Tag: عید الاضحیٰ

  • عید الاضحیٰ: قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

    عید الاضحیٰ: قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

    کراچی: بقرِ عید پر سنتِ ابراہیمی کی تکمیل کے لیے قربانی کے جانوروں کی خریداری کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا، وقت کم مقابلہ سخت کے مصداق منڈی میں جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید کے پہلے دن قربانی کرنے کے لیے لوگوں کا مویشی منڈیوں میں رش بڑھ گیا، بیوپاریوں نے مویشی کے دام بڑھا کر پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیے۔

    منڈی کی قیمتیں بے انتہا بڑھ جانے کی وجہ سے خریدار بھاؤ تاؤ پر مجبور ہوگئے ہیں، خریداروں کی ایک بڑی تعداد کو منڈیوں سے مایوس ہوکر واپس جانا پڑ رہا ہے۔

    مویشی منڈیوں کے ریٹس کے مطابق درمیانے درجے کی گائے بیل کے ایک سے سوا لاکھ تک ڈیمانڈ کی جانے لگی، بکروں کے دام 25 ہزار سے سوا لاکھ تک پہنچا دیے گئے۔

    عوام کے مویشی منڈیوں کے چکر پہ چکر لگ رہے ہیں، عید سے پہلے آخری دن بیوپاریوں نے سیزن بھرپور طریقے سے کیش کرنے کا فیصلہ کر لیا، قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں رہا۔

    دوسری طرف بچوں کی عید سے پہلےعید ہوگئی، گھروں میں قربانی کے جانوروں کی خوب آؤ بھگت ہونے لگی، ہر گلی محلے میں بچےلاڈ اٹھانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔

    کوئی اپنی گائے کو سیر کروا رہا ہے تو کوئی بکرے کو گھاس کھلا رہا ہے، جوخود کھانا تھا وہ بھی بکروں کو کھلایا جانے لگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  برطانوی ہائی کمشنر کا مویشی منڈی سے عید پر خصوصی پیغام۔ ویڈیو دیکھیں


    بقرِ عید کے سیزن میں قصاب بھی کسی سے پیچھے نہیں رہنا چاہتے، شہریوں کی جیب پرچھریاں چلانے کو تیار ہوگئے، جانور کاٹنے کے ریٹس میں ہوش رُبا اضافہ کر دیا۔

    واضح رہے کہ آج خلیجی و دیگر ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، دنیا بھر میں مقیم فرزندانِ اسلام نے سنّتِ ابراہیمی کے تحت اپنے جانوروں کی قربانیاں اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے پیش کیں جب کہ کل پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔

  • اس عید پر آپ کا مینیو کیا ہے؟

    اس عید پر آپ کا مینیو کیا ہے؟

    عید الاضحیٰ مزیدار کھانے بنانے، دعوتیں کرنے اور اس بہانے عزیزوں اور رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کا موقع ہے۔

    اگر آپ خاتون خانہ ہیں تو عید کی آمد سے قبل آپ نے کھانے کی بہت سی تراکیب ڈھونڈ رکھی ہوں گی جنہیں آپ عید پر بنانے کا ارادہ رکھتی ہوں گی، تاہم اگر آپ کو اس کا وقت نہیں مل سکا تو کوئی بات نہیں۔

    ہم آپ کو عید پر کچھ مزیدار ڈشز بنانے کی تراکیب بتا رہے ہیں۔


    فرائیڈ دھاگہ کباب

    اجزا

    گائے کا قیمہ: آدھا کلو

    چنے: 2 کھانے کے چمچ بھنے ہوئے

    خشخاش: 1 کھانے کا چمچ

    سفید زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    چھوٹی الائچی: 4 عدد

    کالی مرچ: 4 عدد

    لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ پسی ہوئی

    نمک: حسب ذائقہ

    لونگ: 2 عدد

    ڈبل روٹی کے سلائس: 2 عدد

    پیاز: 1 عدد تلی ہوئی

    ہری مرچ: 4 عدد

    کچا پپیتا: 2 کھانے کے چمچ

    لیموں: 2 عدد

    گرم مصالحہ: آدھا چائے کا چمچ پسا ہوا

    ہرا دھنیہ: 1 گڈی باریک کٹی ہوئی

    تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے پہلے چنے، خشخاش، سفید زیرہ، چھوٹی الائچی، کالی مرچ، لال مرچ، نمک اور لونگ ملا کر باریک پیس لیں۔

