Tag: عید الفطر

  • متحدہ عرب امارات: عید الفطر کے موقع پر ملازمین پر انعامات کی برسات

    متحدہ عرب امارات: عید الفطر کے موقع پر ملازمین پر انعامات کی برسات

    متحدہ عرب امارات میں عید الفطر کے موقع پر ملازمین پر انعامات کی برسات کردی گئی، کارکنوں کی محنت اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ ایک تقریب میں روبیل احمد نے نئی گاڑی جیت لی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں منعقدہ تقریبات میں ایک لاکھ سے زائد کارکنوں کی خدمات کا جشن منایا گیا جنہوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا، روبیل احمد کی جیت متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملک کی ترقی کی تشکیل میں اپنے کارکنوں کی لگن کی تعریف کی عکاسی کرتی ہے۔

    وزارت انسانی وسائل اور امارات (مہرے) نے وفاقی اور مقامی حکومتوں میں اپنے شراکت داروں کے تعاون سے پورے یو اے ای میں 10 مختلف مقامات پر عید الفطر منانے کے لیے کارکنوں کے لیے سماجی اور تفریحی سرگرمیوں سمیت جشن کی تقریبات منعقد کیں۔

    اس موقع پر مہرے کے حکام نے اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے اور کارکنوں کے ساتھ نماز عید ادا کرکے انہیں مبارکباد پیش کی تھی۔

    عید کے دوسرے روز روبیل نے منعقدہ خصوصی قرعہ اندازی میں نسان سنی کار جیت لی، اعلیٰ حکام نے شاندار اسٹیج پر پرجوش روبیل کو گاڑی پیش کی، اس موقع پر روبیل خوشی سے سرشار تھے، انہو ں نے اپنی نئی گاڑی کے ساتھ کھڑے ہوکر تصاویر بھی بنوائیں۔

    رپورٹس کے مطابق عید الفطر کے پہلے اور دوسرے روز دوپہر 12 بجے سے شام 6 بجے تک ہونے والی تقریبات میں مختلف اقسام کے کھیلوں، تفریح، مقابلوں اور تحائف کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران ای اسکوٹر، موبائل فون اور ایئر لائن ٹکٹ بھی تقسیم کئے گئے۔

    اس کے علاوہ ابوظہبی میں مصفحہ اور المفراق، دبئی میں جبل علی، شارجہ میں السجا، عجمان میں الجرف، ام القوین، راس الخیمہ میں راکیز، فجیرہ میں ال ہیل انڈسٹریل اور ڈلسکو لیبر ولیج میں بھی کارکنوں میں مختلف انعامات کئے گئے۔

    متحدہ عرب امارات کا پاکستان کے لئے بڑا اعلان

    ان سرگرمیوں کا مقصد ملک کی پائیدار ترقی میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے افرادی قوت میں خوشی، معیار زندگی اور فلاح و بہبود کو فروغ دینا تھا۔

  • عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری ہوں گے یا نہیں؟ اہم خبر آگئی

    عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری ہوں گے یا نہیں؟ اہم خبر آگئی

    کراچی : اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری ہوں گے یا نہیں؟ اس حوالے سے اہم خبر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان کا مقدس مہینہ بڑھنے کے ساتھ ہی عید الفطر کی امیدیں بڑھ رہی ہیں، عید خوشی کا ایک تہوار ہے جس پر ہر کوئی اپنی استطاعت کے مطابق اپنے عزیز واقارب اور پیاروں کو عیدی دیتا ہے اور یہ عموماً نقد رقم میں نئے کرنسی نوٹ ہوتے ہیں۔

    مرکزی بینک کی جانب سے عید سے قبل کروڑوں روپے مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جاری کیے جاتے تھے تاہم کورونا وبا کے بعد سے دو سال سے عید کے موقع پر نئے نوٹوں کا اجرا نہیں ہوسکا یوں پاکستانیوں کا عید پر خستہ حال نوٹوں کی ملی عیدی پر ہی گزارا کرنا پڑا۔

    کیا اس سال عوام کو اپنے پیاروں بالخصوص بچوں کو عیدی دینے کے لیے نئے نوٹ مل سکیں گے یا نہیں؟

    ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سال بھی نئے نوٹوں کے اجراء کے امکانات کافی کم ہیں تاہم اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں کے اجراء کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

