Tag: عید مبارک

  • قومی کرکٹرز کی عید الاضحیٰ پر قوم کو مبارک باد

    قومی کرکٹرز کی عید الاضحیٰ پر قوم کو مبارک باد

    آج ملک بھر میں عید قرباں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، قومی کرکٹرز کی جانب سے بھی عید الاضحیٰ پر قوم کو مبارک باد دی گئی ہے۔

    ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا نے عید پیغام میں کہا میری طرف سے پورے پاکستان کو عید مبارک ہو، ون ڈے کپتان محمد رضوان سمیت دیگر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی پیغام میں کہا کہ سب کو عید مبارک ہو، اس عید پر اپنا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھیں۔

    کرکٹرز کا کہنا تھا کہ خوشی کا دن اپنی فیملی کے ساتھ انجوائے کریں، اور جن لوگوں نے قربانی نہیں کی اس عید پر ان کا خیال رکھیں، پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو عید مبارک ہو۔

    عید پر پیغام جاری کرنے والوں میں فہیم اشرف، شاہین آفریدی، صائم ایوب، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، عامر جمال اور سفیان مقیم شامل ہیں، عامر جمال نے کہا عید کی خوشیاں اپنے ارگرد کے لوگوں تک بھی پہنچائیں۔


    صدر زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد


    واضح رہے کہ ملک بھر میں آج ہفتے کو عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، شہری ملک بھر میں نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور قربان کر رہے ہیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آلائشیں جگہ جگہ نہ پھینکیں، سرکاری ٹیمیں آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے متحرک ہیں، اور ان سے تعاون کیا جائے، مختصر یہ کہ اپنے اپنے علاقے کی صفائی کے حوالے سے شہری اپنی ذمہ داری کو محسوس کریں۔

  • صدر زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد

    صدر زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد دی گئی ہے۔

    ملک بھر میں آج عید الاضحیٰ روایتی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، اس موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا عید قربان کا دن ہمیں اللہ کی رضا کے لیے قربانی کی ترغیب دیتا ہے، انھوں نے کہا عید پر معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے پیغام میں کہا عید اپنے نفس، خواہشات اور مفادات کو اعلیٰ مقصد کے لیے قربان کرنے کا درس ہے۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول اور ایئر چیف کی جانب سے بھی قوم کو مبارک باد کا پیغام دیا گیا، فیلڈ مارشل نے کہا مسلح افواج پائیدار امن، خوش حالی اور قومی ہم آہنگی کے لیے دعاگو ہیں، اور پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔


    ملک بھر میں عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے


    دریں اثنا، ملک بھر میں آج ہفتے کو عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، اے آر وائی نیٹ ورک کی جانب سے تمام اہل وطن کو دلی عید مبارک ہو، چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانور قربان کیے جانے کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔

  • صدر بائیڈن کا عید کے پیغام میں ایک بار پھر غزہ میں فائر بندی پر زور

    صدر بائیڈن کا عید کے پیغام میں ایک بار پھر غزہ میں فائر بندی پر زور

    واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مسلمانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے ایک بار پھر غزہ میں فائر بندی پر زور دیا۔

    سماجی رابطے ایکس پر جاری بیان میں جو بائیڈن نے امریکا اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو بقر عید پر مبارک باد دی۔

    انھوں نے بیان میں غزہ میں‌ فوری جنگ بندی کا مطالبہ دہراتے ہوئے لکھا کہ یہ حماس اور اسرائیل کے درمیان لڑائی کی ہولناکیوں کا شکار شہریوں کی مدد کرنے کا بہترین موقع ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ ہزاروں بچوں سمیت بہت سے بے گناہ لوگ شہید ہو گئے، ہزاروں خاندان اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے، ہزاروں نے اپنے پیاروں کو تباہ ہوتے شہید ہوتے دیکھا، فلسطینیوں کا درد بہت زیادہ ہے۔

    جو بائیڈن نے کہا امید ہے کہ اسرائیل اور حماس تین مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی کی تجویز، جس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے توثیق کی ہے، کو قبول کر لیں گے جو غزہ میں تشدد کے خاتمے اور بالآخر جنگ کے خاتمے کا بہترین طریقہ ہے۔

    ادھر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی مسلمانوں کو عید الاضحیٰ اور حج کی مبارک باد دی ہے، ٹوئٹ میں انٹونی بلنکن نے لکھا کہ اس عید الاضحیٰ کے موقع پر ہم ایک پرامن مستقبل کی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں، جس میں سب آزادی اور خوش حالی سے لطف اندوز ہو سکیں۔ عید مبارک اور حج مبارک۔