    اب اسے قیمہ میں ڈبل روٹی کے سلائس کے ساتھ شامل کر کے چوپر میں پیس لیں۔

    پھر اس میں پیاز اور ہری مرچ ملا دیں۔

    اس کے بعد کچا پپیتا شامل کر کے اچھی طرح گوندھیں اور 10 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    اب چھوٹے چھوٹے گول کباب بنا کر فرائنگ پین میں شیلو فرائی کر لیں۔

    جب سارے کباب تل لیں تو ایک بڑے توے یا فرائنگ پین میں تلے کباب پھیلا کر رکھیں۔

    اوپر سے لیموں کا رس، گرم مصالحہ اور ہرا دھنیہ ڈال کر 5 منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔

    مزیدار فرائیڈ دھاگہ کباب تیار ہیں۔


    مغلئی مٹن ملائی

    اجزا

    بکرے کا گوشت: آدھا کلو

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    دہی: 1 کپ

    دھنیہ: ڈیڑھ چائے کا چمچ پسا ہوا

    گرم مصالحہ: 1 چائے کا چمچ

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    لال مرچ: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    پیاز: 3 کھانے کے چمچ، تلی اور کٹی ہوئی

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    ہری الائچی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ، پسی ہوئی

    تیل: حسب ضرورت

    کاجو: ایک کھانے کا چمچ، پسے ہوئے

    ملائی: 2 کھانے کے چمچ

    کیوڑا: 1 کھانے کا چمچ

    زعفران: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    پودینے کے پتے: 10 عدد

    ترکیب

    پہلے گوشت کو نمک، دہی، دھنیہ، گرم مصالحہ، لیموں کا رس، زیرہ، لال مرچ، پیاز، ادرک لہسن کا پیسٹ اور پسی ہری الائچی سے میری نیٹ کر کے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کر کے اس میں میری نیٹ کیا ہوا گوشت ڈال کر ڈھکیں اور ہلکی آنچ پر 30 منٹ کے لیے پکنے دیں۔

    اب اس میں کاجو، ملائی، کیوڑا، زعفران اور پودینے کے پتے ڈال کر دم پر رکھیں، یہاں تک کہ تیل اوپر آجائے۔

    پھر اسے نان کے ساتھ سرو کریں۔


    بمبئی بریانی

    اجزا

    بکرے کا گوشت: 1 کلو

    باسمتی چاول: 1 کلو

    بڑے آلو: 4 عدد

    لیموں: 4 عدد

    لونگ: 4 عدد

    باریک کٹی پیاز: 4 عدد

    ہری مرچ: 6 عدد

    چھوٹی الائچی: 6 عدد

    ثابت کالی مرچ: 6 عدد

    کٹے ٹماٹر: 6 عدد

    سوکھے آلو بخارے: 1 پیالی

    گرم دودھ: 1 پیالی

    گھی یا تیل: 1 پیالی

    دہی: 1 پیالی

    باریک کٹا پودینہ: 1 گڈی

    کالا زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    پسی لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ

    زردے کا رنگ: 1 چوتھائی چمچ

    پسا دھنیہ: 2 کھانے کے چمچ

    ادرک، لہسن کا پیسٹ: ڈیڑھ کھانے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    ایک کلو بکرے کے گوشت کو اچھی طرح دھو لیں۔

    اب اس پر دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ، پسا ہوا دھنیا، لیموں کا رس، کٹا پودینہ، ہری مرچ، سوکھے آلو بخارے اور حسب ذائقہ نمک لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

    اب ایک دیگچی میں ایک پیالی تیل گرم کر کے پیاز گولڈن براؤن کریں اور آدھی نکال کر اخبار پر پھیلا دیں۔

    باقی آدھی پیاز میں مصالحہ لگا ہوا گوشت ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

