Tag: عید میلاد النبی

  • 17 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان

    17 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 17 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا، اس دن تمام اسکولز، سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے عید میلاد النبی (12 ربیع الاول) کے موقع پر چھٹی کا اعلان کردیا۔

    کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 17 ستمبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، تمام اسکول، کالجز، سرکاری، نیم سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے۔

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ اسلامی مہینے کا چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے 12 ربیع الاول 17 ستمبر بروز منگل کو ہوگی۔

    واضح رہے ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس مہینے نبی آخرالزماں ﷺ کی دنیا میں آمد ہوئی، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم پوری دنیا کے لئے عملی نمونہ بن کر آئے اور وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی قیامت تک آسکتا ہے۔

  • یا رحمۃ لِلْعَالَمين: وارفتہ و شیفتہ غیر مسلم نعت گو شعرا کا تذکرہ

    یا رحمۃ لِلْعَالَمين: وارفتہ و شیفتہ غیر مسلم نعت گو شعرا کا تذکرہ

    نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ مبارک، مسلمانوں کے آسمانی صحیفے قرآن مجید میں خالقِ حقیقی کا اپنے رسول کی عظمت و بڑائی بیان کرتے ہوئے کئی مقامات پر خوب صورت ناموں سے مخاطب کرنا اور رسولِ کریم کی سیرت و کردار کی کشش نے غیر مسلم شعرا کو بھی آپ صلّی اللہ علیہ وسلم سے عقیدت اور محبت کے اظہار کے لیے نعت کہنے پر آمادہ کیا

    برصغیر پاک و ہند میں بسنے والے ہندو شعرا کی بات کی جائے تو کئی نام ہیں جنھوں نے نبی کریم کے دنیا پر بلا تفریق احسانات سے متاثر ہو کر نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

    متحدہ ہندوستان کے مخلوط معاشرے میں اگرچہ ہندو مسلم تعلقات میں ایک کشیدگی ہمیشہ رہی اور دونوں قوموں کے تہذیب و تمدن میں واضح اختلاف رہا، اس کے باوجود اہلِ فکر و قلم میں اس حوالے سے بے پناہ عقیدت و احترام اور روایتی جوش و جذبہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ ہندو شعرا ہی نہیں سکھ، بدھ مذہب کے پیروکار اور دیگر مذاہب کے ماننے والے بھی اس میں‌ شامل ہیں۔

    غیر مسلم شعرا کی نعت گوئی اردو ادب کا ایک موضوع رہا ہے جس میں ایسے کلام کو اکٹھا کرنے کی اوّلین کوشش مشہور شاعر مرحوم والی آسی نے کی تھی اور اس کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہا۔ یوں تو اردو میں غیرمسلم نعت گو شعرا کی تعداد کئی سو تک پہنچتی ہے، لیکن یہاں ہم چند شعرا کا تذکرہ کررہے ہیں۔

    دورِ جدید کے پہلے غیر مسلم اہم نعت گو شاعر منشی شنکر لال ساقی (1890) ہیں۔ انھوں نے اردو اور فارسی دونوں زبان میں اشعار کہے۔

    مہاراجہ سرکشن پرشاد معروف ہندو نعت گو شاعر تھے جن کے اشعار جذب و شوق اور حبِّ رسول سے لبریز ہیں۔

    دلو رام کوثری بھی نعت گوئی میں بہت مشہور ہوئے۔ برصغیر کے مشہور صوفی پیر جماعت علی شاہ نے آپ کی شاعری سے متاثر ہوکر آپ کو ’حسان الہند‘ کا لقب دیا تھا۔ کوثری صاحب نبی کریم کی محبت و شفقت اور حلم و درگزر سے بہت متاثر تھے اور اسی لیے ان صفاتِ عالیہ کو زیادہ اپنی شاعری کا موضوع بنایا۔

    پنڈت بالمکند جو عرش ملیسانی کے نام سے مشہور ہیں، صاحب ِدیوان نعت گو شعرا میں سے ہیں۔ آپ کے مجموعہ کا نام’ آہنگِ حجاز‘ ہے۔