  • ’تھوڑی دیر سے عید مبارک‘ ماہرہ خان کی ساڑھی میں دلکش ویڈیو وائرل

    ’تھوڑی دیر سے عید مبارک‘ ماہرہ خان کی ساڑھی میں دلکش ویڈیو وائرل

    معروف اداکارہ ماہرہ خان کی ’’سفید ‘‘ساڑھی میں دلکش ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی عید کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں دلکش سفید ساڑھی میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    ماہرہ خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ’ تھوڑی دیر سے عید مبارک جانیمنز‘۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)

    پوسٹ کے کیپشن میں ماہرہ خان کے مداحوں نے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے علاوہ اداکارہ کی خوبصورتی کی بھی خوب تعریف کی۔

    واضح رہے کہ پچھلے دنوں کاروبی شخصیت سلیم کریم کے ساتھ شادی کرنے والی ماہرہ آخری بار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں فواد خان کے ساتھ نظر آئی تھیں جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔

    آئندہ ماہرہ خان کی نئی فلم’نیلوفر‘ سینما اسکرین کی زینت بنے گی اور اس میں بھی ان کے مقابل فواد خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ اگلی فلم میں ہمایوں سعید کے ساتھ جلوہ گر ہونگی۔

  • مسلح افواج اور سربراہان کی طرف سے قوم کو عید کی مبارک باد

    مسلح افواج اور سربراہان کی طرف سے قوم کو عید کی مبارک باد

    آج ملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، مسلح افواج اور سربراہان کی طرف سے بھی قوم کو عید کی مبارک باد دی گئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے قوم کو عید کے موقع پر پیغام میں کہا ایک سپاہی کے لیے عید تو اپنے پیاروں سے دور فرنٹ لائن پر قوم کی حفاظت کے لیے خدمات کی انجام دہی میں مضمر ہے۔

    سربراہان نے کہا کہ اس پر مسرت موقع پر آئیے اپنے قومی ہیروز کے غیر متزلزل حوصلے کو یاد رکھیں، یہ ہیرو پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے لیے مشعل راہ ہیں، ہم ان بہادروں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کے لیے ہمیشہ شکر گزار ہیں۔

    ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

    افواج پاکستان نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہدا نے مادر وطن کی حفاظت اور خود مختاری کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کریں۔

  • عید کی مصروفیات میں خواتین خود کو نہ بھولیں

    عید کی مصروفیات میں خواتین خود کو نہ بھولیں

    عید کی آمد آمد ہے اور اس موقع پر خاتونِ خانہ کی مصروفیت کئی گنا بڑھ جاتی ہیں، اس اہم دن پر یقیناً آپ مہمانوں کی تواضع کرنے میں مصروف ہوں گی ۔ آپ کی کوشش ہوگی کہ اپنے گھر والوں اور مہمانوں کو مزیدار پکوان بنا کر کھلائیں۔

    لیکن اس موقع پر اپنے آپ کو بالکل مت بھولیں۔ عید کے دن اپنے لیے بھی وقت نکالیں۔ سارا دن چولہے کے سامنے گزارنے کے بعد بھی آپ تازہ دم لگ سکتی ہیں اور اس کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل طریقوں سے اپنا خیال رکھنا ہوگا۔

    قدرتی اشیا کا استعمال


    اپنی جلد پر کیمیکلز لگانے کے بجائے زیادہ سے زیادہ قدرتی چیزوں کا استعمال کریں۔ آپ کے کچن میں موجود چیزیں آپ کی جلد کے لیے بہترین ہیں،جیسے بیسن اور ہلدی کا ماسک ، آنکھوں کی تازگی کے لیے کھیرا ، وغیرہ وغیرہ۔

    عید کی تیاری کرنے کے ساتھ کچھ وقت اپنے لیے بھی نکالیں اور قدرتی اشیا سے اپنی جلد کی حفاظت کریں۔

    سبزیوں اور پھلوں کا استعمال


    عید پر دعوتوں میں مرغن غذائیں کھانے میں آتی ہیں۔ ایسے موقع پر آپ اپنی بھوک سے کم کھائیں اور پھلوں کا استعمال بڑھا دیں۔

    زیادہ پانی اور رات کو سونے سے قبل دودھ پینا بھی مرغن غذاؤں کی تیزابیت کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ عید کے چوتھے دن مزیدار سبزی یا دال کی ڈش بنائیں۔

