Tag: عید الاضحیٰ

  • کراچی میں اداروں کی نااہلی، گٹر ابلنے لگے، آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے

    کراچی میں اداروں کی نااہلی، گٹر ابلنے لگے، آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے

    کراچی: شہر قائد میں اختیارات کی جنگ اور اداروں کی نا اہلی کے سبب آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے، کچرے کی ابتر صورت حال کے بعد شہر میں آلائشوں کے ڈھیر اور ابلتے گٹروں کا نیا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بارشوں کے بعد شہر میں جگہ جگہ گٹر ابلنے لگے ہیں، جب کہ عید الاضحیٰ پر قربانیوں کے بعد مختلف علاقوں میں آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔

    واٹر بورڈ کے عملے کی عدم دل چسپی اور غفلت کے باعث کراچی گٹروں کا شہر بنا نظر آتا ہے، متعدد علاقوں میں گٹر ابلے پڑے ہیں جب کہ سیوریج لائنز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

    فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال میں سیوریج لائن بیٹھ گئی ہے، ادھر ایم ڈی واٹر بورڈ غائب ہیں، سیوریج لائن ٹوٹنے اور گٹر ابلنے سے علاقوں میں سیوریج کا پانی جمع ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کلین کراچی مہم کا افتتاح، سوچ بدلے بغیرکراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے

    آلائشوں کے ڈھیر ڈسٹرکٹ سینٹرل، شرقی، ملیر، غربی، کورنگی، حسین آباد، لیاقت آباد دس نمبر اور کریم آباد میں لگے ہیں، عید کے تینوں دن محکمہ بلدیات، سالڈ ویسٹ آلائشیں اٹھانے میں ناکام رہے، دوسری طرف سندھ سالڈ ویسٹ کا دعویٰ ہے کہ 3 دن میں 42 ہزار ٹن آلائشیں اٹھا کر دفن کی گئی ہیں۔

    معلوم ہوا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈمپنگ پوائنٹ بنا کر آلائشیں پھینک دی گئی ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ کے پاس نہ افرادی قوت ہے نہ مشینری۔ ادھر ایم کیو ایم کے بلدیاتی نمائندوں نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ عید سے قبل وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کلین کراچی مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت شہر میں جگہ جگہ لگے گندگی کے ڈھیر کو سب نے مل کر صاف کرنا تھا۔

  • عید کی دعوتیں اڑائیں لیکن احتیاط کے ساتھ

    عید کی دعوتیں اڑائیں لیکن احتیاط کے ساتھ

    عید الاضحیٰ ایک طرف تو سنت ابراہیمی کی تکمیل کرنے اور غریب و نادار افراد کو اپنے دستر خوان میں شریک کرنے کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کا موقع ہے تو دوسری جانب اس روز دوستوں رشتہ داروں سے مل بیٹھنے کا موقع بھی مل جاتا ہے۔

    جب سب مل بیٹھیں تو مزے مزے کے کھانوں کا اہتمام کیوں نہ ہو، اور عید الاضحیٰ تو ہے بھی مزیدار پکوان بنانے کا نام، تو ایسے موقع پر دستر خوان پر ہاتھ روکنا مشکل ہوجاتا ہے۔ لیکن ایسے میں بے احتیاطی آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔

    چونکہ عید کے دنوں میں مرغن اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ کھانے میں آتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔ اسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہم آپ کو کچھ مفید تجاویز بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ کسی تکلیف میں مبتلا ہوئے بغیر دعوتیں اڑا سکتے ہیں۔

    گرمی سے بچیں

    مرغن اور مصالحہ دار غذائیں معدے پر بوجھ بنتی ہیں اور یہ امکان اس وقت اور بھی بڑھ جاتا ہے جب موسم گرم ہو۔ گرمیوں کے موسم میں عید کے روایتی پکوان جیسے قورمہ، بریانی، کڑاہی وغیرہ میں مصالحوں اور تیل کی مقدار کم رکھی جاسکتی ہے۔

    پانی ساتھ رکھیں

    دن کے وقت عزیز و اقارب سے ملنے کے لیے یا سیر و تفریح کے لیے نکلتے ہوئے یا پھر قربانی کا فریضہ انجام دیتے ہوئے سخت مصروفیت کے دوران پانی پینا نہ بھولیں۔ دن بھر کی مصروفیت میں پانی کی کمی طبیعت خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔

    سلاد ضرور کھائیں

    اگر آپ خاتون خانہ ہیں اور اپنے گھر میں ایک شاندار سی دعوت کا اہتمام کر رہی ہیں تو سلاد کو مینیو کا لازمی جز رکھیں۔ مختلف سبزیوں پر مشتمل سلاد یقیناً کھانے کی تیزی کو کم کرنے میں مدد دے گا۔

    کولڈ ڈرنک سے گریز

    کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک رکھنے سے گریز کریں۔ اس کی جگہ فریش جوسز رکھے جاسکتے ہیں۔ اگر آپ کسی کے گھر مہمان بن کر گئے ہیں تو کھانے کے بعد کولڈ ڈرنک کی جگہ ٹھنڈا پانی پئیں۔

    گو کہ ڈبے کے جوسز صحت بخش تو نہیں ہوتے تاہم یہ سوڈا ڈرنک سے بہتر ہوتے ہیں۔ کولڈ ڈرنک آپ کے معدے کو سخت نقصان پہنچانے والی شے ہے۔

    پھلوں کا استعمال

    دعوت میں کھانے کے بعد پھلوں سے بنا ہوا میٹھا دعوت کا مزہ دوبالا کردے گا اور طبیعت پر بوجھ بھی نہیں بنے گا۔

    دال اور سبزی بہترین

    عید کی تعطیلات میں جس دن کوئی دعوت نہ ہو اس دن کم مصالحوں کی سبزیاں یا دال چاول بنائیں۔ یہ سادہ کھانا مسلسل کھائے جانے والے مرغن کھانوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دے گا۔

    ہوسکتا ہے آپ مسلسل دعوتوں میں مرغن کھانے کھا کر اکتا چکے ہوں ایسے میں سادہ دال چاول اور سلاد آپ کے منہ کا ذائقہ بدلنے میں مدد دے گا اور آپ اس سادے کھانے کو آج سے پہلے کبھی اتنا لذیذ محسوس نہیں کرسکے ہوں گے۔

    دہی بہترین شے

    عید کی تعطیلات میں گھر پر رہتے ہوئے دہی اور لسی کو اپنے کھانے کا حصہ بنا لیں۔ یہ آپ کو گرمی کے اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔

    ورزش کریں

    دن کے آخر میں سونے سے قبل کھلی ہوا میں چند منٹ کی چہل قدمی نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی اور آپ کے جسمانی نظام کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

  • وزیراعظم عمران خان نے نماز عید بنی گالہ میں ادا کی

    وزیراعظم عمران خان نے نماز عید بنی گالہ میں ادا کی

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں بنی گالہ میں قائم مسجد میں ادا کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں بنی گالہ میں قائم مسجد میں ادا کی۔ سیکیورٹی اسٹاف اور دیگر ملازمین نے بھی وزیراعظم کے ساتھ نماز ادا کی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کے جذبے کے بغیر دنیا کی کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، قربانی کا جذبہ ہر قسم کی مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا نام ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان معاشی اور معاشرتی مشکلات کے دور سے گزر رہا ہے، قوم کو اقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعان کرنا ہوگا۔

    ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    واضح رہے کہ پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کررہے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں علمائے کرام نے سنت ابراہیمی کے فلسفے کو بیان کیا اورایثاروقربانی کے حقیقی جذبے کو اجاگر کیا۔

  • عید الاضحیٰ کے موقع پرصدرِپاکستان اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام

    عید الاضحیٰ کے موقع پرصدرِپاکستان اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام

    اسلام آباد : صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم اور پوری امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج کا دن حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کر تا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ اسلام نے اپنے لخت جگرکو قربانی کے لیے پیش کیا، اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ اسلام کا عمل مسلمانوں کے لیےعبادت قرار دیا۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں عیدالاضحیٰ سے وابستہ قربانی کے فلسفے اور اہمیت کو سمجھنے پر زور دیا انہوں نے کہا کہ قربانی کی عظمت کو اُجاگر کرنے کی ہمیشہ سے ضرورت رہی ہے تاہم آج کے دن اس کی اہمیت کئی گناہ بڑھ جاتی ہے۔