    جب پانی خشک ہوجائے تو اسے بھون کر اتار لیں، پانی بالکل نہ ڈالیں۔

    آلوؤں کو ہلکی سی بھاپ دے کر ٹکڑے کر کے فرائی کریں اور تلے آلوؤں کے ساتھ مٹن پر ڈال دیں۔

    چاولوں میں پودینہ، ہری مرچ، چھوٹی الائچی، کالی مرچ، نمک اور لونگ ڈال کر الگ سے دو کنی ابالیں اور پھر پانی نتھار لیں۔

    اس کے بعد دیگچی میں ذرا سی چکنائی لگا کر آدھی چاولوں کی تہہ لگائیں۔

    اب گوشت کی تہہ لگادیں۔

    پھر باقی چاولوں کی تہہ لگا کر تلی ہوئی پیاز ڈالیں۔

    ساتھ ہی ایک پیالی گرم دودھ میں ایک چوتھائی چائے کا چمچہ زردے کا رنگ ملا کر اس میں شامل کریں۔

    اس کے بعد لیموں کا رس ڈال کر تیزآنچ پر توے پر دم دیں۔

    دس منٹ کے بعد آنچ ہلکی کردیں۔

    بھاپ اوپر آجائے تو تیار بریانی اتار لیں۔


     مصالحہ دار مٹن کڑاہی

    اجزا

    بکرے کا گوشت: 1 کلو

    نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    ادرک، لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    ٹماٹر: آدھا کلو

    ہری مرچ: 8 عدد

    لال مرچ: 2 چائے کے چمچ

    گھی یا تیل: آدھا کپ

    ہرا دھنیہ: آدھا گڈی

    ادرک: 2 انچ کا ٹکڑا

    سفید زیرہ: 2 کھانے کے چمچ

    ترکیب

    پہلے بکرے کے گوشت کو 2 کپ پانی اور آدھا چائے کا چمچ نمک کے ساتھ ابال لیں۔

    اب اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ شامل کر دیں اور ڈھک کر 10 منٹ تک پکائیں۔

    پھر اس میں ٹماٹر اور ہری مرچ ڈال کر دس منٹ کے لیے ڈھک دیں۔

    اب اس میں پسی لال مرچ، نمک اور گھی یا تیل ڈال کر بھون لیں یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔

    پھر اس میں ہرا دھنیہ، ادرک اور سفید زیرہ ڈال دیں اور نان کے ساتھ سرو کریں۔


    دم پخت گوشت

    اجزا

    گوشت: 1 کلو

    دہی: 1 پاؤ

    درمیانی پیاز: 2 سے 3 عدد

    چھوٹی لال مرچ: 15 عدد ثابت

    ثابت کالی مرچ: 10 دانے

    لونگ: 10 عدد

    بڑی الائچی: 5 عدد

    دار چینی: 5 ٹکڑے

    لہسن ادرک کا پیسٹ: 1 چمچ

    نمک: حسب ضرورت

    گھی / تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے گوشت دھو کر اس کا پانی خشک ہونے دیں۔

    ایک دیگچی میں پہلے گھی ڈال کر اس میں گوشت ڈال دیں، اس کے بعد دہی پھینٹ کر اس کو گوشت کے اوپر ڈال دیں۔

    پھر تمام مصالحہ جات ڈال کر اسے اچھی طرح مکس کرلیں۔

    جب تمام اجزا دیگچی میں ڈال لیں تو پھر اس کو ہلکی آنچ پر چولہے پر چڑھا دیں اور ساتھ ہی دیگچی کے ڈھکنے کو اچھی طرح کناروں سے آٹے کے لیپ سے بند کردیں تاکہ بھاپ باہر نہ آسکے۔

    تقریباً ڈیڑھ سے 2 گھنٹے بعد گوشت گل جائے گا، اسے بھون لیں تاکہ گھی اوپر آجائے۔

    دم پخت تیار ہے۔

    تیار ہوجانے کے بعد اس کو ایک ڈش میں نکال لیں اور اوپر سے ہرا دھنیہ چھڑک دیں کر مہمانوں کے سامنے پیش کریں۔

