Tag: عید قربان

  • عید قربان ، ملازمین کی چھٹیوں کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

    عید قربان ، ملازمین کی چھٹیوں کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

    لاہور: عید قربان پر ملازمین کی چھٹیوں کے حوالے سے اہم خبر آگئی، جس میں بڑی پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ذو الحج کا چاند 8 جون کو نظر آنے کا امکان ہے، جس کے مطابق عید الاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوسکتی ہے۔

    حکومت کی جانب سے ملازمین کی چھٹیوں کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

    وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا، عید قربان پر صفائی کیلئے بلدیہ ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی کا فیصلہ کرلیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید سے 10روز قبل اور 3 روز بعدتک ملازم چھٹی نہیں کرے گا، وزیر بلدیات پنجاب کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانوروں پر فیس فروخت نہ لینےکافیصلہ کیا گیا۔

    ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نےعیدپرزیروویسٹ یقینی بنانے کی ہدایت کردی،مختلف شہروں میں جانورسیل پوائنٹس کو خود مانیٹرکروں گا۔

  • عیدُ الاضحیٰ: مَلمل کے چُنے ہوئے دوپٹے اور بھنی ہوئی کلیجی!

    عیدُ الاضحیٰ: مَلمل کے چُنے ہوئے دوپٹے اور بھنی ہوئی کلیجی!

    اردو ادب میں‌ جہاں‌ مختلف ثقافتوں، میلوں ٹھیلوں اور عام تہواروں کو موضوع بنایا گیا ہے، وہیں‌ مسلمانوں‌ کے دو بڑے مذہبی اجتماعات کی گہماگہمی اور اس کی تیّاریوں اور ہر خاص و عام کے اہتمام پر بھی شاعروں اور ادیبوں نے بہت کچھ لکھا ہے۔

    مسلمانوں کے دو بڑے تہواروں میں سے ایک ’’عید الفطر‘‘ ہے جسے روایتی طور پر ’’میٹھی عید‘‘ بھی کہا جاتا ہے اور دوسرا ’’عیدُ الاضحیٰ‘‘ ہے جسے عام طور پر عیدِ قرباں کہتے ہیں۔ یہاں ہم انہی تہواروں سے متعلق ایک ادبی پارہ نقل کررہے ہیں جس سے قارئین کو یہ جاننے کا موقع ملے گا کہ چند دہائیوں پہلے عید پر کیا خوب اہتمام اور کیسی تیّاریاں‌ کی جاتی تھیں۔

    اس ضمن میں‌ اردو زبان کی معروف ادیب بیگم اختر حسین رائے پوری کی کتاب’’ہم سفر‘‘ سے اقتباس ملاحظہ کیجیے۔

    ’’پندرہ دن پہلے امّاں دو تھان لٹّھے کے، جو چالیس گز کے ہوتے اور دو تھان مَلمل کے منگا کر ہم بہنوں کے آگے ڈال دیتیں کہ لو، اب اس میں سے عید کے جوڑے سب کے اور اپنے سی لو۔ پہلے تو جناب ہم سارے نوکروں اور اُن کے بچّوں اور بیویوں کے سیتے۔ پھر اپنے بھائیوں کے، بہنوں کے، پھر اپنی باری آتی۔

    اتنی ڈھیروں سلائیاں شاموں اور راتوں کو کرتے۔ امّاں کو ہم پر ترس تو نہ آتا، مگر ترس کھا کر ہمارے بھائی لوگ مشین پر سے ہم کو ہٹا کر خود سیدھی والی سلائیوں پر مشین چلانے لگتے۔

    عید، بقرعید میں ہمارے مَلمل کے چُنے ہوئے دوپٹوں پر بس ایک پتلا سا گوٹا ٹک جاتا اور وہی لٹّھے کا غرارہ یا تنگ پاجاما اور مَلمل کے کُرتے۔ بس ہو گئے عید کے جوڑے۔

    تخت پر بس کپڑے ہی تو حساب سے جما کر رکھنا ہیں۔ پہلے ابّا، پھر اماں کی ساری۔ پھر عُمر کے لحاظ سے باقی سب کے جوڑے۔ ابّا اور لڑکوں کے جوڑوں پر نماز کی ٹوپیاں، موزے اور رومال۔ ہر ایک کے جوڑے کے سامنے اس کے جوتے اور چپلیں۔

