Tag: عید الاضحیٰ

  • عید الاضحیٰ : بڑی پابندیاں عائد کردی گئیں

    عید الاضحیٰ : بڑی پابندیاں عائد کردی گئیں

    لاہور : عید الاضحیٰ کے موقع پر بڑی پابندیاں عائد کردیں گئیں اور اس حوالے سے اہم احکامات بھی جاری کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، چیریٹی کمیشن کیساتھ رجسٹرڈادارے کھالیں وصول کر سکیں گے۔

    محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ عوامی مقامات پر سری پائے جلانے پر دفعہ 144 لاگوہو گی جبکہ جانوروں کےفضلےکو مین ہول یاکینال میں پھیکنے پربھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

    عید پر دریاؤں، ندی نالوں ،ڈیمزمیں نہانے،کشتی رانی کی اجازت نہیں ہوگی اور عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد ہوگی۔

    محکمہ داخلہ نے عیدگاہوں،مساجداورمدارس میں اضافی سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈیوں میں کمیشن یابھتہ وصول نہ کرنےکویقینی بنایاجائے۔

    محکمہ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھرمیں کوئی غیرقانونی مویشی منڈی قائم نہ ہونےدی جائے۔

  • عید الاضحیٰ  کب  ہوگی؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی بھی سامنے آگئی

    عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی بھی سامنے آگئی

    اسلام آباد : محکمہ موسمیات کی ملک میں عید الاضحیٰ کے حوالے سے پیش گوئی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ جسے عید قرباں اور عام طور پر بڑی عید بھی کہا جاتا ہے اس کی تیاریاں کئی روز پہلے ہی جانوروں کی خریداری سے شروع ہو جاتی ہیں اور اسلامی مہینے ذوالحجہ کی دسویں تاریخ کو پیغمبر حضرت ابراہیم کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے مسلمان ان جانوروں کی قربانی کرتے ہیں۔

    ملک بھر میں عید قربان کی تیاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور مویشی منڈیاں سج گئی ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے ملک میں ذوالحج کا چاند 7 جون کو نظر آنے کی پیش گوئی کی ہے، جس کے تحت عید الضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش 6 جون کی شب 5 بج کر 38 منٹ پر ہوگی جبکہ غروب آفتاب 7 بج کر 20 منٹ پر ہونے کا امکان ہے، چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 72 منٹ تک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق چاند دکھائی دینے کیلئےاسکی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔

    پاکستان میں چاند دیکھنے والی مرکزی رویت ہلال کمیٹی ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے بعد عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔

    یاد رہے مصر میں وزارت اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے قومی ادارہ برائے فلکیاتی اور جیو فزیکل ریسرچ نے فلکیاتی حسابات سے بتایا تھا کہ دنیا کے بیشتر حصوں میں عید قربان 16 جون 2024 کو منائے جانے کا امکان ہے جب کہ وقوف عرفہ 15 جون کو ہوگا۔

  • پاکستان میں عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

    پاکستان میں عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

    ذی القعدہ کا چاند نظر آنے کے بعد عیدالاضحیٰ 2024 کی ممکنہ تاریخ سے متعلق پیش گوئی سامنے آئی ہے تاہم ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے بعد ہی عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

    عیدالاضحی اور عید الفطر کے درمیان دو مہینے سے کچھ زیادہ دن کا فرق ہوتا ہے، جس کی وجہ سے عید الفطر کے بعد جہاں لاکھوں مسلمان حج کی تیاری کررہے ہوتے ہیں وہیں عید الاضحی کا انتظار شروع ہوجاتا ہے۔

    تاہم گزشتہ روز شوال کے تیس روز مکمل ہونے کے بعد ذی العقدہ کا چاند نظر آگیا ہے اور آج اسلامی مہینے کی پہلی تاریخ ہے۔

    ذی العقدہ کے بعد ذوالحجۃ آتا ہے جس میں فریض حج اور عید الاضحیٰ کے دو بڑے تہوار ہیں، اگر پاکستان میں ذی القعدہ کا مہینہ 29 روز پر مشتمل ہوا تو ذو الحج کا آغاز 8 جون کو ہوگا جس کے مطابق عید الاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوسکتی ہے۔

    اور اگر 30 روز کا مہینہ ہوا تو تو ماہ ذوالحجہ 1445 ہجری کا آغاز 9 جون سے اور عیدالاضحیٰ 18 جون بروز منگل کو ہوگی۔

    لیکن اس کا باقاعدہ اعلان پاکستان میں چاند دیکھنے والی مرکزی رویت ہلال کمیٹی ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے بعد ہی کرے گی۔

    خیال رہے عید الاضحی اسلام میں منائے جانے والے دو اہم تہواروں میں سے دوسرا ہے، اسلامی روایت کے مطابق عید الاضحی حضرت ابراہیم (ع) کی اپنے بیٹے کو خدا کے حکم کی تعمیل کے طور پر قربان کرنے کی رضامندی کا احترام کرتی ہے۔

  • عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ ماہر فلکیات نے تاریخ بتا دی

    عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ ماہر فلکیات نے تاریخ بتا دی