  • عید الاضحیٰ : ہوشیار، تجربہ کار قصائیوں کے ساتھ موسمی قصائی بھی میدان میں

    عید الاضحیٰ : ہوشیار، تجربہ کار قصائیوں کے ساتھ موسمی قصائی بھی میدان میں

    کراچی : عید قرباں پر قصائیوں کے نخرے تو آسمانوں پر ہیں لیکن شہری احتیاط کریں کیونکہ  ان تجربہ کار قصائیوں کے ساتھ نئے اور موسمی قصائی بھی میدان میں آگئے ہیں۔

    عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کی قیمتوں اور نخروں کے ساتھ قصائیوں کے معاوضے اور نخرے بھی آسمان سے باتیں کر رہے ہیں کیونکہ یہی تو وہ سیزن ہے جس میں قصائیوں کی خوب چاندی ہوتی ہے، پروفیشل قصائیوں نے بھی آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں۔

    کراچی کے علاوہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، پشاور اور کوئٹہ میں موسمی قصائی بھی جیبیں بھرنے کے لیے چھرا لے کر تیار بیٹھے ہیں، ایسے ہزاروں لوگ عید کے موقع پر متحرک ہوجاتے ہیں جن کا قصاب کے پیشے سے دور کا بھی تعلق نہیں ہوتا۔

    ان میں سے بہت سارے رکشہ ڈرائیورز، کسان اور دیہاڑی دار مزدور ہوتے ہیں جو کہ مستند قصائیوں کی طرح سے زیادہ اجرت کے مطالبے کی وجہ سے میدان میں آجاتے ہیں۔

    مختلف شہر وں میں عید سے پہلے ہی تمام قصائیوں کی بکنگ ان کے من پسند معاوضے پر ایڈوانس میں ہو چکی ہے مگر عوام ہوشیار رہیں، قربانی کے سیزن میں پروفیشنل قصائیوں کے علاوہ سیزنل قصائی بھی مارکیٹ میں دستیاب ہوتے ہیں۔

    قصائی بک کرنے سے پہلے سو بار سوچئے، ضرور کہیں گوشت کی کٹائی غلط ہوگئی تو مسئلہ نہ بن جائے کیونکہ ان جزوقتی قصائیوں کو جہاں جانور کو ذبح کرنے کا ہنر نہیں آتا وہیں گوشت کی کٹائی اور کھال اتارنے میں اناڑی پن کی وجہ سے جانور تو جانور اس کے گوشت کا بھی خانہ خراب کردیتے ہیں، لہٰذا اپنے قیمتی جانور کا گوشت خراب ہونے سے بچانے کیلئے ایسے موسمی قصائیوں سے ہوشیار رہیں۔

  • قومی ادارہ صحت کی کانگو وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز جاری

    قومی ادارہ صحت کی کانگو وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز جاری

    اسلام آباد: قومی ادارہ صحت نے کانگو وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید قرباں سے پہلے کانگو وائرس کے پھیلاؤ کے خدشہ کے تحت قومی ادارہ صحت نے کانگو وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردیں۔

    گائیڈ لائنز کے مطابق کانگو بخار خطرناک نیرو نامی وائرس سے پھیلتا ہے۔ کانگو مویشی کی کھال سے چپکی چیچڑوں میں پایا جاتا ہے، چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسان کو منتقل ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کانگو وائرس کی علامات اور احتیاطی تدابیر

    قومی ادارہ صحت کے مطابق نیرو وائرس صرف انسانوں میں کانگو بخار پھیلاتا ہے۔ نیرو وائرس انسانی خون، تھوک اور فضلات میں پایا جاتا ہے۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ تیز بخار، کمر، پٹھوں، گردن میں درد، قے، متلی، گلے کی سوزش اور جسم پر سرخ دھبے کانگو کی علامات ہیں۔

    گائیڈ لائنز کے مطابق بچوں کو مویشی منڈی لے جانے سے گریز کیا جائے، قربانی کے وقت ہاتھوں پر دستانوں کا استعمال کریں۔ کانگو وائرس کی ویکسین تا حال ایجاد نہیں ہوئیں۔

