Tag: عیدالفطر

  • عیدالفطر پر جھولوں پر پابندی کہاں عائد کی گئی؟

    عیدالفطر پر جھولوں پر پابندی کہاں عائد کی گئی؟

    عید پر بچے تفریحی مقامات کا رخ کرتے ہیں اور جھولے ان کی توجہ کا مرکز ہوتے ہیں تاہم بری خبر ہے کہ اس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ نماز عید اور رشتہ داروں سے ملنے کے بعد اب لوگ بالخصوص بچے تفریحی مقامات کا رخ کر رہے ہیں جہاں جھولے ان کی توجہ کا زیادہ مرکز ہیں۔

    تاہم عید کے موقع پر پنجاب میں عارضی طور پر لگائے جانے والے جھولوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور یہ فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلے ارسال کر دیے ہیں۔

    ان مراسلوں میں کہا گیا ہے کہ عید کے دوران پارکس میں بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔ پلے ایریاز میں مستقل بنیادوں پر لگے مکینیکل جھولوں کی مشروط اجازت ہوگی اور اس کیلیے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی ہوگا۔

    اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں 24 گھنٹے رپورٹس مرتب کی جائیں گی۔

    https://urdu.arynews.tv/section-144-imposed-in-balochistan-on-eid/

  • پاکستان میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    پاکستان میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے شہروں قصبوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے۔

    پاکستان بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ملک کے ہر شہر قصبے میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے۔

    نماز عید کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی، قیام امن، عالمی امن، بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر، مقبوضہ فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع شاہ فیصل مسجد میں ہوگا۔ حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفارت کاروں کے علاوہ ہزاروں شہریوں نے نماز عید ادا کی۔

    کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ناظم آباد عیدگاہ میں ہوا۔ لاہور میں تاریخی بادشاہی مسجد میں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔

    نماز عید کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے معانقہ کرکے عید کی مبارکباد پیش کی۔ شہریون کی بڑی تعداد رشتے داروں سے ملاقات جب کہ کئی افراد نے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا ہے۔

    دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

    اپنے الگ الگ پیغامات میں ان کا کہنا تھا کہ عید کا دن خوشی، شکر گزاری، بھائی چارے اور ہمدردی کا سبق دیتا ہے۔

    صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عید الفطر اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت کا درس دیتی ہے، سب کو اتحاد کو فروغ دینے، ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جانے میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

    انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے بھی دعا کی اور اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ انہیں آزادی عطا فرمائے اور انہیں جلد عید کی خوشیاں نصیب کرے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی دونوں دشمنوں سے خطرات کا سامنا ہے۔

    انہوں نے ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملک کی سالمیت اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے انہوں نے کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے سے روکنے کے لیے اتحاد اور چوکس رہنے پر زور دیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معاشی بحالی، امن و امان برقرار رکھنے اور سماجی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

    وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے شہدا کے سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔

    واضح رہے کہ آج بھارت، ایران، افغانستان سمیت خطہ کے کئی ممالک میں عیدالفطر منائی جا رہی ہے جب کہ سعودی عرب سمیت خلیجی، کئی یورپی، مغربی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں گزشتہ روز عید منائی گئی۔

  • عیدالفطر پر گیس لوڈشیڈنگ ہوگی یا نہیں؟

    عیدالفطر پر گیس لوڈشیڈنگ ہوگی یا نہیں؟

    پاکستان میں توانائی بحران کے باعث اب بجلی کے ساتھ گیس لوڈشیڈنگ بھی ہوتی ہے عید پر کیا شیڈول ہوگا اعلان ہو گیا۔

    پاکستان میں توانائی بحران کے باعث اب بجلی کے ساتھ گیس لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ رمضان المبارک میں بھی شیڈول کے مطابق گیس کی لوڈشیڈنگ جاری رہی۔ اب عید کے حوالے سے سوئی سدرن گیس کمپنی نے اعلان کر دیا ہے۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے جاری اعلامیہ کے مطابق عیدالفطر پر گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اور تینوں دن گیس کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔

    ایس ایس جی حکام کے مطابق عیدالفطر پر صارفین کی سہولت کے لیے گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    اس سلسلے میں صارفین کو چاند رات سے عید کے تیسرے دن تک گیس کی بلاتعطل فراہمی جاری رہے گی۔

  • سعودی عرب، خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    سعودی عرب، خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    سعودی عرب خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے نماز عید کے اجتماعات میں فلسطین کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں آج عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ نماز عیدالفطر کے اجتماعات میں مسلم امہ کے اتحاد، دنیا میں امن، بالخصوص مظلوم فلسطینیوں کی فتح ونصرت اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

    سعودی عرب میں نماز عید کے سب سے بڑے روح پرور اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں ہوئے جس میں لاکھوں ملکی اور غیر ملکی زائرین نے شرکت کی۔

    مسجد الحرام میں امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدید جب کہ مسجد الحرام میں شیخ عبداللہ نے نماز عیدالفطر کی نماز پڑھائی۔

    بیت المقدس میں بھی نماز عید کا اجتماع ہوا اور ہزاروں فلسطینی اسرائیلی فوج کی تمام تر رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے بیت المقدس آئے اور نماز عید ادا کی۔

    اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر، عمان، کویت، شام، اردن، یمن سمیت کئی دیگر اسلامی ممالک میں بھی آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔

    ترکیہ، روس، امریکا اور فرانس سمیت کئی یورپی اور مغربی ممالک میں بھی مسلمان آج عید منا رہے ہیں۔

    حرمین شریفین سمیت تمام ممالک میں نماز عید کے بعد امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت، سلامتی اور فلسطین سمیت دیگر مظلوم مسلمانوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔

  • عیدالفطر کی تعطیلات میں سعودی عرب میں کون سے دفاتر کھلیں گے؟

    عیدالفطر کی تعطیلات میں سعودی عرب میں کون سے دفاتر کھلیں گے؟

    سعودی عرب میں عیدالفطر کے موقع پر 4 تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے تاہم کچھ ادارے اور ان کے ملازمین یہ چھٹیاں نہیں کر سکیں گے۔

    عرب میڈیا کے مطبق سعودی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات ‘ نے عید الفطر کی تعطیلات اور ایمرجنسی بنیادوں پر کھولے جانے والے دفاتر کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

    مملکت کی دیگر کمشنریوں میں جوازات کے اوقات اتوار سے جمعرات تک صبح 10 سے دوپہر ڈھائی بجے تک جب کہ جبکہ حائل ریجن کے دفاتر دوپہر 12 سے سہ پہر 3 تک بجے کام کریں گے۔

    جوازات کا کہنا ہے عید الفطر کی تعطیلات میں ہنگامی کام کے لیے ریاض کے الرمال آفس میں صبح 8 سے 14:30 تک کام ہوگا جبکہ حائل میں صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے۔

    تاہم عید الفطر کے پہلے دن جوازات کے تمام ریجنل دفاتر میں سرکاری سطح پر عام تعطیل ہو گی۔

    https://urdu.arynews.tv/eid-al-fitr-holidays-announced-in-saudi-arabia/

  • سندھ حکومت کا عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان

    سندھ حکومت کا عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان

    کراچی: وفاقی حکومت کے بعد آج سندھ حکومت نے بھی عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان کردیا۔

    سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 31 مارچ سے 2 اپریل تک عیدالفطر کی تعطیلات ہوں گی، تین روز سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے۔

    اس سے قبل وفاقی حکومت نے بھی عید الفطر 2025 کے لیے 3 تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات 31 مارچ (پیر) سے 2 اپریل (بدھ) تک ہوں گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان تعطیلات کے دوران تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

    دوسری جانب گزشتہ روز ماہرین فلکیات نے رمضان المبارک 29 روز اور عید الفطر 31 مارچ کو ہونے کی پیش گوئی کردی ہے۔

    ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ رواں رمضان المبارک 29 دنوں کا ہوگا جبکہ عید الفطر 31 مارچ کو منائے جانے کا امکان ہے، ملک میں 30 مارچ کی شام عید الفطر کا چاند نظر آنے کا امکان ہے۔

    عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری ہوں گے یا نہیں؟ اہم خبر آگئی

    غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے ہوگی جبکہ چاند نظر آنے کے امکانات واضح ہوں گے، 30 روزے پورے ہونے کی صورت میں عید الفطر یکم اپریل بروز منگل کو ہوگی۔

  • عیدالفطر پر تعلیمی اداروں میں  طویل چھٹیاں !  طلبا کے لیے بڑی خوشخبری

    عیدالفطر پر تعلیمی اداروں میں طویل چھٹیاں ! طلبا کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد : عیدالفطر کے موقع پر تعلیمی اداروں میں طویل چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے عید الفطر 2025 کی چھٹیوں کے اعلان کے تعلیمی اداروں کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔

    وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات 31 مارچ سے 4 اپریل تک ہوں گی اور نئے تعلیمی سیشن کا آغاز 7 اپریل سے ہوگا۔

    وفاقی وزارت تعلیم نے عید الفطر اور موسم بہار کے موقع پر سرکاری تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

    دوسری جانب حکومت پنجاب نے بھی عید کی تعطیلات کے حوالے سے ایسا ہی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، پنجاب حکومت کے نوٹس کے مطابق تعلیمی ادارے عیدالفطر کے موقع پر 31 مارچ سے 2 اپریل تک تین دن کے لیے بند رہیں گے۔

    مزید پڑھیں : وفاقی حکومت نے عید الفطر کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا

    تعطیلات کے ان اعلانات کے باعث طلباء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، جس سے انہیں خاندان اور دوستوں کے ساتھ تہوار منانے کا موقع ملے گا۔

    خیال رہے ماہرین فلکیات اور محکمہ موسمیات نے ملک میں عیدالفطر 31 مارچ کو ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق عید الفطر31مارچ کو ہو گی جس کے لیے ماہِ شوال کا چاند 29مارچ کو 3 بجکر 58 منٹ پر پیدا ہو گا اور 30 مارچ کو رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا اس وقت چاند کی عمر 27 گھنٹے ہو گی، جس کے باعث ماہ شوال کا چاند با آسانی سے دیکھا جا سکے گا، تاہم ماہ شوال کے چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

  • مالدیپ: رمضان کے آخری عشرے اور عیدالفطر پر غیر معمولی طویل چھٹیوں کا اعلان

    مالدیپ: رمضان کے آخری عشرے اور عیدالفطر پر غیر معمولی طویل چھٹیوں کا اعلان

    رمضان کا مہینہ اختتام کی جانب گامزن اور عید کی آمد قریب آتی جا رہی ہے ایک ملک کے صدر نے غیر معمولی طویل چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

    دنیا بھر میں مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان المبارک اختتام کی جانب گامزن ہے اور اب اہل اسلام روزے رکھنے کے ساتھ عید کی تیاریاں بھی کر رہے ہیں۔

    اسلامی ممالک میں اس تہوار پر کئی روز کی تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے تاہم ایک ملک میں غیر معمولی طویل چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ملک مالدیپ ہے، جس کے صدر ڈاکٹر محمد معیظو نے عیدالفطر کی تعطیلات میں غیر معمولی توسیع کر دی ہے تاکہ ملک کے عوام عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں اپنے اہلخانہ اور دوست احباب کے ساتھ منا سکیں۔

    مالدیپ میں پہلے عیدالفطر کے لیے 29 رمضان کو چاند نظر آنے کی صورت میں 30 مارچ سے یکم اپریل اور عید 31 مارچ کو ہونے کی صورت میں 31 مارچ سے 3 اپریل تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

    تاہم صدر مالدیپ معیظو نے عید تعطیلات میں 3 اپریل تک توسیع کر دی ہے قطع نظر اس کے کہ عید کس دن ہوتی ہے۔

