Tag: عید

  • ویڈیو: "لندن میں سب کچھ ہے مگر پاکستان جیسی عید کی رونق نہیں”

    ویڈیو: "لندن میں سب کچھ ہے مگر پاکستان جیسی عید کی رونق نہیں”

    برطانیہ میں مقیم پاکستانی عید کے موقع پر وطن کو بہت یاد کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ لندن میں سب کچھ ہے مگر پاکستان جیسی عید کی رونق نہیں۔

    عیدالاضحیٰ کے موقع پر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے لندن میں مقیم ایک خاتون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری فیملی یہاں نہیں ہے تو وہ یاد آتی ہے، جیسے عید پر صبح صبح اٹھ کر شور ہوتا ہے، کپڑے استری کرو یا گھر میں میٹھے کی تیاری ہورہی ہوتی ہے وہ ساری چیزیں یہاں نہیں ہیں۔

    تین سال پہلے برطانیہ آنے والے جوڑے نے بتایا کہ ہم لوگ کراچی سے برطانیہ آئے تھے، ہمارے رشتے دار، بہن بھائی اور دوست سب زیادہ تر پاکستان میں ہیں، جو روایتی چیزیں ہیں ہم انھیں مس کرتے ہیں۔

    زیادہ تر لوگ عید کے موقع پر گھر میں بور ہونے کے بجائے کمیونٹی سینٹر سے ایسے ریسٹورنٹس کا رخ کرتے ہیں جہاں پاکستانیوں سمیت دوسرے افراد عید منانے اکٹھے ہوتے ہیں۔

    ایک خاتون نے بتایا کہ ہماری عید گھر والوں سے دور ہوتی ہے مگر سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہاں جتنے بھی پاکستانی، بنگلہ دیشی، بھارتی اور ایرانی ہیں ہم ان کے ساتھ کمیونٹی عید مناتے ہیں۔

  • قومی کرکٹرز کی عید الاضحیٰ پر قوم کو مبارک باد

    قومی کرکٹرز کی عید الاضحیٰ پر قوم کو مبارک باد

    آج ملک بھر میں عید قرباں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، قومی کرکٹرز کی جانب سے بھی عید الاضحیٰ پر قوم کو مبارک باد دی گئی ہے۔

    ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا نے عید پیغام میں کہا میری طرف سے پورے پاکستان کو عید مبارک ہو، ون ڈے کپتان محمد رضوان سمیت دیگر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی پیغام میں کہا کہ سب کو عید مبارک ہو، اس عید پر اپنا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھیں۔

    کرکٹرز کا کہنا تھا کہ خوشی کا دن اپنی فیملی کے ساتھ انجوائے کریں، اور جن لوگوں نے قربانی نہیں کی اس عید پر ان کا خیال رکھیں، پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو عید مبارک ہو۔

    عید پر پیغام جاری کرنے والوں میں فہیم اشرف، شاہین آفریدی، صائم ایوب، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، عامر جمال اور سفیان مقیم شامل ہیں، عامر جمال نے کہا عید کی خوشیاں اپنے ارگرد کے لوگوں تک بھی پہنچائیں۔


    صدر زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد


    واضح رہے کہ ملک بھر میں آج ہفتے کو عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، شہری ملک بھر میں نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور قربان کر رہے ہیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آلائشیں جگہ جگہ نہ پھینکیں، سرکاری ٹیمیں آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے متحرک ہیں، اور ان سے تعاون کیا جائے، مختصر یہ کہ اپنے اپنے علاقے کی صفائی کے حوالے سے شہری اپنی ذمہ داری کو محسوس کریں۔

  • ملک بھر میں عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    ملک بھر میں عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    اسلام آباد: ملک بھر میں آج ہفتے کو عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

    اے آر وائی نیٹ ورک کی جانب سے تمام اہل وطن کو دلی عید مبارک ہو، چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانور قربان کیے جانے کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔

    قربانی کا گوشت رشتے داروں، دوست احباب اور غربا میں تقسیم ہوگا، مزے مزے کے پکوان بھی تیار ہوں گے۔

    صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد دی گئی، پیغام میں صدر زرداری نے کہا عید قربان کا دن ہمیں اللہ کی رضا کے لیے قربانی کی ترغیب دیتا ہے، عید پر معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا عید اپنے نفس، خواہشات اور مفادات کو اعلیٰ مقصد کے لیے قربان کرنے کا درس ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول اور ایئر چیف کی جانب سے بھی قوم کو مبارک باد دی گئی، اور کہا گیا کہ مسلح افواج پائیدار امن، خوش حالی اور قومی ہم آہنگی کے لیے دعاگو ہیں، اور پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    قبل ازیں، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عمرہ ادا کیا، ان کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، دونوں رہنماؤں نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور آپریشن بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ کا شکر ادا کیا۔

    معاشی میدان اور عوامی فلاحی اقدامات میں کامیابیوں پر بھی اللہ کا شکر ادا کیا گیا، امت مسلمہ اور خاص طور پر مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔

  • بقر عید پر فلموں کی ریلیز، فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین کا اہم اعلان

    بقر عید پر فلموں کی ریلیز، فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین کا اہم اعلان

    کراچی: سندھ بورڈ آف فلم سنسر (ایس بی ایف سی) کے چیئرمین خالد بن شاہین نے اعلان کیا ہے کہ بقر عید سے قبل اپنی فلمیں سنسر کے جائزے کے لیے بورڈ کے پاس جمع کرائیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ میں چند ہی دن رہ گئے ہیں، ایسے میں سندھ کے فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین نے فلم سازوں اور پروڈیوسرز سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ریلیز کی تاریخوں، بالخصوص عید کی ریلیز سے قبل اپنی فلمیں سنسر کے جائزے کے لیے جمع کرائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ تاخیر اور پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ فلم ساز وقت پر فلمیں سنسر کروا لیں، کیوں کہ عید جیسے تہواروں پر ریلیز کے آخری لمحوں میں فلمیں جمع کرائے جانے کے رجحان کی وجہ سے بورڈ کے اراکین کو وقت کی کمی کے باعث دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    خالد بن شاہین نے کہا کہ چیلنجوں کے باوجود سنسر ٹیم سنیما ٹریڈ اور فلم انڈسٹری کو بہتر سروسز کی فراہمی کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے، اور سنسرنگ کے عمل میں فلم سازوں کو در پیش رکاوٹیں دور کرنے اور ایک خوشگوار تجربے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔


    ہارر فلم ’بلیک فون 2‘ کا آفیشل ٹریلر ریلیز، فلم کب ریلیز ہوگی؟


    چیئرمین ایس بی ایف سی نے عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی تمام فلموں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فلمیں شائقین کو محظوظ کریں گی اور لوگوں کے لیے خوشی کا باعث بنیں گی۔

  • بابراعظم کے عید کے لباس پر سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے

    بابراعظم کے عید کے لباس پر سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے

    عید پر اس بار سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے جس طرح کا لباس زیب تن کیا، کئی مداحوں نے اس پر نامناسب تبصرے کیے۔

    قومی بیٹر بابراعظم میٹھی عید پر ہلکے سبز رنگ کا کرتا پاجاما پہننا اور سوشل میڈیا پر صارفین کی ٹرولنگ کا نشانہ بن گئے، بابر پر اس بار انکی ناقص کارکردگی کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کے لباس کے انتخاب پر لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اس عید الفطر پر سابق قومی کپتان ہلکے سبز رنگ کے کڑھائی والے کرتے اور ڈھیلے پاجامے میں نظر آئے، بعض سوشل میڈیا صارفین کے مطابق یہ خواتین کے روایتی لباس سے مشابہت رکھنے والا لباس ہے۔

