Tag: عید تعطیلات

  • مسلم اکثریتی ملک میں عید تعطیلات میں اضافہ، 9 چھٹیوں کا اعلان

    مسلم اکثریتی ملک میں عید تعطیلات میں اضافہ، 9 چھٹیوں کا اعلان

    عیدالفطر کی آمد آمد ہے اور اسلامی ممالک میں عید تعطیلات کا اعلان ہو رہا ہے ایک اسلامی ملک نے عید کی چھٹیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

    رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوچکا ہے اور آئندہ ہفتہ دنیا بھر میں رویت کے مطابق دنیا بھر کے مسلمان 30 یا 31 مارچ کو عیدالفطر کا تہوار منائیں گے۔

    اسلامی ممالک میں عیدالفطر کے موقع پر طویل سرکاری چھٹیوں کا اعلان کیا جاتا ہے اور اب ایک ملک نے اس میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے عید پر سرکاری ملازمین کے لیے 9 دن کی چھٹیوںکا اعلان کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس سے قبل بنگلہ دیشی حکومت نے صرف 5 دن کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اب سابقہ حکم نامہ منسوخ کرتے ہوئے نیا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں عید تعطیلات میں مزید چار دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔

    اس نئے نوٹیفکیشن کے مطابق اب بنگلہ دیش میں 28 مارچ سے 5 اپریل تک مسلسل 9 دن کی سرکاری چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان حکومت نے 30 سے 2 اپریل تین روز کی عید تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب، یو اے ای سمیت کئی ممالک کی جانب سے عید کی چھٹیوں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

  • عید تعطیلات کراچی والوں کے لیے ڈراؤنا خواب، ٹریفک حادثات میں 70 شہری جاں بحق

    عید تعطیلات کراچی والوں کے لیے ڈراؤنا خواب، ٹریفک حادثات میں 70 شہری جاں بحق

    کراچی: عید تعطیلات کراچی والوں کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئیں، 5 دن میں 70 سے زائد شہری روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران شہر کراچی میں مجموعی طور پر 4 ہزار 168 شہری ٹریفک حادثات کا شکار ہوئے۔

    دو بڑے سرکاری اسپتالوں کے ریکارڈ کے مطابق 5 دن میں 1 ہزار سے زائد شہریوں کی ہڈیاں ٹوٹیں، 3218 ایکسیڈنٹ کیسز سول ٹراما سینٹر میں رپورٹ ہوئے جب کہ 950 کیسز جناح اسپتال میں رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ اوور اسپیڈنگ اور شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کانسٹیبلز کی عدم موجودگی تھی۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر نوشین رؤف نے بتایا کہ جناح اسپتال میں روڈ ایکسیڈنٹ میں جان سے جانے والے 60 کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے، دوسری طرف ٹریفک حادثات میں موت کے 10 کیسز سول ٹراما سینٹر میں رپورٹ ہوئے۔

    ڈاکٹر نوشین رؤف کے مطابق روڈ ایکسیڈنٹ میں زیادہ تر اموات موقع پر ہی ہوئیں، اور زیادہ تر اموات سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے ہوئیں۔

    انھوں نے یہ بھی بتایا کہ روڈ ایکسیڈنٹ کا زیادہ تر شکار ہونے والوں کی عمر 16 سے 30 سال کے درمیان تھی۔

  • عید کی تعطیلات میں گیسٹرو اور ڈائریا میں اضافہ، اسپتال مریضوں سے بھر گئے

    عید کی تعطیلات میں گیسٹرو اور ڈائریا میں اضافہ، اسپتال مریضوں سے بھر گئے

    لاہور: عید کی تعطیلات کے دوران صوبہ پنجاب میں گیسٹرو اور معدے کی تکالیف کے مریضوں میں اضافہ ہوگیا، سرکاری و نجی اسپتال مریضوں سے بھر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق عید کے 3 روز گیسٹرو اور معدے کی تکلیف کے سبب شہریوں نے سرکاری و نجی اسپتالوں کا رخ کرلیا، لاہور کے 7 سرکاری اسپتالوں میں فوڈ پوائزننگ کے 10 ہزار سے زائد مریض پہنچ گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ السر، انتڑیوں میں انفکیشن، معدے کی تکالیف اور ڈائریا کے مریض بھی اسپتال پہنچے، مختلف اسپتالوں میں گیسٹرو، ہائی بلڈ پریشر اور بدہضمی کی وجہ سے بھی سینکڑوں مریض داخل ہوئے۔

    میو اور سروسز اسپتال میں 800 سے زائد، جناح اسپتال اور جنرل اسپتال میں 600 سے زائد اور گنگا رام اسپتال اور شاہدرہ اسپتال میں 500 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گوشت اور مصالحہ جات کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔

  • عید کی تعطیلات میں اے ٹی ایمز سے کتنے ارب روپے نکلوائے گئے

    عید کی تعطیلات میں اے ٹی ایمز سے کتنے ارب روپے نکلوائے گئے

    کراچی: اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ عید اور رمضان کی تعطیلات میں 63.2 ملین ٹرانزیکشنز کے ذریعے 827.2 ارب روپے نکالے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کی مشترکہ کوششوں سے رمضان اور عیدالفطر کے دوران اے ٹی ایم سروسز اوسطاً 96.5 فی صد رہیں، اس سے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران اپ ٹائم مزید بہتر ہو کر 98 فی صد ہوگیا۔

