Tag: عیدالاضحی

  • متحدہ عرب امارات، عیدالاضحی پر سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم

    متحدہ عرب امارات، عیدالاضحی پر سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم

    متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں عیدالاضحی کے موقع پر سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اصلاحی اداروں سے 963 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ ساتھ ہی قیدیوں پر عائد تمام مالی جرمانے بھی ادا کرنے کا اعلان کیا۔

    رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر دی جانے والی یہ معافی اُن اقدامات کا تسلسل ہے جو اماراتی مختلف مذہبی اور قومی مواقعوں پر جاری کرتے ہیں، اس کا مقصد قیدیوں کو نئی زندگی کا آغاز کرنے اور معاشرے میں عفو و درگزر اور ہمدردی کی اقدار کو فروغ دینا ہے۔

    اس کے علاوہ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 985 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

    دبئی کے اٹارنی جنرل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دبئی کے حکمراں قیدیوں کے اہل خانہ کو خوشی فراہم کرنا چاہتے ہیں اور انہیں معاشرے میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے اور نئی زندگی شروع کرنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔

    دبئی پولیس کے تعاون سے دبئی پبلک پراسیکیوشن نے قیدیوں کی رہائی کے لیے درکار قانونی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

    راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی نے 411 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے درکار قانونی کارروائیاں فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    عجمان کے حکمران شیخ حمید بن راشد النعیمی نے 225 ایسے قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا جنہوں نے دورانِ سزا اچھے رویے کا مظاہرہ کیا۔

    متحدہ عرب امارات، بیرون ملک سے بھرتیوں کیلیے نئی ورک پرمٹ سروس شروع

    عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی رہائی کے لیے ضروری قانونی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی جائیں گی۔

  • سعودی عرب میں عیدالاضحی کی نماز، نئی ہدایات کیا ہیں؟

    سعودی عرب میں عیدالاضحی کی نماز، نئی ہدایات کیا ہیں؟

    سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور نے جامع مساجد اورعیدگاہوں میں عیدالاضحی کی نماز کے انعقاد کے ایک جامع منصوبے کی منظوری دی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وزارت کی جانب سے نمازعید ام القری کیلنڈر کے مطابق سورج طلوع ہونے کے 15 منٹ بعد ادا کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق تمام جامع مساجد اور عید گاہوں میں نماز کا اہتمام کرنے کے لیے کہا گیا ہے ماسوائے ان مساجد کے جو عید گاہ کے قریب واقع ہیں اور جہاں لوگ عید کی نماز کے لیے نہیں جاتے۔

    وزارت کی جانب سے میٹنٹینس کمپنیوں کو عید کی نماز کے لیے تمام انتظامات اورضروری خدمات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مملکت میں بدھ 28 مئی کو یکم ذوالحجہ تھی۔ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ جمعرات 5 جون 2025 کو ہوگا۔ عیدالاضحی جمعہ 6 جون کو منائی جائے گی۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں حکام کا کہنا ہے کہ اب تک مختلف ممالک سے 13 لاکھ 30 ہزار 845 عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق حج 2025 کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے فضائی، بری اور بحری ذرائع سے عازمین کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ کے مطابق جمعرات دو ذو الحجہ تک زمینی راستے سے 64 ہزار883، بحری ذریعے سے 5 ہزار 88 جبکہ فضائی ذریعے سے 12 لاکھ 60 ہزار 874 عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری پورٹس پر حجام کرام کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے اوقات

    ملک کے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے امیگریشن ہالز میں کوالیفائیڈ عملہ اور جدید تیکنیکی ڈیوائسز نصب کی گئی ہیں۔

    سعودی ریلوے ’سار‘ کی جانب سے گزشتہ برس کے مقابلے میں حج 2025 کے لیے نشستوں میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

