Tag: عید

  • عید پر مقبول گیمز مفت ڈاؤن لوڈ کریں

    عید پر مقبول گیمز مفت ڈاؤن لوڈ کریں

    اب صارفین پلے اسٹیشن کی جانب سے عید پر مقبول گیمز مفت میں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پلے اسٹیشن نے ویڈیو گیمز کھیلنے کے شوقین صارفین کے لیے عید الفطر پر مقبول گیمز مفت میں ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت دے دی ہے۔

    صارفین جانتے ہیں کہ ایکس باکس اور پلے اسٹیشن جیسے گیمنگ کنسول پر گیم کھیلنے کا شوق تھوڑا مہنگا ہے کیوں کہ اس میں تقریباً ہر گیم کو خریدنا پڑتا ہے۔

    لیکن اب کھلاڑیوں کی دل چسپی برقرار رکھنے کے لیے سونی پلے اسٹیشن نے اس ماہ بھی سبسکرائبرز کے لیے مقبول ترین گیمز تک رسائی کو ممکن بنا دیا ہے۔

    سونی کے آفیشل بلاگ پر شائع ہونے والی پوسٹ کے مطابق پلے اسٹیشن پلس کے سبسکرائبرز مقبول ترین ویڈیوگیمز مفت میں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

    اس ماہ جن گیمز تک رسائی مفت دی گئی ہے ان میں فیفا 22، ٹرائبس آف مڈ گارڈ اور کرس آف دی ڈیڈ گاڈز شامل ہیں۔ سبسکرائبرز ان گیمز کو 3 مئی سے 6 جون تک بنا کسی چارجز کے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

    پلے اسٹیشن 5 کے سبسکرائبرزصرف 2 ٹائٹلز’فیفا22 ‘ اور’کرس آف دی ڈیڈ گاڈز‘ جب کہ پلے اسٹیشن 5 کے سبسکرائبرز تینوں ٹائٹلز سے مفت میں محظوظ ہو سکتے ہیں۔

  • افغانستان اور آسٹریلیا میں عید منائی گئی

    افغانستان اور آسٹریلیا میں عید منائی گئی

    کابل: افغانستان اور آسٹریلیا میں آج عید الفطر منائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو افغانستان اور آسٹریلیا میں عید مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، افغانستان کے مختلف شہروں میں عید کے اجتماعات ہوئے۔

    افغان میڈیا کے مطابق امیر اسلامی امارت ہبۃ اللہ اخونزادہ نے قندھار میں نماز عید ادا کی اور پہلے آڈیو پیغام کے ذریعے عید کی مبارک باد دی۔ افغانستان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے عید الفطر کے خطبے میں گزشتہ 20 سال کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ امارت اسلامیہ کے مخالفین فوجی طاقت استعمال نہیں کر سکتے۔

    افغانستان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے عید الفطر کا خطبہ دیا

    خیال رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، فلسطین سمیت دیگر خلیجی ممالک میں کل عید ہوگی، عید آتے ہی بازاروں میں گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔

    تیونس کے بازار جگمگا رہے ہیں، فلسطین کی مارکیٹ میں بھی رونقیں عروج پر ہیں، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی لوگوں کا بازاروں میں رش لگ گیا ہے، ڈھاکا سے ہزاروں افراد اپنوں میں عید منانے کشتیوں کے ذریعے آبائی علاقوں کو روانہ ہو رہے ہیں۔

    سعودی عرب اور یو اے ای میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر 2 مئی کو ہوگی

    گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا، جس کے بعد مملکت میں عید الفطر 2 مئی بروز پیر کرنے کا اعلان کیا گیا۔

    سعودی سپریم کورٹ نے اپیل کی تھی کہ شہری اپنے طور پر 29 رمضان کی شام شوال کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں، شوال کا چاند کھلی آنکھ یا دوربین سے دیکھنے کی کوشش کی جائے، تاہم کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

  • عید کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    عید کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: حکومت نے عید الفطر کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے بجلی کی طلب اور رسد کی تفصیلات طلب کی ہیں، تینوں دن لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے احکامات وزیر اعظم شہباز شریف نے دیے، لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے تمام پاور جنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ تیل اور گیس کی قلت کے باعث متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کنٹرول نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت توانائی نے کہا تھا کہ یکم مئی (آج) سے بجلی پیداوار میں تقریباً 2 ہزار میگا واٹ اضافہ ہوگا، اور ملک کے زیادہ تر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ 50 فی صد کم ہو جائے گی، بتایا گیا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہوگی، وزیر اعظم نے اپنے وعدے کی تکمیل شروع کر دی ہے۔

    وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ جب وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی تو بجلی کی طلب کا تخمینہ 20 ہزار میگا واٹ لگایا گیا تھا، لیکن ہیٹ ویو کی وجہ سے بجلی طلب کا تخمینہ اب 23 ہزار میگا واٹ لگایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ یکم مئی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوگی، بہتری آنا شروع ہوگی، وزارت پٹرولیم سے 45 ہزار ٹن ایندھن فرنس آئل، آر ایل این جی مانگا ہے، مئی کے مہینے میں ایندھن وافر مقدار میں ہمارے پاس موجود ہوگا۔

  • عید سے پہلے یہ ضروری کام نمٹا لیں

    عید سے پہلے یہ ضروری کام نمٹا لیں

    عید کا دن خاتون خانہ کے لیے ایک مصروفیت بھرا دن ہوتا ہے جس کے کام کئی دن پہلے سے ہی شروع ہوجاتے ہیں، تاہم بعض اوقات وقت پر کام مکمل نہ ہوسکنے کے سبب عید کا روز بہت افرا تفری میں گزر سکتا ہے۔

    عید کو بہترین بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام کام وقت سے پہلے مکمل ہوں اور عید کے روز صرف ضروری کام انجام دینے ہوں تاکہ عید پر ملنے ملانے اور فراغت کا وقت بھی مل سکے۔

    اس لیے آج ہم آپ کو ان کاموں کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جو عید سے پہلے نمٹا لیے جائیں تو چاند رات اور عید کا دن بہت سکون اور آرام سے گزر سکتا ہے۔

    آخری عشرے پر کام نہ چھوڑیں

    عید کے کام آخری عشرے کے لیے نہ رکھیں بلکہ رمضان شروع ہوتے ہی کام نمٹانا شروع کردیں۔ کپڑوں کی خریداری، درزی، گھر کی اشیا، برتن وغیرہ یا جو جو خریدنا ہے، کوشش کریں دوسرے عشرے تک بازار کے تمام کام مکمل کرلیں۔

    تمام کاموں کی فہرست بنائیں

    عید سے ایک ہفتہ قبل تمام کاموں کی فہرست بنائیں، فہرست کے مطابق کام نمٹاتی جائیں۔ جو کام ہوجائے اسے فہرست میں سے کاٹ دیں۔

    مینیو ترتیب دیں

    عید کے تینوں دن کا مینیو ترتیب دیں۔ اسی حساب سے تمام لوازمات بھی پہلے سے منگوا کر رکھ لیں تاکہ عید پر افراتفری سے بچا جاسکے۔

    برتن پہلے سے نکال لیں

    عید پر اگر آپ کے گھر میں دعوت ہے تو برتن پہلے سے نکال کر انہیں دھو کر رکھ دیں۔ کھانے کے وقت صاف ستھرے برتنوں میں جلدی کھانا سرو ہوسکے گا۔

    گھر کی سیٹنگ

    دعوت کے پیش نظر اگر آپ کو گھر میں کچھ سیٹنگ کرنی ہے، جیسے بیٹھنے کی جگہ بنانی ہے، قالین بچھانے ہیں، فرنیچر آگے پیچھے کرنا ہے تو یہ سب کام عید سے ایک دو دن پہلے کرلیں۔

    صوفوں اور بستروں کے غلاف، چادر، اور پردے بھی ایک دو دن پہلے تبدیل کرلیں۔

    ٹھنڈے مشروبات کا انتظات

    گرمی کے موسم میں گھر آئے مہمانوں کو سب سے پہلے ٹھنڈے مشروبات کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے بڑی مقدار میں برف جما کر رکھیں تاکہ عین موقع پر شرمندگی سے بچا جاسکے۔

    کھانے کی تیاری کریں

    ایک رات پہلے سے ہی کھانے کی تیاری کرلیں۔ مصالحہ بنا کر رکھ لیں، پیاز پیس لیں، کباب ایک دن پہلے بنا لیں۔ رائتہ، سلاد بھی رات میں بنا کر رکھا جا سکتا ہے۔

