Tag: عید الالضحیٰ

  • گورنر سندھ کی جانب سے فلاحی ادارے کو نایاب نسل کے 4 بیل عطیہ

    گورنر سندھ کی جانب سے فلاحی ادارے کو نایاب نسل کے 4 بیل عطیہ

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی کے ایک فلاحی ادارے کو نایاب نسل کے چار بیل عطیہ کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے ایک فلاحی ادارے کو سبی کے نایاب اونچی نسل کے چار بیل عطیہ کیے ہیں، ایک بیل کی قیمت 14 لاکھ روپے ہے۔

    فلاحی ادارے کو مستحقین کے لیے قربانی کے جانوروں کا تحفہ دینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں عید کے تینوں دن 100 اونٹوں کی قربانی ہوگی۔

    انھوں نے کہا ’’قربانی کا سارا گوشت مستحقین میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں جہاں میں تعاون کر سکتا ہوں کروں گا۔‘‘

    جے ڈی سی کے صدر دفتر کا دورہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جے ڈی سی کی عید الاضحیٰ پر تیاری انتہائی شان دار ہوتی ہے، مجھے مستحق افراد کے لیے قربانی کے کام میں حصہ لینے پر خوشی ہے۔

    عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہودی لابی پاکستان کی ایٹمی قوت اور سی پیک کی کامیابی نہیں دیکھ سکتی، اس لیے عمران خان کو لائسنس کیا گیا، جس کا اعتراف ڈاکٹر اسرار اور عبدالستار ایدھی نے بھی کیا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ تحریک انصاف چھوڑ کر جانے والے جب تک سچی توبہ اور دل سے معافی مانگ کر عمران سے مکمل اظہار لاتعلقی نہ کر لیں اس وقت تک سیاسی پارٹیاں پلٹ کر آنے والے ان سیاسی مداریوں کو قبول نہ کریں۔

  • سعودی عرب: عید الالضحیٰ کی باضابطہ چھٹیوں کا اعلان

    سعودی عرب: عید الالضحیٰ کی باضابطہ چھٹیوں کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں ذی الحجہ کا چاند نظر آتے ہی با ضابطہ چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ذوالحجہ کے مہینے کے آغاز کا چاند بدھ 29 جون کو نظر آ گیا، لہٰذا 29 جون ذوالقعدہ کا آخری دن تھا، جب کہ ذوالحجہ کا پہلا دن 30 جون کو تھا، اور رواں سال بقر عید کا پہلا دن 9 جولائی کو منایا جائے گا۔

    ذی الحجہ کا چاند نظر آتے ہی عید کی چھٹیوں کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے، عید پر طویل ویک اینڈ جمعہ 8 جولائی سے پیر 11 جولائی تک ہوگا۔

    یوم عرفہ، جسے عید سے ایک دن قبل مسلمان توبہ کے دن کے طور پر مناتے ہیں، اس سال 8 جولائی کو آئے گا۔

    ادھر متحدہ عرب امارات میں بھی شہری عید الاضحیٰ کے موقع پر چار دن کی تعطیل سے لطف اندوز ہونے کے لیے تیار ہیں۔

  • مسافروں کے لیے عید اسپیشل ٹرینوں سے متعلق بڑی خوش خبری

    مسافروں کے لیے عید اسپیشل ٹرینوں سے متعلق بڑی خوش خبری

    کراچی: محکمہ ریلوے نے اپنا فیصلہ بدلتے ہوئے عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر سامنے آ گیا، محکمہ ریلوے نے عید کے موقع پر کراچی اور راولپنڈی سے عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے کی جانب سے عید اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کی وجہ سے ہزاروں مسافروں شدید پریشانی کا شکار ہو گئے تھے، تاہم اے آر وائی ہزاروں مسافروں کی آواز بنا، اور اب فیصلے کے مطابق ریلوے عید پر تمام ٹرینوں میں اضافی کوچز لگا رہا ہے اور عید اسپیشل ٹرینیں بھی چلا رہا ہے۔

    تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے کے پاس مسافر کوچز کی کمی کی وجہ سے کراچی سے صرف ایک عید اسپیشل ٹرین چلائی جائے گی، اور عید اسپیشل ٹرینوں میں اے سی بوگیوں کی کمی کی وجہ سے صرف اکانومی کلاس کی کوچز لگائی جا رہی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ہزاروں مسافروں کے لیے صرف 11 بوگیوں پر مشتمل عید اسپیشل ٹرین چلائی جائے گی، جب کہ ریلوے انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کی سہولت کے لیے اضافی رش کے پیش نظر 2 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سٹی سے 19 جولائی کو دوپہر 1 بجے روانہ ہو کر راولپنڈی پہنچے گی، دوسری عید اسپیشل ٹرین راولپنڈی سے 24 جولائی کو دن 11 بجے روانہ ہو کر کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔

    اس سے قبل ریلوے نے پہلی بار عید الاضحیٰ کے موقع پر عید اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کا فیصلہ کیا تھا، ترجمان ریلوے کا کہنا تھا کہ عید پر معمول کی ٹرینوں کے ساتھ دو، دو اضافی کوچز کی تجویز زیر غور ہے، کیوں کہ ملت ایکسپریس حادثے کی وجہ سے محکمہ ریلوے کو بوگیوں کی کمی کا سامنا ہے۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق ملت ایکسپریس حادثے کے بعد ایگزامنرز نے بوسیدہ بوگیوں کی کلیئرنس بند کر دی ہے، ملت ایکسپریس حادثے میں ایک ٹرین ایگزامنر کو معطل کیا جا چکا ہے، محکمہ ریلوے کے پاس موجود 400 سے زائد بوسیدہ بوگیوں کو زبردستی چلایا جا رہا تھا۔

    تاہم دوسری جانب عید پر اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کے فیصلے سے مسافروں کو شدید پریشانی لا حق ہوئی، اس فیصلے کے بعد بس والوں نے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا تھا، اور عید پر آبائی علاقوں میں جانے والے پردیسی بکنگ آفس پر پریشانی کا شکار نظر آئے۔

  • عید تعطیلات تک اسلام آباد میں مختلف مقامات بند کر دیے گئے

    عید تعطیلات تک اسلام آباد میں مختلف مقامات بند کر دیے گئے

    اسلام آباد: ‏کرونا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے آج سے وفاقی دارالحکومت میں عید تعطیلات تک مختلف مقامات کو بند کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سے اسلام آباد میں عید تعطیلات تک مختلف مقامات کو بند کر دیا گیا ہے، ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مری ایکسپریس وے، مارگلہ، پارکس، تفریحی مقامات، ہوٹلز، پکنک کے مقامات اور ہل اسٹیشن بند رہیں گے۔

    ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ فی الحال سیاحت اور گھومنے پھرنے کا پلان نہ بنائیں، اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان زیادہ قیمتی ہے اس لیے تھوڑی سی تکلیف اٹھا لینی چاہیے، اگر لوگ عید کی تعطیلات تک تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں تو کرونا کی روک تھام میں مزید مدد مل سکتی ہے۔

    عید الاضحیٰ پر پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دی تھی، عید سے قبل اسمارٹ لاک ڈاؤن پیشگی اعلان کی بجائے اچانک ہوگا، چیف سیکریٹری پنجاب کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں بازار، مارکیٹس اور پلازے عید سے دو تین روز قبل بند کر دیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عید الفطر سے قبل مارکیٹیں بند نہ کرنے سے وبا میں اضافہ ہوا تھا لہٰذا مذکورہ فیصلہ اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں میں ایس او پیز اور سیکورٹی انتظامات سخت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔

  • جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    کراچی: رات ایک بجے مویشی منڈی کے دروازے اچانک بند کر دیے گئے، جس کی وجہ سے علاقے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان منڈی کے اندر جانے کے لیے دیر تک تلخ کلامی ہوتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے گزشتہ روز کراچی سپر ہائی وے مویشی منڈی شام 7 بجے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، تاہم گزشتہ رات ایک بجے اچانک منڈی کر دی گئی جس سے علاقے میں شدید ٹریفک جام ہو گیا اور مویشی خریدنے کے لیے آنے والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔

    بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ کراچی کی مویشی منڈی میں جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا پہنچے گا، دو چار روز ہی باقی رہ گئے ہیں، 24 گھنٹے بھی خریداری کے لیے کم ہیں۔