  • عید کے موقع پر ٹرانسپورٹ مافیا کا کرایوں میں من مانا اضافہ

    عید کے موقع پر ٹرانسپورٹ مافیا کا کرایوں میں من مانا اضافہ

    کراچی: ٹرانسپورٹ مافیا نے عید الضحیٰ کے موقع پر کرایوں میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عید کے نام پر پبلک ٹرانسپورٹ مافیا نے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا، کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے والے دونوں ہاتھوں سے لٹنے پر مجبور ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق لاڑکانہ جانے والے مسافروں سے 1500 کے بجائے 2500 روپے کرایہ لیا جا رہا ہے جبکہ نواب شاہ  جانے والے مسافر سے بھی 500 اضافی کرایہ لیا جارہا ہے۔

    اسلام آباد کا کرایہ 5 ہزار ہے، لیکن ٹرانسپورٹ مافیا مسافروں سے 7000 تک کرایہ وصول کررہے ہیں جبکہ حیدرآباد کا کرایہ 500 روپے ہے لیکن مسافروں سے ایک ہزار روپے لیا جا رہا ہے۔

  • ٹرین سے سفر کرنے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    ٹرین سے سفر کرنے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    لاہور : عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹرین سے سفر کرنے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی ، پاکستان ریلوے نے بڑا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی آمد آمد ہے، سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے اپنے آبائی شہروں کو جانے والوں کے لئے اچھی خبر آگئی۔

    پاکستان ریلوے نے عیدالاضحی پر عوام کی سہولت کیلئے 3 اسپیشل ٹرین چلانے کا اعلان کردیا ، جس کے تحت ایک اسپیشل ٹرین 14 جون شام 6 بجکر 30منٹ پرکراچی سےپشاور تک چلائی جائے گی۔

    اسی طرح دوسری عید اسپیشل ٹرین 15 جون رات 9 بجے کراچی سے لاہور تک اور تیسری عید اسپیشل ٹرین 14جون کو صبح 10بجے کوئٹہ سے راولپنڈی تک چلائی جائے گی۔

    خیال رہے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق عید قربان 17 جون (پیر) کو ہونے کا امکان ہے، تاہم چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

  • عیدالاضحی پر سیکیورٹی اور کھالیں جمع کرنے کا پلان ترتیب دے دیا گیا

    عیدالاضحی پر سیکیورٹی اور کھالیں جمع کرنے کا پلان ترتیب دے دیا گیا

    ‌‌کراچی : عیدالاضحی پر سیکیورٹی اور کھالیں جمع کرنے کا پلان ترتیب دے دیا گیا، چرم قربانی کو اکٹھا کرنے اور منتقلی پر تحریری اجازت ناموں کو چیک کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی پر سیکیورٹی اور کھالیں جمع کرنے کیلئے وزارت داخلہ سندھ نے پلان ترتیب دے دیا۔

    وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے بتایا کہ رجسٹرڈ ادارے، تنظیمیں اور مدارس ضابطہ اخلاق پرعملدرآمدیقینی بنائیں، چرم قربانی کو اکٹھا کرنے اور منتقلی پر تحریری اجازت ناموں کو چیک کیا جائے۔

    ضیاالحسن لنجار کا کہنا تھا کہ ضروری دستاویزات کی چھان بین کےعمل کو کنٹی جینسی پلان کا حصہ بنایا جائے،

    انھوں نے مزید کہا ہے کہ سی پی او میں مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سے نگرانی مزید مؤثر بنایا جائے۔

  • عیدالاضحی کے موقع پر ملک بھر میں ویکسینیشن سینٹرز ایک دن  بند رکھنے کا فیصلہ

    عیدالاضحی کے موقع پر ملک بھر میں ویکسینیشن سینٹرز ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے ملک بھر میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز عیدالاضحی کے پہلے روز بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، ویکسینیشن کی حوصلہ افزا شرح کے پیش نظر ایک چھٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے عیدالاضحی پر ویکسینیشن سینٹرز ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرزعیدالاضحی کے پہلے دن بند رہیں گے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ این سی اوسی نے ویکسینیشن سینٹرزکی عیدچھٹی کی منظوری دے دی ہے ، جس کے تحت ملک بھرکےویکسی نیشن سینٹرز21جولائی کو بند رہیں گے۔

