Tag: عید قرباں

  • وہ گیا بیل ہمارا…

    وہ گیا بیل ہمارا…

    فیس بک اور واٹس ایپ جیسے متعدد مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر متحرک پاکستانی عیدِ قرباں پر اپنے جانوروں کی تصاویر اور ان کے ساتھ سیلفی بنا کر شیئر کررہے ہیں جو ایک عام بات ہے، لیکن بعض لوگ دکھاوے اور دوسروں کو مرعوب کرنے کی غرض سے بھی یہ سب کرتے ہیں۔

    شائستہ زریں ؔکی یہ دل چسپ تحریر(منظر کشی) انہی لوگوں سے متعلق ہے۔ اس کے تین کردار دادی اماں، سلیم اور نازو ہیں۔

    نازو:: بھیا! بالکل اپنے جیسا بیل لائیے گا جو….

    دادی اماں:: دفع دُور، نامراد، جب بولے گی الل ٹپ۔ میرا شہزادہ سلیم تجھے قربانی کا جانور لگتا ہے کیا؟

    نازو:: میں نے یہ کب کہا؟ یوں بھی قربانی کا جانور سال میں ایک بار قربان ہوتا ہے۔ بھیا تو آپ کی خاطر دن میں کئی بار اپنی قربانی دیتے ہیں، میں تو بس اتنا کہ رہی تھی کہ بیل لائیے گا جو آپ کی طرح خوبرو ہو اور سیلفی کا شوقین۔ میں نے تو کل سے فیس بک پر شور مچا رکھا ہے کہ ہمارا خوبرو، سیلفی کا شوقین بیل آرہا ہے۔

    سلیم:: تم بھی چلو نازو، بہت مزہ آئے گا۔

    دادی اماں:: باؤلا ہُوا ہے کیا؟ لڑکی ذات ہے اور منڈی میں اگر شرفا آتے ہیں تو بد ذاتوں کی بھی کمی نہیں۔

    نازو:: مجھے معلوم تھا بھیا! مجھے اجازت نہیں ملے گی ہر سال یہی ہوتا ہے۔

    سلیم:: بہنا! تم دل چھوٹا نہ کرو، تم منڈی جاؤ یا نہ جاؤ بیل ہماری مشترکہ پسند ہی سے آئے گا۔

    دادی اماں:: وہ کیسے؟ ذرا میں بھی تو سنوں۔ گھر بیٹھے بیٹھے بنو رانی یہ کمال کیسے دکھائیں گی؟

    نازو:: بیل پسند کرنے سے خریدنے تک کے ایک ایک پل کی ویڈیو بنا کر بھیا مجھ کو واٹس ایپ پر بھیجتے رہیں گے۔ میں بھیا کو اپنی رائے دے دوں گی اور جھٹ وڈیو واٹس ایپ کے ساتھ ساتھ فیس بک پر بھی لگا دوں گی۔ بیل آنے سے پہلے ہی ہمارے بیل کی شہرت دنیا بھر میں پھیل جائے گی۔ اچھا بھیا اب جائیے بھی۔ جائیں گے تو لائیں گے نا بیل۔

    سلیم:: ہاں بھئی جا رہا ہوں، میرے دوست بھی آگئے اور ہاں تم واٹس ایپ اور فیس بک پر ویڈیو ڈالتی رہنا۔

    دادی اماں:: تین گھنٹے ہو گئے، میرے شہزادے کو گئے۔ جانے کب آئے گا؟ اے… بی نازو معلوم تو کرو کہاں رہ گیا۔

    نازو:: دادی اماں آپ فکر نہ کریں آجائیں گے، منڈی میں رش بھی تو غضب کا ہے۔ بیل تو پسند آ گیا، بس سودا طے کرنا رہ گیا۔ ارے واہ…. دادی اماں مبارک ہو سودا طے ہو گیا۔ ماشاء اللہ پورے دو لاکھ کا ہے، کیسا تندرست ہے۔ یہ دیکھیے کیسے سیلفی لے رہا ہے؟

    دادی اماں:: تم کو مبارک ہو، مجھے تو اپنے دروازے پر بیل کو کھڑے دیکھ کر خوشی ہو گی۔اور ہاں بہت دیر دیدے پھوڑ لیے اب تو بیل بھی مل گیا خیر سے کچھ ہی دیر میں بھائی لے کر بھی آجائے گا۔ موبائل کی جان چھوڑ دو، آتے ہی بھوک بھوک کا شور مچائے گا۔