    رپورٹ کے مطابق رمضان اور عید کی تعطیلات کے دوران 63.2 ملین ٹرانزیکشنز کے ذریعے 827.2 ارب روپے نکالے گئے، جب کہ صرف عید کی تعطیلات کے دوران 11.6 ملین ٹرانزیکشنز کے ذریعے 137.8 ارب روپے نکالے گئے۔

    اسٹیٹ بینک نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے اور عیدالفطر کی طویل تعطیلات کے دوران نقد رقوم کی زیادہ طلب کے پیش نظر اے ٹی ایم مانیٹرنگ کی ایک خصوصی مشق کا آغاز کیا تھا۔

    اسٹیٹ بینک کے اندر اس کام کے لیے وقف ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی تاکہ نگرانی کے ذریعے تمام بینکوں کے ملک گیر اے ٹی ایم آپریشنز پر نظر رکھی جا سکے۔

    اسٹیٹ بینک کی وقف ٹیم کا عملہ بینکوں کے ساتھ رابطے کے لیے چوبیس گھنٹے دستیاب رہا، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا ئے کہ 9 دنوں پر مشتمل عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایم کی خدمات بلاتعطل دستیاب رہیں۔

    عوام کی جانب سے اسٹیٹ بینک کی ٹیموں کو 500 سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں جنھیں کم سے کم وقت میں حل کرنے کے لیے بینکوں سے فوری طور پر رابطہ کیا گیا۔

    واضح رہے کہ رمضان اور عیدالفطر کے دوران خصوصی اے ٹی ایم مانیٹرنگ سے ٹھوس نتائج برآمد ہوئے ہیں، رمضان، عید اور دیگر تہواروں کی طویل تعطیلات کے دوران صارفین کو اے ٹی ایم سے متعلق سہولتوں کی زیادہ سے زیادہ دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک کمرشل بینکوں کی شراکت سے متعدد اقدامات کرتا رہا ہے۔

  • عید تعطیلات تک اسلام آباد میں مختلف مقامات بند کر دیے گئے

    عید تعطیلات تک اسلام آباد میں مختلف مقامات بند کر دیے گئے

    اسلام آباد: ‏کرونا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے آج سے وفاقی دارالحکومت میں عید تعطیلات تک مختلف مقامات کو بند کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سے اسلام آباد میں عید تعطیلات تک مختلف مقامات کو بند کر دیا گیا ہے، ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مری ایکسپریس وے، مارگلہ، پارکس، تفریحی مقامات، ہوٹلز، پکنک کے مقامات اور ہل اسٹیشن بند رہیں گے۔

    ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ فی الحال سیاحت اور گھومنے پھرنے کا پلان نہ بنائیں، اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان زیادہ قیمتی ہے اس لیے تھوڑی سی تکلیف اٹھا لینی چاہیے، اگر لوگ عید کی تعطیلات تک تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں تو کرونا کی روک تھام میں مزید مدد مل سکتی ہے۔

    عید الاضحیٰ پر پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دی تھی، عید سے قبل اسمارٹ لاک ڈاؤن پیشگی اعلان کی بجائے اچانک ہوگا، چیف سیکریٹری پنجاب کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں بازار، مارکیٹس اور پلازے عید سے دو تین روز قبل بند کر دیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عید الفطر سے قبل مارکیٹیں بند نہ کرنے سے وبا میں اضافہ ہوا تھا لہٰذا مذکورہ فیصلہ اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں میں ایس او پیز اور سیکورٹی انتظامات سخت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔

  • سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان ہو گیا

    سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان ہو گیا

    ریاض: سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان ہو گیا، سعودی وزارت افرادی قوت نے سرکاری اور نجی اداروں کے لیے عید کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں عید کی تعطیلات جمعرات 21 رمضان 1441ھ کو ڈیوٹی مکمل کر کے شروع ہوگی اور اتوار 8 شوال سے دفاتر کھلیں گے۔

    وزارتِ افرادی قوت نے نجی اداروں سے متعلق عید الفطر کی تعطیلات کے بارے میں بتایا کہ قانون محنت کے مطابق نجی اداروں میں عید کی چھٹی 4 دن کی ہوگی، جس کی شروعات 29 رمضان کی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد ہوگی۔

    وزارتِ افرادی قوت نے بیان میں کہا کہ نجی ادارے کے ہر ملازم کو قانون محنت کی دفعہ 112 کے مطابق تقریبات کے موقع پر مکمل محنتانے کے ساتھ چھٹی لینے کا حق ہے۔

    سعودی عرب، عید کے ایام میں کرفیو ہوگا؟ اعلان ہوگیا

    خیال رہے کہ سعودی حکومت نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک بھر میں عید کے ایام میں 24 گھنٹے کا سخت کرفیو لگانے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی حکومت نے مملکت میں جزوی کرفیو میں 22 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مکہ مکرمہ سمیت مختلف علاقوں کے شہریوں کو صبح 9 سے شام 5 بجے تک گھروں سے باہر نکلنے کی مشروط اجازت دی جائے گی۔

    وزارت داخلہ کے مطابق 23 مئی (تیسویں روزے) سے 27 مئی یعنی چار شوال تک تک ملک بھر میں مکمل کرفیو نافذ کیا جائے گا، اس دوران کسی بھی شہری کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