  • عید قرباں پر سرکاری تعطیلات کی سمری وزارت داخلہ کو ارسال

    عید قرباں پر سرکاری تعطیلات کی سمری وزارت داخلہ کو ارسال

    اسلام آباد : عید الاضحیٰ کے موقع پر حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر عام تعطیلات کی سمری وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز بعد آنے والی عید قرباں پر حکومت کی جانب سے عوام کو چھٹیاں دینے کی سمری وزارت داخلہ کو بھجوادی گئی ہے، جس میں عوام کے لیے 4 سرکاری تعطیلات کی سفارش کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کو ارسال کی جانے والی سمری میں حکومت کی جانب سے 21 اگست سے 24 تک عام تعطیل دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ عید الاضحیٰ رواں ماہ کی 22 تاریخ بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے سرکاری تعطیلات کا اعلان وزیر اعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر وزارت داخلہ نے مذکورہ سمری کے مطابق تعطیلات کا اعلان کردیا تو 25 اگست کو ہفتہ پڑے گا اور نجی بینک سمیت تمام سرکاری اداروں میں ہفتہ و اتوار تعطیل ہوتی ہے، جس کے باعث سرکاری محکموں کے ملازمین کو 6 دن کی چھٹیاں ملیں گی۔

    وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی سہولت کے لیے عید الاضحی سے پہلے تنخواہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو 17رواں ماہ کی تاریخ تک پینشن ادا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو سرکلر جاری کر دیا گیا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی حکومتی وسول آرمڈ فورسز کو پنشن اور تنخواہ ایڈوانس دی جائے گی، فیصلہ ملازمین کو قربانی کرنے اور عید کی خوشیاں منانے کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا۔

  • قومی کرکٹرز کی جانب سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد

    قومی کرکٹرز کی جانب سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد

    قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹارز کھلاڑیوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اہل وطن کوعید کی مبارک باد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں جہاں مسلمانوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دیں وہیں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراپنے چاہنے والوں کو عید کی مبارک باد دی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرشعیب ملک نےٹویٹر پر اپنے اور اہل خانہ کی جانب سے عید مبارک کہا اور ساتھ ہی پیغام دیا کہ عید کاحقیقی مطلب سمجھیں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پورے پاکستان کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ متحد رہیں، کامیابی کے لیے مل کر کام کریں اور عید پر سب کا خیال رکھیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کےفاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ عید کے دن باہر ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے بار بابر اعظم نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرعید مبارک کہا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نےٹویٹر پرعید کی مبارک باد دی اورقربانی کے جانور کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمر اکمل نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرعید کی مبارک باد دی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے اسپنر شاداب خان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں تمام مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جنید خان نےقوم کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میرے تمام بہن بھائیوں کوعید مبارک اس سے لطف اندوز ہوں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سرینگر: نماز عید کے اجتماعات پر بھارتی فوج کی شیلنگ، متعدد زخمی

    سرینگر: نماز عید کے اجتماعات پر بھارتی فوج کی شیلنگ، متعدد زخمی

    سرینگر: بزدل بھارتی فوج سے عید پر بھی مسلمانوں کی خوشی نہ دیکھی گئی۔ مقبوضہ کشمیر میں نماز عید کے اجتماعات پر شیلنگ کر کے متعدد افراد کو زخمی کر دیا۔ بھارتی فورسز نے کلگام میں ایک کشمیری کو شہید کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی کشمیر میں کشمیریوں نے بندوقوں کے سائے میں نماز عید ادا کی۔

    سرینگر میں آزادی کے متوالوں نے نمازعید کے بعد احتجاج کیا تو بزدل فورسز حواس کھو بیٹھی اور فائرنگ اور شیلنگ شروع کردی۔

    مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز اور کشمیری نوجوانوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

    مظاہرین نے آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ بھارتی فوج سے جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی اور کلگام میں ایک کشمیری شہید ہوگیا۔

    بزدل انتظامیہ نے کل ہی حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک سمیت متعدد رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند کردیا تھا۔


  • ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

    ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

    ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ نماز عید کے بعد فرزندان اسلام سنت ابراہیمی کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے۔ عید گاہوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے۔

    نماز عید میں ملک و قوم کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    نماز عید کے بعد فرزندان اسلام سنت ابراہیمی کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ خواتین قربانی کے گوشت سے مزے مزے کے پکوان بنا رہی ہیں۔