    دیگر ہندو نعت گو شعرا میں پنڈت شیو ناتھ، منشی للتا پرشاد شاد، پربھو دیال رقم، پنڈت دیا شنکر نسیم لکھنوی، منشی درگا سہائے سرور جہان آبادی، چاند بہاری لال ماتھر صبا، تلوک چندر محروم، گوپی ناتھ امن، پنڈت برج نرائن دتا تریا کیفی، رگھوپتی سہائے فراق گورکھپوری شامل ہیں۔

  • انسانیت کے سب سے بڑے محسن، رحمت العالمینﷺ کی آمد کا جشن

    انسانیت کے سب سے بڑے محسن، رحمت العالمینﷺ کی آمد کا جشن

    اسلام آباد: ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت اور مذہبی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں 31توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اللہ کے نبیﷺ کی ولادت پر جشن کا سماں ہے، عاشقان رسول اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کررہے ہیں، لاہور میں بھی صبح بہاراں پر پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے اکیس توپوں کی سلامی دی، فضائیں اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھیں، ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    محفوظ شہید گریژن میں پاک فوج کے جوانوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے، توپوں کی سلامی کے بعد ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، آج ملک بھر میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی۔

    اےآروائی ڈیجیٹل پر بارہ ربیع الاول کی خصوصی نشریات

    اےآروائی ڈیجیٹل پر بارہ ربیع الاول کی خصوصی نشریات "شان مصطفیٰ” سب کو بھا گئی۔ وسیم بادامی کی میزبانی میں بحریہ ٹاؤن کراچی کارنیوال ایریا میں روح پرور اجتماع ہوا۔ اس موقع پر ہزاروں افراد نے شرکت کی اور آقائے دوجہاں کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ علمائے اکرام نے سیرت طیبہﷺپر روشنی ڈالی۔

    عیدمیلاد النبیﷺ کی مناسبت سے جلوس ومجالس

    کراچی میں 12ربیع الاول کے موقع پر نکالے جانے والے جلوسوں کا روٹ پلان تیار کرلیا گیا، پہلا جلوس شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوچکا ہے جو مسجدگلزار حبیب پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، جبکہ دوسرا جلوس میمن مسجد کھارادر سے برآمد ہوکر آرام باغ مسجد پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

    کراچی میں تیسرا جلوس میمن مسجد کھارادر سے برآمد ہوکر نشترپارک پر اختتام پذیر ہوگا، جلوسوں کے برآمد ہونے کے باعث ایم اے جناح روڈ بند کردیا گیا، عیدمیلادالنبیﷺکے سلسلے میں کورنگی روڈ پر جلوس رواں دواں ہے، جلوس کے راستوں پر سبیلیں اور لنگر کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے، جلوس کورنگی نمبر4 رضا مسجد پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

    جبکہ 12ربیع الاول پر جامعہ نعیمیہ ملیر سے نکالی گئی ریلی گھانچی مارکیٹ پہنچ گئی، ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میں لنگر کا اہتمام اور سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔

    دوسری جانب عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جانب سے جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر دریائے سندھ کشتی ریلی کا کشتی ریلی کا انعقاد کیا گیا، کشتی ریلی میں شریک سیکڑوں عاشقان رسول نے دریائے سندھ میں مرحبا یا مصطفیٰ کی صدائیں بلند کیں۔

    تمام چھوٹے بڑے قصبوں، شہروں میں جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ گھروں، مساجد، مارکیٹوں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔

    آپﷺ کے حالات و کمالات اور فضائل معجزات کو بیان کرنے کا نام عید میلاد النبی ہے۔ رسول کریم ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ مسلمان متحد ہو کر امن و آشتی کا درس دیں، آپ ﷺ نے امن و محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیا اور یہ پیغام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔

    اس حوالے سے مختلف مقامات پر منعقدہ اجتماعات سے خطاب میں علمائے کرام کا کہنا ہے کہ عصر حاضر میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا راہ نجات ہے۔

  • آقاکریمﷺ کی حیات طیبہ ایک کامل نمونہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    آقاکریمﷺ کی حیات طیبہ ایک کامل نمونہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے حضرت محمدﷺکی ولادت باسعادت پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔

    سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آقاکریمﷺ کی حیات طیبہ ایک کامل نمونہ ہے، ان کی ذات اطہر ہمارے لیے رہنمائی اور دنیاوآخرت کی نجات کا ذریعہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نفرتوں کے خاتمے کے لیے نبیﷺکی ذات اقدس روشن ترین مثال ہے، آپ کی سیرت طیبہ کو اپنا کردنیا کو بتاسکتے ہیں اسلام کا دامن کتناوسیع اور دل کس قدر فراخ ہے، اللہ اور اس کے محبوب کی اطاعت کا مطلب انسانیت سے محبت، اس کی فلاح اور خیرخواہی ہے۔

    خیال رہے کہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر صدر پاکستان عارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں حضرت محمدﷺ کی تعلیمات پرعمل کرتے ہوئے ملک میں امن واستحکام یقینی بنانا چاہیے۔

    عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کی پیروی کرنے اور انسانیت کی فلاح کے لیے ان کے اسوہ حسنہ کے فروغ پرزور دیا۔

    جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں اللہ کے نبیﷺ کی ولادت پر جشن کا سماں ہے، عاشقان رسول اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کررہے ہیں، لاہور میں بھی صبح بہاراں پر پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے اکیس توپوں کی سلامی دی، فضائیں اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھیں، ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • جشن ولادتِ النبی ﷺ کی خوشیاں دنیا بھر میں کیسے منائی جاتی ہیں؟

    جشن ولادتِ النبی ﷺ کی خوشیاں دنیا بھر میں کیسے منائی جاتی ہیں؟

    مسلمان ہرسال 12 ربیع الاول کا دن سرور کائنات ،سرکار دو عالم، حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت کی مناسبت سے مناتے ہیں، یہ دن دنیا بھر کے اسلامی ممالک میں  اپنے اپنے انداز اور رسوم کے تحت مذہبی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے،

    آقائے دو جہاں حضور اقدس حضرت محمد ﷺ کی ولادت کے سلسلے میں دنیا بھر میں جشن کی تیاریاں مکمل ہوگئیں 12 ربیع الاول کی خوشی میں ملک کے تمام ہی شہروں کی شاہراؤں، گلی اور کوچوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جبکہ گھر گھر  روح پرور محافلِ میلاد کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

    آئیے دیکھتے ہیں کہ دنیا کے دیگر ممالک میں اس موقع پر کس طرح کا اہتمام کیا جاتا ہے اور عاشقانِ رسولﷺ اس دن کیا افعال انجام دیتے ہیں۔

    ملائیشیا

    ملائیشیا میں اس دن کو مولود نبی کے طور پر جانا جاتا ہے یہاں مسلمان رنگین لباس پہنے پریڈ کرتے ہیں اور ملک بھر میں تلاوتِ قرآن پاک اور نماز کے لئے بڑے اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں۔

    روس

    روس میں بھی حضرت محمدمصطفی ﷺ کا یوم ولادت بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کے لیے 20 ہزار سے زائد مرد اور عورتیں شدید برفباری اور درجہ حرارت کی پرواہ کئے بغیر مرکزی مسجد میں جمع ہوکر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔

    جنوبی افریقہ

    جنوبی افریقہ میں اس دن صبح مرکزی اجتماع منعقد کیا جاتا ہے جہاں لوگوں تعداد بڑی تعداد میں جمع ہوکر نبی ﷺ کی شان میں نعت رسالت مقبول ﷺ پیش کرتے ہیں۔

    پاکستان

    پاکستان میں بھی عید میلادالنبی ﷺ بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے گلی ، محلوں ، سرکاری عمارتوں اور مساجد کو برق قمقوں سے سجایا جاتا ہے جبکہ یوم ولادت مصطفے صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سلسلہ میں روح پرور میلاد کی محافل کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔

    بھارت

    بھارتی مسلمان اس دن کو خصوصی نوافل ادا اور ضرورت مندوں میں کھانا تقسیم کرکے مناتے ہیں، اس موقع پر جشن منانے کے لئے ریلیاں اورجلوس اور تقاریب بھی منعقد کی جاتی ہیں۔

