Tag: عیادت

  • بلاول بھٹو نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی: نیئر بخاری

    بلاول بھٹو نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی: نیئر بخاری

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی، ان کے اس عمل نے عوام کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کی بہترین کاوش کی، انھوں نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی۔

    سابق چیئرمین سینیٹ اور پی پی کے سینئر رہنما نیئر بکاری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے مخالفت برائے مخالفت والی سوچ کے خاتمے کی طرف تاریخی قدم اٹھایا۔

    سینئر سینیٹر نے کہا کہ چیئرمین پی پی نے نواز شریف کی عیادت کر کے اپنے عمل کے ذریعے حقیقی سیاسی و قومی رہنما ہونے کا ثبوت دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلاول نے سیاسی رنجشیں بھلا کر انسانیت و اخلاقیات کو سر بلند کیا، پیپلز پارٹی نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو زرداری آپ کا بہت شکریہ ، مریم نواز

    خیال رہے کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹ لکھپت جیل جا کر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی، اس دوران بلاول بھٹو نے نواز شریف کو این آئی سی وی ڈی میں علاج کی پیش کش بھی کی۔

    نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے بلاول بھٹو کا اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے شکریہ ادا کیا، اور لکھا کہ بلاول بھٹو کی فکر مندانہ اور مدبرانہ سوچ قابل قدر ہے۔

  • وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی عیادت، نیک تمناوں کا اظہار

    وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی عیادت، نیک تمناوں کا اظہار

    اسلام آباد : وفاقی وزیر  فیصل واوڈا نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی عیادت کی اور نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا پوری قوم آپکی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔

    وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے چیف جسٹس ثاقب نثار کو گلدستہ بھی پیش کیا اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے، اس موقع پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پوری قوم آپکی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہے۔

    وزیرفیصل واوڈا نے چیف جسٹس سے آرام کی درخواست کی تو چیف جسٹس نے کہا آرام نہیں کرسکتا،کام بہت ہے۔

    یاد رہے 4 نومبر کو چیف جسٹس کو دل کی تکلیف کے بعد راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کرایا گیا تھا ، جہاں ڈاکٹرز نے فوری داخل کر کے اُن کے کچھ ٹیسٹ کروائے۔

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس کے دل میں‌ تکلیف، انجیوپلاسٹی کامیاب

    رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ جسٹس میاں ثاقب نثار کے دل کی ایک شریان بند ہے، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے فوری طور پر انجیو پلاسٹی کی۔ کامیاب انجیو پلاسٹی کے بعد جسٹس ثاقب نثار کے دل کی شریان کھول دی گئی وہ اس وقت مکمل صحت مند ہیں۔

    ڈاکٹرز نے جسٹس میاں ثاقب نثار کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی کارکردگی سے متعلق گزشتہ ہفتے گیلپ سروے کروایا گیا تھا جس میں عوام کی اکثریت نے اُن کے اقدامات کو سراہا تھا۔

    خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی مدتِ ملازمت آئندہ برس ختم ہونے جارہی ہے، منصفِ اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے بے باک فیصلے کیے جن کو عوامی سطح پر پذیرائی ملی۔

  • اسحاق ڈارکی بیگم کلثوم نوازکی عیادت کے لیے پارک لین آمد

    اسحاق ڈارکی بیگم کلثوم نوازکی عیادت کے لیے پارک لین آمد

    لندن: سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے لندن میں نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی اوران کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار لندن میں بیگم کلثوم نواز کی رہائش گاہ پارک لین پہنچے اور ان کی عیادت کی۔

    اس موقع پر سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میراعلاج چل رہا ہے ڈاکٹرزکہیں گے تو واپس پاکستان جاؤں گا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان میرا ملک ہے، ضرور واپس جاؤں گا۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے حوالے سے نیب ریفرنس کی سماعت کے دوران گواہ انعام الحق نے اسحاق ڈار، تبسم اسحاق ڈار اور علی ڈار کے پلاٹوں کی تفصیلات احتساب عدالت میں پیش کیں تھی۔

