Tag: عید کا چاند

  • پاکستان میں عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

    پاکستان میں عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

    اسلام آباد : پاکستان میں عید کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، پاکستان میں کل شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بروز منگل کو طلب کرلیا گیا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 9 اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا۔

    وزارت مذہبی امور میں اجلاس کی سربراہی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے ،کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات، سپارکو سائنس ٹیکنالوجی حکام شریک ہوں گے۔

    ملک بھرمیں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے ، اجلاس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی ، جس کے بعد چاند کی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔

    پاکستان میں کل شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل ملک کے اکثر حصوں میں مطلع صاف ہوگا اور انسانی آنکھ سےنظرآنےکیلئے چاند کی عمربھی پوری ہوگی۔

    خیال رہے سعودی عرب میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس آج ہوگا، ماہرین فلکیات کے مطابق سعودی عرب میں آج عید کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے، عیدالفطر بدھ کو ہونے کی توقع ہے۔

    سپریم کورٹ نے کہا ہے کوئی بھی شخص شوال کا چاند خالی آنکھ یا دُوربین کے ذریعے دیکھےتو عدالت کو اطلاع کرے اوراپنا بیان ریکارڈ کرائے۔

    متحدہ عرب امارات نے بھی شہریوں سے آج چاند دیکھنے اور شہادتیں متعلقہ اتھارٹی تک پہنچانے کی اپیل کی ہے۔

  • عید کا چاند دیکھنے کے بعد لوگ کیا کریں؟ سعودی سپریم کورٹ کی نئی ہدایت

    عید کا چاند دیکھنے کے بعد لوگ کیا کریں؟ سعودی سپریم کورٹ کی نئی ہدایت

    سعودی عرب میں شوال کا چاند دیکھنے کے حوالے سے عدالت نے نیا حکم دیتے ہوئے لوگوں کو ہدایت جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق عید کی آمد قریب آنے کے ساتھ ہی سعودی سپریم کورٹ نے نئی ہدایت جاری کی ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے 8 اپریل کو اجلاس ہوگا۔

    سعودی سپریم کورٹ نے اپنے احکامات میں کہا کہ کوئی بھی شخص شوال کا چاند دیکھے تو اس کی اطلاع قریبی عدالت کو دے۔

    واضح رہے کہ سعودع عرب کے مشہور ماہر فلکیات اور رویت ہلال کمیٹی کے رکن عبداللہ الخضیری نے کہا ہے کہ پیر 29 رمضان کو عید کا چاند دیکھنا ناممکن ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق عبداللہ الخضیری نے کہا کہ فلکی حساب سے مذکورہ دن چاند، سورج سے 12 منٹ پہلے غروب ہو جائے گا اور یہی وجہ ہے کہ 29 رمضان کو چاند کا نظر آنا ناممکن ہے جبکہ منگل 30 رمضان بمطابق 9 اپریل عید کا چاند واضح طورپر نظر آئے گا۔

    انھوں نے کہا کہ پیر8 اپریل کو سورج گرہن ہے گو کہ مشرق وسطی میں اسے نہیں دیکھا جائے گا البتہ یہ چاند کا سورج سے پہلے ڈوب جانے کا اہم سبب ہے۔

    رکن رویت ہلال کمیٹی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ منگل 30 رمضان کو عید کا ہلال 54 منٹ تک افق پر موجود رہے گا۔

  • عید کا چاند کس تاریخ کو نظر آئے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

    عید کا چاند کس تاریخ کو نظر آئے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

    کراچی: محکمہ موسمیات نے عید کے چاند کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند نظرآنے کے امکانات ہیں۔

    ماہرہن کا کہنا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوگی جب کہ 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہو جائے گی، جس کی وجہ سے غروبِ آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہوگا اور 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند نظر آنے کے واضع امکانات ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 اپریل کو ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف ہوگا، البتہ شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہو سکتا ہے۔

    ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت بلوچستان کے علاقے گوادر اور پسنی میں چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔

  • سائنسی بنیاد پر پاکستان میں عید الفطر کب ہوگی؟ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی  نے بتادیا

    سائنسی بنیاد پر پاکستان میں عید الفطر کب ہوگی؟ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے بتادیا

    اسلام آباد : چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیرآزاد نے سائنسی بنیاد پر عید کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہر کردیا ، جس کےمطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیرآزاد نے شوال کے چاند کے لیے سائنسی تعاون لینے کا اشارہ دے دیا۔

