Tag: عیدالفطر

  • گورنر سندھ کا عیدالفطر پر کراچی کے فوڈ ڈلیوری رائیڈرز کیلئے بڑا اعلان

    گورنر سندھ کا عیدالفطر پر کراچی کے فوڈ ڈلیوری رائیڈرز کیلئے بڑا اعلان

    گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے عیدالفطر پر کراچی کے فوڈ ڈلیوری رائیڈرز کے لیے بڑا اعلان کردیا گیا۔

    کامران ٹیسوری نے فوڈ ڈلیوری رائیڈرز کو راشن اور عیدی دینے کا اعلان کیا ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ آج سے فوڈ ڈلیوری رائیڈرز گورنر ہاؤس آئیں ان کی مدد کریں گے۔

    گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ڈیلیوری رائیڈرز کی بھرپورمدد کرنا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ راشن حاصل کرنے کے خواہشمند رائیڈرز فون نمبر 99201201 پر رجسٹریشن کرائیں۔

  • عید پر تعلیمی اداروں میں کتنی چھٹیاں ہوں گی؟ طلبا کے لیے بڑی خبر

    عید پر تعلیمی اداروں میں کتنی چھٹیاں ہوں گی؟ طلبا کے لیے بڑی خبر

    کراچی : عیدالفطر کے موقع پر تعلیمی اداروں میں 9 اپریل سے 14 اپریل تک چھٹیوں کا امکان ہے تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اعلان نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے اور لوگ عید الفطر کے تہوار کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

    روایتی طور پر اس خوشی کے موقع کو منانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک بھر کے اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، دفاتر اور بازاروں میں عام تعطیل کا اعلان کرتی ہے تاہم ابھی کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا۔

    اس سال رمضان میں 29 روزے متوقع ہے، جس کے مطابق عید 10 اپریل بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔

    سندھ سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ابھی تک اسکولوں میں عام تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے تاہم توقع ہے کہ عید 10 اپریل کو پڑنے کی صورت میں تعلیمی ادارے 9 اپریل سے 14 اپریل تک بند رہیں گے۔

  • پاکستان میں عیدالفطر پر کتنی چھٹیاں ملیں گی؟ بڑی خبر آگئی

    پاکستان میں عیدالفطر پر کتنی چھٹیاں ملیں گی؟ بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : پاکستان میں عیدالفطر کے موقع پر 6 چھٹیاں ملنے کا امکان ہے تاہم حتمی اعلان حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اس سال عید کی چھٹی ممکنہ طور پر طویل ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اس سے قبل 2019 میں چاند نظر آنے کے مسلسل مسئلے سے نمٹنے کے لیے پانچ سالہ قمری کیلنڈر متعارف کرایا تھا اور اس سال کیلنڈر کی پیش گوئیوں کے مطابق رمضان 29 دنوں پر مشتمل ہوگا، جس کا اختتام 10 اپریل کو عید منائی جائے گی۔

    تاہم عیدالفطر کے چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، اگر مذکورہ پیش گوئیاں درست ثابت ہوتی ہیں تو ملک میں عید کی نسبتاً طویل چھٹیاں متوقع ہیں۔

    چونکہ عام طور پرعید کی چھٹیوں کا آغاز عید سے ایک روز قبل ہوتا ہے لہذا اگر 10 اپریل بروز بدھ کو عید ہوتی ہے تو عید کی چھٹیاں منگل سے شروع ہوں گی، اس صورت میں حکومت کی جانب سے منگل سے جمعہ تک 4 چھٹیاں دی گئیں تو ویک اینڈ ملا کر کل 6 چھٹیاں بن جائیں گی۔

  • متحدہ عرب امارات: عیدالفطر کے موقع پر کتنی چھٹیاں ملیں گی؟

    متحدہ عرب امارات: عیدالفطر کے موقع پر کتنی چھٹیاں ملیں گی؟

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں عیدالفطر کے موقع پر 6 دن کی چھٹیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یو اے ای میں رمضان المبارک کا آغاز 12 مارچ (منگل) سے ہونے کا امکان ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ پورے 30 دن کا ہوگا۔

    عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس ممکنہ صورت میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں عید الفطر کے موقع پر ملازمین کو 6 چھٹیاں مل جائیں گی۔

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے سرکاری اور نجی شعبوں کے لیے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان 29 رمضان سے 3 شوال تک کیا گیا ہے، اگر ماہِ رمضان 30 دنوں پر مشتمل ہوگا تو 30 رمضان 10 اپریل کو ہوگا