    میک اپ ضرور اتاریں


    دعوتوں میں جانے یا مہمانوں کی دعوت کرتے ہوئے آپ میک اپ ضرور استعمال کرتی ہوں گی لیکن رات سونے سے پہلے اسے ضرور صاف کریں۔رات کو میک اپ صاف کیے بغیر سونا جلد کو ناقابل تلافی نقصانات پہنچاتا ہے۔

    ورزش کریں


    ورزش کو اپنی زندگی کا معمول بنالیں۔ عید کی مصروفیات میں تمام کام نمٹانے کے بعد رات کو 15 منٹ کھلی ہوا میں چہل قدمی ضرور کریں، اس سے نہ صرف آپ کی دن بھر کی تکان دور ہوجائے گی ، بلکہ آپ اگلے دن کے لیے ذہنی طور پر تروتازہ ہوں گی۔

  • عید الفطر پر دنیا بھر کی مختلف روایات

    عید الفطر پر دنیا بھر کی مختلف روایات

    عید الفطر مسلمانوں کا ایک اہم مذہبی تہوار ہے جسے پوری دنیا میں بسنے والے مسلمان رمضان المبارک کا مہینہ ختم ہونے پر مناتے ہیں۔ عید الفطر اللہ کی طرف سے روزہ داروں کے لیے ایک انعام ہے۔ پورا مہینہ روزہ رکھنے کے بعد یکم شوال کو عید خوشیوں کا دن ہے۔

    عید الفطر کو میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے جو دنیا بھر کے مسلمان بڑے جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔

    قرآن میں حکم دیا گیا ہے کہ، ’رمضان کے آخری دن تک روزے رکھو اور زکواۃ ادا کرو اور عید کی نماز سے پہلے صدقہ فطر ادا کرو‘۔

    دنیا بھر کے مسلمان عید الفطر سمیت مختلف مذہبی تہواروں کو اپنی ثقافتی روایات کے ساتھ مناتے ہیں جس سے ان تہواروں کی رنگینیت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ آئیے دنیا بھر میں عید کے موقع پر مختلف روایات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

    :تاریخی پس منظر

    عید کے تہوار کو ترقی دینے میں مغل بادشاہ اورنگ زیب عالمگیر نے اہم کردار ادا کیا۔ اورنگ زیب عالمگیر انتہائی مذہبی اور شریعت کا پابند تھا۔ اس نے تخت سنبھالتے ہی غیر اسلامی رسوم کا خاتمہ کیا جو برصغیر میں رائج ہوگئی تھیں۔

    تیمور کے دور میں جشن نوروز اتنی شان و شوکت سے منایا جاتا تھا کہ اس کے آگے عید پھیکی پڑ جاتی تھی۔ عالمگیر نے تخت نشین ہوتے ہی سب سے پہلے جو فرمان جاری کیا تھا وہ یہی تھا کہ نوروز منانے کا سلسلہ ختم کردیا جائے اور اس کی جگہ عید الفطر بھرپور طریقے سے منائی جائے۔

    عالمگیر کا جشن جلوس بھی عموماً انہی ایام میں پڑتا تھا۔ لہٰذا اس کے سبب عید کی رونقیں دوبالا ہوجایا کرتی تھیں۔ یوں برصغیر میں جشن نوروز کے بجائے عید کا تہوار ذوق و شوق اور جوش و خروش سے منایا جانے لگا۔ آنے والے دیگر بادشاہوں نے بھی اس روایت کو برقرار رکھا اور آگے بڑھایا۔

    تمام ممالک میں جہاں مسلمان بستے ہیں یہ تہوار بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے۔ شمالی افریقہ، ایران اور مشرق وسطیٰ کے ملکوں میں یہ دن زیادہ تر ’فیملی ڈے‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

    :پاکستان

    1

    پاکستان میں عید کے موقع پر لوگ صبح ہی نئے کپڑے پہن کر نماز عید کے لیے تیار ہوتے ہیں اور غریب افراد کی مدد کے لیے نماز سے قبل صدقہ فطر کی ادائیگی کرتے ہیں۔ عید کے موقع پر کئی روز تک تعطیلات ہوتی ہیں۔ پاکستان میں ابھی تک عید کارڈز دینے کی خوبصورت روایت نے مکمل طور پر دم نہیں توڑا ہے۔

    پاکستان میں عید پر بچوں کو بڑوں کی جانب سے پیسوں کی شکل میں عیدی کا تحفہ دیا جاتا ہے اور انہیں اپنی یہ رقم مرضی سے خرچ کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔

    :ترکی

    2
    ترک صدر احمد داؤد اوغلو نماز عید کے بعد ۔ فائل فوٹو

    ترکی میں عید کے موقع پر بزرگوں کے دائیں ہاتھ کو بوسہ دے کر ان کی تکریم کی جاتی ہے۔ بچے اپنے رشتہ داروں کے ہاں جاتے ہیں اور عید کی مبارکباد دیتے ہیں جہاں انہیں تحائف ملتے ہیں۔ عید کے موقع پر ترک ’بکلاوا‘ نامی مٹھائی تقسیم کرتے ہیں۔

    :سعودی عرب

    3
    نماز عید کے بعد سعودی نوجوان جشن مناتے ہوئے

    عرب قدیم دور میں عید کے پکوانوں میں کھجوریں، شوربے میں بھیگی ہوئی روٹی، شہد، اونٹنی، بکری کا دودھ اور روغن زیتون میں بھنا ہوا گوشت استعمال کرتے تھے مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے کھانوں میں تبدیلی آتی گئی۔ اب عرب ممالک میں قدیم روایات کے ساتھ جدید کھانے بھی رواج پاگئے ہیں۔ عید کے روز عربوں کی سب سے پختہ روایت اعلیٰ اور قیمتی لباس زیب تن کر کے رشتے داروں اور دوستوں کے گھر جا کر ملنا ہے۔

    عید پر بچوں کو تحفوں سے بھرے بیگ دیے جاتے ہیں۔ یہ بھی ایک روایت ہے کہ لوگ عید کے روز بڑی مقدار میں چاول اور دوسری اجناس خریدتے ہیں جو وہ غریب خاندانوں کے گھروں کے باہر چھوڑ آتے ہیں۔ شام کے وقت عید کے میلے اس تہوار کی رونق کچھ اور بڑھا دیتے ہیں۔

    سعودی عرب میں دیہاتوں میں اونٹوں کی ریس کا بھی رواج ہے۔

    :ایران

    5
    خواتین کی نماز عید کا اجتماع

    ایران میں عید الفطر کو ’عید فطر‘ کہا جاتا ہے۔

    :مصر

    Untitled-4

    مصر میں عید الفطر کا تہوار 4 روز تک منایا جاتا ہے۔ عید کے دن کے آغاز پر بڑے بچوں کو لے کر مساجد کا رخ کرتے ہیں جبکہ خواتین گھر میں اہتمام کرتی ہیں۔ عید کی نماز کے بعد ہر کوئی ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دیتا ہے۔

    پہلے دن کو خاندان دعوتوں میں مناتے ہیں جبکہ دوسرے اور تیسرے دن سینما گھروں، تھیٹروں اور پبلک پارکس کے علاوہ ساحلی علاقوں میں ہلا گلا کیا جاتا ہے۔ بچوں کو عام طور پر نئے کپڑوں کا تحفہ دیا جاتا ہے جبکہ خواتین اور عورتوں کے لیے بھی خصوصی تحائف کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    :ملائیشیا

    8

    ملائیشیا میں عید کی تقریبات رسم و رواج کی وجہ سے بڑی رنگین ہوجاتی ہیں۔

    ملائیشیا میں عید کا مقامی نام ’ہاری ریا عید الفطری‘ ہے جس کا مطلب ہے منانے والا دن۔ ملائیشیا میں عید کے دن لوگ خصوصی رنگ برنگے لباس زیب تن کرتے ہیں اور گھروں کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے جاتے ہیں تاکہ خاندان، ہمسائے اور دوسرے ملنے والے لوگ آجا سکیں۔

    عید پر روایتی آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جاتا ہے۔ اس آتش بازی کو دیکھنے کے لیے چھوٹے بڑے بچے، عورتیں بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔ ملائیشیا میں عید کے موقع پر بچوں کو عیدی دی جاتی ہے جیسے ’دوت رایا‘ کہا جاتا ہے۔

    یہاں عید پر خصوصی ڈش کے طور پر ناریل کے پتوں میں چاول پکائے جاتے ہیں جسے مقامی زبان میں ’کٹو پٹ‘ کہا جاتا ہے۔

    :انڈونیشیا

    انڈونیشیا میں عید کو مختلف ناموں سے جانا جاتا ہے، مثلاً ’ہری رایا‘، ’ہری اوتک‘، ’ہری رایا آئیڈیل‘ اور ’ہری رایا پوسا‘۔ ہری رایا کے معنی خوشی کا دن کے ہیں۔ عید پر انڈونیشیا اور ملائیشیا میں سب سے زیادہ چھٹیاں ملتی ہیں۔ آخری عشرے میں بینک، سرکاری اور نجی ادارے بند ہوتے ہیں۔