    18 مارچ اپڈیٹ

    اسٹیٹ بینک نے بعد ازاں 18 مارچ کو تحریری طور پر عوام کو آگاہ کیا کہ عید کے موقع پر نئے نوٹوں کا اجرا کیا جائے گا۔

    خیال رہے عیدالفطر 2025 31 مارچ کو ہونے کی امید ہے، جس میں چند دنوں کی چھٹیاں ہوں گی تاہم چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

  • سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

    سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

    سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت نے نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے لیے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔

    دنیا بھر میں ماہ مقدس رمضان المبارک جاری ہے اور ایک عشرہ مکمل ہوچکا ہے۔ دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی مسلمان روزے رکھنے کے ساتھ اللہ کی طرف سے تحفے میں ملنے والی عید کے تہوار کی تیاریاں بھی کر رہے ہیں۔

    سعودی عرب میں عید ممکنہ طور پر 30 یا 31 مارچ کو ہوگی جس کا فیصلہ چاند کی رویت پر ہوگا تاہم سعودی وزارت افرادی قوت نے مملکت کے نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے لیے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔

    اخبار 24 کے مطابق وزارت نے عیدالفطر کے سلسلے میں چار روز کی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ تعطیلات اتوار 30 مارچ سے 2 اپریل تک ہوں گی۔

    اس کے علاوہ عیدالاضحی پر 6 روز کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

    عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا آغاز جمعرات 9 ذوالحجہ 1446 بمطابق 5 جون 2025 سے ہوگا اور 10 جون 2025 تک جاری رہیں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ سرحدی علاقوں میں عازمین حج اورعمرہ زائرین کی سہولت کے لیے مخصوص برانچیں دوران تعطیلات بھی حسب معمول کام کرتی رہیں گی تاکہ عازمین وعمرہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    Ramadan Calendar 2025- Pakistan- Sehri, Iftar Time

  • سعودی عرب: رمضان کے اوقاتِ کار اور عید الفطرکی تعطیلات کا اعلان

    سعودی عرب: رمضان کے اوقاتِ کار اور عید الفطرکی تعطیلات کا اعلان

    سعودی عرب میں سعودی سینٹرل بینک نے بینکنگ سیکٹر میں رمضان المبارک کے ایام میں اوقاتِ کار اور عید الفطرکی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک میں مملکت کے تمام بینکوں میں کام کا آغاز صبح دس بجے جبکہ اختتام سہ پہر 4 بجے ہوگا۔

    رپورٹس کے مطابق سینٹرل بینک کی جانب سے عیدالفطر کی تعطیلات کے حوالے سے کہا گیا کہ ’یکم شوال بروز اتوار 30 مارچ سے عیدالفطر کی تعطیلات کا آغاز ہو گا اور چار شوال بمطابق بدھ 2 اپریل تک جاری رہیں گی۔‘

    رپورٹس کے مطابق عیدالاضحی کی تعطیلات کا آغاز جمعرات 9 ذوالحجہ 1446 بمطابق 5 جون 2025 سے ہوگا اور 10 جون 2025 تک جاری رہیں گی۔

    سینٹرل بینک کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ سرحدی علاقوں میں عازمین حج اورعمرہ زائرین کی سہولت کے لیے مخصوص برانچیں دوران تعطیلات حسب معمول کام کرتی رہیں گی تاکہ عازمین وعمرہ زائرین کو مشکلات پیش نہ آئیں۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں وزارت صحت نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند زائرین کے لئے گردن توڑ بخار ویکسین لگوانے کی سخت تاکید کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ’یہ اقدام صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانے اور متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی کوششوں کے تحت کیا جا رہا ہے‘۔

    وزارت صحت کے مطابق عمرہ کے لیے روانگی سے کم از کم دس دن پہلے گردن توڑ بخار ویکسین ضروری لگوائیں تاکہ مطلوبہ مدافعت حاصل کی جا سکے۔

    وزارت صحت کی جانب سے یہ بھی وضاحت کی گئی کہ وہ افراد جو گزشتہ پانچ سالوں کے دوران یہ ویکسین لے چکے ہیں انہیں دوبارہ ویکسین لگوانے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس کی تاثیرکی مدت برقرار ہے۔

    گردن توڑ بخار سانس کے ذریعے خارج ہونے والے ذرات، جیسے کھانسی یا چھینک کے ذریعے پھیلتی ہے جس کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں۔

