Tag: عملہ

  • سینٹرل جیل سے خطرناک دہشت گردوں کا فرار، جیل عملے کو سزائیں

    سینٹرل جیل سے خطرناک دہشت گردوں کا فرار، جیل عملے کو سزائیں

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی سینٹرل جیل سے خطرناک دہشت گردوں کے فرار کے بعد، غفلت کے مرتکب جیل عملے کی سزاؤں کے خلاف اپیل مسترد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سینٹرل جیل سے خطرناک قیدیوں کے فرار کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے جیل کے عملے کی سزاؤں کی اپیل پر فیصلہ سنا دیا۔

    جیل عملے کے متعدد افراد کیس میں نامزد تھے جن میں سے 8 کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کردی گئی جس کے بعد انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا، دیگر ملزمان کی سزاؤں کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق 13 جون 2017 کو سینٹرل جیل سے شیخ ممتاز عرف فرعون اور احمد خان نامی ملزمان فرار ہوئے تھے، فرار ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

    دہشت گردوں کے فرار کے بعد رینجرز اور پولیس نے جیل میں سرچ آپریشن کیا تھا، جیل میں سرچ آپریشن کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    بعد ازاں جیل عملے کے متعدد افراد پر کیس چلایا گیا، ملزمان میں اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ غلام مرتضیٰ، فہیم انور، سالک ایاز، رحمٰن شیخ، عبد الغفور، عروس، سعید اور مبین شامل تھے، ماتحت عدالت نے 14 ملزمان کو 6، 6 سال کی سزا سنائی تھی۔

    ایپلٹ پینچ نے ملزمان (جیل عملے) کے خلاف دہشت گردی کے الزامات ختم کر دیے اور غفلت کے الزامات میں سزا برقرار رکھتے ہوئے ملزمان کو جیل بھیج دیا۔

  • قاتل وہیل مچھلیوں نے کشتی پر حملہ کردیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    قاتل وہیل مچھلیوں نے کشتی پر حملہ کردیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کھلے سمندر میں اگر لہریں نامہربان ہوجائیں تو زندگی کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی، لیکن کیا ہوگا اگر خطرناک قاتل سمندری جاندار کشتی کا گھیراؤ کرلیں؟

    ایک برطانوی جہاز کے عملے کو ایسی ہی کچھ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب وہ جبرالٹر کے قریب سے گزر رہے تھے۔ 30 کے قریب قاتل وہیل مچھلیوں نے ان کی کشتی کا گھیراؤ کرلیا۔

    عملے کی بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بے شماروہیل مچھلیاں کشتی کے آس پاس چکر لگا رہی ہیں۔

    بعد ازاں وہیل مچھلیوں نے باقاعدہ کشتی پر حملہ کیا جس سے کشتی کو خاصا نقصان پہنچا۔ کشتی کا نچلا حصہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا جس کے بعد عملے کو جبرالٹر میں پناہ لینی پڑی۔

    قاتل مچھلیوں کا یہ خوفناک کھیل 2 گھنٹے تک چلتا رہا اور وہ کشتی کے ساتھ ساتھ تیرتی رہیں۔

    عملے کا کہنا ہے کہ اگر کشتی سمندر میں ڈوب جاتی تو ہم ان قاتل وہیل مچھلیوں کے رحم و کرم پر ہوتے۔

    یہ طے نہیں کیا جاسکا کہ کس وجہ سے وہیل مچھلیوں نے کشتی پر حملہ کیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے ماضی میں کوئی وہیل مچھلی اس کشتی سے زخمی ہوئی ہو، ان کا یہ حملہ بہت منظم تھا۔

  • پولی کلینک میں زیر تربیت ڈاکٹر کرونا وائرس کا شکار

    پولی کلینک میں زیر تربیت ڈاکٹر کرونا وائرس کا شکار

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال میں زیر تربیت ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، متاثرہ ڈاکٹر اور اس کے ساتھ ڈیوٹی کرنے والا عملہ آئیسولیٹ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولی کلینک اسپتال کے زیر تربیت ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹر یورولوجی وارڈ میں تعینات تھا۔