    مصر

    مصر میں اس دن کو مولد النبی ﷺ کہا جاتا ہے، اس دن کا جشن منانے لوگ خیرات کرتے ہیں اور اس دوران رضاکارغریبوں میں کپڑے اور کھلونے تقسیم کرتے ہیں۔

    امریکا

    امریکا میں بسنے والے مسلمان 12 ربیع الاول کے روز مساجد میں جمع ہوتے ہیں اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں گھروں پر محفل نعت کے پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔

    ترکی

    ترکی میں عید میلا النبی ﷺ کے موقع پر خصوصی عبادات اور تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    فلسطین

    یروشیلم میں عید میلاد النبی ﷺ کی مرکزی تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں تمام مسلمان مسجد اقصیٰ کے قریب جمع ہوتے ہیں اور حمد و ثناء بیان کرتے ہیں۔

    علاوہ ازیں دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان اپنی اپنی روایات کے مطابق مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اس روز کو خصوصی طور پر مناتے ہیں۔

  • کراچی، عید میلاد النبی ﷺ جلوس، متبادل روٹ پلان جاری

    کراچی، عید میلاد النبی ﷺ جلوس، متبادل روٹ پلان جاری

    کراچی: ٹریفک پولیس نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر کی مختلف شاہراؤں کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متبادل روٹ پلان جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پولیس نے 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس کے باعث سڑکوں کو  ٹریفک کے لیے بند کرنے کی منظوری دی اور عوام کو پریشانی سے محفوظ رکھنے کے لیے متبادل روٹ پلان بھی جاری کیا۔

    ایم اے جناح روڈ کو دوپہر ایک بجے سے عام گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا جائے گا کیونکہ بعد نماز ظہر میمن مسجد سے مرکزی جلوس روانہ ہوگا جو مختلف علاقوں سے گزرے گا۔

    اس دوران کسی بھی قسم کی ٹریفک کو لی مارکیٹ ، آغا خان جماعت خانہ ، کرین چورنگی ، جی الانہ روڈ ، کھارادر اور مائی کولاچی سے ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، علاوہ ازیں جلوس سے منسلک روٹ کی گلیوں کو بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے مکمل بند کیا جائے گا۔

    کیماڑی سے جناح برج ٹاور کی جانب آنے والی گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب موڑا جائے گا۔

    متبادل روٹ

    میری ویدر ٹاور سے ایم اے جناح روڈ کے لیے آنے والی گاڑیوں کو  آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف موڑا جائے گا، اسی طرح ممتاز حسن روڈ، ایوان تجارت روڈ، شارع لیاقت جنکشن سے سندھ مدرسۃ الاسلام، شارع لیاقت جنکشن سے حسن علی آفندی روڈ، شارع لیاقت جنکشن سے سول اسپتال روڈ، فریسکو چوک، ہائی کورٹ روڈ، سندھ سیکریٹریٹ اور ریگل چوک کی طرف گاڑیاں موڑی جائیں گی۔

    شارع لیاقت سے منسلک تمام گلیوں میں ٹریفک جانے کی اجازت ہوگی جبکہ پریڈی اسٹریٹ جنکشن سے ڈاکٹر دائود پوتہ روڈ، عبداللہ ہارون جنکشن سے غفور چیمبر، جنکشن آغا خان روڈ سے گرامر اسکول، صدر سے لائنزایریا اور کوریڈور تک کا راستے پر بھی اجازت ہوگی۔

    اسی طرح شاہراہ فیصل سے شارع قائدین تک سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت جاری رہے گی جبکہ نمائش جانے والے انڈر بائی پاس کو بند کیا جائے گا۔

    یونیورسٹی روڈ کی  جانب سے آنے والے ٹریفک کو براستہ نیو ایم جناح روڈ، جیل چورنگی فلائی اوور اور کشمیر روڈ کی جانب گھما دیا جائے گا۔

    اندرونی گلیوں سے پیپلز چورنگی آنے والے ٹریفک کو بائیں جانب عائشہ عزیز چورنگی ، بائیں جانب شارع قائدین یا سیدھا کوریڈور تھری سے صدر کی جانب جانے کی اجازت ہوگی۔