    مولانا عبدالخبیرآزاد نے سائنسی بنیاد پر عید کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ سائنسی لحاظ سے چاند کی عمر بیس گھنٹے کے قریب اور زاویہ بھی 10 ڈگری ہوگا۔

    چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو بھی کہا تھا کہ ہم سائنسی لوگوں کو مانتے ہیں لیکن وقت آنے پر چاند کا فیصلہ شہادت اور شریعت کے مطابق کریں گے۔

    اگر شوال کا چاند 29 کا ہوا تو اس کے مطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔

  • چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا شہادتوں سے متعلق کے پی میں اہم اعلان

    چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا شہادتوں سے متعلق کے پی میں اہم اعلان

    پشاور: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اب رویت ہلال کے سلسلے میں خیبر پختون خوا کی شہادتیں بھی لی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کو چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کے پشاور دورے کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، انھوں نے چاند دیکھنے کے تنازع کے حوالے سے مشہور مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزائی سے بھی ملاقات کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا میں خود مسجد قاسم علی خان گیا اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے مفتی صاحب سے ملاقات کی۔

    مولانا عبدالخبیر نے کہا پشاور کی مہمان نوازی کا بہت مشکور ہوں، خیبر پختون خوا اس ملک کا ایک عظیم حصہ ہے، یہاں مقررین نے کہا کہ اس صوبے کی شہادتیں نہیں لی جاتیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ اب ایسا نہیں ہوگا، ہم قوم کو ایک کریں گے۔

    انھوں نے کہا صرف رمضان اور عید ہی نہیں مذہبی ہم آہنگی پیدا کریں گے، مسجد قاسم میں مفتی صاحب کے ساتھ گفتگو ہوئی، انشاءاللہ پھر بھی آئیں گے، موسمیات سے بھی رابطہ کریں گے اور ان کی بھی رائے لیں گے اور متفقہ رائے سے فیصلہ کریں گے۔

    چیئرمین رویت ہلال کیٹی کا کہنا تھا کہ چاند کے سلسلے میں سندھ، پنجاب، کے پی، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر سے شہادتیں لیں گے، خیبر پختون خوا سے شہادت آئیں گی تو ضرور قبول کریں گے، ہم سب کو اس ملک میں وحدت پیدا کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، ہم ملک میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔

    دریں اثنا، پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا، انھوں نے کہا عید ہمارا مذہبی تہوار ہے لیکن بد قسمتی سے ہماری عید ایک دن نہیں ہوتی، نئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی سے امید ہے وہ یہ مسئلہ حل کریں گے، مولانا صاحب نے مسجد قاسم علی خان کا دورہ کیا، اس سے اچھا تاثر ملا ہے، مفتی شہاب پوپلزئی کو بھی چاند کے مسئلے کے حل میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • عوام رویت کے مطابق رمضان اور عید کریں گے: ڈاکٹر قبلہ ایاز

    عوام رویت کے مطابق رمضان اور عید کریں گے: ڈاکٹر قبلہ ایاز

    پشاور: چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ رویت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، فواد چوہدری معاملے میں نہ الجھائیں، عوام رویت کے مطابق رمضان اور عید کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے انکار نہیں کیا جا سکتا، تاہم وزارت مذہبی امور کو کام کرنے دیا جائے، وہ رویت کے مسئلے کو حل کر لے گی۔

    ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ فواد چوہدری کو چاہیے علما سے مل کر کام کریں، عوام رویت کے مطابق رمضان اور عید کریں گے، فواد چوہدری کے اعلان کے مطابق نہیں، اس سلسلے میں مناسب پلیٹ فارم وزارت مذہبی امور ہی ہے۔

    رویت ہلال نے رجب ، ذیقعد اور صفر کے چاند کی تاریخ غلط دی، فواد چوہدری

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ہم 2 اپریل کو بھی مولانا منیب الرحمن اور پوپلزئی صاحب کا انتظار کریں گے، ہمارے لیے تمام علما قابل احترام ہیں، البتہ یہ دلیل تسلیم نہیں کہ چاند کی رویت کا سائنس سے تعلق نہیں، اس لیے کہ تمام علوم کا ماخذ قران پاک ہے اور علم کو اسلام سے علیحدہ نہیں کیا جا سکتا۔

  • ہماری وزارت اطلاعات میں عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت کم ہے: فواد چوہدری

    ہماری وزارت اطلاعات میں عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت کم ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری وزارتِ اطلاعات میں عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے وزارت اطلاعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت ہماری وزارت اطلاعات میں کم ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی میڈیا کو سمجھانے کی صلاحیت پیدا کرنے کی کوششوں کا سنگین فقدان رہا، انھوں نے اس کی ذمہ داری ماضی کی حکومتوں پر ڈالتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں کی بیڈ گورننس اب ہر ادارے میں نمایاں ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اہم معاملات پر پاکستان کے بیانیے کو نظر انداز کرنے پر ہم عالمی میڈیا کو الزام نہیں دے سکتے۔