    انڈونیشیا میں عید سے قبل رات کو ’تیکرائن‘ کہا جاتا ہے۔ اس رات لوگوں کے ماشا اللہ کہنے سے ماحول گونج اٹھتا ہے جبکہ گلیوں اور بازاروں میں نعرہ تکبیر بھی لگائے جاتے ہیں۔

    اس موقع پر گھروں کے دروازوں اور کھڑکیوں میں موم بتیاں، لالٹینیں اور دیے جلا کر رکھے جاتے ہیں جو بہت خوبصورت نظارہ پیش کرتے ہیں۔

    :فلسطین

    7

    فلسطین میں عید کے موقع پر ’کک التماز‘ نامی گوشت کی میٹھی ڈش تیار کی جاتی ہے جو گرما گرم کافی کے ساتھ مہمانوں کو پیش کی جاتی ہے۔

    :بنگلہ دیش

    9

    دیگر مسلمان ممالک کی طرح یہاں بھی دن کا آغاز نماز سے ہوتا ہے اور اس کے بعد رشتہ داروں سے ملاقاتیں ہوتی ہیں۔ عید کے موقع پر زکوٰة اور فطرانہ بھی دیا جاتا ہے۔

    بنگلہ دیش میں عید کے روز شیر خورمہ بنتا ہے جسے ’شی مائی‘ کہا جاتا ہے۔ عید پر نئے لباس پہنے جاتے ہیں جبکہ گھروں میں خصوصی دعوتوں کا اہتمام ہوتا ہے اور خواتین اپنا ایک ہاتھ مہندی سے سجاتی ہیں۔

    :عراق

    10
    عراق میں عید کے موقع پر ہونے والا فیسٹیول

    عراق میں لوگ صبح نماز عید ادا کرنے سے پہلے ناشتے میں بھینس کے دودھ کی کریم اور شہد سے روٹی کھاتے ہیں۔

    :افغانستان

    11
    عید الفطر افغانستان کے مسلمانوں کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل دن ہے جسے تین دن تک پورے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ پشتو بولنے والی برادری عید کو ’کوچنائی اختر‘ پکارتے ہیں۔

    عید کے موقع پر مہمانوں کی تواضع کرنے کے لیے جلیبیاں اور کیک بانٹا جاتا ہے جسے ’واکلچہ‘ کہا جاتا ہے۔ افغانی عید کے پہلے دن اپنے گھروں پر پورے خاندان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔

    :امریکہ

    12

    امریکہ میں مسلمان عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے اسلامک سینٹرز میں اکٹھے ہوتے ہیں اور اس موقع پر پارک میں بھی نماز کی ادائیگی ہوتی ہے۔ مخیر حضرات اس موقع پر بڑی بڑی پارٹیوں کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔

    اسلامک سینٹرز میں عید ملن پارٹیوں کا انعقاد ہوتا ہے۔ عید کی تقریبات 3 دن تک جاری رہتی ہے۔ بڑے بچوں کو عیدی دیتے ہیں جبکہ خاندان آپس میں تحائف کا تبادلہ بھی کرتے ہیں۔

    :برطانیہ

    13
    برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اسلامک سینٹر میں مسلمانوں سے عید ملتے ہوئے ۔ فائل فوٹو

    برطانیہ میں عید الفطر قومی تعطیل کا دن نہیں مگر یہاں بیشتر مسلمان صبح نماز ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر مقامی دفاتر اور اسکولوں میں مسلم برادری کو حاضری سے استثنیٰ دیا جاتا ہے۔ جنوبی ایشیائی مرد جبہ اور شیروانی میں ملبوس نظر آتے ہیں جبکہ خواتین شلوار قمیض سے عید کا آغاز کرتی ہیں اور مقامی مساجد میں نماز ادا کر کے دوسروں سے ملا جاتا ہے۔

    عید کے موقع پر مسلمان اپنے رشتے داروں اور دوستوں سے میل ملاقات کر کے عید کی مبارکباد دیتے ہیں جبکہ اپنے پیاروں میں روایتی پکوان اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی جاتی ہیں۔

    :چین

    14

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق عوامی جمہوریہ چین میں مسلمانوں کی آبادی 1 کروڑ 80 لاکھ ہے۔ عید کے روز مسلم اکثریتی علاقوں میں سرکاری چھٹی ہوتی ہے۔ ان علاقوں کے رہائشی مذہب سے بالاتر ہو کر ایک سے تین روز تک کی سرکاری چھٹی کر سکتے ہیں۔