    ماہرین فلکیات نے عیدالاضحیٰ 2024 کی ممکنہ تاریخ سے پیش گوئی کردی تاہم ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے بعد ہی عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

    عیدالاضحی اور عید الفطر کے درمیان دو مہینے سے کچھ زیادہ دن کا فرق ہوتا ہے، جس کی وجہ سے عید الفطر کے بعد جہاں لاکھوں مسلمان حج کی تیاری کررہے ہوتے ہیں وہیں عید الاضحی کا انتظار شروع ہوجاتا ہے۔

    ماہرین فلکیات نے عیدالاضحیٰ 2024 کی ممکنہ تاریخ سے پیش گوئی کردی ، تاہم تاریخ دنیا کے مختلف حصوں میں چاند نظر آنے کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے۔

    مصر میں وزارت اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے قومی ادارہ برائے فلکیاتی اور جیو فزیکل ریسرچ نے فلکیاتی حسابات سے بتایا کہ دنیا کے بیشتر حصوں میں عیدالاضحیٰ 16 جون 2024 کو منائے جانے کا امکان ہے جب کہ وقوف عرفہ 15 جون کو ہوگا۔

    انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ذی الحج کے مہینے کا آغاز جمعہ 7 جون 2024 کو ہوگا تاہم حتمی رائے سعودی عرب کی طرف سے عید کی تاریخ کا تعین کرنے کے بعد ہی قائم کی جا سکے گی۔

    پاکستان میں چاند دیکھنے والی مرکزی رویت ہلال کمیٹی ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے بعد عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔

    خیال رہے عید الاضحی اسلام میں منائے جانے والے دو اہم تہواروں میں سے دوسرا ہے، اسلامی روایت کے مطابق عید الاضحی حضرت ابراہیم (ع) کی اپنے بیٹے کو خدا کے حکم کی تعمیل کے طور پر قربان کرنے کی رضامندی کا احترام کرتی ہے۔

  • روس میں قرآن پاک کی بے حرمتی جرم ہے، عید الاضحیٰ پر پیوٹن کا داغستان کی مسجد کا دورہ

    روس میں قرآن پاک کی بے حرمتی جرم ہے، عید الاضحیٰ پر پیوٹن کا داغستان کی مسجد کا دورہ

    دربند: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے عید الاضحیٰ کے موقع پر جمہوریہ داغستان کے شہر دربند میں جامع مسجد کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے بقر عید کے موقع پر داغستان کی ایک مسجد کا دورہ کیا ہے، انھوں نے کہا کہ قرآن مسلمانوں کے لیے مقدس ہے اور دوسروں کے لیے بھی مقدس ہونا چاہیے۔

    انھوں نے روس کے جمہوریہ داغستان کے مسلمانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ روس میں قرآن پاک کی بے حرمتی آئین اور قانون دونوں کے مطابق جرم ہے۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کے بے حرمتی کے جرم کے ارتکاب پر سزا بھی دی جاتی ہے۔

    روسی صدر کو قرآن پاک تحفے میں دیا گیا، جس پر انھوں نے شکریہ اد اکیا۔ دربند میوزیم کے ڈائریکٹر ولی فتالئیف نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے صدر پیوٹن کو جو قرآن تحفتاً دیا ہے، وہ مقدس مکہ کا ہے۔

    واضح رہے کہ دربند کی جامع مسجد روس اور دنیا کی قدیم ترین مسجدوں میں سے ایک ہے، تحریری ذرائع کے مطابق عرب فوجی رہنما مسلمہ بن عبد الملک نے اس کی تعمیر 733-734 عیسوی میں شروع کی تھی، مسجد کے صحن میں تین صدیوں پرانے انجیر کے درخت کھڑے ہیں۔

  • افواج پاکستان کی جانب سے قوم کو عید مبارک

    افواج پاکستان کی جانب سے قوم کو عید مبارک

    افواج پاکستان کی جانب سے قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس کی طرف سے پاکستانی عوام کو عید مبارک کا پیغام جاری ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق عید الاضحیٰ ہمیں امن، اتحاد، یگانگت اور نوع انسانی کے لے بے لوث قربانی کا درس دیتی ہے۔

    آج کا دن شہدا پاکستان کی وطن عزیز کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ہے، یہ شہدا وطن ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

  • ایران، بھارت اور بنگلا دیش، برطانیہ، کینیڈا، اور امریکا میں بھی آج عیدالاضحیٰ، خصوصی پیغامات

    ایران، بھارت اور بنگلا دیش، برطانیہ، کینیڈا، اور امریکا میں بھی آج عیدالاضحیٰ، خصوصی پیغامات

    ایران، بھارت اور بنگلا دیش، برطانیہ، کینیڈا، اور امریکا میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت ایران، بھارت، بنگلا دیش، برطانیہ، کینیڈا اور امریکا میں آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے، نئی دہلی سمیت دیگر شہروں میں عید کے اجتماعات ہوئے، جب کہ مشرق وسطیٰ سمیت دیگر ممالک میں عید کا دوسرا روز ہے۔

    بھارت کے مختلف شہروں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے، نماز کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، ایران کے دارالحکومت تہران اور بنگلا دیش میں بھی عید کے اجتماعات ہوئے۔