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر ممکنہ صورتحال کی ہی بات کی جائے تو سرکاری چھٹیوں کا اختتام 13 اپریل (ہفتے) کو ہوگا اور اگلے دن اتوار ہے، یوں اس طرح ملازمین کو 6 چھٹیوں کی سہولت مل جائے گی۔

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس 10 مارچ کو منعقد ہوسکتا ہے اور اگر اس دن چاند نظر آگیا تو پہلا روزہ 11 مارچ کو ہوگا تاہم چاند نظر نہ آنے کی صورت میں یقینی طور پر رمضان المبارک کا آغاز 12 مارچ کو ہوگا۔

    یو اے ای: غیر ملکی اب اقاموں کی تجدید کیسے کرا سکیں گے؟

    متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے روزے کا دورانیہ ماہ کے آغاز میں تقریباً 13 گھنٹے 45 منٹ ہوگا جو اختتام تک تقریباً 14 گھنٹے 25 منٹ تک طویل ہوسکتا ہے۔

  • میٹھی عید کو منائیں مزید میٹھی’ لذیذ شیر خرمے’ کے ساتھ

    میٹھی عید کو منائیں مزید میٹھی’ لذیذ شیر خرمے’ کے ساتھ

    رمضان المبارک کا اختتام اور عید کی تیاریاں زوروں پر ہیں کہیں مٹھائیاں تیار کی جارہی ہیں تو کہیں کیک کے آرڈر دئیے جارہے ہیں مگر ایک ایسی روایتی ڈش بھی ہے جس کے بغیر عید ادھوری ہے اور اس کا نام ہے شیر خرمہ۔

    شیر خرمہ کو تہواروں کا میٹھا بھی کہا جاتا ہے یہ مسلمانوں کی قدیم روایتی ڈش ہے جسے تہواروں یا خاص مواقع پر صبح صبح ناشتے میں کھا کر منہ میٹھا کیا جاتا ہے جانئے اس کی آسان ترکیب

    اجزا

    سویاں 250 گرام
    گھی 150 کرام
    دودھ 2 لیٹر
    چینی 250 گرام
    پستہ 15 گرام
    بادام 50 گرام
    چھوہارے 15 گرام
    کیوڑہ کھانے والا 2 کھانے کے چمچ
    سبز الائچی 8 دانے

    ترکیب

    ایک فرائی پین میں گھی ڈال کر گرم کریں پھر سبز الائچی کے دانے نکال کر ڈال دیں، جب خوشبو آنے لگے تو سویاں ڈال کر اتنا پکائیں کہ سویاں سرخ ہوجائے۔

    ایک دوسرے پین میں دودھ اور چھوہارے ڈال کر اتنا پکائیں کہ دودھ تین چوتھائی رہ جائے تو چولہا بند کردیں، پھر اس دودھ کو سویوں میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کیلئے رکھ دیں، تھوڑی دیر بعد اس میں چینی ڈال کر پکائیں اور بادام اور پستہ بھی ڈال دیں پھر کیوڑہ ڈال کر چولہے سے اتار لیں۔

    ٭ اس طرح سے آپ کا شیر خرمہ اتنا لذیز بنے گا کہ کھانے والے آپ کو عیدی بھی دے جائیں گے۔

  • بیش قیمت انعام (سبق آموز کہانی)

    بیش قیمت انعام (سبق آموز کہانی)

    حالات بتا رہے تھے کہ اس مرتبہ بھی علی کی خواہش پوری نہیں‌ ہوسکے گی اور اسے دوستوں کے سامنے شرمندگی اٹھانا پڑے گی۔ اس سال بھی نہ وہ روزہ رکھ سکے گا اور نہ ہی عید پر نئے کپڑے بنیں گے۔

    گزشتہ چند برسوں سے یہی ہورہا تھا کہ علی کی روزہ کشائی کی تقریب کسی نہ کسی وجہ سے ٹل رہی تھی۔ گھر کے معاشی حالات بہتر ہی نہیں ہو پا رہے تھے۔ اس مرتبہ کچھ آس بندھی تھی مگر اس کے ابو کی ملازمت اچانک ختم ہوجانے سے علی کی آس دم توڑ گئی تھی۔ اس کو یقین ہو چلا تھا کہ اب کبھی بھی اُس کی روزہ کشائی نہیں ہوگی، نہ وہ عید پر نئے کپڑے پہنے گا اور نہ ہی دوستوں کو عید پر تحفے دے سکے گا۔ روزے کا کیا ہے، وہ تو علی پچھلے رمضان میں بھی رکھ سکتا تھا، لیکن محرومیوں کی گود میں پروان چڑھنے کے سبب وہ ضدی ہو گیا تھا۔ اُس نے ضد پکڑ لی تھی کہ روزہ کشائی کی تقریب کے بغیر روزہ نہیں رکھے گا۔ تیرہ سال کا ہوگیا تھا مگر اس کے اندر کا ضدی بچّہ اپنی دیرینہ آرزو کی تکمیل کے لیے ہمکتا رہتا۔