    اس اعلان کے ساتھ ہی مالدیپ کے شہری 30 مارچ سے 5 اپریل تک (7 دن) عید کی تعطیلات گزاریں گے کیونکہ وہاں جمعہ اور ہفتہ 4 اور 5 اپریل کو ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے۔

    اس کے علاوہ صدر مالدیپ نے رمضان کے آخری 10 دنوں کے لیے بھی 20 مارچ سے سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ عوام عبادت اور مذہبی فرائض پر زیادہ توجہ دے سکیں۔

    حکومت کے اس فیصلے سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

  • عید سعید اور کسی کی دید

    عید سعید اور کسی کی دید

    عیدالفطر یا عرف عام میں میٹھی عید یا چھوٹی عید ہمارے لیے دینی و دنیوی ہر لحاظ سے باعث مسرت ہے۔ اصل خوشی تو خدا کے اُن نیک بندوں کی ہوتی ہے جو رمضان المبارک کے پورے روزے، پورے اہتمام سے رکھتے ہیں، فرائض وسُنَن و نوافل کا خوب خوب التزام کرتے ہیں اور ہمہ وقت اپنے رب کو راضی کرنے میں مشغول رہتے ہیں۔

    آگے بڑھنے سے پہلے عرض کر دوں کہ عید کا عُود سے بڑا گہرا تعلق ہے۔ یہ وہی عُود ہے جس کا شمار آج بھی بیش قیمت عطور (عطر کی جمع) میں ہوتا ہے۔ عُود کالغوی مطلب ہے، لَوٹ کر واپس آنے والی چیز، چونکہ عید سال پورا ہونے پر دوبارہ آتی ہے، اس لیے اسے یہ نام دیا گیا۔

    عیدالفطر اَب اس طرح کم منائی جاتی ہے جس طرح آج سے بہت سال قبل منائی جاتی تھی۔ عید کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا جاتا تھا، ہلال کی دید کے بعد، بزرگوں کو سلام کرتے ہوئے دعائیں لی جاتیں اور پھر عید کے لباس، پکوان سمیت تمام امور کا سلسلہ جاری ہوتا۔ رمضان المبارک میں ایک مصروفیت، عمدہ نمونے اور اچھے اشعار سے مزین، مرصع عید کارڈ کی تلاش اور اسے اپنے احباب، اعزہ اور واقفین کو ڈاک سے ارسال کرنے کی بھی ہوا کرتی تھی جو انٹرنیٹ، موبائل فون اور واٹس ایپ جیسے جدید طریقہ ہائے ربط و ضبط نے تقریباً ختم کر دی۔

    اب تو اکثر لوگ، رمضان شریف کے اواخر میں، رات گئے یا ساری رات بازاروں میں گھومتے پھرتے رہتے ہیں، تھکن سے چُور گھر آتے ہیں تو عالَم یہ ہوتا ہے کہ بعض تو عید کی نماز پڑھے بغیر ہی سوجاتے ہیں اور دن چڑھے سو کر اٹھتے ہیں۔ رہا چاند تو اَب اُس کا وہ دینی کیا رومانوی تصور بھی کتابوں میں رہ گیا جس پر ہر چھوٹا بڑا شاعر، حتیٰ کہ تُک بند بھی طبع آزمائی ضرور کرتا۔ ایسے اشعار تو اَب کتابوں کی زینت ہیں:

    دیکھا ہلالِ عید تو احساس یہ ہوا
    لو ایک سال اور جدائی میں کٹ گیا
    ۔۔۔۔۔
    ہلال عید کا ہم باہم دیکھتے ہیں
    گلے مِل رہی ہیں ہماری نگاہیں
    ۔۔۔۔۔
    ہلالِ عید کو دیکھو تو روک لو آنسو
    جو ہوسکے تو محبت کا احترام کرو
    ۔۔۔۔۔
    تیری پیشانی پہ تحریر پیامِ عید ہے
    شام تیری کیا ہے، صبحِ عیش کی تمہید ہے

