Tag: عوامی راج پارٹی

  • سابق ایم این اے جمشید دستی کی بس کا نمبر بھی جعلی نکلا

    سابق ایم این اے جمشید دستی کی بس کا نمبر بھی جعلی نکلا

    مظفر گڑھ: ڈگری کے بعد بس کا نمبر بھی جعلی نکل آیا، سابق ایم این اے جمشید دستی کی بس کا نمبر رجسٹرڈ نہیں تھا، بس کو قبضے میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی جعلی ڈگریوں کی طرح ان کی بس کا نمبر این اے 178 بھی جعلی نکلا، پولیس کا کہنا ہے کہ بس کی رجسٹریشن نہیں کرائی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ عوامی راج پارٹی کے چیئرمین جمشید دستی نے اپنے حلقے میں فری بس سروس شروع کر رکھی تھی، تاہم پچھلے سال اگست میں انتخابات ہارنے کے بعد یہ سروس بند کر دی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  جمشید دستی کا مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج، سر منڈوا لیا

    جعلی نمبر پلیٹ کے باعث مظفر گڑھ پولیس نے جمشید دستی کی بس پکڑ کر بند کر دی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ جمال کے قریب چیکنگ کے لیے بس کو روکا گیا تھا، نمبر پلیٹ جعلی نکلنے پر بس کو قبضے میں لے لیا گیا۔

    عوامی راج پارٹی کے چیئرمین جمشید دستی نے کہا ہے کہ بس عوام کے لیے مفت چلتی تھی، دھرنے میں شرکت کے اعلان کے بعد بس بند کرائی گئی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ بس کی نمبر پلیٹ کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا ہے، جس پر کارروائی کی گئی، قانون سب کے لیے برابر ہے۔

    یاد رہے چند دن قبل جمشید دستی کی ایک اور جعلی ڈگری بھی پکڑی گئی تھی، اسلامیہ یونی ورسٹی بہاولپور نے سال 2017 میں بی اے کی حاصل کردہ ڈگری انٹر میڈیٹ کی سند کی تصدیق نہ ہونے کے سبب منسوخ کی۔

  • جمشید دستی کا مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج، سر منڈوا لیا

    جمشید دستی کا مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج، سر منڈوا لیا

    مظفر گڑھ: عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے اپنے سر کے بال منڈوا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے مہنگائی کے خلاف احتجاجاً اپنے ساتھیوں سمیت ٹنڈ کرالی۔

    مظفر گڑھ سے سابق ایم این اے نے مہنگائی کے خلاف پر امن احتجاج کرتے ہوئے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ مہنگائی کے حالیہ طوفان نے عام آدمی کا برا حال کر کے رکھ دیا ہے۔

    جمشید دستی کا کہنا تھا کہ وہ ہوش ربا مہنگائی کے خلاف اپنے ساتھیوں سمیت گنجا ہو کر پر امن احتجاج کر رہے ہیں۔

    سابق ایم این اے نے ویڈیو پیغام میں عوام سے اپیل کی پوری قوم مہنگائی کے خلاف ان کے کلب کے ممبر بنیں اور سر کے بال منڈوا کر احتجاج کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  جمشید دستی ایل ایل بی کے تمام پرچوں میں فیل ہوگئے

    خیال رہے کہ جمشید دستی مختلف قسم کے تنازعات میں الجھے رہے ہیں اور اپنے انوکھے کارناموں کی وجہ سے پہلے ہی سے شہرت کے حامل ہیں، 2013 کے الیکشن میں انھوں نے اپنی نشست جیت لی تھی۔

    جمشید دستی نے اپنے حلقے میں 2008 میں انتخابات جیتنے کے بعد 5 بسوں کی مفت سروس کا آغاز کیا تھا اور اپنے عوامی انداز کو مد نظر رکھتے ہوئے خود بھی کئی دفعہ بسوں میں ڈرائیونگ کی تھی۔

    تاہم رواں سال مارچ میں انھوں نے ایل ایل بی پارٹ ون کے تمام پرچے فیل کر دیے تھے، انھوں نے ملتان لا کالج میں داخلہ لیا تھا، لیکن امتحان میں ایک بھی پرچا پاس نہ کر سکے۔