  • عید کے دن خوفناک ٹریفک حادثات، 3 جاں بحق، موٹرسائیکل سوار پل سے نیچے جا گرا

    عید کے دن خوفناک ٹریفک حادثات، 3 جاں بحق، موٹرسائیکل سوار پل سے نیچے جا گرا

    کراچی: شہر قائد میں عید الفطر کے خوشیوں بھرے دن پر دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثات پیش آئے ہیں، جن میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، ایک موٹر سائیکل سوار پل سے نیچے جا گرا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں عید کے پہلے دن تین خوفناک ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ڈیفنس فیز ٹو میں تیز رفتار موٹر سائیکل فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، اس حادثے میں 13 اور 17 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گئے، جاں بحق نوجوانوں کی شناخت تیرہ سالہ اجمل اور سترہ سالہ فیاض کے نام سے ہوئی ہے۔

    دوسرے حادثے میں قیوم آباد سے کورنگی کراسنگ آتے ہی ایک ہائی روف کو حادثہ پیش آیا، تیز رفتار کار فٹ پاتھ سے ٹکرا کر قلابازیاں کھاتے دور جا گری، حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔

    اس حادثے میں 2 خواتین اور 3 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے، جب کہ حادثے میں دو افراد محفوظ بھی رہے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    عید: موٹر سائیکل چھیننے والے 3 میں سے ایک ڈاکو ساتھی کی فائرنگ اور لوگوں کے تشدد سے ہلاک

    ایک اور واقعے میں گلشن اقبال پل پر تیز رفتار موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہو گئی، ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار پل کے اوپر سے نیچے سڑک پر جا گرا، اور جاں بحق ہو گیا۔ ویڈیو میں پل کا وہ مقام دیکھا جا سکتا ہے جہاں سے شہری نیچے گر کر جاں بحق ہوا۔

  • مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی میں عید کے سب سے بڑے اجتماعات، ریاض میں بارش کے دوران نماز عید

    مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی میں عید کے سب سے بڑے اجتماعات، ریاض میں بارش کے دوران نماز عید

    ریاض: آج دنیا بھر میں مسلمان عید الفطر منا رہے ہیں، مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی میں عید کے سب سے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جب کہ ریاض میں بارش کے دوران نماز عید ادا کی گئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے نماز عید ادا کی، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے امت مسلمہ کو عید کی مبارک باد دی، سعودی دارالحکومت ریاض میں نمازیوں نے بارش کے دوران عید الفطر کی نماز ادا کی۔

    سعودی عرب کی مساجد میں نمازکی ادائیگی میں پاکستانی و دیگر غیر ملکی بھی شریک ہوئے۔ مسجد اقصیٰ میں بھی نماز عید کا روح پرور اجتماع ہوا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی عید کا بڑا اجتماع ہوا۔

    ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

    برطانیہ اور امریکا میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے، برطانوی وزیر اعظم نے رشی سونک نے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دی، بھارت اور بنگلادیش میں عید کل منائی جائے گی، جب کہ ترکیہ، آسٹریلیا سمیت یورپی ممالک میں بھی آج عید الفطر ہے۔

  • ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

    ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

    ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

    ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد اور کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوش حالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اے آر وائی نیٹ ورک کی طرف سے بھی اہل وطن کو عید مبارک۔

    سیاسی رہنما بھی اپنے آبائی شہروں میں عید منا رہے ہیں، صدر مملکت آصف زرداری نوابشاہ، وزیر اعظم شہباز شریف لاہور میں عید منا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں نماز عید ادا کی، وفاقی وزرا خواجہ آصف سیالکوٹ، احسن اقبال نارووال اور محسن نقوی لاہور میں عید منا رہے ہیں۔

    چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں نمازعید ادا کی، نو منتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کراچی میں اور پی ٹی آئی کے سربراہ بیرسٹر گوہر ضلع بونیر میں اپنے گاؤں میں عید منا رہے ہیں۔

    صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارک باد دی ہے، صدر مملکت نے کہا دعا گو ہوں کہ یہ دن ڈھیروں برکتیں، خوشیاں، امن اور سلامتی لائے، پاکستانی قوم فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی یقینی بنائے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا عید کے موقع پر وطن کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کا عہد کریں، ایسے لوگوں کو ضرور یاد رکھیں جن کے پاس وسائل نہیں، کشمیری، فلسطینی بھائیوں کو خاص طور پر یاد رکھنا چاہیے۔

  • مسلمان فلسطینیوں، کشمیریوں کو دعاؤں میں یاد رکھیں، عید پر وزیراعظم، صدر کا پیغام