    ذرائع پولی کلینک کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر میں گزشتہ ہفتے کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں، کوویڈ 19 کی تصدیق ہونے پر متاثرہ ڈاکٹر کو آئیسولیٹ کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں متاثرہ ڈاکٹر کے ساتھ ڈیوٹی کرنے والا عملہ بھی آئیسولیٹ کر دیا گیا۔

    دوسری جانب ملک بھر میں مجموعی کرونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ 15 ہزار 260 ہوچکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 644 نئے کیسز سامنے آئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 6 ہزار 517 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 907 ہے جبکہ کرونا وائرس کے 2 لاکھ 99 ہزار 836 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • جہاز کا عملہ خاتون کو طیارے میں‌ سوتا چھوڑ گیا

    جہاز کا عملہ خاتون کو طیارے میں‌ سوتا چھوڑ گیا

    اوٹاوا : کینیڈین ایئرلائن میں سفر کرنے والی ایک خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے دوران پرواز نیند آگئی تھی اور جب آنکھ کھلی تو جہاز مسافروں سے خالی تھا اور عملہ اسے اندھیرے میں اکیلا چھوڑ کرچلاگیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جہاز میں اکیلے رہ جانے کا واقعہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پیش آیا جب جہاز کا عملہ کیوبک سے ٹورنٹو تک سفر کرنے والی ایک خاتون کو پرواز میں سوتا چھوڑ گیا، ٹفینی ایڈمز نامی خاتون نے 9 جون کوایئر کینیڈا کے ساتھ 90 منٹ کا سفرکیاتھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ٹورنٹو ایئرپورٹ پرخاتون کی آنکھ کھلی تو طیارہ لینڈ ہوچکا تھا اور دروازے لاک تھے اور ناجانے کیسے متاثرہ خاتون عملے کی نظروں میں نہیں آسکی اور اندر ہی رہ گئیں۔

    ٹفینی ایڈمز کا کہنا تھا کہ رات کو سردھی کے باعث میری آنکھ کھلی خود کو سیٹ سے بندھا ہوا پایا لیکن جہاز لینڈہوچکا تھا، اندھیرے خود کو ایسی حالت میں پایا وہ ایک خوفناک خواب جیسا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون نے اس واقعے کو دہشت ناک قرار دیا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایئرکینیڈا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی اس کی تحقیقات کررہی ہے کہ عملہ کیسے خاتون کو دیکھنے سے قاصر رہا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے ایئر کینیڈا کے فیس بُک پیج پر پیغام ارسال کیا کہ ‘میں ڈیڑھ گھنٹے کی مختصر پرواز کے دوران سو گئی تھی، جب میں آدھی رات کو شدید ٹھنڈ کی وجہ سے بیدار ہوئی (پرواز لینڈ ہونے کے کئی گھنٹے بعد) تو میں تاحال اپنی نشست پر بیلٹ سے بندھی تھی اور ارگرد مکمل تاریکی تھی’۔

    خاتون نے بتایا کہ خوفناک واقعے کے دوران میں نے اپنی دوست ڈیانا کو کال کی تاہم میرے موبائل کی بیٹری ختم ہوگئی تھی جس کے بعد میں نے اپنا موبائل فون چارج کرنا چاہا لیکن طیارے میں بجلی بند ہونے کے باعث موبائل بھی چارج نہیں کررسکی۔

    متاثرہ خاتون نے بتایا کہ مجھے کاکپٹ سے ایک ٹارچ ملی جس کی مدد سے میں نے جہاز کا دروازہ کھولا لیکن پھر بھی طیارےسے باہر نہیں جاسکتی تھی کیونکہ میں 50 فٹ کی بلندی پر تھی۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ میں وہی بیٹھ گئی اور کچھ دیر بعد سامان اٹھانے والی گاڑی نظر آئی تو ٹارچ نے سگنل دئیے جس کے بعد سامان اٹھانے والا عملہ مجھے اس وقت طیارے میں دیکھ کر حیران رہ گیا۔

    ٹفینی ایڈمز کا کہنا تھا کہ ایئرکینیڈا نے مجھے لیموزین کار اور ہوٹل کی پیش کش کی تاہم نے میں نے پیشکش ٹھکراتے ہوئے کہا کہ مجھے جتنی جلدی ہوسکے گھر روانہ کریں۔