    [عموماً پہلی تاریخ کے چاند کو ہلال کہا جاتا ہے، مگر اہلِ عرب کے نزدیک، ابتدائی دو اور آخری دو راتوں کا چاند ہلال ہوتا ہے، جب کہ پورے چاند کو بَدر اور دیگر تاریخوں میں قمر کہتے ہیں۔ ہلال کے لیے لفظ ’غرّہ ‘ بھی استعمال ہوتا ہے جیسا کہ علامہ اقبال نے استعمال کیا]

    غرّہ شوال! اے نور نگاہ روزہ دار
    آ کہ تھے تیرے لیے مسلم سراپا انتظار

    جدید اردو شاعری میں عید کے چاند پر شاید ہی کسی نے ساغرؔ صدیقی سے بہتر اور مؤثر کلام پیش کیا ہو۔ ساغرؔ صدیقی نے کہا تھا:

    چاک دامن کو جو دیکھا تو ملا عید کا چاند
    اپنی تصویر کہاں بھول گیا عید کا چاند
    اُن کے اَبروئے خمیدہ کی طرح تیکھا ہے
    اپنی آنکھوں میں بڑی دیر چُبھا عید کا چاند
    جانے کیوں آپ کے رُخسار مہک اٹھتے ہیں
    جب کبھی کان میں چپکے سے کہا عید کا چاند
    دُور ویران بسیرے میں دیا ہو جیسے
    غم کی دیوار سے دیکھا تو لگا عید کا چاند*
    لے کے حالات کے صحراؤں میں آجاتا ہے
    آج بھی خلد کی رنگین فضاء عید کا چاند
    تلخیاں بڑھ گئیں جب زیست کے پیمانے میں
    گھول کر دَرد کے ماروں نے پیا عید کا چاند
    چشم تو وسعتِ افلاک میں کھوئی ساغرؔ
    دل نے اک اور جگہ ڈھونڈ لیا عید کا چاند

    *راقم کو یہاں حمایت علی شاعرؔ کے مشہور فلمی نغمے کے بول یاد آگئے؎

    دور ویرانے میں اِک شمع ہے روشن کب سے
    کوئی پروانہ اِدھر آئے تو کچھ بات بنے

    عید کے رسم و رواج میں بھلے ہی کمی بیشی ہوگئی ہو، عیدی کا تصور ابھی برقرار ہے، یہ اور بات کہ اب عیدی کا بڑا حصہ فقط بچوں ہی کی نذر ہوتا ہے۔ لغات پر نظر ڈالیں تو عیدی کی یہ تعریف سامنے آتی ہے:

    عیدی۔ اسم مؤنث: (۱)۔ عید کا انعام، عید کا خرچ جو بچوں کو دیا جائے۔ (۲)۔ وہ نظم جو استاد لوگ بچوں کو عید سے ایک روز قبل، کسی خوش نما کاغذ پر لکھ کر عید کی مبارک باد دیتے ہیں اور اس میں حق استادی وصول کرتے ہیں۔ (۳)۔ وہ مٹھائی اور نقدی وغیرہ جو عید کے دن سسرال سے آئے یا سسرال میں بھیجی جائے۔ (۴)۔ وہ خوش نما کاغذ جس پر عید کے اشعار یا قطعہ لکھتے ہیں۔

    میں وہ مجنوں ہوں کہ میرا کاغذِ تصویر بھی
    مثلِ عیدی باعثِ خوشنودیٔ اطفال ہے
    (ذوقؔ)

    اب ہم لغات سے استفادہ کرتے ہوئے عید کا ذکرکرتے ہیں۔ عید سے متعلق اشعارکی طرح، محاورے بھی بہت ہیں، مگر یہاں صرف عیدالفطر کی نسبت سے ہی محاورے نقل ہوں گے:
    محاورے میں عید کا چاند ہونا سے مراد وہ شخص جسے مدت دراز کے بعد، عین حالت انتظار یا حالت اشتیاق میں دیکھا جائے:

    کبھی دکھاتا ہے صورت میں برسویں دن
    غرض وہ مہرِ لقا، چاند عید کا ٹھہرا
    (اسیرؔلکھنوی)

    کب سے شب فراق ہوں مشتاق دید کا
    خورشید ہوگیا ہے مجھے چاند عید کا
    (داغؔ)

    آپ تو حق میں مِرے ہوگئے اب عید کا چاند
    کہ برس دن میں ادھر آج کرم تم نے کیا
    (معروفؔ)

    عید منانا:
    گر میکدے میں عید منائی تو کیا ہوا
    ایسا ہی شیخ تیر ا دوگانہ قضا ہوا
    (داغؔ)

    عید ہونا یا ہوجانا۔ فعل لازم: عید کا تہوار ہونا۔ نیز انتہائی خوشی ہونا، مراد برآنا
    خدا شاہد ہے مجھ کو عید ہوتی
    گلے سے تو نے لپٹایا تو ہوتا
    (ممتازؔ)

    یقیں جاں اس کو اے قاتل اسی دن عید ہوجائے
    گلا جس روز رکھ دوں مَیں تری تیغِ ہلالی پر
    (اسیرؔلکھنوی)

    ماتمِ غیر میں تمھیں دیکھا
    ورنہ یہ عید کس کے گھر نہ ہوئی
    (داغؔ)
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    عید کے پیچھے چاند مبارک۔ کہاوت: تہوار گزرنے کے بعد مبارک باد دینا

    عید کے پیچھے ٹر۔ کہاوت: برات کے پیچھے دھونسا۔ وقت گزر جانے کے بعد، یا ، بے موقع کسی کام کا کرنا، کیوں کہ جب تہوار نکل گیا تو خوشی کیسی اور جب برات چڑھ چکی تو باجے کس کام کے۔ (ٹر پنجاب کا ایک میلہ تھا جو عید کے دوسرے روز باغوں میں منایا جاتا تھا، یہ بعد میں دہلی میں بھی ہونے لگا۔ یہی وجہ ہے کہ اہل پنجاب باسی عید کو ’’ٹرو‘‘ کہتے ہیں۔)

    ہمارے یہاں گاؤں دیہات میں یہ روا ج بھی عام ہے کہ عید کے دن پیدا ہونے والے بچے کا نام عید یا عیدو رکھ دیا جائے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ دروغ برگردن راوی، یوگینڈا کے سابق صدرعیدی امین (مرحوم) کا یہ نام اسی لیے تجویز ہوا کہ وہ عید کے دن پیدا ہوئے تھے۔

    (معروف ادیب، شاعر، محقق اور براڈ کاسٹر سہیل احمد صدیقی کے مضمون سے اقتباسات)

  • کراچی میں داؤدی بوہرہ برادری آج عیدالفطر منارہی ہے

    کراچی میں داؤدی بوہرہ برادری آج عیدالفطر منارہی ہے

    کراچی : داؤدی بوہرہ جماعت آج عید الفطر منا رہی ہے، صدر میں واقع مرکزی جامع میں نماز عید ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں بوہری برادری نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں داؤدی بوہرہ برادری آج عیدالفطرمنارہی ہے ، مختلف مقامات پرداؤدی بوہرہ برادری نےعیدالفطرکی نمازادا کی۔

    بوہرہ برادری کی نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع صدر میں ہوا، جس میں بوہرہ برادری کے بچوں، جوان اور بزرگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    داؤدی بوہرہ جماعت کی جانب سے ملک و قوم کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    خیال رہے پاکستان اورسعودی عرب میں بدھ کو ایک ساتھ عید ہونے کا امکان ہے ، پاکستان میں عید کا چاند دیکھنے رویت ہلال کمیٹی آج بیٹھے گی۔

    مولانا عبدالخبیرآزاد کی زیرصدارت اجلاس اسلام آباد میں ہوگا جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کےاجلاس ہوں گے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آج چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، ملک کے اکثر حصوں میں مطلع صاف ہوگا اور انسانی آنکھ سے نظر آنے کیلئے چاند کی عمرپوری ہوگی۔