Tag: عید

  • کراچی: ساحل سمندر پہ دفعہ 144 لگانے کا فیصلہ

    کراچی: ساحل سمندر پہ دفعہ 144 لگانے کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید کے موقع پر سمندر کے مقامات پر پولیس کی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ لوگ فیملی کے ساتھ ساحل پر آسکتے ہیں، پانی میں جانے کی اجازت کسی کو نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ سمندر میں جانے پر دفعہ 144 لگانے کا فیصلہ کیا ہے، سمندر کے مقامات پر پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ لوگ فیملی کے ساتھ ساحل پر آسکتے ہیں، پانی میں جانے کی اجازت کسی کو نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ عید کے روز ساؤتھ میں ریس یا ون ویلنگ کرنے والا جیل جائے گا، ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ون ویلنگ کرنے والوں کی ریس جان لیوا حادثے کا سبب بنتی ہے، قانون ہاتھ میں لے کر شہریوں کو پریشان کرنے کی اجازت کسی کو نہیں۔

  • ٹکٹ کے ساتھ ہوٹل میں رہائش: فلائی دبئی کا عید الفطر پر خصوصی پیکج کا اعلان

    ٹکٹ کے ساتھ ہوٹل میں رہائش: فلائی دبئی کا عید الفطر پر خصوصی پیکج کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن فلائی دبئی نے عید الفطر کے دوران خصوصی پیکجز کا اعلان کردیا، پیکج میں ٹکٹ کے ساتھ ہوٹل کی رہائش بھی شامل ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں فلائی دبئی نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران منتخب شہروں کے لیے خصوصی پیکج جاری کیے ہیں۔

    فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ 15 سے 23 اپریل 2023 کے دوران منتخب مقامات کے لیے ریٹرن ٹکٹ کے ساتھ 3 دن ہوٹل میں قیام کا پیکج دیا جارہا ہے۔

    آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے 22 سو 29 درہم سے پیکج شروع ہوگا، سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے لیے ابتدائی پیکج 27 سو 49 درہم کا ہے۔

    فلائی دبئی کا مزید کہنا ہے کہ تھائی لینڈ کے شہر کرابی کے لیے 26 سو 49 درہم کا پیکج ہے، جزائر مالدیپ کے لیے 54 سو 79 درہم، آرمینیا کے دارالحکومت کے لیے 22 سو 29 درہم کا پیکج دستیاب ہے۔

    ایئر لائن کی ویب سائٹ پر عید الفطر تعطیلات پیکج کی مزید تفصیلات دی گئی ہیں جن میں ٹکٹ کے علاوہ ہوٹل میں قیام، آمد و رفت اور رینٹ اے کار وغیرہ شامل ہیں۔

  • عرب امارات میں تنخواہوں سے متعلق اہم اعلان

    عرب امارات میں تنخواہوں سے متعلق اہم اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں تمام سرکاری ملازمین کو عید سے قبل 17 اپریل کو تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کو عید الفطر کے باعث 17 اپریل کو تنخواہ ادا کی جائے گی۔

    امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے تمام ملازمین کی تنخواہیں سوموار 17 اپریل 2023 کو جاری کی جائیں گی۔

    امارات کے نائب صدر نے یہ ہدایت عید الفطر کی تعطیلات قریب آنے پر دی ہیں تاکہ تمام سرکاری ملازمین اپنے اہل و عیال کے لیے عید پر خریداری اور عید کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔

  • سعودی عرب میں عید کی تعطیلات کا اعلان

    سعودی عرب میں عید کی تعطیلات کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا، عید الفطر کی تعطیلات 17 اپریل سے ہوں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے رمضان، عید الفطر اور عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران بینک، ان کی شاخوں اور ترسیل زر کے مراکز کے اوقات کار جاری کیے ہیں۔

    ساما کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک ہوں گے، بینکوں کی تمام شاخوں کے اوقات کار یہی ہوں گے۔

    ترسیل زر کے مراکز صبح ساڑھے 9 سے شام ساڑھے 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔

    ساما نے عیدالفطر کی تعطیلات کے حوالے سے بتایا کہ پیر 17 اپریل 2023 یعنی 26 رمضان کی ڈیوٹی کے بعد بینکوں میں تعطیلات کا آغاز ہوگا۔