    منڈی کے ترجمان نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پریشانی میں ڈالنے کی بجائے وقت میں نرمی کی جائے، شہریوں کی اکثریت آخری دنوں میں قربانی کے جانوروں کی خریداری کرتی ہے، صبح کے اوقات میں لوگ اپنے روزگار پر جاتے ہیں اور رات میں جانور پسند کرتے ہیں۔

    مویشی منڈی کو شام 7 بجے کے بعد خریداری کے لیے بند کرنے کا اعلان

    دوسری طرف مویشی منڈی انتظامیہ نے حکومتی اعلان پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ آج شام 7 بجے مویشی منڈی میں خریداری بند کر دی جائے گی، حکومتی اعلانات کی روشنی میں منڈی کے دروازے شام سات شہریوں کے لیے بند کر دیے جائیں گے، بیوپاری حضرات کے مویشی فروخت کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے نمائندے بھی شام سات بجے کے بعد منڈی میں تشریف نہ لائیں، مویشی منڈی انتظامیہ حکومتی فیصلوں پر ہر صورت عمل کرے گی۔

  • آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کر دیا، بکرا شدید زخمی (ویڈیو)

    آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کر دیا، بکرا شدید زخمی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے ایک علاقے میں آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کر دیا، جس سے بکرا شدید زخمی ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد ایف بھی ایریا میں آوارہ کتوں نے قربانی کے جانوروں کو کاٹنا شروع کر دیا ہے، گزشتہ روز 4 آوارہ کتوں نے گھر کے باہر بندھے بکرے کو کاٹ کر شدید زخمی کیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر بھی چلائی گئی، بکرا ایک بیل کے ساتھ بندھا ہوا تھا کہ رات کے وقت اچانک چار کتوں نے اس پر حملہ کر دیا، بکرے نے کچھ دیر تک کتوں کے آگے مزاحمت کی، اس دوران بیل بھی خود کو بچاتا رہا، تاہم کچھ دیر بعد آوارہ کتے بکرے کو کاٹنے میں کامیاب ہو گئے۔

    کتوں کے کاٹنے سے بکری کی گردن اور پچھلی ٹانگیں شدید زخمی ہو گئی تھیں، جس کے باعث مالک نے بکرے کو ذبح کر دیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بکرا کچھ دیر تک آوارہ کتوں کا مقابلہ کرتا رہا لیکن پھر چار کتوں کے آگے بے بس ہو گیا، سندھ کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی آوارہ کتوں کا مسئلہ کچھ عرصے سے سنگین صورت اختیار کر چکا ہے، آئے دن لوگ کتوں کے کاٹے کا شکار ہو رہے ہیں۔

    تاہم قربانی کے جانور پہلی بار آوارہ کتوں کے اس طرح نشانہ بنے ہیں، جس نے قربانی کرنے والوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

  • حکومت کا عید سے قبل گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلز نہ کھولنے کا فیصلہ

    حکومت کا عید سے قبل گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلز نہ کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ سے قبل گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلز نہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سیاحتی مقامات پر ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کھولنے کا فیصلہ عید کے بعد ہوگا۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے آل پاکستان گیسٹ ہاؤسز اور ٹور ازم ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ عید الاضحیٰ سے قبل گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلز نہیں کھولے جا سکتے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا صوبوں کی مشاورت سے سیاحتی مقامات سے متعلق ایس او پیز اور گائیڈ لائن تیار کر لی گئی ہیں، عید الاضحیٰ کے بعد کرونا وائرس کی صورت حال کا تجزیہ کریں گے، حالات بہتر ہوئے تو اگست میں ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کھولے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بڑا قدم، 3 منصوبوں کا افتتاح، عید کے بعد سیاحتی مقامات کھولنے کی خوش خبری

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سیاحتی شعبوں میں سرمایہ کاروں کی قومی خدمات کو ہم سراہتے ہیں، متاثرہ ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کے مالکان کو بلا سود قرضوں پر مشاورت ہوگی، اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک سے مشاورت کی جائے گی۔

    انھوں نے وفد کو خوش خبری سنائی کہ گیسٹ ہاؤسز کے لائسنس کی تجدید کا فیصلہ بھی بہت جلد کر لیا جائے گا۔