Tag: عید الاضحیٰ

  • عید الاضحیٰ، سندھ حکومت نے بڑی پابندی عائد کر دی

    عید الاضحیٰ، سندھ حکومت نے بڑی پابندی عائد کر دی

    کراچی: عید الاضحیٰ پر سندھ حکومت نے گھروں کے باہر قربانی کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے گھروں کے باہر قربانی کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس میں اضافے کے باعث شہری رہائشی علاقوں میں قربانی کی اجازت نہیں ہے، جانوروں کی قربانی کے لیے کھلے میدان کا انتخاب کیا جائے، اور جانوروں کی قربانی کرتے ہوئے مجمع اکھٹا نہ ہو۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس کو کارروائی کی ہدایت کر دی ہے، محکمے نے کہا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات بھی کھلی جگہ میں منعقد کیے جائیں گے، اور ایک ہی مقام پر نماز عید کے ایک سے زائد اجتماعات الگ اوقات میں کیے جائیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق نماز عید کے لیے آنے والوں کو تھرمل اسکینر سےگزارا جائے، نماز کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے، اور عید کے اجتماعات میں بیمار افراد، بچوں اور بزرگ شہریوں شرکت نہ کرنے دی جائے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ عید کی نماز پڑھنے والے افراد فیس ماسک کا استعمال لازمی کریں، اور شہری نماز عید کے بعد ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے بھی گریز کریں۔

  • سعودی عرب: وقوف عرفہ اور عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟

    سعودی عرب: وقوف عرفہ اور عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب میں وقوف عرفہ 19 اور عیدالاضحیٰ 20 جولائی کو ہو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہر فلکیات ڈاکٹر خالد الزعاق نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت میں عیدالاضحیٰ 20 جولائی بروز پیر، حج 19 جولائی بروز اتوار کو ہو گا، جب کہ یکم ذوالحجہ بروز اتوار 11 جولائی کو ہوگا۔

    ماہر فلکیات کے مطابق جمعہ کے روز سورج غروب ہونے سے قبل چاند بھی ڈوب جائے گا، جس کی پیدائش ہفتے کی صبح ہو گی، اس طرح ہفتے کی شام ہلال دیکھا جا سکے گا، جو تقریباً 36 منٹ تک رہے گا۔

    پاکستان میں عید الاضحیٰ کس تاریخ کو ہوگی ؟ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

    انھوں نے مزید کہا کہ اس حساب سے 11 جولائی بروز اتوار ذوالحجہ کی پہلی تاریخ ہوگی، جب کہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 19 جولائی بروز اتواراور عیدالاضحیٰ 20 جولائی کو ہوگی۔

    واضح رہے کہ سعودی عدالت کی جانب سے آج جمعہ کی شام، ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں ڈائریکٹراسپیس سائنسز جامعہ کراچی پروفیسرجاوید اقبال نے عیدالاضحیٰ 21 جولائی کو ہونے کی پیش گوئی کی ہے، انھوں نے آج کہا ہے کہ ہفتہ کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔

  • پاکستان میں عید الاضحیٰ کس تاریخ کو ہوگی ؟ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

    پاکستان میں عید الاضحیٰ کس تاریخ کو ہوگی ؟ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

    کراچی : ڈائریکٹراسپیس سائنسز جامعہ کراچی پروفیسرجاویداقبال نے عیدالاضحی 21 جولائی کو ہونے کی پیش گوئی کردی اور کہا ہفتہ کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹراسپیس سائنسزجامعہ کراچی پروفیسرجاویداقبال نے ذی الحج کے چاند کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ ہفتہ کوذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، 10 جولائی کو مغرب کے وقت چاند کی پیدائش کو 13 گھنٹے ہوں گے اور اس مدت کا چاند آنکھ سے نظر آنا ممکن نہیں۔

    پروفیسرجاویداقبال کا کہنا تھا کہ کراچی کی نسبت پشاور میں چاند کی رویت کاامکان کم ہوتاہے، ذی الحج کا چاند 11 جولائی کو واضح نظر آئے گا ، جس کے مطابق عیدالاضحی 21 جولائی ہوگی۔

    ڈائریکٹراسپیس سائنسزجامعہ کراچی نے مزید کہا کہ افغانستان میں بھی 10 جولائی کو چاند نظر آنےکا امکان نہیں۔

    دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہفتے کو کراچی میں ہوگا ، میٹ کمپلیکس میں اجلاس چیئرمین ابولخبیرآزاد کی سربراہی میں ہوگا، جس میں محکمہ موسمیات ،اسپارکو،وزارت مذہبی امورکےنمائندےشریک ہوں گے جبکہ زونل کمیٹیوں کےاجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوں گے۔