    منگل 25 اپریل یعنی 5 شوال سے سے بینک دوبارہ کھلیں گے۔

    عید الاضحیٰ کی تعطیلات جمعرات 22 جون 2023 یعنی 4 ذوالحج کو ڈیوٹی ختم ہونے پر شروع ہوں گی، اس کے بعد اتوار 2 جولائی یعنی 14 ذوالحج سے بینک دوبارہ کھلیں گے۔

  • گرمیوں کی عید کا میک اپ لک کیسا ہونا چاہیئے؟

    گرمیوں کی عید کا میک اپ لک کیسا ہونا چاہیئے؟

    عید الاضحیٰ میں چند ہی دن رہ گئے ہیں اور عید کے دن یا تو گھر پر دعوت کا اہتمام ہوتا ہے یا پھر کسی کے گھر دعوت ہوتی ہے۔

    عید کے موقع پر کچن کے کام خواتین کو مصروف تو رکھتے ہیں تاہم وہ اپنی تیاری میں بھی کوئی کمی نہیں آنے دیتیں۔

    چونکہ موسم گرما ہے تو ایسے میں عید پر ہلکی پھلکی تیاری اور میک اپ ہی کافی ہوگا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں بیوٹی ایکسپرٹس نے بتایا کہ عید کے دن کے اوقات کا بھی لازمی خیال رکھیں۔

    دن کے وقت کی دعوت کے لیے ہلکے رنگ کے کپڑوں اور معمولی سے میک اپ کا انتخاب کریں، جبکہ رات کے وقت نسبتاً گہرے رنگ اور گہرا میک اپ کیا جاسکتا ہے۔

    بیوٹی ایکسپرٹس کے مطابق اس موقع پر ہلکا سا بیس، پلکیں اور لپ اسٹک ہی کافی ہوگا۔

    رات کی دعوت کے لیے گہرے رنگ کے آئی شیڈز اور لپ اسٹک استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

    مزید ٹپس کے لیے ویڈیو دیکھیں۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کا عوام کیلئے عید کا تحفہ

    وزیر اعظم شہباز شریف کا عوام کیلئے عید کا تحفہ

    لاہور : وزیر اعظم شہباز شریف نے عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دے دیا ، جس کے بعد حکومت نے اضافی تیل اور گیس کا انتظام کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دے دیا ، جس کے بعد وزارت توانائی نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اضافی تیل گیس کا انتظام کر لیا ، بجلی کی طلب کے مطابق پاور پلانٹس چلائیں جائیں گے۔

    اس سلسلے میں وزارت توانائی نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیز سے ڈیٹا مالگ لیا ، ذرائع وزارت توانائی نے کہا ہے کہ ڈسکوز کو پورا کوٹہ دیا جائے گا۔

    وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ عید پر کسی علاقے میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی ، وافر تیل گیس پانی سے شارٹ فال پورا کیا جائے گا، ڈسکوز میں بجلی کی مسلسل فراہمی متعلقہ چیف ایگزیکٹوز کی ذمہ داری ہو گی۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ عید پر دفاتر فیکٹریاں دکانیں بند ہونے سے طلب میں بھی کمی ہوگی۔

    یاد رہے گذشتہ روز وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے قوم کو عید الضحیٰ پر لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے کی نوید سناتے ہوئے کہا تھا کہ لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہو سکتی لیکن واضح کمی آئے گی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 720 میگا واٹ کے پاور پلانٹ نے 29 جون سے اپنا کام شروع کر دیا ہے ، نئے میگا پراجیکٹ سے اگلے سال گرمی میں بجلی کی پریشانی نہیں ہوگی، بجلی کا بحران ملک کے ساتھ بڑی ڈکیتی کرنے والوں کی وجہ سے آیا تھا، وقت پر ایندھن نہ خریدنے کی مجرمانہ غفلت کی گئی۔

  • بونس کا اعلان، کویت میں کام کرنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    بونس کا اعلان، کویت میں کام کرنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    کویت سٹی: کویت کی پیٹرولیم کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین کو بونس دینے کے احکامات جاری کردیے گئے، بونس کی تقسیم عید الاضحیٰ کی تعطیلات سے قبل یقینی بنائی جائے گی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت پیٹرولیم کارپوریشن کے سی ای او شیخ نواف السعود نے کے پی سی کی ذیلی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ٹیم لیڈرز کو اگلے 5 جولائی سے مراعاتی بونس تقسیم کریں۔