    بچوں کی خوشی بھی دیدنی ہے، کچھ بچے اپنے چہیتے جانور کی قربانی پر اداس بھی ہیں۔

    علما کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کا پیغام محبت، ایثار قربانی اور خدا کی راہ میں سب کچھ قربان کرنے سے تعبیر ہے۔


  • اس عید پر میٹھے میں کیا بنائیں؟

    اس عید پر میٹھے میں کیا بنائیں؟

    میٹھی عید تو میٹھے پکوانوں کے بغیر ادھوری ہے تاہم عید الاضحیٰ پر بھی مزے مزے کی ڈشز تناول کرنے کے بعد میٹھے کے بغیر ادھورا پن سا محسوس ہوتا ہے۔

    اس عید پر روایتی میٹھوں کے ساتھ کچھ منفرد میٹھے پکوان بھی تیار کریں جو مہمانوں کو آپ کا گرویدہ بنا دیں گے۔


    رس ملائی

    اجزا

    دودھ: 1 لیٹر

    الائچی پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    گھی: 1 چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    میدہ: 1 چائے کا چمچ

    خشک دودھ: آدھا کلو

    چینی: آدھا کلو

    انڈہ: 1 عدد


    ترکیب

    رس ملائی بنانے کے لیے سب سے پہلے پین میں دودھ اور چینی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

    اب ایک پیالے میں سوکھا دودھ، الائچی پاؤڈر، گھی اور انڈہ پھینٹ کر ڈال دیں۔ ساتھ ہی بیکنگ پاؤڈر بھی شامل کردیں۔

    اب اس میں تھوڑا تھوڑا کر کے گرم دودھ ڈالتے جائیں اور گوندھ لیں۔

    اب ہاتھ پر گھی لگا کر بالز بنالیں اور دودھ میں ڈالتے جائیں۔

    اس کے بعد 15 منٹ ڈھک کر رکھ دیں۔

    آخر میں کیوڑا شامل کر دیں اور ڈش میں نکال کر ٹھنڈا کر کے سرو کریں۔


    کیلے کی کھیر

    اجزا

    کیلے: 4 یا 5 عدد

    دودھ: نصف لیٹر

    بالائی: 1 پاؤ

    چینی: آدھ کلو

    بادام کی گری: آدھی چھٹانک

    کیوڑا: 1 بڑا چمچ

    پستہ: آدھا چھٹانک


    ترکیب

    کیلے چھیل کر موٹے موٹے قتلے کرلیں۔

    پتیلے میں دودھ ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں اور دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔

    جوش آجائے تو پھینٹی ہوئی بالائی اور الائچی کے دانے ڈال دیں۔

    اب چینی شامل کرلیں اور چمچ چلاتے رہیں۔

    شیرہ گاڑھا ہوجائے اور دودھ اور بالائی یکجان ہوجائیں تو کیلوں کے قتلے ڈال دیں۔

    چند منٹ تک پکنے دیں، اب کیوڑا ڈالیں اور دم پر رکھا رہنے دیں۔

    دودھ پک کر تقریباً آدھا لیٹر رہے اور یہ بھی خیال رہے کہ کیلا بالکل دودھ میں گھل نہ جائے۔

    کسی کھلے برتن میں نکالیں، چاندی کا ورق لگائیں اور پستہ بادام چھڑکیں۔

    مزیدار کیلے کی کھیر تیار ہے۔


    آئسکریم فالودہ

    اجزا

    اسپگیٹی: 25 گرام

    دودھ: 1 پاؤ

    لال شربت، جام شیریں یا روح افزا

    تخم بالنگا: 2 کھانے کے چمچ، ایک چائے کے کپ میں ‌پانی کے ساتھ بھگو دیں

    شکر: حسب ذائقہ

    آئسکریم: ٹوٹی فروٹی یا پھر قلفہ آئسکریم

    بادام، پستے حسب ذائقہ

    اسٹرابیری جیلی: 450 ملی گرام پانی میں‌ تھوڑی شکر ملا کر ابال لیں اور پھر اس میں جیلی گھول کر تیار کریں۔


