یہاں سے نقل مکانی کرگئی ہے۔ اس جھیل کے اطراف بلند بالا ٹیلے موجود ہیں جب کہ اردگرد میں سبزہ اور درخت ہیں، جو اس کا قدرتی حسن ہیں۔

    جھیل میں پانی کی سطح بہت کم ہوگئی ہے اور کبھی 4 ہزار مربع ایکڑ پر پھیلی ہوئی یہ جھیل رقبے کے اعتبار سے بھی سکڑ کر نہایت کم اراضی تک محدود ہوگئی ہے۔ اس طرف توجّہ دلانے پر حکومتِ سندھ نے اسے تفریحی و سیّاحتی مقام بنانے کے لیے کچھ اقدامات کیے ہیں، لیکن یہ ناکافی ہیں۔ جھیل تک پہنچنے کے لیے تقریباً چار کلومیٹر کا دشوار گزار راستہ طے کرنا پڑتا ہے۔

    موسمِ سرما میں سندھ بھر کی جھیلوں کی طرح یہاں بھی پردیس سے مختلف اقسام کے پرندے لمبا سفر طے کرکے یہاں پہنچتے ہیں، لیکن پانی کی کمی کے سبب ان کی تعداد بھی کم ہوتی جارہی ہے۔

  • عمر کوٹ میں ضمنی انتخابات، انتخابی عملے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا بڑا قدم

    عمر کوٹ میں ضمنی انتخابات، انتخابی عملے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا بڑا قدم

    کراچی: پی ایس 52 عمر کوٹ میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے بڑا قدم اٹھا لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے شہر عمر کوٹ کے انتخابی حلقے پی ایس 52 میں تعینات 53 پریذائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کو ہٹا دیاگیا۔

    الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پریذائیڈنگ افسران پر سیاسی وابستگی کا الزام تھا، کمیشن کو اس کی شکایت موصول ہوئی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے ان افسران کو ہٹایاگیا۔

    ذرائع کے مطابق انتخابی افسران کے خلاف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

    ہٹائے گئے عملے کو مختلف پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کیا گیا تھا، گزشتہ دنوں صوبائی الیکشن کمشنر نے عمر کوٹ کا دورہ کیا تھا، جس میں الیکشن کمشنر نے امیدوار غلام ارباب سے تحفظات سنے تھے۔

    واضح رہے کہ پی ایس 52 عمر کوٹ میں ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ کل ہوگی، الیکشن کمیشن کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ووٹنگ کا تمام سامان پولنگ اسٹیشنز پر پہنچایا جا چکا ہے۔

    پی ایس 52 ضمنی الیکشن میں 12 امیدوار مدِ مقابل ہیں، پیپلز پارٹی کے امیر علی شاہ اور جی ڈی اے امیدوار ارباب غلام رحیم کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ اس حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد ایک لاکھ 53 ہزار 935 ہے، جن میں خواتین ووٹرز کی تعداد 70919 ہے، حلقے میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 128ہے جن میں سے 50 انتہائی حساس اور 40 حساس قرار دیے گئے ہیں۔