    بونس میں تیل کے شعبے میں کام کرنے والے کل کارکنوں کا تقریباً 60 فیصد حصہ شامل ہوگا جبکہ یہ آنے والے ہفتوں میں ٹیم لیڈرز اور مینیجرز کو دیا جائے گا۔

    اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تمام اہل کارکنوں کو انعام دینے کا کل بجٹ 170 سے 190 ملین دینار کے درمیان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ السعود نے عید الاضحیٰ کی تعطیل سے قبل کارکنوں میں بونس کی تقسیم مکمل کرنے کے طریقہ کار کو تیز کرنے کی درخواست کی ہے۔

  • کویت: عید الاضحیٰ اور نئے سال کی طویل تعطیلات کا امکان

    کویت: عید الاضحیٰ اور نئے سال کی طویل تعطیلات کا امکان

    کویت سٹی: کویت میں رواں برس عید الاضحیٰ اور نئے سال کی تعطیلات ملا کر 9 دن کی تعطیلات کا امکان ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویتی ماہر فلکیات عادل یوسف المرزوق نے توقع ظاہر کی کہ اس سال ذی الحج کا مہینہ 30 دن مکمل کرے گا جس کی وجہ سے عید الاضحیٰ کی تعطیلات طویل ہوں گی اور اگر وزرا کی کونسل کی طرف سے منظوری دی گئی تو یہ 9 دن تک پہنچ سکتی ہیں۔

    اس لحاظ سے نئے اسلامی سال کی تعطیلات 3 دن کی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان اس طرف اشارہ نہیں کرتا کہ عید الاضحیٰ کی بابرکت ساعتوں میں چھٹی کا قوی امکان ہے جو طویل اور 9 دن تک پہنچ سکتی ہیں اس لیے لوگ پرامید ہیں کہ مندرجہ ذیل وجوہات کی بنا پر وزرا کی کونسل عید الاضحیٰ کے لیے طویل تعطیلات کی منظوری دے گی۔

    جمعہ 8 جولائی 2022 یوم عرفات (ریاست میں سرکاری تعطیل)
    ہفتہ 9 جولائی 2022 عید الاضحیٰ (ملک میں سرکاری تعطیل)
    اتوار 10 جولائی 2022 عید الاضحیٰ کا دوسرا دن (ملک میں سرکاری تعطیل)
    پیر 11 جولائی 2022 عید الاضحیٰ کا تیسرا دن (ملک میں سرکاری تعطیل)
    منگل 12 جولائی 2022 کو عرفات کی تعطیل جمعہ کی بجائے منگل کو دی جائے گی
    بدھ 13 جولائی 2022، خیال کیا جاتا ہے کہ اس دن سرکاری چھٹی (آرام کا دن) دی جائے گی
    جمعرات 14 جولائی 2022، اس دن بھی سرکاری چھٹی (آرام کا دن) دی جائے گی
    جمعہ 15 جولائی 2022 جو پہلے ہی ریاست میں چھٹی کا دن ہوتا ہے
    ہفتہ 16 جولائی 2022 جو ملک میں سرکاری آرام کا دن ہے

    اس امکان کی بنا پر ان طویل تعطیلات کے دوران سفر کا امکان بہت زیادہ ہو جائے گا۔

    دوسری جانب نئے اسلامی سال کے آغاز سے متعلق عادل یوسف کا کہنا تھا کہ جولائی کے آخر میں بالخصوص 28 جولائی 2022 بروز جمعرات کی شام 8 بج کر 55 منٹ پر ماہ محرم کے چاند کی پیدائش غروب آفتاب کے بعد تقریباً 2 گھنٹے اور 12 منٹ بعد ہوگی اور اس صورت میں چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔

    اس دن فقہی قاعدہ کے اطلاق میں کہا گیا ہے کہ غروب آفتاب کے بعد کوئی آغاز نہیں ہے تاہم اس صورت میں اس سال ذی الحجہ کا مہینہ دو وجوہات کی بنا پر 30 دن مکمل کرے گا۔

    پہلی وجہ محرم کے چاند کی پیدائش جمعرات 29 ذی الحجہ 1443 کو غروب آفتاب کے بعد ہے، جبکہ دوسری وجہ یہ ہے کہ ذی الحج کے مہینے کی مدت 30 دن ہے لہٰذا 29 جولائی 2022 بروز جمعہ ذی الحج 1443 ہجری کے مہینے کا 30 واں دن ہوگا۔