    نازو:: اور بھوت بن جائے گا بیل کی محبت میں۔

    دادی اماں:: چپ کر نامراد۔ تیری زبان کے آگے تو خندق ہے۔ اللہ نہ کرے کہ میرا شہزادہ بھوت بنے۔ جا کر اپنا کام کرو دیر ہو رہی ہے۔

    نازو:: ناحق آپ لوگ مجھ کو ناز و کہتے ہیں، کیا مجال کہ ایک پل کے لیے بھی کوئی میرے ناز اٹھا لے۔ آج تو ہمارا راجہ بیل آرہا ہے۔ بھیا کے ساتھ مل کر اسے سجاؤں گی۔ اور بازار سلامت دادی اماں…. کھانا بازار سے آ جائے گا۔ آرڈر کر دوں گی۔

    دادی اماں:: مت ماری گئی ہے تیری، بیل کے پیچھے باؤلی ہوگئی ہے۔ کھانا تو گھر میں ہی پکے گا، شاباش میری بچی جلدی سے کھانا تیار کر لے۔

    گلی میں شور مچ رہا ہے، سوزوکی سے بیل اُتارا جا رہا ہے۔ نازو بیل کی ویڈیو بنانے میں مصروف ہے۔ دادی اماں بھی دروازے کی اوٹ سے سارا منظر دیکھتے ہوئے گاہے گاہے… ارے بھیا دیکھ کر، سنبھل کر، یااللہ خیر کے کلمات ادا کرتی جارہی ہیں۔ وہاں موجود بڑوں اور بچوں کے تبصرے بھی مستقل جاری ہیں۔ کیا تگڑا بیل ہے۔ خرانٹ تو بلا کا ہے۔ خوبصورت جانور لایا ہے سلیم۔ ویڈیو بناتی نازو کا جوش و خروش بھی بڑھ رہا ہے۔ بیل سوزوکی سے بڑی مشکل سے اترتا ہے۔ بچوں کیا بڑوں کا بھی جوش و خروش قابلِ دید ہے۔

    دادی اماں:: یا اللہ تیرا شکر ہے، قربانی کے جانور کا پہلا مرحلہ تو بخیر و خوبی طے ہُوا۔

    سلیم:: تھکا دیا اس راجہ بیل نے۔ (یکایک سلیم کا تھکا تھکا لہجہ جو ش و خروش میں تبدیل ہو گیا)…. دیکھا اماں! بیل خاصا خرانٹ ہے نا، اس کے جارحانہ تیور دیکھ کر ہی تو نازو اور میں نے اسے پسند کیا ہے۔ دیکھیے گا کیسا تہلکہ مچاتا ہے۔ محلّے کیا پورے علاقے میں دھاک بیٹھ جائے گی۔

    نازو:: بھیا! دیکھیے ہمارے راجہ کی ویڈیو کے اب تک پانچ ہزار لائیک آچکے ہیں۔

    سلیم:: صرف پانچ ہزار؟ میرے پاس تو دس ہزار لائیک آئے ہیں۔

    دادی اماں:: اے نوج! تم دونوں کو تو موئے بیل کے پیچھے کسی بات کا ہوش ہی نہیں، کیا کھانا پینا، کیا پڑھنا لکھنا، سونا جاگنا….. بس ہر وقت اور اس کی تصویریں اور ویڈیو بنا کر لوگوں کو دکھانا۔ ہر وقت دونوں بھائی بہن کے ہاتھ میں موبائل اور ساتھ میں بیل۔

    نازو:: بقرعید میں دن ہی کتنے ہیں؟ اماں! تفریح کر لینے دیں چند روز کی تو بہار ہے، پھر وہی دن رات کی مصروفیت اور پڑھائی کے جھمیلے۔

    سلیم:: نازو جلدی سے آؤ۔ مشتاق صاحب کے بیل کو ہمارے راجہ نے سینگ مار دی ہے، راجہ بہت اشتعال میں ہے۔

    نازو:: ارے واہ بھائی مزہ آگیا، اگر ویڈیو بنائی ہے تو جلدی سے سینڈ کریں ابھی۔

    دادی اماں:: ارے میرا شہزادہ سلیم صبح سے بھوکا پیاسا خوار ہو رہا ہے۔ کھانے پینے کا ہوش ہی نہیں ابھی کان پکڑتی ہوں۔

