Tag: عہدے کا حلف

  • نومنتخب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ آج اپنےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

    نومنتخب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ آج اپنےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

    اسلام آباد : نومنتخب چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ آج اپنےعہدے کا حلف اٹھائیں گے ، چیف جسٹس آف پاکستان چیف الیکشن کمشنر سے حلف لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نومنتخب چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی تقریب حلف برداری دوپہرایک بجے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہوگی، جس میں سکندرسلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ، چیف جسٹس آف پاکستان چیف الیکشن کمشنرسےحلف لیں گے۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن کے2نومنتخب ممبران کی حلف برداری کی تقریب الیکشن کمیشن ہیڈآفس میں ہوگی ، جس میں 2نومنتخب ممبران حلف اٹھائیں گے، چیف الیکشن کمشنرنومنتخب ممبران سےحلف لیں گے۔

    خیال رہے سکندر سلطان راجہ سابق بیورو کریٹ ہیں اور مختلف حکومتوں میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، جن میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری آزاد کشمیر، سیکریٹری پیٹرولیم اور ریلویز کے اہم ترین عہدے شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : سکندرسلطان راجہ 5 سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

    یاد رہے حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کیا تھا جب کہ شاہ محمد جتوئی بلوچستان اور سندھ کیلئے نثاردرانی کے ناموں پر اتفاق ہوا تھا۔

    بعد ازاں صدرمملکت عارف علوی نےالیکشن کمیشن کےسربراہ اور ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی تھی ، جس کے بعد وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق سکندرسلطان راجہ کو 5سال کیلئے چیف الیکشن کمشنرمقرر کیا گیا جبکہ سندھ سے نثاردرانی اوربلوچستان سے شاہ محمود جتوئی کو رکن الیکشن کمیشن تعینات کیا گیا۔

    واضح رہے چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019کو ریٹائر ہوئے تھے اور ان کی جگہ جسٹس (ر) الطاف قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

  • پہلی بار پاکستانی نژاد خاتون امریکی ریاست کی جج مقرر

    پہلی بار پاکستانی نژاد خاتون امریکی ریاست کی جج مقرر

    واشنگٹن : امریکا میں پہلی مرتبہ پاکستانی نژاد خاتون رابعہ کولیر نے بطور جج سول ڈسٹرکٹ کورٹ ٹیکساس کا حلف اٹھالیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستانی نژاد خاتون رابعہ کولیر کو امریکی ریاست ٹیکساس کی 113 ویں سول ڈسٹرکٹ عدالت کی جج کی تعینات کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ رابعہ کولیر گذشتہ 12 برس سے وکالت کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ٹیکساس بار کونسل میں بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رابعہ کولیر ہیرس کاونٹی میں ڈیموکریٹ لائرز ایسوسی ایشن کی بورڈ ممبر اور ایسوسی ایشن آف ویمن اٹارنی کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رابعہ ٹیکساس کی پروفیشن بار کمیٹی میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں جبکہ اس سے قبل ہیوسٹن ینگ لائرز ایسوسی ایشن کی شریک چیئرمین بھی رہی ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق رابعہ کولیر نے کنگ ووڈ ہائی اسکول ہیوسٹن سے گریجویشن مکمل کیا اور آسٹن میں موجود یونیورسٹی آف ٹیکساس سے بیچلرز آف آرٹس ڈگری حاصل کی جبکہ ٹیکساس سڈرن یونیورسٹی سے جیورس ڈاکٹر کی ڈگری حاصل کی تھی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد خاتون نے مقدمہ بازی، کمرشل مقدمہ بازی، کنزیومر لاء اور شہری حقوق میں مہارت رکھتی ہیں اور اب تک وفاقی اور ریاست عدالتوں میں تقریباً 250 مقدمات لڑچکی ہیں۔

    واضح رہے کہ رابعہ نے رابرٹ کولیر نامی شخص سے شادی کی تھی جو بحیثیت اٹارنی تعینات ہیں، رابعہ اپنے خاوند رابرٹ کولیر اور دو بیٹوں کے ہمراہ شمالی ہیوسٹن میں رہایش پذیر ہیں۔

  • سندھ کےنامزدگورنرمحمد زبیرعمرآج عہدےکاحلف اٹھائیں گے

    سندھ کےنامزدگورنرمحمد زبیرعمرآج عہدےکاحلف اٹھائیں گے

    کراچی:سندھ کےنامزد گورنرمحمود زبیر عمر آج صوبے کے 32ویں گورنرکی حیثیت سےعہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کےمطابق صوبہ سندھ کے نامزد گورنرمحمد زبیرعمرآج صوبے کے 32ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے،سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید سجاد علی شاہ گورنرسندھ سے عہدے کا حلف لیں گے۔

    نامزد گورنرسندھ کی حلف برداری کی تقریب 4بجےگورنرہاؤس میں ہوگی،جس میں وزیراعلیی سندھ سید مرادعلی شاہ اور کابینہ کے ارکان شرکت کریں گے۔

    محمد زبیرعمر 23مارچ 1956کوایبٹ آباد کے فوجی گھرانے میں پیدا ہوئے،انہوں نے ابتدائی تعلیم ایبٹ آباد اور راولپنڈی میں حاصل کی اور 1984 میں آئی بی اے کراچی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرزکی ڈگری حاصل کی۔

    انہوں نے2012 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیارکی اور پارٹی کے منشور کی تیاری میں معیشت اور ٹیکس ریفارمز کے شعبوں میں معاونت کی۔

    مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے کےبعد محمد زبیرکو پہلے بورڈ آف انوسٹمنٹ کا چیئرمین اور دسمبر 2013میں نجکاری کمیشن کا سربراہ بنایاگیا۔

    محمد زبیر عمر 6بھائیوں میں چوتھے نمبر پرہیں،جبکہ ان کے چھوٹے بھائی اسد عمر تحریک انصاف کےرکن قومی اسمبلی ہیں۔

    واضح رہےکہ اس سےقبل جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے 11نومبر2016کو گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایاتھا،تاہم خرابی صحت کی بنا پروہ زیادہ عرصے تک ذمہ داریاں نہ نبھاسکے اور 12جنوری کوانتقال کرگئے۔