    عالمی رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ پر مبارک باد کے پیغامات جاری کیے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، امریکی صدر بائیڈن، کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دی، واضح رہے کہ برطانیہ، کینیڈا اور امریکا میں بھی مسلم کمیونٹی آج عید منا رہی ہے جب کہ کئی علاقوں میں گزشتہ روز بھی عید منائی گئی۔

    آج ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

    گزشتہ روز متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، ترکی، انڈونیشیا اور دیگر ممالک میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے، ابوظبی میں عید پر شان دار آتش بازی سے آسمان جگمگا اٹھا۔

  • قربانی ایک رسم نہیں بلکہ عالمگیر جذبہ ہے، وزیر اعظم

    قربانی ایک رسم نہیں بلکہ عالمگیر جذبہ ہے، وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے عید کے پُر مسرت موقع پر پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قربانی ایک رسم نہیں بلکہ عالمگیر جذبہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹوئٹ میں لکھا ہے: ’’عید کے پُر مسرت موقع پر پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اللہ پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔‘‘

    وزیر اعظم نے لکھا ’’حضرت ابراہیمؑ نے اللہ کی بارگاہ میں قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی، یہ عمل اللہ کو اتنا پسند آیا کہ اسے اُمتِ محمدیؐ کے لیے بطور عبادت لازم قرار دے دیا، یاد رکھیں! قربانی ایک رسم نہیں بلکہ ایک عالمگیر جذبہ ہے۔‘‘

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قربانی کا مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے اپنی متاع حیات کو اللہ کے راستے میں قربان کرنا ہے، کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔

    انھوں نے لکھا: ’’اہلیان پاکستان اور پوری دنیا کے تمام مسلمانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں، اللہ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل کرے اور ہم سب کے اعمال صالحہ کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔‘‘

  • عید الاضحیٰ کے موقع پر امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان کا پیغام

    عید الاضحیٰ کے موقع پر امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان کا پیغام

    واشنگٹن: امریکا، آسٹریلیا، جاپان اور دیگر ممالک سمیت یورپ میں مقیم مسلمان آج عید الاضحیٰ منا رہے ہیں۔

    عید الاضحیٰ کے موقع  پر امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا میں بسنے والے پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ آج کا یہ تہوار ایثار اور قربانی کے جذبے کی علامت ہے، حضرت ابراہیم نے اپنے رب کی خوشنودی کیلئے اپنی سب سے پیاری چیز قربان کی۔

    پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی مشکل کی ہر گھڑی میں وطن عزیز کے ساتھ کھڑی رہی ہے، یہی جذبہ ہمارے معاشرے کی اصل  روح اور پہچان ہے، آئیے آج پھر ہم سنت ابراہیمی کو آگے بڑھائیں۔

  • سعودیہ عرب سمیت دیگر خلیجی ریاستوں میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

    سعودیہ عرب سمیت دیگر خلیجی ریاستوں میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

    سعودی عرب سمیت متحدہ عرب امارات، یورپ اور امریکا میں عیدالاضحیٰ آج منائی جارہی ہے۔

    سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں اور یورپ کے کچھ ممالک میں عید الاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے ، اس موقع پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔

    مکہ مکرمہ اور مسجدِ نبوی میں لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی، میدانِ عرفات میں روح پرور مناظر دیکھے گئے، فضا میں لبیک الھم لبیک کی صدائیں بلند ہے، دنیا بھر سے آئے لاکھوں حجاج کرام کی جانب سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی جاری ہے۔

    حجاج رمی جمرات کے بعد  قربانی کریں گے اور پھر سرمنڈوا کر احرام کھول دیں گے، حجاج کرام مسجد الحرام پہنچ کر طواف زیارت کے بعد واپس منیٰ لوٹ جائیں گے، جہاں وہ مزید دو روز قیام کے دوران رمی کریں گے۔

    گزشتہ رات حجاج کرام نے کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں قیام کیا اور رمی کے لیے کنکریاں جمع کیں، حجاج 11 ذی الحج یعنی کل شیاطین کو کنکریاں ماریں گے اور عبادت کیلئےمنی میں ہی ٹھہریں گے، 12 ذی الحج کو بھی تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔

    13 ذی الحج کو رمی کے بعد مناسکِ حج کی تکمیل ہوجائے گی جس کے بعد حجاج مکہ مکرمہ جا کر مسجدِ حرام کا طوافِ کریں گے۔

    اس سال دنیا بھر سے بیس لاکھ اور پاکستان سے تقریباً اایک لاکھ باون ہزار مسلمان میدان عرفات میں عبادت میں مصروف رہے۔

    خلیجی ممالک دبئی، بحرین، کویت، عمان میں بھی سنت ابراہیمی کا فریضہ ادا کیا جا رہا ہے۔

    ادھر امریکا، آسٹریلیا،جاپان اور دیگر ممالک سمیت یورپ میں مقیم مسلمان بھی عید الاضحیٰ منا رہے ہیں اور سنت ابراہیمی کی پیروری کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر  رہے ہیں۔