    اسٹار بیٹر نے عید کے دن مداحوں کے ساتھ اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس کے بعد صارفین نے انہیں مختلف انداز میں ٹرول کرنا شروع کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Babar Azam (@babarazam)

    دلچسپ بات یہ ہے کہ بابر اس جوڑے میں خوب اسٹائل دکھاتے پائے گئے لیکن سوشل میڈیا پر اس حوالے سے میمز بھی بن گئی، بہت سے لوگوں نے انھیں مذاق کا نشانہ بنایا۔

    ایک شخص نے اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ ’ایسی بھی کیا جلدی تھی بابر بھائی جو بہن کے کپڑے پہن کر آگئے‘، ایک اور صارف نے لکھا کہ ’بابر بھائی پرفارمنس کے ساتھ ساتھ فیشن سینس بھی خراب ہوگیا آپ کا تو‘۔

    ایک مداح نے لکھا کہ ’بوبی بھائی کم بیک تو ہوجائیگا لیکن یہ عورتوں والے کپڑے نہیں پہنا کریں۔‘ ایک صارف نے کپڑوں کے بجائے بابر اعظم کے جوتوں پر کمنٹ کیا کہ ’کرتے کے ساتھ جوتے کون پہنتا ہے؟‘

    بیٹر کے ایک مداح کا خیال لوگوں کے برعکس تھا، اس نے لکھا کہ ’عید کا دن خوشی اور محبت کا دن ہے، اور ہر شخص کو اپنے لباس اور اس کی پسند میں آزادی ہونی چاہیے‘، اس کے علاوہ بھی لوگوں نے ان کی تصوریروں پر دلچسپ کمنٹس کیے۔

  • سجل علی کا عید پر نیا انداز مداحوں کو بھا گیا، ویڈیو شیئر کردی

    سجل علی کا عید پر نیا انداز مداحوں کو بھا گیا، ویڈیو شیئر کردی

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی نے عید پر اپنے چاہنے والوں کو انوکھے انداز میں مبارکباد پیش کی ہے۔

    معروف اداکارہ سجل علی نے انسٹاگرام پر عید کی مناسبت سے ایک ویڈیو شیئر کی، جس پر ان کے مداحوں کی جانب سے کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

    اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے سیاہ پشواس زیب تن کی ہوئی ہے، ویڈیو میں بالی وڈ فلم ‘فانا’ کا گیت ‘دیکھو ناں ‘ لگایا ہوا ہے۔

    شیئر کی گئی پوسٹ کے کیپشن میں سجل نے ‘عید مبارک’ لکھا اور اپنے چاہنے والوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا۔

    اس سے قبل اداکارہ نے حال ہی میں فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہیں ایک نئے لُک میں دیکھا جا سکتا ہے۔

    پوسٹ میں اداکارہ نے مشہور زمانہ انار کلی کا لک اپنایا جو ہندوستان کے شہنشاہ اکبر کے شاہی محلات کی ایک حسینہ تھیں جس پر ان کے چاہنے والوں کی جانب سے تعریفی کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

    اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر کو ان کے مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے، جبکہ کمنٹ سیکشن بھی تعریفوں سے بھرچکا ہے۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم کل نیوزی لینڈ میں عید منائے گی

    پاکستان کرکٹ ٹیم کل نیوزی لینڈ میں عید منائے گی

    نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کل کیوی کے دیس میں عید منائے گی کھلاڑی ہملٹن میں نماز عید ادا کریں گے۔

    پوری پاکستانی قوم آج عید منا رہی ہے تاہم نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کل کیوی کے دیس میں عید منائے گی۔

    پاکستانی کھلاڑی اور منیجمنٹ اراکین ہملٹن کی مسجد میں نماز عید ادا کریں گے اور نماز کے بعد اکٹھے وقت گزاریں گے۔

    عید کے باعث ٹیم منیجمنٹ نے ٹریننگ سیشن میں معمولی ردوبدل کرتے ہوئے ٹریننگ شیڈول سہ پہر میں رکھا ہے۔ کھلاڑی مقامی وقت کے مطابق 2 سے 5 بجے تک ٹریننگ کرے گی۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ بدھ کو کھیلا جائے گا، پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دی تھی۔

