کویت نے "عوامی اخلاقیات” کے پیش نظر سپر ہٹ فلم ’’باربی‘‘ اور ’’ٹاک ٹو می‘‘ کی سینما گھروں میں نمائش پر پابندی لگادی ہے۔
کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملک میں عوامی اخلاقیات اور روایات کے تحفظ کی غرض سے ‘باربی’ اور ‘ٹاک ٹو می’ فلموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
’اوپن ہائیمر‘ کی اسکریننگ کے دوران ’باربی‘ کا سب ٹائٹل چل گیا
رپورٹ کے مطابق خلیجی ملک کویت نے اس معاملے میں لبنان کی پیروی کی ہے، لبنان نے بھی بدھ کو ملک کے سینما گھروں میں فلم ‘باربی’ کی نمائش پر پابندی عائد کر دی تھی۔
رپورٹ کے مطابق کویت کی سنیما سنسرشپ کمیٹی کے سربراہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کسی بھی غیر ملکی فلم کے بارے میں فیصلہ کرتے وقت کمیٹی عام طور پر عوامی اخلاقیات کے خلاف چلنے والے مناظر کو سنسر کرنے کا حکم دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیکن (اگر) کسی فلم میں غیر اخلاقی تصورات، پیغام یا ناقابل قبول رویہ ہو تو کمیٹی مجموعی طور پر زیر بحث چیزوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرتی ہے۔
وارنر برادرز ڈسکوری کمپنی کی اکائی وارنر برادرز پکچرز کے مطابق 21 جولائی کو ریلیز ہونے والی فلم "باربی” کی دنیا بھر میں آمدنی 1 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