    ایئر کینیڈا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ناجانے کیسے جہاز کا عملہ خاتون کو دیکھنے سے قاصر رہا ، کمپنی واقعے کی پوری تحقیق کرے گی۔

  • کابل: امریکی سفارتخانہ کا عملہ نصف کرنے کے منصوبے پر کام تیز

    کابل: امریکی سفارتخانہ کا عملہ نصف کرنے کے منصوبے پر کام تیز

    واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے 31 مئی سے کابل کے امریکی سفارتخانے کا عملہ نصف کرنے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا۔امریکی حکام اور معاونین کانگریس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے کمزور افغان امن عمل بری طرح متاثر ہو گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ایک سال قبل سفارتی عملہ کم کرنے کا فیصلہ اسلئے حیران کن ہے کہ افغان جنگ کے خاتمے اور امریکی فوج کے انخلا کے سلسلے میں امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدے کیلئے مذاکرات میں ابھی تک قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوئی۔

    ادھر طالبان جن کی صدر ٹرمپ کی جنگ کے خاتمے کی خواہش کی وجہ سے مذاکرات پر گرفت پہلے سے بہت مضبوط ہے، سفارتی عملے میں کٹوتی سے انہیں مزید شہ مل سکتی ہے، کیونکہ وہ سفارتی عملے کی کٹوتی افغانستان میں امریکی کردار محدود کرنے کی ٹرمپ کی خواہش کی تصدیق خیال کرینگے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ کابل کا سفارتخانہ 11/9 کے بعد افغانستان میں امریکی سرمایہ کاری کے حجم کی تصدیق کرتا ہے، جس کے 1500 افراد پر مشتمل عملے کیلئے قلعہ نما کمپاؤنڈ میں چار سال قبل 80 کروڑ ڈالر کی لاگت سے توسیع کی گئی۔

    ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ عملے میں کٹوتی کو امریکی سفارتکاروں کی عالمی سطح پر دوبارہ سے تقسیم کے طور پر دیکھا جائے، جوکہ ٹرمپ انتظامیہ کی نیشنل سکیورٹی سٹریٹجی میں تبدیلی کا تقاضا ہے جس میں انسداد دہشت گرد ی کے بجائے روس اور چین کیساتھ مخاصمت پر زور دیا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ادھر سفارتی عملے میں اچانک کٹوتی سے ایک ہفتہ قبل دفتر خارجہ نے کانگریس کی کمیٹی کو بریفنگ دی تھی، اس پر افغانستان کے ردعمل کا امکان نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    اشرف غنی حکومت کے امریکہ کیساتھ تعلقات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں، جوکہ طالبان سے مذاکرات میں کابل حکومت کو شامل کرنے پر پہلے سے نالاں ہے۔

    امریکہ کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ٹامس لینچ نے بتایا کہ غنی حکومت اسے ایک اور فریب قرار دے گی۔ حکام اور معاونین کانگریس نے کہا کہ اس فیصلے پر نیٹو اتحادی تشویش کا اظہار کر سکتے ہیں ، جن کے صدر ٹرمپ کیساتھ پہلے سے کئی امور پر اختلافات ہیں۔

    دفتر خارجہ کی ترجمان نے اپنے ای میل میں کہا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سفارتخانوں کا بدلتے حالات کے مطابق جائزہ لیتا رہتا ہے۔ امن سمجھوتے کے تحت افغان جنگ کا خاتمہ اور انسداد دہشت گردی پر فوکس صدر ٹرمپ کی ترجیحات میں شامل ہے، واشنگٹن افغانستان میں موثر موجودگی برقرار رکھے گا۔

    انہوں نے سفارتی عملہ کم کرنے کے منصوبے کی کوئی وضاحت نہ کی۔امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد بیرونی حملوں کیلئے افغان سرزمین کا استعمال روکنے سے متعلق طالبان کیساتھ بات چیت میں پیش رفت کی رپورٹ پیش کر چکے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک اہلکار نے بتایا کہ کابل سفارتخانے کے عملے میں کٹوتی کا ہدف خالی ہونیوالے عہدوں پر نئی تقرریاں نہ کر کے حاصل کیا جائے گا۔