    جو بھی لڑکے اور لڑکیاں، کزن اور دوستوں کے بچّے ہوتے، اُن سب کے جوڑے بھی۔ صبح سویرے ہر ایک اپنا اپنا جوڑا اٹھا لیتا۔ مرد اور لڑکے پہلے نہا کر کالی شیروانیاں پہن کر عید گاہ کے لیے روانہ ہوتے۔ ہم جلدی جلدی پہلے اندر اور باہر کے کھانوں کی میزوں پر طرح طرح کی نمکین اور میٹھی چیزیں لگا کر آخر میں سویّوں کے ڈونگے رکھ کر جلدی جلدی نہا دھو کر نیا جوڑا پہن کر تیار ہو جاتے۔

    اب ابّا اور سب بھائی لوگ عید گاہ سے واپس آ کر عید ملتے۔ پھر ابّا ہم سب کو عیدی دیتے۔ دو، دو روپے اور اگر دادا ابّا آئے ہوتے، تو وہ چار آنے دیتے۔ کوئی ایک بہن عطر کی شیشی لے کر سب کے عطر لگا دیتی۔ اگر بقر عید ہے، تو ابّا اور بھائی باہر جا کر قربانی کرتے۔ جب کلیجی گرما گرم بُھن کر میز پر آ جاتی، تو سب ناشتا کرتے۔‘‘

  • وزیر بلدیات سندھ کا بیان سمجھنے سے قاصر ہوں، خواجہ اظہار الحسن

    وزیر بلدیات سندھ کا بیان سمجھنے سے قاصر ہوں، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ بلدیات کی وزارت اندازوں پر چل رہی ہے، شہر قائد میں آلائشیں اٹھانے کا مناسب نظام موجود نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا مربوط نظام موجود نہیں ہے اور  وزیر  بلدیات سندھ کا بیان سمجھنےسے قاصر ہوں۔

    متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ بلدیات کی وزارت اندازوں پر چل رہی ہے، بلدیاتی نمائندے بغیر کسی مدد کے کام کر رہے تھے۔

    سندھ اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا مربوط نظام موجود نہیں۔

    خیال رہے کہ عید کا تیسرا روز گزرنے کے بعد سندھ حکومت شہر قائد سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے میں‌ تاحال ناکام رہی ہے.

    کراچی میں انتظامیہ کے مطابق عید کے تینوں دن دس لاکھ سے زائد جانوروں کو قربان کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق شہر کی سڑکوں، گلیوں سے آلائشیں مکمل طور پر نہ اٹھائی جاسکیں، کچرے کے ڈھیروں میں آلائشیں موجود ہونے سے تعفن پھیلنے لگا جبکہ ضلع وسطی، جنوبی، غربی اور ملیر میں آلائشیں اٹھانے کا عملہ نہیں پہنچ سکا۔

  • نوازشریف عید قرباں رائے ونڈ میں منائیں گے

    نوازشریف عید قرباں رائے ونڈ میں منائیں گے

    اسلام آباد:عید قربان پر سیاست دانوں نے بھی بھرپورتیاری کی ہے، سیاسی رہنما عید قربان کہاں منائیں گے ،اس حوالے سے رپورٹ کے مطابق سیاست دانوں نے بھی عید کی تیاری کررکھی ہے ۔

    وزیراعظم نوازشریف عید قربان رائیونڈ میں منائیں گے جبکہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی عید  سیلاب زدگان کے ساتھ۔ ہوگی۔کپتان عمران خان نے تو پہلے ہی کہہ رکھا ہے کہ وہ عید دھرنےمیں یعنی اسلام آباد میں منائیں گے۔

    انقلابی رہنماعلامہ طاہر القادری کی عید بھی عوامی کارکنان کے ساتھ اسلام آباد میں ہی ہوگی۔سابق صدر آصف علی زرداری عید پرلاہور میں ہونگے، جبکہ ان کے صاحبزادہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی میں عید منائیں گے۔

    چودھری برادران عید اپنے آبائی شہر گجرات میں منائیں گے ،جبکہ چودھری پرویزالٰہی بھی عید پر متاثرین سیلاب کے ساتھ ہونگے.عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمااسفند یارولی عید پراپنے آبائی علاقےولی باغ چار سدہ میں ہونگے۔

    جبکہ مولانا فضل الرحمان سعودی عرب میں فریضہ حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں اور جماعت اسلامی کے امیر مولانا سراج الحق عید قربان آبائی علاقے دیر میں منائیں گے۔