    ذرائع کے مطابق عید کے دوسرے دن ملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرزکھل جائیں گے، ویکسینیشن کی حوصلہ افزا شرح کے پیش نظر ایک چھٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عیدالاضحیٰ پر 3 چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا ،21،20 اور 22جولائی کو عید کی تعطیلات ہوں گی۔

  • عیدالاضحی پر کتنی چھٹیاں ہوں گی ؟ حکومت نے اعلان کردیا

    عیدالاضحی پر کتنی چھٹیاں ہوں گی ؟ حکومت نے اعلان کردیا

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے عیدالاضحی کے موقع پر 3 دن چھٹیوں کی منظوری دے دی، 21 ،20 اور 22 جولائی کو عید کی تعطیلات ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا ، جس میں وفاقی کابینہ ملکی سیاسی اور کورونا صورتحال سمیت بائیس نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

    اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ این سی اوسی خواہش تھی عید کی 5 دن کی چھٹیاں ہوں تاہم وفاقی کابینہ نےعیدکی3دن کی چھٹیاں منظورکی ہیں۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ 21،20 اور 22جولائی کو عید کی تعطیلات ہوں گی۔

    گذشتہ روز وزارت داخلہ کی جانب سے عید الاضحیٰ پر تین چھٹیوں کی تجویز کی سمری وزیراعظم عمران خان کو ارسال کی گئی تھی۔

    اس سے قبل وزیر داخلہ شیخ رشید کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عید پر ہوسکتا ہے کہ پورا ہفتہ ہی چھٹیوں کا ہو لیکن حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

  • عیدالاضحی پر عوام میں آگاہی ، پاک فضائیہ میدان میں آگئی

    عیدالاضحی پر عوام میں آگاہی ، پاک فضائیہ میدان میں آگئی

    اسلام آباد : پاک فضائیہ عیدالاضحی کے موقع قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیوں اور دیگر باقیات کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے حوالے سے عوام میں آگاہی کیلئے میدان میں آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر پاک فضائیہ نے آگاہی مہم شروع کردی ، اس حوالے سے پاک فضائیہ کی ڈائریکٹوریٹ آف فلائٹ سیفٹی نے عیدالاضحی کے موقع پر مفادِ عامہ کا پیغام نشر کیا ہے، جس میں عوام کو قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیوں اور دیگر باقیات کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

    اس پیغام میں بتایا گیا ہے کہ قربانی شدہ جانوروں کی باقیات کو پاک فضائیہ کے ائیر بیسز کے پاس پھینکنے سے پرندے ان کی جانب راغب ہوتے ہیں جوکہ طیاروں اور ہوابازوں کے لیے خطرے کا باعث بنتے ہیں۔

    پاک فضائیہ کی جانب سے کہا گیا کہ یہ پرندے طیاروں سے ٹکرا کر جہاز کوتباہ کر سکتے ہیں جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

    اس پیغام میں لوگوں سے گزارش کی گئی ہے کہ قربانی شدہ جانوروں کی باقیات مخصوص کردہ جگہوں پر پھینکیں یا انہیں زمین میں دبا دیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کی صفائی کو یقینی بنائیں۔

    مفادِ عامہ کایہ پیغام ریڈیو،ٹی وی، اخبارات، سوشل میڈیا اور موبائل فون کے ذریعے نشر کیا جا رہا ہے۔

  • عیدالاضحی پرکھالیں جمع کرنے کے اجازت نامے کیلئے 3 شرائط لازمی قرار

    عیدالاضحی پرکھالیں جمع کرنے کے اجازت نامے کیلئے 3 شرائط لازمی قرار

    کراچی : عیدالاضحی پر کھالیں جمع کرنے کے اجازت نامے کیلئے 3 شرائط لازمی قرار دے دی گئی ، درخواست 20جولائی تک کمشنر کراچی کے دفتر میں جمع کرانا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی پر کھالیں جمع کرنے کیلئے درخواستوں سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ، جس میں اجازت نامے کیلئے 3 شرائط لازمی قرار دی گئی ہے۔