    خواب دیکھنے پر تو رقم خرچ نہیں ہوتی نا، چھوٹی چھوٹی آرزوئیں علی کو ستاتیں تو وہ نت نئے خواب بننے لگتا مگر جلد ہی اس کے خواب بکھر جاتے۔ رمضان کا چاند دیکھ کر علی نے دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے تو آنسو بے اختیار اس کی آنکھوں سے ٹپک پڑے۔ واضح نظر آنے والا چاند دھندلا سا گیا۔ یکایک علی کی آنکھیں چمکنے لگیں۔ اسے فرمانِ الٰہی یاد آگیا تھا ”روزہ میرے لیے ہے، اس کی جزا میں دوں گا“ اور اسی پل علی نے اللہ کی رضا کے لیے دل میں پورے روزے رکھنے کا عہد کیا۔

    چاند دیکھ کر علی نے امی ابّو کو سلام کر کے اُنھیں خوش خبری سنائی کہ کل وہ پہلا روزہ رکھے گا اور انشاء اللہ پورے روزے رکھے گا۔ علی نے جو کہا کر دکھایا۔ وہ علی جو روزہ کشائی کی تقریب کے بغیر روزہ رکھنے پر آمادہ نہ تھا نہ صرف پابندی سے روزے رکھ رہا تھا بلکہ بلاناغہ تراویح بھی پڑھ رہا تھا۔ اور پہلی مرتبہ رمضان المبارک کی سعادتوں اور برکتوں کے مزے لوٹ رہا تھا۔ ورنہ اس سے پہلے رمضان کا سارا مہینہ اس نے اللہ سے گلے شکوے کرتے گزارا لیکن اس بار روزے رکھ کر علی کواحساس ہو رہا تھا کہ رمضان شکوے کا نہیں شکر کا مہینہ ہے۔ برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے۔ علی بہت خوش تھا کہ روزے کی برکت سے اُس نے اپنے نفس پر قابو پانا سیکھ لیا تھا۔ شکوے کی جگہ شکر اور بے صبری کی جگہ صبر نے لے لی۔ اب ضد بھی برائے نام رہ گئی تھی۔ اور پھر یوں ہُوا کہ افطار کے وقت پابندی سے مانگی جانے والی علی کی دعا قبول ہو گئی۔

    اس کے ابّو کو بہت اچھی ملازمت مل گئی۔ تنخواہ معقول تھی۔ عید سے دو روز پہلے کمپنی نے عید کی خوشی میں ایڈانس تنخواہ دے دی۔ علی کی یوں کایا پلٹ ہوتے دیکھ کر اُس کے ابو نے عید کی خریداری کے لیے دو ہزار روپے دیے تھے۔ وہ بہت خوش تھا کہ اس عید پر وہ بھی نئے کپڑے اور جوتے پہنے گا، دوستوں کے لیے تحائف لے گا۔ ابھی وہ منصوبہ بندی کر ہی رہا تھا کہ اُس کے عزیز دوست حمزہ کے ایکسیڈنٹ کی اطلاع ملی۔ حمزہ نہایت غریب ذہین اور باصلاحیت لڑکا تھا۔ اُس کے والد سرکاری دفتر میں کلرک تھے۔ اُن کی گزر بسر مشکل سے ہو رہی تھی، اُس پر یہ ناگہانی پریشانی، عید بالکل سر پر آگئی تھی۔ ایسے وقت میں اپنوں نے بھی اُن کی مدد سے انکار کر دیا تھا۔ علی کو جب ان حالات کا علم ہُوا تو اُس نے اپنی عید کی خریداری کی ساری رقم حمزہ کے ابو کو دے دی۔ علی کے والدین خوش تھے کہ اپنے دوست کی خاطر علی نے اپنی خوشیوں کی قربانی دی۔ ساتھ ہی اُنھیں یہ بھی احساس تھا کہ اب علی کو عید کے لیے نیا سوٹ نہیں دلوا سکتے۔ جب علی کی امی نے یہ بات اس سے کہی تو اُس نے کہا، ”کوئی بات نہیں مجھے اس کا کوئی دکھ نہیں کہ میں معمولی کپڑے پہن کر عید کی نماز پڑھوں گا۔ میرے دوست کی صحت اور زندگی میرے کپڑوں، جوتوں، تحائف سے زیادہ اہم ہے۔ یہ رقم اس کے بہت کام آگئی، اگر بروقت میں یہ رقم حمزہ کو نہ دیتا تو میرا ضمیر مجھے ملامت کرتا رہتا اور میں عمر بھر عید کی خوشی نہیں منا پاتا۔“ یہ سُن کر علی کی امی نے بے اختیار اُسے گلے سے لگالیا۔