    استغاثہ کے گواہ انعام الحق نے عدالت کو بتایا تھا کہ اسحاق ڈار، تبسم اسحاق اورعلی ڈار نے لاہور میں 2،2 کنال کے 3 پلاٹ خریدے۔

    انہوں نے عدالت کو بتایا تھا کہ ایک پلاٹ کی قیمت 23 لاکھ 50 ہزار ہے جبکہ پلاٹوں کی قیمت 2004 سے 2009 کے دوران ادا کی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف لندن روانہ

    وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف لندن روانہ

    لاہور: وزیراعلیٰ میاں محمد شہبازشریف لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوگئے جہاں وہ نا اہل وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن کے لیے روانہ ہوگئے۔ شہبازشریف لندن میں نوازشریف سے ملاقات اور بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے۔

    خیال رہے کہ نوازشریف نے 23 اکتوبرکو لندن سے پاکستان آنا تھا تاہم ان کی واپسی کا شیڈول تین بار تبدیل ہوا اور وہ سعودی عرب چلے گئے جہاں انہوں نے عمرہ کرنے کے ساتھ ساتھ والدہ سے بھی ملاقات کی۔


    والدہ کودوبارہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے‘ مریم نواز


    یاد رہے کہ چار روزسابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی بیٹی مریم نوازکا کہنا تھا کہ والدہ کو دوبارہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ انہوں نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کی تھی۔


    نوازشریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


    واضح رہے کہ 3 روز قبل احتساب عدالت نے نا اہل وزیراعظم نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے2 ریفرنسز میں قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 3 نومبر کو نوازشریف طلب کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • قوم شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں یوم آزادی بھرپورطریقےسے منائے، آرمی چیف

    قوم شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں یوم آزادی بھرپورطریقےسے منائے، آرمی چیف

    کوئٹہ : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں اور پاکستان کے شہریوں نے پُرامن اور مستحکم پاکستان کے لیے جانوں کے نذرانے دیئے ہیں اس لیے قوم شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں یوم آزادی بھرپور انداز میں منائے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں ہونے والے خودکش حملے کے شہید ہونے والے جوانوں کی نمازجنازہ میں شرکت کی اس موقع پر گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیرداخلہ بلوچستان، کورکمانڈرکوئٹہ سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

    بعد ازاں آرمی چیر قمر جاوید باجوہ نے اعلیٰ حکام کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی اور جوانوں کے حوصلے کی تعریف کی اور اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو تمام تر طبی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔

    قبل ازیں آرمی چیف کوسدرن کمانڈہیڈ کوارٹرزمیں بریفنگ دی گئی اور دہشت گردی کے واقعے پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور دہشت گردوں کے خلاف کی گئی اب تک کی کارروائی سے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

    اس موقع پر آرمی چیف کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی جس کے لیے ریاستی اداروں کومؤثر تعاون اور مربوط منظم بندی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بچے کچے دہشت گردوں کے عزائم کو ملیا مٹ کیا جا سکے

    آرمی چیف قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اداروں کے اقدامات پرمتحد ہو کرعمل کرنے کی ضرورت ہے دہشت گردوں کے یوم آزادی کے جشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان مین جشن آزادی پورے جوش و خراوش سے منایا جائے اور شہداء کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا جائے کہ انہوں نے ملک کے استحکام اور امن کے لیے جانیں قربان کیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ رات کوئٹہ میں خود کش حملے کے نتیجے میں 15 افراد شہید اور 25 سے زائد زخمی ہوگئےتھے، شہداء میں 8 فوجی اور 7 سویلین شامل تھے۔


    کوئٹہ میں خودکش دھماکا، 8 سیکیورٹی اہلکار اور7 شہری شہید


    یاد رہےکہ گزشتہ شب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جشن آزادی کی تقریبات کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایسی کوششوں سے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف کارروائیاں متاثر نہیں ہوں گی، یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ میں گزشتہ رات ہونے والے خودکش حملےکی تحقیقات جاری ہے تاہم اب تک خودکش دھماکے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس پاکستان کی گورنر سندھ سے عیادت