    شرائط میں کھالیں جمع کرنے کیلئے گزشتہ سال کی آڈٹ رپورٹ جمع کراناہوگی جبکہ ادارے کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور پچھلے سال کا اجازت نامہ بھی دکھانا لازمی ہوگا۔

    کھالیں جمع کرنے کیلئے درخواستیں 20جولائی تک کمشنر کراچی کے دفتر میں جمع کرانا ہوگی۔

    گذشتہ روز کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت عیدالضحی کے موقع پر قربانی کی کھالوں کے حوالے سے ا یک اہم اجلاس ہوا تھا اجلاس میںمتعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی تھی وہ اپنے اپنے اضلاع میں عیدالضحی کے موقع پر قربانی کی کھالوں کے کیمپس اور این اوسیز کے حوالے سے نیکٹا کی گائیڈ لائن کے مطابق اور محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر عمل کریں۔

    کمشنر کراچی کا کہنا تھا کھالیں جمع کرنےکی درخواست عیدسےایک ہفتہ پہلےتک وصول ہوں گی اور کھالیں جمع کرنے کی درخواست عید سے 3 دن پہلے منظور کی جائے گی۔

    افتخار شالوانی نے واضح کیا کہ تمام این او سیز ضلعی ڈپٹی کمشنرز جاری کریں گے، جعلی این او سیز کے خلاف بھرپورقانونی کارروائی کی جائیگی، پولیس و رینجرز ان معاملات پر کڑی نظر رکھیں گے۔

  • عیدالاضحی : اترپردیش میں مسلمانوں کے کھلے مقامات پر قربانی کرنے پر پابندی

    عیدالاضحی : اترپردیش میں مسلمانوں کے کھلے مقامات پر قربانی کرنے پر پابندی

    اترپردیش : عیدالاضحی پر بھی بھارت میں مسلمان دشمن بازنہ آئے، اترپردیش میں مسلمانوں کے گائے قربان کرنے اور کھلے مقامات پر قربانی کرنے پر پابندی لگادی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سرکار کے ہندو انتہاء پسند وزیر اعلیٰ ادیتیہ یوگی ناتھ کی جانب سے مسلم دشمن احکامات جاری کردیے گئے، جس میں عیدالاضحی موقع پر مسلمانوں کے کھلے مقامات پر قربانی کرنے پر پابندی لگادی گئی۔

    وزیر اعلیٰ ادیتیہ یوگی ناتھ نے مسلمانوں کے گائے قربان کرنے پر بھی پابندی لگادی اور واضح کہا کہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسا کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ ادیتیہ یوگی ناتھ نےعیدالاضحی سے قبل کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ تہوار پر روایت کے خلاف کچھ بھی نہیں ہونا چاہیے، اگر پالیسیوں کے خلاف کوئی کام کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اعلی حکام کو اس کا جواب دینا ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ سال ہندو انتہاء پسند وزیر اعلیٰ اترپردیش ادیتیہ یوگی ناتھ نے اپنی نامزدگی کے بعد ریاست میں ہرقسم کگوشت کی فروخت پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔

    اعلان کے بعد بھارتی ریاست اترپردیش میں مذبحہ خانوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی تھی اور گائے کا گوشت فروخت کرنے والوں کو سزا دی گئی تھی جس کے بعد وہاں گائے کے گوشت کی فروخت مکمل بند ہوگئی تھی مگر مٹن اور چکن کا گوشت بدستور فروخت کیا جارہا تھا۔

    خیال رہے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت آنے کے بعد ہندو انتہاء پسند بے قابو ہوگئے ہیں اور آئے روز کسی گائے کا گوشت رکھنے کا الزام لگا کر کسی بھی مسلمان کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالتے ہیں۔

    واضح رہے کہ نریندر مودی نے وزیراعظم بننے سے قبل اپنی انتخابی مہم میں یہ اعلان کیا تھاکہ وہ وزارت عظمیٰ کامنصب سنبھالنے کے بعد گائے کو مقدس قرار دیتے ہوئے اس کے ذبیحہ پر مکمل پابندی عائد کردیں گے