    عید کی صبح علی نے پرانے کپڑے پہنے لیکن اُس کے اندر آج کوئی محرومی نہیں تھی۔ وہ دل میں عجب قسم کا اطمینان اور خوشی محسوس کر رہا تھا۔ عید گاہ سے واپسی پر جب حمزہ سے ملنے علی اُس کے گھر گیا تو اُسے اپنا منتظر پایا۔ حمزہ جانتا تھا کہ عید پر قیمتی کپڑے پہننا علی کا خواب تھا جو اس کی وجہ سے اس سال بھی پورا نہ ہو سکا۔ علی کو پرانے کپڑوں میں دیکھ کر حمزہ کی آنکھیں بھر آئیں۔؎

    علی! تم نے اپنے دل کو مار کر مجھے نئی زندگی دی، اگر تم بَروقت میرے علاج کے لیے پیسے نہ دیتے تو آج۔۔۔ بات ادھوری چھوڑ کر حمزہ بری طرح رو دیا۔

    حمزہ! آگے کچھ نہ کہو، زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے جس نے تمہیں نئی زندگی دی اور مجھے بھی۔

    کیا مطلب؟ تمہیں نئی زندگی دی؟ مگر کیسے؟ حمزہ نے حیرت سے سوال کیا۔ مطلب یہ ہے کہ میرے دل کی دنیا بدل گئی۔ میں خوابِ غفلت سے بیدار ہو گیا۔ یقین کرو پرانے کپڑوں اور جوتوں میں، میں خود کو بہت نیا نیا محسوس کر رہا ہوں۔ میں نے اللہ کی رضا کے لیے روزے رکھے تو روزوں کا انعام بھی پا لیا۔ عید کی ایسی سچی خوشی مجھے پہلے کبھی نہ ملی تھی۔“

    تم نے میرے لیے بہت کیا ہے علی! پَر میں تمہیں یہ سستا سا عید کارڈ ہی دے سکتا ہوں جو تمہارے لیے میں نے اپنے ہاتھوں سے بنایا ہے۔

    نہایت مسرت اور حیرت سے علی وہ کارڈ دیکھ رہا تھا، جس میں حمزہ کی محنت اور محبت دونوں ہی شامل تھی۔ کارڈ پر اشعار درج تھے۔

    چلو ختم روزے ہوئے عید آئی
    خوشی کا مسرت کا پیغام لائی
    مبارک ہو سب کو قمر عید کا دن
    کہ سب نے خوشی ہی خوشی آج پائی

    میرے دوست! جسے تم سستا عید کارڈ کہہ رہے ہو میرے لیے بہت قیمتی ہے۔ مہینہ بھر روزے رکھ کرمیں نے جان لیا کہ تشکر کتنی انمول نعمت ہے، صبر اللہ کا کتنا بڑا انعام ہے اور یہ کہ سچی خوشی اپنی خواہشات کی تکمیل میں نہیں بلکہ اوروں کے کام آنے میں ہے۔بیشک میں نے روزوں کا انعام پا لیا ہے، بیش قیمت انعام۔

    (مصنّف:‌ شائستہ زریں‌)

  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا عیدالفطر پر پیغام

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا عیدالفطر پر پیغام

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عید کے موقع پر مسلمانوں کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔

    دنیا بھر کے مختلف ممالک میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، یمن، بحرین، کویت، مصر، فلسطین، لبنان، عراق، ترکیہ، انڈونیشیا اور افغانستان شامل ہے۔

    سعودی قیادت نے عید الفطر کے موقع پر مسلم قائدین کے نام پیغامات بھیجے، پیغامات میں سعودی قیادت کی جانب سے مسلم ممالک کے رہنماؤں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی گئی۔

    اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر منانے والے تمام لوگوں کو میری دلی مبارکباد۔

    برطانیہ اور یورپ میں بعض مسلمان آج (جمعے کو) جبکہ دیگر کل (ہفتے کو) عید الفطر منائیں گے۔

    پاکستان، بھارت، ایران، ملائیشیا، سنگاپور، برونائی، جاپان، فلپائن اور تھائی لینڈ میں عید الفطر کل (ہفتہ 22 اپریل کو) ہو گی

  • قیدیوں کے لیے خوش خبری

    قیدیوں کے لیے خوش خبری

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سزاؤں میں خصوصی چھوٹ کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کمی کی منظوری دے دی، سزاؤں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی گئی ہے۔

    سزاؤں میں کمی کا اطلاق قتل، جاسوسی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا، کمی کا اطلاق زنا، چوری، ڈکیتی، اغوا اور دہشت گردی میں سزا یافتہ مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔

    سزا میں کمی کا اطلاق مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔

    اس کمی کا اطلاق 65 سال سے زائد عمر کے اُن مردوں پر ہوگا جو قیدی جو اپنی ایک تہائی قید کاٹ چکے ہیں، 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی جو ایک تہائی قید کاٹ چکی ہیں، ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔

    18 سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ہیں، ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔

  • یو اے ای میں عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان

    یو اے ای میں عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سرکاری اور نجی سیکٹر کے ملازمین کے لیے عید الفطر کی چھٹی 1444ھ بروز جمعرات 29 رمضان 1444ھ بمطابق 20 اپریل 2023 سے پیر 24 اپریل 2023 تک ہوگی۔

    یو اے ای فیڈرل اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلان کےمطابق امارات میں 29 رمضان سے 3 شوال تک عید الفطر کی تعطیلات ہوں گی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امارات کے ماہرین فلکیات کا کہنا ہےکہ مملکت میں عید الفطر 21 اپریل کو ہوگی، شوال کے چاند کی پیدائش جمعرات کو ہوگی جو 20 اپریل کو غروب آفتاب کے 22 منٹ بعد دیکھا جاسکے گا۔

    کویت

    کویت میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا، 21 سے 25 اپریل کے دوران مملکت بھر میں عید کی تعطیلات ہوں گی۔

    سعودی عرب

    وزارت ہیومن ریسورسز نے اعلان کیا ہے کہ نجی شعبے اور غیرمنافع بخش اداروں میں عیدالفطر کی 4 تعطیلات ہوں گی۔ عید تعطیلات جمعرات 29 رمضان بمطابق 20 اپریل کی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد سے شروع ہو جائیں گی

  • پاکستان میں عیدالفطر کب ہوگی، جمعہ یا ہفتہ؟ نئی پیش گوئی سامنے آگئی

    پاکستان میں عیدالفطر کب ہوگی، جمعہ یا ہفتہ؟ نئی پیش گوئی سامنے آگئی

    اسلام آباد : ماہرین فلکیات نے پاکستان میں عیدالفطر 22 اپریل ہفتے کو ہونے کی پیش گوئی کردی اور کہا جن ملکوں میں 20 اپریل کو سورج گرہن دیکھا جائے گا ان ممالک میں نیا چاند قطعی نظر نہیں آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عیدالفطر کے چاند سے متعلق ماہرین فلکیات کی پیش گوئی بھی سامنے آگئی۔

    ماہری فلکیات نے کہا کہ 20 اپریل جمعرات کو سورج گرہن ہوگا جو صبح ساڑھے 6 بجے شروع ہوکر دوپہر 12 بجے ختم ہوگا۔

    ماہری فلکیات کا کہنا تھا کہ جن ملکوں میں سورج گرہن دیکھا جائے گا ان ممالک میں نیا چاند نظر نہ آنے کا امکان ہے، اس کے پیش نظر
    پاکستان میں عیدالفطر 22 اپریل ہفتے کو ہوگی۔

    یاد رہے اس سے قبل پاکستان میں رویت ہلال ریسرچ کونسل کی جانب سے ملک میں شوال کے چاند کی رویت سے متعلق پیشن گوئی کی تھی۔

    رویت ہلال ریسرچ کونسل کا کہنا تھا کہ جمعرات 20 اپریل کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے ، اس لیے اس بار 30 روزے ہوں گے اور عید ہفتہ 22 اپریل 2023کو منائی جائے گی۔

    رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق چاند کی پیدائش جمعرات 20 اپریل کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 13 منٹ پر ہوگی۔