Tag: عوامی شکایات کا ازالہ

  • عوامی شکایات کا ازالہ، وزیر اعظم  کو  وفاقی وزارت تعلیم کی کارکردگی رپورٹ پیش

    عوامی شکایات کا ازالہ، وزیر اعظم کو وفاقی وزارت تعلیم کی کارکردگی رپورٹ پیش

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کو وفاقی وزارت تعلیم کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے پر کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی ، جس میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی کارکردگی کو ناقص قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری اداروں میں عوامی شکایات کے حل کے معاملے پراداروں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال جاری ہے اور وزیر اعظم ڈلیوری یونٹ متحرک ہیں۔

    وفاقی وزارت تعلیم کی کارکردگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی اور عوامی شکایات کے ازالے پر کارکردگی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کردی ہے۔

    18رپورٹ میں بتایا گیا کہ 18 افسران کے ڈیش بورڈز پر 542 شکایات کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی کارکردگی ناقص قرار دیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ ناقص کارکردگی پر سابق ڈی جی فیڈرل ایجوکیشن ، ڈپٹی ڈائریکٹرفیڈرل ایجوکیشن،پرنسپل ایف جی کالج ہوم اکنامکس سےوضاحت طلب کرلی گئی ہے۔

    وزیراعظم آفس نے کہا کہ ہدایت کےبرعکس افسران نےشکایات کےحل میں کوتاہی کی، افسران شکایات کے حل ،رائے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

    رپورٹ میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کی کارکردگی کی تعریف کی گئی ہے۔

  • پاکستان سٹیزن پورٹل پرعوامی شکایات کا ازالہ، پانچ ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی بازیاب

    پاکستان سٹیزن پورٹل پرعوامی شکایات کا ازالہ، پانچ ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی بازیاب

    اسلام آباد : پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کے بعد پانچ ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی والدہ کی شکایت پر بازیاب کرالی گئی، دو سال تک لڑکی کو بلیک میل کرنے والا نوجوان گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم پاکستان سٹیزن پورٹل کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

    سٹیزن پورٹل اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی آواز بن گیا، وزیراعظم آفس کے بروقت ایکشن کے باعث عوامی مسائل حل ہونے لگے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینوں پر قبضے سمیت خواتین کو ہراساں کرنے کے مسائل حل کردئیے گئے، اس کے علاوہ مغوی خواتین کی بازیابی اور تھانے کچہریوں کے مسائل بھی فوری حل کئے گئے۔

    سٹیزن پورٹل نے خاتون کی دوران ملازمت نومولود کو ساتھ رکھنے پر دفتر کے اعتراض سے متعلق خاتون کی شکایت پر وزیراعظم آفس نے بر وقت ایکشن لیا اور مذکورہ خاتون کو دوران ملازمت نومولود کو اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت مل گئی۔

    ذرائع کے مطابق کمپنی دیوالیہ ہونے پر بیرون ملک پھنسے پاکستانی کو بھی وطن واپس لایا گیا، سٹیزن پورٹل نے باپ کے سامنے بیٹی سے تھانے میں بےہودہ سوالات کی تفتیش کی شکایت پر بھی ایکشن لیتے ہوئے باپ کی شکایت پر دباؤ ڈالنے والے پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا۔

    اس حوالے سے لڑکی کے والد کامران نے کہا کہ انصاف ملنے پر وزیراعظم عمران خان کو دونوں ہاتھوں سے سلیوٹ کرتا ہوں۔

    علاوہ ازیں دو سال تک لڑکی کو بلیک میل کرنے والے نوجوان کیخلاف شکایت پر کارروائی کی گئی، متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل پر شکایت کرنے کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

    سٹیزن پورٹل نے پانچ ماہ قبل اغواء کی گئی لڑکی والدہ کی شکایت پربازیاب کرالی، متاثرہ خاتون نے کہا کہ میری بیٹی 5ماہ سے لاپتہ تھی ہم سب ذہنی اذیت کا شکار تھے، وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے فرشتوں کی طرح میری مدد کی۔