    سلیم:: دادی اماں اپنے حجرے سے باہر تو آئیے، ہمارے راجہ کے کان پکڑیے جس کے جلوؤں اور حرکتوں نے سب کو مدہوش کر دیا ہے۔

    دادی اماں:: میں بیل کے کان پکڑوں، ادھر تم دنیا بھر میں ویڈیو بنا کر بھیج دو۔

    سلیم:: زبردست۔ غصے میں اماں نے کیا غضب کا آئیڈیا دیا ہے۔ مما پپا کو بھیجوں گا۔

    دادی اماں:: لو بھئی پکڑ لیے تمہارے راجہ کے کان۔ کیسے کان ہیں یہ میاں؟ ارے…. یہ کیا….. کان میرے ہاتھ میں کیسے آگیا….. ہائے مر گئی یہ تو نقلی کان ہیں۔

    سلیم:: (صدمے کی کیفیت میں تقریباً روتے ہوئے کہتا ہے) میں نے تو اس کی خوبصورتی اور تندرستی دیکھ کر لیا تھا، سوچا تھا ایسا خرانٹ بیل دھوم مچا دے گا۔

    نازو:: (روتے ہوئے) راجہ کی سیلفی لینے کی ادا تو مار ہی گئی تھی۔ پچاس ہزار لائیک آچکے ہیں اب تک۔

    دادی اماں:: قربانی کے جانور کو نمائشی بنانے کا انجام ہے یہ۔ اور اب اس کی قربانی بھی نہیں ہو سکتی۔ جا کے کوئی سستا سا بکرا لے آؤ قربانی کے لیے۔

    سلیم کے راجہ بیل میں نقص ہے، اس کی قربانی نہیں ہوگی۔ بچوں کی تبصرہ کرتی آوازوں میں نازو اور سلیم کی آہ و بکا کی آوازیں بھی شامل ہو گئیں۔

  • عید قرباں کی آمد مصالحہ جات اور  سبزیوں کی قیمتوں کو پَر لگ گئے

    عید قرباں کی آمد مصالحہ جات اور سبزیوں کی قیمتوں کو پَر لگ گئے

    کراچی : عید قرباں قریب آتے ہی سبز مصالحہ جات کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ گئیں۔سبزی فروش زائد قیمتیں وصول کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق عید قرباں سے قبل مصالحے، سبزیاں سمیت مختلف اشیا مہنگی ہوگئی ہیں۔

    ہرا دھنیا اور پودینے کی گڈی اب ہی سے دس یا پندرہ والی گڈی چالیس روپے کی ملنے لگی جبکہ ٹماٹروں کے دام بھی بڑھنے لگنے ،، کچھ دن قبل پچاس روپے کل والا ٹماٹر اب سو روپے فی کلو کا ہوگیا ہے۔

    اسی طرح گرم مصالحہ بھی مہنگا کردیا گیا ہے، عیدالاضحٰی قریب آتے ہی مصالحہ جات کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، 20 سے 25 فیصد اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل ہی مصالحہ جات مہنگے ہونا شروع ہوجاتے ہیں، عید کی وجہ سے مہنگائی مزید بڑھ جاتی ہے، جو راشن پانچ ہزار کا آتا تھا وہ آٹھ ہزار کا ہوجاتا ہے۔

    دوسری جانب عید قرباں سے قبل مرغی، پیاز ٹماٹر لہسن ادرک اور دیگر اشیاء کی گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف زبردست کریک ڈائون میں کئی دکانیں سیل اور مہنگی سبزیاں بیچنے والے دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔

  • بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار، ویڈیو

    بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار، ویڈیو

    کراچی: عید قرباں کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں مویشی چھیننے کی وارداتیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔

    کراچی کے علاقے بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار ہو گئے، ڈاکو کار میں سوار تھے جنھوں نے مویشی لے جانے والی گاڑی کا تعاقب کیا تھا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ شہری ٹرک میں 3 مویشی لاد کر اورنگی ٹاوٴن کی جانب جا رہا تھا، جب راستے میں ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر ڈرائیور کو ٹرک سے اتار کر اپنی کار میں سوار کیا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق ڈاکو جانوروں سے بھرا ٹرک خود لے کر روانہ ہو گئے، اور کچھ فاصلے پر جا کر ٹرک ڈرائیور کو اتار کر ڈاکو فرار ہو گئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خالی ٹرک نیپا چورنگی کے قریب سے مل گیا ہے۔