    چیف جسٹس پاکستان کی گورنر سندھ سے عیادت

    کراچی : چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی نے کراچی میں گورنر سندھ اور جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی سے ملاقات کر کےان کی خیریت دریافت کی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے آج کراچی کے نجی اسپتال میں گورنرسندھ  ریٹائرڈ جسٹس سعید الزماں صدیقی کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

    چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ امید ہے کہ گورنرسندھ جلد اپنے فرائض منصبی سنبھال لیں گے اور سندھ کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے جب کہ سندھ حکومت گورنر سندھ کی صلاحیتوں سے استفادہ کرے گی۔

    اس موقع پر نو منتخب گورنرسندھ سعید الزماں صدیقی کا کہنا تھا نیک خواہشات پر چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا شکر گزار ہوں اور آپ تمام احباب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کے باعث جلد ہی اپنی آئینی ذمہ داریاں سنبھال لوں گا۔

    واضح رہے کہ سندھ میں سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کے 14 سالہ دورِ گورنری کے اچانک خاتمے کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کے معتمد خاص اور قابل اعتماد ساتھی جسٹس ( ر ) سعید الزماں صدیقی کو نئے گورنر کی ذمہ داری سونپی گئی ہیں تاہم 79 سالہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی حلف اُٹھانے کے اگلے روز ہی علیل ہوگئے اور کراچی کے مقامی اسپتال میں تاحال زیرِ علاج ہیں۔

  • سانحہ کوئٹہ: پاک فضائیہ کے سربراہ کا کوئٹہ کا دورہ

    سانحہ کوئٹہ: پاک فضائیہ کے سربراہ کا کوئٹہ کا دورہ

    کوئٹہ: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کوئٹہ میں کمبائنڈ ملٹری ہوسپٹل (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی تبادلہ خیال کیا بعدازاں زخمیوں سے ملاقات کی۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف مارشل سہیل امان نے دورے کے دوران سی ایم ایچ میں زیر علاج سول اسپتال خود کش دھماکے اور زرغون روڈ پر دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت اور شہداکے لیے دعا کی۔

    ائیر چیف مارشل سہیل امان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری سے بھی ملاقات کی اور شدید زخمیوں کو کوئٹہ سے منتقل کرنے کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔

    پاک فضائیہ ترجمان کے مطابق اب تک 73 زخمیوں کو سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے کوئٹہ سے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق منتقل کردہ زخمیوں کی حالت تشویش ہے جنہیں بہتر علاج کے لیے کراچی کے آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور وہ رو بصحت ہیں۔

  • آصفہ بھٹوزرداری کی سماجی رہنما عبدالستارایدھی کی عیادت

    آصفہ بھٹوزرداری کی سماجی رہنما عبدالستارایدھی کی عیادت

    کراچی: آصفہ بھٹوزرداری عبدالستارایدھی کی عیادت کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئیں،عبدالستارایدھی نے ایدھی فاؤنڈیشن کے قبرستان کیلئے زمین فراہم کرنے کی درخواست کردی۔

    شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے ایدھی سینٹر میں سماجی رہنماعبدالستار ایدھی کی ان کے گھر جا کر عیادت کی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور عبدالستار ایدھی سے ان کے علاج معالجے اور صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

    عبدالستار ایدھی نے بتایا کہ ان کا علاج ایس آئی یو ٹی میں ہورہا ہے، آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک بیٹی کی حیثیت سے ان سے ملنے آئی ہیں، پاکستان میں یا کہیں اوریا کسی ادارے میں اگرعبدالستار ایدھی اپنا علاج کروانا چاہتے ہیں تو وہاں سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

    عبدالستار ایدھی نے شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ علاج و معالجے کیلئے مدد درکار ہوگی وہ ضرور بتائیں گے، عبدالستار ایدھی کاکہنا تھا کہ اگر وہ ایدھی فاؤنڈیشن کے قبرستان کیلئے سندھ حکومت سے زمین دلوادیں تو یہ ایک نعمت ہوگی ۔