    گرومندر سے ایم اے جناح روڈ جانے والی سڑک کو بنوری ٹاؤن سگنل سے بند کردیا جائے گا جبکہ ٹریفک کو سینٹرل جیل کی جانب موڑا جائے گا۔

    اسی طرح لسبیلہ، بزنس روڈ سے ایم اے جناح روڈ کی جانب طرف آنے والے روٹ پر گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل بند ہوگی جبکہ جہانگیر روڈ، جمشید روڈ بنوری لائٹ سگنل سے ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ اور جیل کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں تبت سینٹر تا ریگل چوک اور ریگل چوک تا آرام باغ مسجد تک کسی کو گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • عید میلاد النبی ﷺ کی آمد پر امیتابھ بچن کی مبارک باد

    عید میلاد النبی ﷺ کی آمد پر امیتابھ بچن کی مبارک باد

    ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ولادتِ النبی ﷺ کے موقع پر مسلمانوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک میں 12 ربیع الاول کا آغاز ہوگیا، دنیا بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کی آمد کے بابرکت موقع پر پرنور محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔

    دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان 12 ربیع الاول کو نبی آخر زماں محمد رسول اللہ ﷺ کے بابرکت دن کو ولادت النبی کے طور پر مناتے ہیں، اس ضمن میں جلوس اور نعتیں محافل سمیت مختلف مذہبی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ برس کی طرح امسال بھی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ولادت النبی کی آمد پر مسلمانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے قرآنی آیت شیئر کی۔

    اپنے ٹویٹ میں بگ بی کا کہنا تھا کہ ’کل میلاد النبی ہے، اس بابرکت دن کی آمد پر تمام مسلمانوں کو میری جانب سے بہت مبارک باد قبول ہو، ہمیشہ امن، خوشحالی اور خوشی رہے‘۔

    https://www.facebook.com/AmitabhBachchan/posts/1848150685218712

    یاد رہے کہ گزشتہ برس لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے مسلمانوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے مسجد نبوی ، گنبد خضرا کے ساتھ نعتیہ اشعار کی تصاویر شیئر کیں تھیں۔

    مزید پڑھیں: عید میلاد النبی : رشی کپور جامع مسجد دہلی پہنچ گئے

    علاوہ ازیں معروف بالی ووڈ اداکار رشی کپور نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مسلمانوں کو اس بابرکت دن کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی۔

    بالی ووڈ ادکار نے دہلی مسجد میں بنائی جانے والی تصویر کے ساتھ عید میلاد النبی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’جامع مسجد نئی دہلی میں جمعے کی نماز ادا کی جارہی ہے‘۔

    عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے خصوصی تیاریاں

    یاد رہے کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں کراچی سمیت ملک کے طول عرض میں عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جبکہ ہر سو درودو سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔

    سرورکائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں عاشقانِ رسول ﷺ نے گھروں اور گلیوں ، شاہراؤں کو برقی قمقموں سے سجا دیا۔

    جشن عید میلادالنبی کے سلسلے میں شہر بھر کی مساجد، عمارتوں اور شاہراؤں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا جاچکا ہے جبکہ عاشقان رسول ﷺ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے حوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔

    رسول کریم ﷺ محبت کا تقاضا ہے کہ مسلمان متحد ہو کر معاشرے میں امن و آشتی قائم کریں کیونکہ  آپ ﷺ نے امن و محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا ہی درس دیا جو رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔

    اے آر وائی کی جانب سے پرنور محفل اور خصوصی ٹرانسمیشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں میزبانی کے فرائض وسیم بادامی انجام دیں گے۔

  • عید میلاد النبی ﷺ شایانِ شان انداز میں عقیدت و احترام سے منائیں گے، وزیرِ مذہبی امور

    عید میلاد النبی ﷺ شایانِ شان انداز میں عقیدت و احترام سے منائیں گے، وزیرِ مذہبی امور

    اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات میں میلاد النبی ﷺ کانفرنس آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِ مذہبی امور نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ شایانِ شان اندز میں عقیدت و احترام سے منائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ اطلاعات میں منعقدہ میلاد النبیؐ کانفرنس آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس میں عید میلاد النبیؐ کی تیاریاں مربوط بنانے کی تجاویز اور لائحۂ عمل پر غورکیا گیا۔