  • کشمیریوں کو عید الاضحیٰ منانے سے روک دیا گیا، دوسرے روز بھی گھروں میں قید

    کشمیریوں کو عید الاضحیٰ منانے سے روک دیا گیا، دوسرے روز بھی گھروں میں قید

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی بربریت جاری ہے، مظلوم کشمیریوں کو عید الاضحیٰ منانے سے بھی روک دیا گیا، دوسرے روز بھی نہتے کشمیری گھروں میں قید رہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں مودی سرکار نے نہتے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے، مقبوضہ وادی میں بدترین لاک ڈاؤن کو ایک سال ہونے کو ہے، کشمیری ایک اور عید کڑے پہرے میں منانے پر مجبور ہوئے، آج دوسرے روز بھی وادی کے باشندے گھروں میں قید رہے۔

    عید کے موقع پر بھی وادی مکمل طور پر بند رہی، مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی کرفیو کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے، یورپ میں کشمیر کونسل نے مقبوضہ وادی میں نماز عید کے اجتماعات پر پابندی کی مذمت کی، امریکی سیاست دان جمال بومین نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا۔

    واضح رہے کہ بھارت کے 5 اگست کے غیر آئینی اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی فوجی محاصرے کو ایک سال مکمل ہونے کے قریب ہے، گزشتہ روز مقبوضہ وادی میں نماز عید پر پابندی تھی، قابض بھارت نے سری نگر کی مساجد کھولنے نہ دیں، سفاک فوجی اہل کار مساجد پر پہرہ دے دیتے رہے۔

    بھارتی سیاست دان نے بھی جموں و کشمیر کو بڑی جیل قرار دے دیا

    ظالمانہ لاک ڈاؤن کے سبب سب کچھ بند ہے، مریضوں کو اسپتالوں تک رسائی نہیں مل رہی، کشمیری شدید مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں، اس صورت حال پر امریکی سیاست دان جمال بومین نے بھی شدید تشویش کا اظہار کر دیا، انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ روا رکھا گیا رویہ ناقابل قبول ہے، کشمیریوں کے حق کے لیے آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔

    کشمیر کونسل یورپی یونین نے مقبوضہ کشمیر میں نماز عید کے اجتماعات پر پابندی کی مذمت کی، کونسل کے رہنما علی رضا سید نے کہا کہ مذہبی فرائض سے روکنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے بھارت نے وادی میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے ہیں، پاکستان کی جانب سے ایک سال مکمل ہونے پر 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • عید کے یہ پکوان آپ کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں

    عید کے یہ پکوان آپ کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں

    عید الاضحیٰ کے موقع پر جہاں سنت ابراہیمی یعنی قربانی کر کے خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، وہیں اس دن پر دوستوں اور رشتے داروں کے مل بیٹھنے اور مزے مزے کے پکوانوں سے ان کی خاطر مدارت کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔

    عید الاضحیٰ پر ایسے مزیدار پکوان بنائے جاتے ہیں جو عموماً سارا سال نہیں بنائے جاتے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں عید کے موقع پر کچھ غذائیں ایسی بھی ہیں جنہیں کھا کر آپ کی عید خراب ہوسکتی ہے اور آپ کو ڈاکٹر کے پاس جانا پڑ سکتا ہے، لہٰذا ایسی غذاؤں اور پکوانوں سے پرہیز کرنا ہی بہتر ہے۔

    آئیں دیکھتے ہیں وہ کون سی غذائیں ہیں۔

    تلا ہوا گوشت

    عید کوئی بھی ہو گوشت کے بغیر ادھوری ہے۔ عید پر گوشت سے مختلف اقسام کی مزیدار ڈشز تیار کی جاتی ہیں جن میں سے ایک تلا ہوا گوشت بھی ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں تلا ہوا گوشت صحت کے لیے نہایت مضر ہے۔

    درست طریقے سے نہ پکانے پر اس میں جراثیم باقی رہ سکتے ہیں جو آپ کو خطرناک بیماریوں اور مختلف انفیکشنز میں مبتلا کرسکتے ہیں۔ اس کی جگہ آپ گوشت کو اچھی طرح پکا کر، گرل یا بیک کر کے کھا سکتے ہیں۔