  • دبئی کی نجی ایئرلائن کے ذریعے امریکا جانے والے مسافر بیمار

    دبئی کی نجی ایئرلائن کے ذریعے امریکا جانے والے مسافر بیمار

    نیویارک/دبئی : متحدہ عرب امارات کی امریکا جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز  ای کے 203 کا عملہ درجنوں مسافر وں سمیت دوران پرواز اچانک بیمار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی نیویارک پہنچنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں اچانک ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، جب جہاز کے پائیلٹ نے پرواز کو رن وے پر لینڈ کرنے سے قبل ہی ایئر ٹریفک کنٹرولر کو بتایا کہ طیارے میں سوار کئی مسافر اور عملہ شدید بیمار ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کو مسافروں اور جہاز کے عملے کے بیمار  ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے سمیت متعدد ایمبولینس رن وے پر پہنچ گئی۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا تھا کہ دبئی سے امریکی شہر نیویارک جانے والے طیارے اے 380 میں 500 مسافر سوار تھے جن میں متعدد مسافروں نے اچانک تیز بخار اور کھانسی کی شکایت کی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز نیویارک پہنچنے والے نجی اماراتی ایئر لائن فلائٹ نمبر ای کے 203 جان ایف کینیڈی بین الااقوامی ہوائی اڈے پہنچی کو ریسکیو اہلکاروں بیمار مسافروں اور عملے کے افراد  کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے جہاز کا کنٹرول سنبھال لیا۔

    دوسری جانب نجی ایئرلائن کی جانب ٹویٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ پرواز کے نیویارک لینڈ کرتے ہی تمام مسافروں کی مقامی ہیلتھ اتھارٹی کے ذریعے چیک اپ کروایا گیا جبکہ عملے کے 7 افراد اور 3 مسافروں کو مزید طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    نجی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ 9 مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی مزید چیکنگ کے لیے روک کر دیگر مسافروں کو جانے کی اجازت دے دی تھی۔

  • پی آئی اے پریمیئر سروس: عملہ بھی جدید رنگ میں ڈھل گیا

    پی آئی اے پریمیئر سروس: عملہ بھی جدید رنگ میں ڈھل گیا

    اسلام آباد: پاکستان قومی ایئر لائن (پی آئی اے) 14 اگست کو اپنی پریمیئر سروس کا آغاز کرنے جارہی ہے جس کے لیے جہاں دیگر کئی نئی سہولیات متعارف کروائی جارہی ہیں وہیں کیبن کریو کے حلیہ کو بھی جدید رنگ میں ڈھال دیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کی پریمیئر سروس اسلام آباد سے لندن اپنی پروازوں کا اغاز کرے گی۔

    PIA-post-1

    اس سروس کے لیے کئی ایسی سہولیات متعارف کروائی گئی ہیں جو اس سے پہلے پی آئی اے میں موجود نہیں تھی۔

    PIA-post-3

    PIA-post-4

    پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی نے پی آئی اے کی نئی تبدیلیوں کے بارے میں اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آگاہ کیا اور تصاویر بھی شیئر کیں۔

    pia-new

    واضح رہے کہ اس سروس میں مہنگے داموں کرائے پر حاصل ایئر بس 330 طیارہ آپریٹ کیا جائے گا۔ ایئر بس 330 طیارے کو نئے لوگو کے ساتھ پینٹ کر دیا گیا ہے۔ طیارے پر خصوصی رنگ کرنے پر بھی پی آئی اے کو کروڑوں روپے خرچ کرنا پڑے۔

    PIA-post-2

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا انجینیئرنگ کا عملہ دن رات طیارے کو تیار کرنے میں مصروف ہے تاکہ 14 اگست سے پہلے طیارے کو مکمل کیا جا سکے۔ پریمیئر سروس کے لیے پی آئی اے نے انتہائی مہنگے داموں کرائے پر تین ایئر بس 330 طیارے حاصل کیے ہیں جن کا کرایہ 8 ہزار ڈالر فی گھنٹہ ہے۔