    [bs-quote quote=”عید میلاد النبیؐ پر سرکاری ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر خصوصی پروگرامز ترتیب دیے جائیں گے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”فواد چوہدری” author_job=”وزیر اطلاعات”][/bs-quote]

    وزیرِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ماہِ ربیع الاوّل میں بین الاقوامی سیرت کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے، جس میں آپ ﷺ کی حیاتِ طیبہ کو پوری دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے۔

    اس موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی ﷺ کی عظمت اور حُرمت کی پاس داری ہر مسلمان پر فرض ہے۔

    وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں سرکاری ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر خصوصی پروگرامز ترتیب دیے جائیں گے، پروگرامز میں آپؐ کی تعلیمات اور پیغام کو اجاگر کیا جائے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  حکومت کا 2 روزہ ختمِ نبوّت عالمی کانفرنس کرانے کا فیصلہ


    فواد چوہدری نے اجلاس میں کہا کہ 12 ربیع الاوّل کی مناسبت سے نکلنے والے جلوسوں کی بھی خصوصی کوریج ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ حضورؐ کے لائے ہوئے نظام کی حقانیت اور اہمیت ثابت ہو رہی ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی وزیرِ مذہبی امور کے ساتھ ملاقات میں وزارتِ مذہبی امور کو ہدایت کی تھی کہ دو روزہ ختم نبوت عالمی کانفرنس منعقد کی جائے اور 12 ربیع الاوّل کو شایان شان طریقے سے منایا جائے۔

  • جشنِ عید میلاد النّبی کی تیاریاں زوروشورسے جاری

    جشنِ عید میلاد النّبی کی تیاریاں زوروشورسے جاری

    کراچی : ملک بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ مساجد اور گھروں میں چراغاں کے ساتھ درود و سلام کی محافل سجائی جارہی ہیں ۔

    بارہ ربیع الاوّل کو جشن عید میلاد النّبی صلی اللہ علیہ وسلم شایانِ شان اور مذہبی عقیدت و احترام سے منانے کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

    اس سلسلے میں گلی محلوں کو بھی خوبصورتی سےسجایا جا رہا ہے، جبکہ میلاد جلوس اور محافل نعت کے انعقاد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں، گھروں، مساجد، پارکوں، تفریحی مقامات، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔

    جس سے جشن عید میلاد النّبی کی خوشیاں اور رونقیں دوبالا ہو رہی ہیں۔ بچے بڑے سب ہی عید میلاد النّبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریوں میں مگن ہیں،جلسے جلوس اور محافل کا انعقاد بھی شروع کردیا گیا۔

  • اے آروائی ڈیجیٹل کی جانب سے محفل میلاد النبی کا انعقاد

    اے آروائی ڈیجیٹل کی جانب سے محفل میلاد النبی کا انعقاد

    اے آروائی ڈیجیٹل نے شان مصطفیٰ عید میلاد النبی سجائی جس میں معروف علماء کرام اور نعت خواں شریک ہوئے۔ اے آروائی ڈیجیٹل نے شان مصطفیٰ عید میلاد النبی سجائی جسے اے آروائی کیوٹی وی نے بھی اپنی خصوصی نشریات میں شامل کیا ۔

    شان مصطفیٰ کی میزبانی کے فرائض معروف نعت خواں جنید جمشید اوروسیم بادامی نے ادا کیئےجبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری محسن اورحمد باری تعالیٰ جنید جمشید اوروسیم بادامی نے حاصل کی۔

    شان مصطفیٰ میں مذہبی اسکالرزمفتی اسماعیل نورانی، مفتی سہیل رضا امجدی اورثناء خوانوں میں قاری وحید ظفر قاسمی، صدیق اسمٰعیل، فیصل حسن نقشبندی، حسن بن خورشید اوردیگر نے ہدیہ نعت پیش کئے۔ محفل شان مصطفیٰ کے اختتام پرصلواۃ والسلام کے بعد پاکستان اورعالم اسلام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا ئیں کی گئیں۔