    عید الاضحیٰ کے موقع پروزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں اہل وطن کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ آپ کی زندگیوں میں خوشی کے مواقع بار بارآتے رہیں۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ اسلام اور حضرت اسماعیل علیہ اسلام کی تسلیم ورضا کی یادگار ہے، آج کے دن عظیم شخصیات نے اطاعت وایثارکی لازوال مثال قائم کی۔

    انہوں نے کہا کہ قربانی کے جذبے کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، پاکستان معاشی اور معاشرتی مشکلات کے دورسے گزر رہا ہے، قوم کو اقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعاون کرنا ہوگا۔

    ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    واضح رہے کہ پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کررہے ہیں۔

  • عید الاضحیٰ : شہری جانوروں کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں، سول ایوی ایشن

    عید الاضحیٰ : شہری جانوروں کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں، سول ایوی ایشن

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحٰی کے ایام میں قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں تاکہ پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔

    تفصیلات کے مطابق عید قرباں کے موقع پر پرندوں سے ہوائی جہازوں کو محفوظ بنانے کیلئے سول ایوی ایشن نے احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاک فضائیہ نے ملک بھر کے ائیر بیس اور ایئرپورٹس پر آگاہی مہم شروع کردی۔

    اس حوالے سے سی اے اے حکام نے شیریوں سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحیٰ پر شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں اور جانوروں کی آلائشیں صرف مقرر کردہ جگہوں پر ہی پھینکیں تاکہ گندگی کی وجہ سے وہاں آنے والے پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو نقصان نہ پہنچے اور فضائی سفر محفوظ رہے۔

    ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس منیجر کی جانب سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی ادارے اور اعلیٰ حکام کو خط لکھ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی باقیات کو ٹھکانے لگانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

    آلائشوں کے پڑے رہنے کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں اضافہ ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے جہازوں کیلئے خطرہ جود رہتا ہے۔

    سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ مختلف ایئرپورٹس اور پاک فضائیہ کے ایئربیسز کے اطراف بلدیاتی ادارے صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔

    تمام بلدیاتی ادارے عید الاضحی پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی اقدامات کریں، عیدا لاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مخصوص جگہ پر ٹھکانے لگائے جائیں، قومی اثاثوں کی حفاظت اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے تمام شہریوں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • 2 ماہ پہلے ہم نے عید کی تاریخ دے دی تھی: فواد چوہدری

    2 ماہ پہلے ہم نے عید کی تاریخ دے دی تھی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک ماڈرن اسلامی تشخص اپنانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق رویت حلال کمیٹی کی جانب سے عیدالاضحیٰ کا چند نظر آنے کے اعلان پر فواد چوہدی نے ٹویٹ کیا ہے کہ ہم نے دو ماہ پہلے عید کی تاریخ دے دی تھی۔

    چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے اور پاکستان میں عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہوگی۔

    فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ پاکستان کو ایک ماڈرن اسلامی تشخص اپنانا چاہیے، عصرحاضر کے تقاضوں سے علم وآگاہی پر چل کر منزل پر پہنچا جاسکتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست کو فیصلہ کرنا چاہیے پاکستان میں پسماندہ رویوں کی گنجائش نہیں ہوگی۔

    خیال رہے کہ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے ذوالحج کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا جس کے مطابق عید الاضحیٰ 12 اگست بروز پیر کو ہوگی۔

    ذوالحج کا چاند نظر آ گیا، پاکستان میں عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہوگی

    مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ چاند نظر آنے کی شہادتیں نوابشاہ، جھنگ، ٹنڈوالہٰیار، ژوب، ودیگر شہروں سے شہادتیں موصول ہوئیں۔

    پاکستان میں ذوالحج 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیتی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوا تھا۔

  • رواں برس کھالیں چھیننے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا: ذرائع

    رواں برس کھالیں چھیننے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا: ذرائع

    کراچی: عید الاضحیٰ کے دوران رینجرز اور پولیس کے سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کے باعث شہر میں دہشت گردی اور کھالیں چھیننے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید الاضحیٰ کے موقع پر رینجرز اور پولیس نے سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کیے۔ اس دوران داخلی و خارجی راستوں سمیت اہم مقامات پر سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔

    ذرائع کے مطابق دہشت گردی اور کھالیں چھیننے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، رینجرز سندھ کی جانب سے اسنیپ چیکنگ، پٹرولنگ کو یقینی بنایا گیا، صرف اجازت نامہ رکھنے والوں کو کھالیں جمع کرنے دی گئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز پولیس نے کورنگی میں ٹینرز ایسوسی ایشن کو سیکیورٹی دی، کھالوں کی جمع گاہوں تک ترسیل کی خصوصی نگرانی کی گئی۔ جانوروں کی 2 لاکھ 47 ہزار 98 کھالیں ٹینرز ایسوسی ایشن بحفاظت پہنچائی گئیں۔

    بڑے جانور کی 73 ہزار 456، چھوٹے کی 1 لاکھ 73 ہزار 642 شامل ہیں، اندرون سندھ سے بھی کھالوں کی ٹینرز ایسوسی ایشن ترسیل جاری ہے۔

  • عید قرباں کا دوسرا دن، قربانی کا سلسلہ جاری

    عید قرباں کا دوسرا دن، قربانی کا سلسلہ جاری

    کراچی : عید قرباں کے دوسرے دن فرزندان اسلام سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کر رہے ہیں، قربانی کے لئے قصائی آج بھی نایاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے رب کی خوشنودی کی خاطر فجر کے بعد سے ہی مسلمان قربانی میں مصروف ہیں۔

    کراچی میں انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے دن دس لاکھ جانوروں کی قربانی کی گئی۔

    شہر قائد میں لاکھوں افراد سنت ابراہیمی کی ادائیگی کررہے ہیں لیکن آلائشیں اٹھانے کا عمل انتہائی سست ہے، مختلف علاقوں میں بلدیاتی عملہ پہنچ ہی نہ سکا جبکہ حیدرآباد میں کئی علاقوں سے جانوروں کی آلائشیں نہ اٹھائی جا سکیں، جس سے شہری پریشان ہیں‌۔

    وزیر بلدیات کا کہنا ہے فرائض میں سستی برتنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    دوسری جانب عید کے دوسرے دن بھی دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے لئے گھروں پر خواتین قربانی کے بعد مزے مزے کے کھانوں تکہ کباب ،سیخ کباب اور دیگر اشیاء کی تیاری میں مصروف ہیں۔

    گذشتہ روز صدر ممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی تھی، صدر مملکت کا کہنا تھا آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت وایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثار وقربانی کے جذبے کے بغیرترقی نہیں کرسکتی۔

  • آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں: خاتون اول کا پیغام

    آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں: خاتون اول کا پیغام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عید الاضحیٰ پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اللہ پاکستان کو کامیابیاں، خوشیاں اورخوشحالی عطا فرمائے۔

    انہوں نے کہا کہ آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں۔

    بشریٰ بی بی کا مزید کہنا تھا کہ آئیں نئے پاکستان کے لیے پر امید رہیں۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان بشریٰ بی بی کے پاس روحانی رہنمائی کے لیے جایا کرتے تھے اور وہ ان سے اسی سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

  • ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جارہی ہے

    ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جارہی ہے

    پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کررہے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں علمائے کرام نے سنت ابراہیمی کے فلسفے کو بیان کیا اورایثاروقربانی کے حقیقی جذبے کو اجاگر کیا۔

    نمازعید کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی ، وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    نمازعید کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی جا رہی ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جبکہ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا۔

    کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولوگراؤنڈ میں ہوا جہاں سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔

    پشاور میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع چارسدہ روڈ کے عیدگاہ میں ہوا جس میں فرزندان اسلام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نماز عید کے بعد ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔

    نماز عید کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔

    کوئی بھی قوم ایثار وقربانی کے جذبے کے بغیرترقی نہیں کرسکتی‘ عمران خان

    وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں ادا کی، اس موقع پرانہوں نے تمام اہل وطن کو عید کی مبارک باد پیش کی۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ نے لاہور میں نماز عید ادا کی، جس کے بعد وہ شہریوں سے عید ملے اور قوم کو عید پرمبارکباد دی۔