    نئے ہجری سال کی چھٹی کل 3 دن کی ہوگی جو حسب ذیل ہے۔

    جمعہ 29 جولائی 2022، 30 ذوالحج 1443 ہفتے کا دن
    ہفتہ 30 جولائی 2022 ہجری سال 1444 کا پہلا دن
    اتوار 31 جولائی 2022 ہجری نئے سال کی چھٹی ہفتے کے بجائے اتوار کو دی جائے گی۔

    عادل یوسف کا کہنا ہے کہ نئے ہجری سال کی تعطیل کے بعد 2 ماہ اور 10 دن تعطیلات کے بغیر 70 دن کا وقفہ ہے اس کے بعد 9 اکتوبر 2022 کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت کی تعطیل ہے۔

  • عید کی چھٹیوں میں کراچی میں پلے لینڈ سے لڑکی لا پتا

    عید کی چھٹیوں میں کراچی میں پلے لینڈ سے لڑکی لا پتا

    کراچی: شہر قائد سے ایک اور لڑکی پر اسرار طور پر لاپتا ہو گئی ہے، ریحانہ نامی لڑکی عید کے پانچویں دن ایک پلے لینڈ سے اچانک غائب ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ریحانہ نامی ایک لڑکی عید کے پانچویں روز اچانک غائب ہو گئی ہے، جس کا تاحال کوئی پتا نہیں لگ سکا ہے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں پر گھومنے کے لیے کلفٹن آئے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

    اہل خانہ کے مطابق لڑکی کلفٹن پلے لینڈ ایریا میں فیملی کے ساتھ گھومنے آئی اور اچانک غائب ہو گئی، اہل خانہ نے کہا کہ انھوں نے ون فائیو پر فوری اطلاع دے دی تھی، اور 6 دن تک تھانوں کے چکر بھی کاٹتے رہے، لیکن پولیس مقامی تھانے بھیجتی تو وہاں کی پولیس کلفٹن تھانے بھیج دیتی۔

    لڑکی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ریحانہ کی گم شدگی پر ایک ہفتہ بعد بوٹ بیسن تھانے میں اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کا لڑکی کے اہل خانہ سے رابطہ ہوا ہے، اور انھیں لڑکی کے اغوا کے معاملے میں ایک شخص پر شک بھی ہے، تاہم واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • کراچی: ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ

    کراچی: ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران چور ڈاکو بے لگام ہوگئے، ڈکیتی کی واردات کے دوران 7 ماہ کی حاملہ خاتون پر فائرنگ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی 3 روزہ تعطیلات کے دوران شہر قائد میں چور ڈاکوؤں کو کھلی چھوٹ مل گئی، شہر میں چھینا جھپٹی کے بے شمار واقعات پیش آئے۔

    نیو کراچی میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ کردی، خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ اہلیہ کے ساتھ کہیں جارہے تھے جب راستے میں ڈاکوؤں نے روکا۔

    ان کے مطابق ملزمان نے گاڑی روکنے کی کوشش کی، نہ رکنے پر 7 ماہ کی حاملہ خاتون کے پیٹ پر گولیاں برسا دیں، زخمی خاتون کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ بچہ پیٹ میں ہی دم توڑ چکا ہے جبکہ خاتون کی حالت نازک ہے۔

    دوسری جانب نارتھ کراچی سیکٹر 7 ڈی میں ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی گئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عید کے نئے کپڑے پہنے 2 ملزمان موٹر سائیکل پر آئے، کم عمر ملزمان نے اسلحہ نکالا اور شہری سے موبائل چھین کر فرار ہونے لگے۔

    اس دوران شہری نے مزاحمت کی تو ملزم کا موبائل فون زمین پر گر گیا، دوسری جانب سیکیورٹی گارڈ نے بھی ہوائی فائرنگ کی۔ ملزم پلٹ کر واپس آیا اور زمین پر گرا ہوا اپنا موبائل فون اٹھایا۔

    دونوں ملزمان ناکام واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

    ایک اور واقعے میں ڈیفنس کے علاقے میں پولیس نے 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں، ملزمان کے 4 ساتھی فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا، دونوں ملزمان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