    کیک

    عید پر عزیز و اقارب کے گھر جاتے ہوئے میٹھے کے طور پر لے جانے کے لیے کیک سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ عید الاضحیٰ پر اکثر افراد گوشت کے علاوہ کیکس اور مٹھائیاں بھی اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے لیے لے جاتے ہیں۔

    تاہم کیک میں موجود مٹھاس آپ کے وزن میں اضافہ کرسکتی ہے اور آپ کو شوگر میں بھی مبتلا کرسکتی ہے چنانچہ اس سے گریز ہی کرنا بہتر ہے۔

    جنک فوڈ

    جنک فوڈ کھانا ہماری عام عادت بن گیا ہے، لیکن چونکہ عید پر آپ کے گھر میں آپ کی پسندیدہ نہایت مزیدار ڈش تیار ہوگی تو عید پر جنک فوڈ کھانے کے بجائے گھر کا بنا ہوا صحت مند کھانا کھانے کو ترجیح دیں۔

    سوڈا ڈرنکس

    عید پر مرغن کھانوں کے ساتھ کولڈ ڈرنکس بھی ضروری سمجھی جاتی ہیں۔ یہ آپ کا کھانا ہضم تو کردیتی ہیں تاہم ان میں موجود مضر صحت اجزا آپ کے جسم کو خطرناک نقصانات پہنچا سکتے ہیں۔

    دن کے آغاز پر ایک جگ لیموں کا شربت بنا کر رکھ لیجیئے، اور جب بھی کچھ پینے کی خواہش ہو تو اس شربت کو نوش کریں، لیموں کا شربت مرغن غذاؤں کو ہضم کرنے میں مدد دے گا اور آپ سینے کی جلن سے بھی محفوظ رہیں گے۔

  • شمالی برطانیہ میں مسلم شہری آج عید پر ایک دوسرے سے نہیں مل سکیں‌ گے

    شمالی برطانیہ میں مسلم شہری آج عید پر ایک دوسرے سے نہیں مل سکیں‌ گے

    مانچسٹر: برطانیہ میں آج بروز جمعہ عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے، شمالی برطانیہ میں اس موقع پر جزوی لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر شمالی برطانیہ میں جزوی لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے، دوسری طرف آج برطانیہ بھر میں بقر عید منائی جا رہی ہے۔

    بریڈ فورڈ، مانچسٹر، ہالیفیکس، لنکا شائر، بلیک برن اور گرد و نواح میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، آج رات بارہ بجے کے بعد سے گھروں میں ایک دوسرے سے ملنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

    جزوی لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ایشیائی کمیونٹی کی بڑی تعداد مقیم ہے، سیکریٹری ہیلتھ میٹ ہنکاک کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کیسز میں اضافے کے باعث لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا، شہریوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا۔

    جزوی لاک ڈاؤن کے باعث ان علاقوں میں رہنے والے افراد دوسروں گھروں میں رہنے والے افراد سے نہیں مل سکیں گے، مقامی کونسلوں کو لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے لیے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ جزوی لاک ڈاؤن کی وجہ سے عید پر برطانیہ کے مسلمان شہری عزیز و اقارب سے نہیں مل سکیں گے۔

  • محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے

    محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات کے مقامات پر اضافی سیکیورٹی کا انتظام کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نےعید الاضحیٰ سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے۔نماز عیدالاضحیٰ کے اجتماعات کھلے میدانوں میں ادا کیے جائیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر کے 20 نکاتی ایس او پیز عیدالاضحیٰ پر لاگو ہوں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ہوائی فائرنگ اور سمندر یا دریا میں نہانے پر پابندی ہوگی،پابندی کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا۔عید الاضحیٰ پر دفعہ 144 پر مکمل عمل کیا جائے،دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعلقہ تھانے کارروائی کریں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ نماز عید کے لیے مقررہ مقامات کی قبل ازوقت نشاندہی کی جائے،نماز عید کے اجتماعات کے مقامات پر اضافی سیکیورٹی کا انتظام کیا جائے۔محکمہ داخلہ سندھ نے ہدایات نامہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کر دیا۔

    اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کی تین چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ حکومت سندھ کے ماتحت تمام اداروں میں عید الاضحیٰ کی چھٹیاں 31 جولائی بروز جمعہ سے 2 اگست بروز اتوار تک ہوں گی۔

  • عید الاضحیٰ ، قربانی کرنے والوں کیلئے اہم خبر

    عید الاضحیٰ ، قربانی کرنے والوں کیلئے اہم خبر

    کراچی : سندھ حکومت نے قربانی کے حوالے سے ایس او پیز تیار کرلیں ، جس میں کہا گیا ہے مخصوص مقامات پر فریضہ قربانی سرانجام دیا جائے گا اور گندگی پھیلانے ،آلائشیں پھینکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قربانی کے حوالے سے ایس او پیز تیار کرلی گئیں ، مخصوص مقامات پر فریضہ قربانی سرانجام دیا جائے گا۔

    وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ یونین کونسلزکی سطح پر قربانی کیلئے جگہیں مختص کی گئی ہیں، سالڈ ویسٹ بورڈ آلائشیں اٹھا کر ٹھکانے لگائے گا۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ انفرادی قربانی کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور گندگی پھیلانے ،آلائشیں پھینکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کیلئے کورونا فری قصائی تلاش کرنا ہوگا

    ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندگان کیساتھ ضلعی انتظامیہ رابطے میں رہے گی اور اضلاع کی حدودمیں ڈی سیزاجتماعی قربانی کاانعقادیقینی بنائیں گے۔

    سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی سے متعلق کہا تھا کہ قربانی کیلئے سماجی فاصلے کو فوقیت دینا ہوگی، محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا نیگٹو اور تجربےکار قصائیوں سےقربانی کےجانور ذبح کرائے جائیں اور قربانی کے جانوروں کی ویڈیو لنک،آن لائن خریداری کوترجیح دی جائے۔

    سندھ حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ قربانی کا فریضہ مستند فلاحی تنظیموں اور مدارس کےذریعے کیا جائے۔

  • عمان: عید الاضحیٰ کے دوران کرفیو کا اعلان

    عمان: عید الاضحیٰ کے دوران کرفیو کا اعلان

    مسقط: عمان میں عید الاضحیٰ کے باعث 15 روز کے کرفیو اور لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے، تمام شہروں میں شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو ہوگا۔

    عمان کی نیوز ایجنسی کے مطابق سلطنت عمان میں عید الاضحیٰ کے دوران 25 جولائی سے 8 اگست تک شہروں کے درمیان سفر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مذکورہ مدت کے دوران تمام کمشنریوں اور شہروں کو مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا، تمام شہروں میں شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو ہوگا۔ اس دوران تمام کاروباری و عوامی مراکز بند رہیں گے۔

    خیال رہے کہ عمان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 سو 58 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 69 ہزار 887 ہوگئی ہے جبکہ 337 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    کرونا وائرس کے باعث دارالحکومت مسقط سمیت ظفار، دقم اور دیگر سیاحتی علاقوں کو بند کردیا گیا تھا تاہم بعد میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔ دیگر خلیجی ممالک کی طرح عمان نے بھی اپنی بری، بحری اور فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔

  • حالیہ بارشوں سے حب ڈیم کی سطح میں 10 فٹ اضافہ

    حالیہ بارشوں سے حب ڈیم کی سطح میں 10 فٹ اضافہ

    کراچی: حالیہ بارشوں سے حب ڈیم کی سطح میں دس فٹ اضافہ ہو گیا ہے، کراچی اور اطراف کے علاقوں میں بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح مزید بلند ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی اور اطراف کے علاقوں میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ہونے والی بارشوں سے ڈیم لیول 318 فٹ تک بلند ہو گیا ہے۔

    ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید سے قبل ہونے والی بارش سے ڈیم میں پانی کی سطح 308 فٹ تک پہنچ گئی تھی، حالیہ بارش سے پانی کی سطح میں 10 فٹ مزید اضافہ ہوا۔

    حب ڈیم سے کراچی کے مغربی علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے، ڈیم کے پانی میں اضافے کے باعث ضلع غربی اور نارتھ کے علاقوں میں پانی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  طوفانی بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ

    واٹر بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر نے کہا تھا کہ حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے سے شہر کو 2 سال تک پانی فراہم کیا جا سکتا ہے، حب ڈیم سے 10 کروڑ گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں مون سون کی بارشوں سے جہاں ہر طرف تباہی پھیل گئی ہے، کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی تھی، وہیں حب ڈیم میں پانی کے ذخیرے میں بھی اضافہ ہوا۔

    مون سون کی بارشوں نے شہر قائد کے کئی علاقوں کو ڈبو دیا تھا، تاحال بارشوں کا پانی کئی جگہ کھڑا ہے، گٹر بھی ابل کر صورت حال کو مزید خراب کر رہے ہیں۔

    ادھر کراچی میں صورت حال کو قابو کرنے کی بجائے اداروں اور بلدیاتی اور صوبائی نمایندوں کے درمیان اختیارات کی جنگ چھڑی ہوئی ہے۔