    دریں اثنا نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹرز نے پاکستانیوں سمیت امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔

    ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے اپنے پیغام عید میں کہا کہ امت مسلمہ کو یہ دن مبارک ہو۔ سلمان آغا، امام الحق، حارث رؤف، فہیم اشرف اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی قوم کوعید کی مبارک باد دی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/babar-azam-surpasses-legend-sangakkara/

  • عید کے دن ٹریفک حادثات میں میاں، بیوی اور بیٹی سمیت 6 جاں بحق

    عید کے دن ٹریفک حادثات میں میاں، بیوی اور بیٹی سمیت 6 جاں بحق

    عید کے دن ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت 6 جاں بحق جب کہ 9 زخمی ہو گئے۔

    اوکاڑہ کے گاؤں 33 فور ایل کے قریب گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوال میاں بیوی اور بچی جاں بحق ہوگئے جب کہ موٹر سائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔

    نواب شاہ میں قومی شاہرہ پجومیل اسٹاپ کے قریب کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    ٹبہ سلطان پور کے نواحی علاقے میں گاڑی درخت سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 13 سالہ لڑکا جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکا والدی کی موجودگی میں خود گاڑی ڈرائیو کرنے کی کوشش کر رہا تھا جس کے نتیجے میں یہ حادثہ رونما ہوا۔

    اس کے علاوہ ساہیوال میں فیصل آباد روڈ پر دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرانے کے بعد کار سے ٹکرا گئیں۔ اس حادثے کے نتیجے میں بچے زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو اداروں نے زخمی بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    صفدر آباد کے نواحی علاقے میں 2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/personal-enmity-claims-6-lives-injures-9-on-eid-day/

  • حکومت نے عید کے دن عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا

    حکومت نے عید کے دن عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا

    حکومت نے عوام پر عید کے دن ہی مہنگائی کا بم گرا دیا اور ایل پی جی گیس مہنگی کر دی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے عید کے دن عوام پر مہنگائی کا بم گراتے ہوئے ایل پی جی گیس مہنگی کر دی ہے۔

    اوگرا نے ایل پی جی گیس 54 پیسے فی کلو مہنگی کی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔

    اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق 54 پیسے فی کلو اضافے کے بعد ایل پی جی گیس کی نئی قیمت 248 روپے 37 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

    اس اضافے سے گھریلو صارفین کے لیے ایل پی جی کا سلنڈر 6 روپے 40 پیسے مہنگا ہوا ہے اور نئی قیمت 2930 روپے 71 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت نے عید سے قبل پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ ڈیزل کی سابقہ قیمت برقرار رکھی گئی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/petroleum-product-prices-notification-issued/

  • بلوچستان میں عید پر دفعہ 144 نافذ

    بلوچستان میں عید پر دفعہ 144 نافذ

    محکمہ داخلہ بلوچستان نے امن وامان کی صورتحال کے باعث عیدالفطر کے موقع پر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے امن ومان کی صورتحال کے باعث صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سیر وتفریح کے مقامات پر جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    اس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کوئٹہ کی ضلع انتظامیہ نے عید کے موقع پر دفعہ 144 کے تحت تفریحی مقامات پر جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    اس کے علاوہ ہنہ اوڑک، کرخسہ اور شابان کے علاقوں م یں بھی تفریح کے لیے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    اعلامیہ میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عید کے ایام میں متعلقہ تفریحی مقامات کا رخ نہ کریں۔

    واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان میں گزشتہ دنوں تواتر سے دہشتگردی کے کئی واقعات رونما ہوئے جن میں متعدد معصوم شہری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شہید ہوئے جب کہ درجنوں دہشتگردوں اور خارجیوں کو واصل جہنم کیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/balochistan-assembly-terrorism-amended-draft-approved/