    آصفہ بھٹو نے کہا کہ وہ اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لیں گی اور وزیراعلیٰ سندھ سے بات کریں گی، آصفہ بھٹو زرداری کلفٹن میں واقع بلقیس ایدھی وومن فاؤنڈیشن کے بے سہارا اور لاوارث خواتین کے سینٹر بھی گئیں،جہاں انہوں نے خواتین اور بچوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔

    انہوں نے خواتین اور بچوں کیلئے افطاری کا انتظام بھی کیا اور خواتین و بچوں کے ساتھ روزہ افطار کیا،خواتین اور بچوں نے آصفہ بھٹو زرداری کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔

  • عمران خان کی جانب سے عبدالستار ایدھی کے لیے گلدستہ

    عمران خان کی جانب سے عبدالستار ایدھی کے لیے گلدستہ

    کراچی : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے کی جانب سے ایدھی فاؤنڈیشن کے روح رواں عبدالستارایدھی  کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کے اظہار کے ساتھ گلدستہ بھیجا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ اور ثمرعلی خان نے عبدالستار ایدھی کوعمران خان ک جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی خیریت دریافت کرنے کے لیے حلیم عادل شیخ ،ایم پی اے ثمر علی خان ،افتخار احمد اور دیگر نے کھارادرپرموجود ان کی رہائش گاہ پر جاکر ملاقات کی جہاں انہوں نے چیئرمین عمران خان کی جانب سے عبدالستار ایدھی کی عیادت کرنے کے ساتھ انہیں پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا

    اس موقع پرحلیم عادل شیخ اور ایم اپی اے ثمر علی خان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ عبدالستار ایدھی اس قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی زندگی ملک اور قوم کے لیے مشعل راہ ہے،انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسے اس ملک میں آٹھ دس افراد اور ہوتے تو اس ملک کی حالت زار اس طرح نہ ہوتی ۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان سمیت پوری تحریک انصاف کو ان کی صحت یابی کی بہت فکر ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ عبدالستار ایدھی کی زندگی دکھی قوم کے لیے بہت ضروری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی کی فلاحی و سماجی خدمات کا جاری رہنا اس ملک پر کسی احسان سے کم نہیں ہے ،انہوں نے اس ملک کی خدمت عوام کے تعاون سے کرنا گوارا کیا مگر کسی بھی حکومت کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائے۔

  • قومی کرکٹرز کی سانحہ پشاورکے زخمی طلباء کی عیادت

    قومی کرکٹرز کی سانحہ پشاورکے زخمی طلباء کی عیادت

    پشاور: قومی کرکٹرز نے پشاور کے متاثرہ آرمی پبلک اسکول پر حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی سی ایم ایچ اسپتال میں عیادت کی اور سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی سمیت چھ کرکٹرز اور تین آفیشلز نے پشاورآرمی پبلک اسکول میں زخمی ہونے والے بچوں کی اسپتال میں عیادت کی، کھلاڑیوں نے اپنے دورۂ پشاور کے دوران شہید طلباء کے لواحقین سے ملاقات اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

    قومی کرکٹرز نے افسوس ناک واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا، کھلاڑیوں نے سانحے میں زخمی ہونے والے طلباء کو تحائف بھی پیش کئے۔

    قومی ہیروز کو اپنے درمیان پاکر بچے بہت خوش ہوئے، کھلاڑیوں نے بچوں کا حوصلہ بڑھایا، تصاویر کھچوائیں اور ان کے ساتھ گھل مل گئے۔

    ایک ماہ قبل گذشتہ سال 16 دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پر دہشت گرد حملے میں ایک سو پینتیس بچوں سمیت ایک سو سینتالیس افراد شہید ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے لئے روانگی سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات طے تھی تاہم وزیرِاعظم کی مصروفیت کے باعث ملاقات منسوخ ہوگئی۔