Tag: عوام پاکستان پارٹی

  • شاہد خاقان عباسی کی عوام پاکستان پارٹی کو رجسٹرڈ کرلیا گیا

    شاہد خاقان عباسی کی عوام پاکستان پارٹی کو رجسٹرڈ کرلیا گیا

    اسلام آباد : شاہد خاقان عباسی کی عوام پاکستان پارٹی کو رجسٹرڈ کرلیا ، انھوں نے 26 جون کو انٹرا پارٹی الیکشنز کی تفصیلات جمع کرائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے شاہد خاقان عباسی کی عوام پاکستان پارٹی کو رجسٹرڈ کرلیا اور نوٹیفکیشن جاری کردیا.

    الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان کے انٹر اپارٹی الیکشنز تسلیم کرلئے اور کہا کہ شاہد خاقان پارٹی کے کنوینر ہیں، مفتاح اسماعیل سیکریٹری جنرل ہیں۔

    شاہد خاقان عباسی نے 26 جون کو انٹرا پارٹی الیکشنز کی تفصیلات جمع کرائی تھی، الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد 168 ہوگئی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات تاحال تسلیم نہ ہوئے تاہم پی ٹی آئی بطور جماعت الیکشن کمیشن کی فہرست میں موجود ہے۔

    یاد رہے جولائی 2024 میں پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے سابق رہنماؤں مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی نے باضابطہ طور پر عوام پاکستان پارٹی کے نام سے نئی پارٹی کا آغاز کیا تھا۔

    اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ عوام پاکستان موروثی سیاست کی پیروی نہیں کرے گی۔

  • فارم 47 والے ملک نہیں بنا سکتے، شاہد خاقان عباسی

    فارم 47 والے ملک نہیں بنا سکتے، شاہد خاقان عباسی

    اسلام آباد: شاہد خاقان عباسی نے عوام پاکستان پارٹی کے نام سے نئی پارٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارم 47 والے ملک نہیں بنا سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے سابق رہنما شاہد خاقان عباسی نے عوام پاکستان پارٹی کے نام سے نئی جماعت لانچ کر دی ہے، انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکمرانوں کو ملک کی کوئی پروا نہیں، سیاسی استحکام ہے، نہ معاشی استحکام۔

    انھوں نے کہا اسمبلی میں بیٹھے زیادہ تر لوگ الیکشن ہارے ہوئے ہیں، ن لیگ نے ووٹ کو عزت دو کی سیاست چھوڑ کر اقتدار کی سیاست کو اپنا لیا تو میں نے ان سے معذرت کر لی۔

    شاہد خاقان نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا دنیا کی معیشت انٹرنیٹ پر چل رہی ہے، اور ہم جلسوں کے خوف سے انٹرنیٹ بند کر دیتے ہیں، جو ملک دودھ پر بھی ٹیکس لگا دے وہ اگلے سال کیا کرے گا؟ احتساب ان کا ہونا چاہیے جو خود پر نہیں دوسروں پر ٹیکس لگاتے ہیں۔

    اس موقع پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہمارا نظام شکاری نظام بن گیا ہے، حکمران عوام کو شکار سمجھ رہے ہیں، پاکستانی نظام صرف اشرافیہ کے کام آتا ہے عام آدمی کو آگے بڑھنے نہیں دیا جاتا۔

  • پاکستان میں نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل،  نام اور جھنڈا  منظر عام پر آگیا

    پاکستان میں نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل، نام اور جھنڈا منظر عام پر آگیا

    اسلام آباد : پاکستان میں نئی سیاسی پارٹی کا نام اور جھنڈا منظر عام پر آگیا، مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان کی نئی پارٹی کا نام عوام پاکستان پارٹی ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دے دی گئی ، اس حوالے سے مفتاح اسماعیل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ 6 جولائی کو نئی پارٹی کا اعلان کریں گے، شاہد خاقان عباسی نئی پارٹی کے کنوینر ہوں گے۔

    نئی پارٹی کا نام اور جھنڈا بھی منظر عام پر آگیا ہے ، مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان کی نئی پارٹی کا نام عوام پاکستان پارٹی ہوگا۔

    ابتدائی طور پر 20 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، آرگنائزنگ کمیٹی چھ ماہ تک کام کرے گی، آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینیر شاہد خاقان عباسی جبکہ سیکریٹری مفتاح اسماعیل ہوں گے۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگ ہیں ، سیاسی رہنمائوں سے رابطے اور ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، محمود مولوی ، عمران اسماعیل ، رضا ہارون ، عشرت العباد سے رابطے اور ملاقاتیں ہوئیں ، عشرت العباد کو اپنا بھائی سمجھتا ہوں۔

    کسی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت نہیں دی ، جسکو آنا ہے وہ آئے گا ، ہم نے الیکٹیبلز یا پکڑ دھکڑ کی سیاست نہیں کرنی، ہم نان الیکٹیبلز کی سیاست کریں گے ، نئے چہرے سامنے لائیں گے۔

    نئی پارٹی کی آرگنائزنگ کمیٹی میں بڑے بڑے نام شامل ہیں، جن میں سردار مہتاب عباسی ، سینیٹر جاوید عباسی ، ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین، سابق رکن قومی اسمبلی فیصل آباد سے رانا زاہد توفیق ، پنجاب کے سابق صوبائی وزیر ذعیم قادری بھی شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ تحریک انصاف کے ڈاکٹر ظفر مرزا، ڈاکٹر طارق بنوری، معروف جرنلسٹ معیزجعفری،ایڈووکیٹ ڈاکٹر طارق چیمہ ، عمیر اللہ والا سمیرا خان بھی آرگنائزنگ کمیٹی کا حصہ ہیں۔