    قبل ازیں خیبر پختون خوا میں آج عید پر فواد چوہدری نے اپنے شدید رد عمل میں کہا کہ مذہبی تہوار کی بنیاد بھی جھوٹ پر رکھ دی گئی ہے، جو جہاں چاہے عید کرے مگر جھوٹ کی بنیاد پر نہیں، حکومتیں مسلک اور مقامی لڑائیوں میں نہیں پڑتیں، تاہم کے پی حکومت کے عید منانے کے فیصلے سے جگ ہنسائی ہوئی۔

    وزیر سائنس کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایسے تاثر گیا جیسے جھوٹ کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے، پس ماندہ سوچ کو مستر د کرنا چاہیے، امید ہے قوم کا باشعور طبقہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہے گا، معاشرے نئی سوچ کی قیادت میں آگے بڑھتے ہیں، پاکستان میں بھی آخری فتح علم اور عقل کی ہونی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ چاند کا مسئلہ بھی حل ہو ہی جائے گا، لاؤڈ اسپیکر کو حلال کرتے کرتے کئی سال لگ گئے، پرنٹنگ پریس، ریلوے کا سفر برسوں تک حرام قرار دیا گیا تھا، دراصل جہالت کا علاج حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا۔

  • عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب

    عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب

    کراچی: عید کا چاند دیکھنے کے لیے کل کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے مرکزی چیئرمین کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ جمعرات کو کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں طلب کیا گیا ہے۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق مرکزی اجلاس کراچی میں جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوں گے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند دیکھنے کے ثبوت اکھٹے کرنے کے لیے خصوصی سیلز بھی قائم کردیے گئے ہیں۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ثبوت جمع کرانے کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کریں، اس سلسلے میں موبائل نمبر بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

    عوام ثبوت جمع کرانے کے لیے مفتی منیب الرحمان کے نمبروں 9285203-0300 اور 2022000-0321 ، نور اسلام شاہ (ڈی جی آر) کے نمبر 5453499-0333 ، حافظ عبد القدوس (ڈپٹی ڈائریکٹر) کے نمبر 2697051-0333 اور لینڈ لائن 99261412-021، 9926413-021 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ

    مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ

    اسلام آباد: مفتی شہاب الدین پوپلزئی 2 دن قبل عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ وہ عید کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کی مسجد قاسم علی کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں جس کے بعد اب ملک بھر میں ایک ہی دن عید ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہر سال علیحدہ چاندوں کا قضیہ کھڑا کر کے پشاور اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں ایک روز قبل ہی عید یا روزہ کروا دیا کرتے تھے۔

    ان کے خلاف 50 علمائے کرام متفقہ طور پر فتویٰ بھی جاری کر چکے ہیں۔ فتوے کے مطابق ان کا رویت ہلال کمیٹی سے علیحدہ رمضان اور عید کا اعلان کرنا ریاستی امور میں دخل اندازی کے مترادف اور شرعی امور کی خلاف ورزی ہے۔

    اس سے قبل وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ موجودہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔

  • اس بار ملک بھر میں ایک ہی دن عید منانے کا فیصلہ

    اس بار ملک بھر میں ایک ہی دن عید منانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس سال الگ الگ عیدیں منانے کے بجائے ملک بھر میں یکساں دن عید منائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور نے ملک کے چاروں صوبوں میں ایک ہی دن عید منانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وفاقی مذہبی امور پیر حسنات شاہ پشاورمیں قاسم خان مسجد کے پیش امام مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے بھی ملاقات کریں گے۔

    یاد رہے اس سے قبل ہر سال ملک میں شوال کے چاند نکلنے پر اختلاف رہا ہے،جس کے باعث ملک بھر دو عیدیں منائی جاتی تھیں،تاہم اس بار ملکی اور ملی اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے پورے ملک میں ایک ہی دن عید منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور کافی متحرک نظر آرہے ہیں۔

    اگر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اپنے ارادہ میں کامیاب ہو جاتے ہیں،توملک میں ایک احسن روایت قائم ہو جائے گی اورکراچی سے کشمور تک پورا ملک ایک ہی روز رمضان کے فیوض سمیٹنا شروع کرے گا اور ایک ہی روز عید کی خوشیاں منائے گا۔