    اس سال کراچی مویشی منڈی کی سیکیورٹی کیسی ہوگی؟ اہم خبر


    پولیس حکام کے مطابق چھینے گئے مویشیوں کا سراغ نہیں مل سکا ہے، متاثرہ شہری نے پولیس کو بیان دیا کہ مویشیوں کی قیمت 6 لاکھ روپے سے زائد تھی۔

  • حکومت کا  عیدالاضحٰی پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا عیدالاضحٰی پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے عیدالاضحٰی پر ملک بھر میں لوڈشیدنگ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور بجلی کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں مانیٹرنگ سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے عید قرباں پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ترجمان پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ 11 اگست کی شام 7 بجے سے 14 اگست شام 7 بجے تک کہیں بھی لوڈشیدنگ نہیں ہو گی۔

    پاور ڈویژن کے مطابق عید الاضحٰی کے دنوں میں کسی فنی خرابی کو دور کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور عید کے لئے خصوصی ڈیوٹیاں اور مانیٹرنگ کا انتظام کیا جاچکا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں مانیٹرنگ سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے 12 اگست کو ملک بھر میں عیدالاضحٰی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی اور لاکھوں مسلمان سنتِ ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ ادا کریں گے۔

    حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر 12 سے 15اگست تک چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • عید قرباں کا دوسرا دن، قربانی کا سلسلہ جاری

    عید قرباں کا دوسرا دن، قربانی کا سلسلہ جاری

    کراچی : عید قرباں کے دوسرے دن فرزندان اسلام سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کر رہے ہیں، قربانی کے لئے قصائی آج بھی نایاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے رب کی خوشنودی کی خاطر فجر کے بعد سے ہی مسلمان قربانی میں مصروف ہیں۔

    کراچی میں انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے دن دس لاکھ جانوروں کی قربانی کی گئی۔

    شہر قائد میں لاکھوں افراد سنت ابراہیمی کی ادائیگی کررہے ہیں لیکن آلائشیں اٹھانے کا عمل انتہائی سست ہے، مختلف علاقوں میں بلدیاتی عملہ پہنچ ہی نہ سکا جبکہ حیدرآباد میں کئی علاقوں سے جانوروں کی آلائشیں نہ اٹھائی جا سکیں، جس سے شہری پریشان ہیں‌۔

    وزیر بلدیات کا کہنا ہے فرائض میں سستی برتنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    دوسری جانب عید کے دوسرے دن بھی دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے لئے گھروں پر خواتین قربانی کے بعد مزے مزے کے کھانوں تکہ کباب ،سیخ کباب اور دیگر اشیاء کی تیاری میں مصروف ہیں۔

    گذشتہ روز صدر ممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی تھی، صدر مملکت کا کہنا تھا آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت وایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثار وقربانی کے جذبے کے بغیرترقی نہیں کرسکتی۔

  • اے آروائی کیٹل فارم میں قربانی کے گوشت کی صاف ستھرے ماحول میں تیاری اور منتقلی

    اے آروائی کیٹل فارم میں قربانی کے گوشت کی صاف ستھرے ماحول میں تیاری اور منتقلی

    کراچی : اے آروائی کیٹل فارم میں حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق قربانی کے گوشت کی صاف ستھرے ماحول میں تیاری اورگھروں کومنتقلی کاسلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی کیٹل فارم اور ذبیحہ کے قربانی انتہائی آسان ہوگئی، کیٹل فارم میں قربانی کے گوشت کی صاف ستھرے ماحول میں تیاری اورگھروں کو فراہمی کا سلسلہ حفظان صحت کے اصولوں کے تحت جاری ہے۔

    قربانی کے گوشت کو محفوظ انداز میں پیک کرکے گھروں کو منتقل کیا جارہا ہے۔

    اے آروائی کیٹل فارم میں جانوروں کی نگہداشت کا انتظام بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا گیا جبکہ ماہر ڈاکٹرز اور مویشیوں کی دیکھ بھال کے ایکسپرٹ یہاں جانوروں کی دیکھ بھال کررہے تھے۔

    مزید پڑھیں : اے آروائی کیٹل فارم: سنتِ ابراہیمی کی تکمیل، بین الاقوامی معیارات کےمطابق