    مسلمان فلسطینیوں، کشمیریوں کو دعاؤں میں یاد رکھیں، عید پر وزیراعظم، صدر کا پیغام

    وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں عید الفطر کے موقع پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    تفصلات کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بعد عید اللہ تعالی کا اپنے مومنین کیلئے تحفہ ہے، عید معاشرے میں خوشحالی کیلئے رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے۔ عید اپنے کمزور بہن بھائیوں کی خوشیاں دوبالا کرنے میں مدد کرنے کا نام ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مہنگائی کے پیش نظر معاشی طور پر کمزور لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں، ملکی سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت پر ماموربہادر سپوتوں کو سلام کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں مسلمان فلسطینیوں اور کشمیریوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

    دریں اثنا صدر مملکت آصف زرداری کا عید کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ عیدالفطر پر قوم اور امت مسلمہ کیلئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

    آصف زرداری نے کہا کہ دعا گو ہوں کہ یہ دن ڈھیروں برکتیں، خوشیاں، امن اور سلامتی لائے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں رمضان کی سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئیں۔ عید خوشیاں بانٹنے، معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثار و قربانی کا دن ہے،

    صدر نے کہا کہ غریبوں، یتیموں اور محتاجوں کی مدد کریں، عید کی خوشیوں میں انھیں شریک کریں۔ بحیثیت قوم رکاوٹیں دورکرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ اخوت اور باہمی اتحاد و یکجہتی سے سرشار ہوکر مضبوط قوم بننے کی کوشش کریں۔

    صدر نے کہا کہ پاکستانی قوم غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتی ہے۔ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی یقینی بنائے۔ اسرائیل کا ظلم، بربریت اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو نہیں بھولنا چاہیے۔ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کیلئے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، ہر پاکستانی اور پوری امت مسلمہ کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہماری قوم پر رحمتیں نازل فرمائے، نیکی کی راہ پر گامزن فرمائے۔

  • کیا رواں سال پاکستان سمیت دنیا  کے کئی ممالک میں ایک ہی روز عید الفطر منائی جائے گی؟

    کیا رواں سال پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ایک ہی روز عید الفطر منائی جائے گی؟

    کراچی : پاکستان اور عرب ممالک سمیت کئی ملکوں میں ایک ہی روز عید الفطر منائے جانے کا امکان ہے، پاکستان میں آج چاند نظر آنے کے قومی امکانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور عرب ممالک سمیت کئی ملکوں میں ایک ہی روز عید الفطر منائے جانے کاامکان بڑھ گیا۔

    آج پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا قومی امکان ہے، ماہرین کے مطابق چاند کی عمر آج شام انسانی آنکھ سے دیکھائی دینے کے لیے پوری ہوگی، غروبِ آفتاب کے بعد افق پر پچاس سے ساتھ منٹ تک چاند چمکتا دمکتا ہے گا۔

    محکمہ موسمیات نے بھی عید کا چاند آج نظر آنے کی پیش گوئی کر دی ہے اور کہا ملک کے اکثر حصوں میں مطلاع صاف رہے گا تاہم چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔

    ملک میں بوہری برادری آج عید منا رہی ہے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات،قطر اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں بھی عید الفطر کل منائی جائے گی جبکہ امریکہ اور برطانیہ میں بھی ایک ہی روز عید کا امکان بڑھ گیا۔

    پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی آج بیٹھے گی، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیرآزاد کی زیرصدارت اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے۔

  • سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی عید الفطر پاکستان میں منائیں گے

    سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی عید الفطر پاکستان میں منائیں گے

    اسلام آباد: سعودی عرب میں قائم بین الاقوامی اسلامی تنظیم ’مسلم ورلڈ لیگ‘ (رابطہ عالم اسلامی) کے سیکریٹری جنرل آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ پاکستان کے 9 روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، اور عید الفطر پاکستان میں منائیں گے۔

    سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی عید الفطر کی نماز فیصل مسجد میں ادا کریں گے، نماز عید ان کی امامت میں ادا کی جائے گی، عید کے روز ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ یتیم بچوں سے ملاقات اور سیرت النبیﷺ میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    ڈاکٹر عیسیٰ کو 2022 کے حج کے موقع پر خطبہ دینے کا اعزاز حاصل ہے، وہ صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے، چیف جسٹس پاکستان اور وزیر مذہبی امور سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