    ترکیب

    نوڈلز کو ابلتے ہوئے پانی میں ڈال کر ابال لیں۔

    ابلنے کے بعد انہیں‌ ٹھنڈے پانی میں ‌ڈال کر پھر نتھار لیں۔

    ایک گلاس میں ‌دودھ میں روح افزا اچھی طرح گھول لیں۔

    پھر اس میں تخم بالنگا ڈال لیں۔

    اسی طرح نوڈلز اور پھر بادام، پستے، آئسکریم اور سب سے آخر میں جیلی کے ٹکڑے ڈال دیں‌۔

    مزیدار آئسکریم فالودہ تیار ہے۔


    رینبو جیلی ٹرائفل

    اجزا

    اورنج جیلی: 1 پیکٹ

    بنانا جیلی: 1 پیکٹ

    پائن ایپل جیلی: 1 پیکٹ

    اسٹرابیری جیلی: 1 پیکٹ

    چینی: 1 کپ

    لیموں کا رس: 3 عدد

    فریش کریم: 2 پیکٹ

    اخروٹ: 2 کپ، باریک کٹے ہوئے


    ترکیب

    سب سے پہلے ڈیڑھ کپ پانی لے کر ساری جیلی الگ الگ جمالیں۔

    جمنے سے ذرا پہلے ایک پیالے میں پہلے پائن ایپل جیلی کی تہہ لگائیں۔

    اب اس کے اوپر پائن ایپل کے سلائسز، پھر لیموں کا رس، تھوڑی سی چینی اور اخروٹ پھر بنانا جیلی کی تہہ لگائیں۔

    اب اس کے اوپر کیلے کے قتلے کاٹ کر ڈال دیں۔

    اس کے اوپر چینی، اخروٹ اور لیموں کا رس ڈالیں۔

    اس ہی طرح باقی جیلیز اور فروٹ کی تہہ لگاتے جائیں۔

    سب سے اوپر فریش کریم چینی کے ساتھ پھینٹ کر ڈال دیں۔

    اب اخروٹ اور تھوڑے سے بچے ہوئے پھل ڈال کر فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

    مزیدار رینبو جیلی ٹرائفل تیار ہے۔


    اسٹرابیری چیز کیک آئس کریم

    اجزا

    کریم چیز: 8 اونس

    سوئٹنڈ کنڈینسڈ ملک: 14 اونس

    کریم: ایک چوتھائی کپ

    لیموں کا کدو کش چھلکا: 2 کھانے کے چمچ

    اسٹرابیریز: 1 سے ڈیڑھ کپ

    موٹے کٹے بسکٹ: 3 عدد


    ترکیب

    ایک بلینڈر میں کریم چیز، سوئٹنڈ کنڈینسڈ ملک، کریم اور لیموں کا کدو کش چھلکا شامل کر کے اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔

    اب اسے ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر تقریباً 4 گھنٹے کے لیے فریز کر دیں۔

    اسٹرابیریز کو بلینڈر میں اچھی طرح پیس کر پیوری بنالیں۔

    فریز کیے ہوئے کریم چیز والے آمیزے کو مکسر کی مدد سے اچھی طرح پھینٹ لیں۔

    پھر اسٹرابیری کی پیوری، کٹے بسکٹ والے آمیزے میں اچھی طرح ملائیں۔

    اب آئس کریم کو واپس ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر 8 گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔

    سرونگ سے 15 منٹ پہلے آئس کریم فریزر سے نکال کر روم ٹمپریچر میں نرم کرلیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کانگو وائرس: علامات اور احتیاطی تدابیر

    کانگو وائرس: علامات اور احتیاطی تدابیر

    کراچی / لاہور / کوئٹہ: عید الاضحیٰ کی آمد قریب آتے ہی گانگو وائرس نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے، طبی ماہرین نے مویشی منڈی جانے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کانگو وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔

    تفصیلات کے مطابق عید قرباں کی منڈیاں سجتے ہی موذی مرض کانگو وائرس کے خطرات بھی بہت بڑھ گئے ہیں ایک طرف ڈاکٹرز نے مویشی منڈی جانے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مارکیٹ پہنچنے سے قبل اور وہاں گھومنے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    دوسری جانب صوبائی حکومتوں کو منڈی انتظامیہ کی جانب سے انسداد کانگو کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، صوبائی حکومتوں کی جانب سے آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے گئے جبکہ کانگو وائرس ختم کرنے کے لیے اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔

    کانگو وائرس کیا ہے؟

    کانگو وائرس کوئی نئی بیماری نہیں۔ پاکستان میں سال 2002 میں کانگو وائرس سے ایک لیڈی ڈاکٹر اور 4 بچوں سمیت 7 افراد لقمہ اجل بنے۔ یہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی وبائی بیماری ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق کانگو نامی کیڑا بھیڑ، بکری، گائے، بھینس اور اونٹ کی جلد پر پایا جاتا ہے جو جانور کی کھال سے چپک کر خون چوستا رہتا ہے۔ یہ کیڑا اگر انسان کو کاٹ لے یا متاثرہ جانور ذبح کرتے ہوئے انسان کو کٹ لگ جائے تو اس بات کے امکانات کافی حد تک بڑھ جاتے ہیں کہ یہ وائرس انسان میں منتقل ہوجائے۔

    اس کیڑے کے کاٹنے کے بعد وائرس انسانی جسم میں داخل ہوکر تیزی سے سرایت کرجاتا ہے جس کے باعث متاثرہ شخص پھیپھڑے متاثر ہوجاتے ہیں۔ بعد ازاں جگر اور گردے بھی کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور مریض موت کے منہ میں چلاجاتا ہے۔

    کانگو وائرس کی علامات:

    کانگو وائرس کا مریض تیز بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

    اسے سر درد، متلی، قے، بھوک میں کمی، نقاہت، کمزوری اور غنودگی، منہ میں چھالے، اور آنکھوں میں سوجن ہوجاتی ہے۔

    تیز بخار سے جسم میں سفید خلیوں کی تعداد انتہائی کم ہوجاتی ہے جس سے خون جمنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ متاثرہ شخص کے جسم کے مختلف حصوں سے خون نکلنے لگتا ہے، جگر اور گردے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور یوں مریض موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر مرض کا بروقت علاج کروا لیا جائے تو متاثرہ شخص دوبارہ صحت مند ہوسکتا ہے تاہم علاج کے لیے پابندی ضروری ہے۔

    احتیاطی تدابیر:

    کانگو سے بچاؤ اور اس پر قابو پانا تھوڑا مشکل ہے کیوں کہ جانوروں میں اس کی علامات بظاہر نظر نہیں آتیں تاہم ان میں چیچڑیوں کو ختم کرنے کے لیے کیمیائی ادویات کا اسپرے کیا جائے۔

    کانگو سے متاثرہ مریض سے ہاتھ نہ ملائیں۔

    مریض کی دیکھ بھال کرتے وقت دستانے پہنیں۔

    مریض کی عیادت کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں۔

    لمبی آستینوں والی اور ہلکے کپڑے کی قمیض پہنیں۔

    مویشی منڈی میں بچوں کو نہ لے کر جائیں۔

    مویشی منڈی میں موجود جانوروں کے فضلے سے اٹھنے والا تعفن بھی اس مرض میں مبتلا کر سکتا ہے لہٰذا اس سے بھی دور رہیں۔

    کپڑوں اور جلد پر چیچڑیوں سے بچاؤ کا لوشن لگائیں۔

    جانوروں کی خریداری کے لیے فل آستین کپڑے پہن کر جائیں کیونکہ بیمار جانوروں کی کھال اورمنہ سے مختلف اقسام کے حشرت الارض چپکے ہوئے ہوتے ہیں جن کے کاٹنے سے مختلف انسان مختلف امراض میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

    جانوروں کی نقل و حمل کے وقت دستانے اور دیگر حفاظتی لباس پہنیں۔ خصوصاً مذبح خانوں، قصائی اور گھر میں ذبیحہ کرنے والے افراد لازمی احتیاطی تدابیراختیار کریں۔

    مذبح خانوں میں جانوروں کے طبی معائنہ کے لیے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کا ہونا بہت ضروری ہے جو ایسے جانوروں کی نشاندہی کر سکیں۔