    قربانی کے لیے یہاں رکھے گئے جانوروں میں اسلامی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کا بھرپور خیال رکھا گیا اور شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کا انتظام کیا گیا، جس سے عید ِ قرباں پر جانور خریدنے سے لے کر اسے ذبح کرنے تک کے کئی مسائل ایک ہی چھت کے نیچے حل ہوگئے۔

    اے آروائی کیٹل فارم کے تحت فرزندانِ توحید بغیر کسی فکر کے قربانی کا مقدس فریضہ ادا کرسکیں۔

  • کراچی میں قربانی کے جانور کے ساتھ ’کی کی‘ چیلنج

    کراچی میں قربانی کے جانور کے ساتھ ’کی کی‘ چیلنج

    کراچی: شہر قائد میں ’کی کی‘ چیلنج کے دیوانے شہری نے قربانی کے لیے لائے جانور کو بھی نہیں چھوڑا اور گائے کے ساتھ چیلنج کو پورا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ’’کی کی‘‘ چیلنج کے دیوانے شہری نے قربانی کے لیے خریدے گئے جانور کے ساتھ منفرد فوٹیج بنوائی۔

    گاڑی کے ساتھ چلتے ہوئے کی کی چیلنج کے لیے قربانی کے جانور کو بھی واک کرائی، جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر کافی پزیرائی حاصل کی۔

    یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر کینیڈین ریپر کے مشہور گانے ’ان مائی فیلنگ‘ پر کیا جانے والا کی کی ڈانس کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، مختلف ممالک کے نوجوان ’کی کی ڈانس‘ چیلنج کو قبول کرتے ہوئے رقص کررہے تھے، جن میں سے متعدد نوجوان حادثات کا ہورہے ہیں۔

    کی کی ڈانس کے بعد منہ کے بل گرنے کا چیلنج سوشل میڈیا پر مقبول

    خیال رہے کہ کی کی ڈانس کے دوران ڈانس کرنے والا شخص ہلکی رفتار سے چلتی ہوئی کار سے باہر آتا ہے اور میوزک پر ڈانس کرتا ہے۔

    علاوہ ازیں پاکستان اور دیگر ممالک میں آج یعنی 22 اگست بروز بدھ فرزندانِ اسلامی عید قرباں اسلامی تعلیمات کے عین مطابق مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے اللہ کے حضور جانور قربان کریں گے تاکہ رب کی خوشنودی حاصل کرسکیں۔

    واضح رہے کہ عید قرباں کی مناسبت سے صدر مملکت، وزیراعظم، وفاقی وزرا، سیاسی جماعتوں کے قائدین و رہنماؤں معروف شخصیات سمیت مسلح افواج کے سربراہان نے پرمسرت موقع پر قوم کے نام مبارک باد کے تہنیتی پیغامات جاری کیے۔

  • عید قرباں، چار روز کی چھٹیوں کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری

    عید قرباں، چار روز کی چھٹیوں کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری

    کراچی: وفاق کے بعد سندھ حکومت نے بھی عید قرباں کی تعطیلات کا اعلان کردیا، صوبے بھر میں 4 روز تک سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے عید قرباں کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس کے تحت 21 اگست سے 24 اگست تک صوبے بھر  چار روز کی تعطیل ہوگی۔

    سندھ حکومت کے ماتحت سرکاری و نیم سرکاری ادارے عید قرباں سے ایک روز قبل بند رہیں گے اور ہفتہ وار تعطیلات کے بعد پیر 26 اگست سے تمام دفاتر کھلیں گے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل حکومت پاکستان نے عید قرباں کی مناسبت سے 21 تا 23 اگست تک سرکاری تعطیلات کی منظوری دیتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

    قبل ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری تعطیلات کی سمری وزارتِ داخلہ کو ارسال کی گئی تھی جس میں 21 سے 24 اگست تک 4 چھٹیاں دینے کی سفارش کی گئی تھی۔

    وزارتِ داخلہ نے حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کو مسترد کی اور چار کے بجائے تین روزہ سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کیا۔

    خیال رہے کہ ذوالحج کا چاند 12 اگست کو نظر آیا جس کے تحت ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز 22 اگست بروز بدھ کو منایا جائے گا، وفاقی حکومت نے عید قرباں سے ایک دن قبل بھی عوام کو چھٹی کی سہولت مہیا کی جبکہ سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے عید کے تیسرے روز 24 اگست جمعے کے روز سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

    سرکاری اداروں اور نجی بینک میں کام کرنے والے ملازمین 24 اگست کو حاضری دینے کے بعد 25 اور 26 اگست کو ہفتہ وارتعطیل کی سہولت کا فائدہ بھی اٹھائیں گے۔

    دوسری جانب وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی سہولت کے لیے عید الاضحی سے پہلے تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز 17 تاریخ تک ادا کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو سرکلر جاری کیا۔

  • کراچی مویشی منڈی میں لوٹ مار کرنے والی 4 خواتین گرفتار

    کراچی مویشی منڈی میں لوٹ مار کرنے والی 4 خواتین گرفتار

    کراچی : عید قرباں کے موقع پر شہر قائد میں لگنے والی مویشی منڈی میں لوٹ مار کرنے والی چار خواتین کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے انور خان کے مطابق آج مویشی منڈی کا آخری دن ہے اور آخری دن ایسے واقعات نظر آتے ہیں، عید الاضحی کے موقع پر کراچی کی مویشی منڈی میں رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے بیوپاری اپنے دیگر عملے کے ساتھ پیسے جمع کر رہے تھے، اس دوران چار خانہ بدوش خواتین نے گائے کی قیمت پوچھتے ہوئے 60 ہزار روپے چوری کرلیے۔


    قربانی کے لیے چھری تلے خود لیٹ جانے والا حیرت انگیز جانور


    اس دوران وہاں شور مچا تو خواتین وہاں سے بھاگنے لگیں منڈی میں موجود سیکiورٹی عملے نے چار خواتین کو حراست میں لے لیا۔  تفتیش کے دوران گرفتار خواتین کا کہنا تھا کہ وہ منڈی میں چارہ فروخت کرتی ہیں، چوری کا الزام بے بنیاد ہے ۔ دوسری جانب بیوپاری کا کہنا تھا کہ منڈی میں ہونے والے دیگر چوری کے واقعات میں یہ چار خواتین اور ان کا گرہ ملوث ہے۔

    منڈی انتظامیہ نے چاروں خواتین کو پولیس کے حوالے کردیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی

    کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی

    کراچی : عید قرباں کے قریب آتے ہی کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی۔ لوگ قربانی کیلئے اپنی پسند کا جانور خریدنے جوق در جوق آ رہے ہیں۔

    COW POST 1

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی۔ ملک بھر سے قربانی کے جانور منڈی پہنچا دیئے گئے۔

    COW POST 2

    گزشتہ کئی سالوں سے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر سات سو ایکڑ سے زائد رقبے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگائی جاتی ہے۔

    منڈی میں مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے ہر نسل کے تقریباً تین لاکھ سے زائد جانور بیچنے کے لیے لائے جاتے ہیں، جن میں ایک لاکھ 75ہزار بڑے جانور اور تقریباً ایک لاکھ 25ہزار چھوٹے جانور ہوتے ہیں۔

     

    مویشی منڈی میں لوگ جانوروں کی قیمتیں سن کر کانوں کو ہاتھ لگا رہے ہیں لیکن پھر بھی پسند کا جانور بھاؤ تاؤ کے بعد خرید رہے ہیں۔

    بچوں کی تو موج ہی ہو گئی وہ جانوروں کے ساتھ خوب تفریح بھی کررہے ہیں، کوئی بھیڑ کی سواری کررہا ہے تو کوئی اونٹ کے ساتھ تصویریں بنوا رہا ہے۔ کسی کا بیل اس کی جان بن گیا ہے تو کوئی بکرے سے پیار کررہا ہے۔

    عید قرباں کے رنگ ملک بھر میں چھائے ہوئے ہیں اور کراچی سمیت ملک بھر میں مویشی منڈیوں میں رش لگا ہوا ہے۔ عید قربان جذبہ ایثار کا نام ہے اسی لیے ہر کوئی قربانی کیلئے خوبصورت اور صحت مند جانور کی تلاش میں ہے۔

    عید قربان کے آتے ہی سب کی خواہش اور کوشش ہے کہ خوب سے خوب ترجانور قربان کیا جائے، مویشیوں کے بیوپاری بھی اپنے جانوروں کی صفائی ستھرائی میں مصروف ہیں۔