    بچوں کے کام نمٹالیں

    بچوں کے کام نمٹا کر رکھ لیں، ان کے کپڑے، جوتے سب تیار کر کے رکھ دیں۔ اسی طرح صبح ہی بچوں کو تیار کردیں تاکہ وہ آرام سے کھیلتے رہیں۔

    مہمانوں کے آنے سے پہلے تمام کام نمٹالیں

    یہ سب سے زیادہ ضروری ہے کیونکہ عید مل بیٹھنے اور باتیں کرنے کا بہترین موقعہ ہے۔ مہمانوں کی آمد سے پہلے تمام کام نمٹا کر تیار ہوجائیں تاکہ آپ بھی عید کا صحیح لطف اٹھا سکیں۔

  • عید سے قبل خیبر پختون خوا میں بیکریوں پر بڑا کریک ڈاؤن

    عید سے قبل خیبر پختون خوا میں بیکریوں پر بڑا کریک ڈاؤن

    پشاور: خیبر پختون خوا میں‌فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے غیر معیاری بیکریوں‌ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، جس میں 20 سے زائد بیکریاں سیل اور متعدد پر جرمانے عائد کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے کہا ہے کہ سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں کپڑوں کا رنگ استعمال کرنے اور ناقص صفائی پر 5 بیکری یونٹس سیل کر دیے گئے، سوات میں دیگر بیکری یونٹس سے سینکڑوں کلو غیر معیاری مٹھائیاں بھی تلف کی گئیں، اور جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

    فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ہنگو ٹل میں بیکری یونٹ سے 1300 کلو غیر معیاری مٹھائیاں برآمد ہوئیں، جس پر یونٹ کو سیل کر دیا گیا، بنوں کے مختلف علاقوں میں نان فوڈ گریڈ کلر کے استعمال اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 4 بیکری یونٹ سیل کر دیے گئے۔

    ضلع خیبر میں کارروائی کے دوران 3 بیکری یونٹس سیل کیے گئے، ایبٹ آباد اور پارہ چنار میں غیر معیاری بیکری پراڈکٹس برآمد ہونے پر 2، 2 بیکری یونٹ سیل کیے گئے۔

    فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ہری پور میں بھی مضر صحت رنگوں کے استعمال پر بیکری یونٹ سیل کیا گیا، جب کہ 500 کلو سے زائد غیر معیاری مٹھائیاں برآمد کر کے تلف کی گئیں۔

    چارسدہ اور مردان میں ایک ایک بیکری یونٹ سیل کیا گیا، لوئر دیر لال قلعہ میں بیکری سے سینکڑوں کلو مضر صحت مٹھائیاں برآمد ہوئیں جس پر اس یونٹ کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

  • ایک سال میں 2 رمضان المبارک؟

    ایک سال میں 2 رمضان المبارک؟

    ماہ رمضان نہایت برکتوں والا مہینہ ہے جس کا مسلمان سارا سال انتظار کرتے ہیں، ہر مسلمان اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹنے کی کوشش کرتا ہے۔

    ماہرین نے حیرت انگیز انکشاف کرتے ہوئے ایسے خوش نصیب سال کا پتہ لگا لیا ہے جس میں رمضان المبارک دو بار آئے گا۔

    ایک سال میں دو بار رمضان آنے کی وجہ قمری سال کا شمسی سال کے مقابلے میں 11 سے 12 دن کم ہونا ہے۔

    اگر ہم اس طرح حساب لگائیں تو سنہ 2030 میں پہلا رمضان جنوری اور دوسرا رمضان شمسی سال کے آخری مہینے دسمبر میں پڑے گا۔

    ہر سال رمضان پچھلے رمضان کے مقابلے میں 10 دن پہلے شروع ہوتا ہے اور اسی وجہ سے 2030 میں رمضان المبارک 2 بار آسکے گا۔

  • مزیدار تکہ بوٹی بنانے کی ترکیب

    مزیدار تکہ بوٹی بنانے کی ترکیب

    عید الاضحیٰ پر قربانی ہو اور مزے مزے کے پکوان نہ بنیں ایسا کیسے ممکن ہے، اسی لیے آج ہم آپ کو عید پر بنانے کے لیے چند مزیدار پکوانوں کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    بیف تکہ بوٹی بنانے کی ترکیب

    اجزا

    بیف بون لیس: 1 کلو

    پپیتا پیسٹ: 3 کھانے کے چمچ

    کھانے کا تیل: 1 کپ

    دہی: 1 کپ

    کٹی لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ

    لال مرچ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    گرم مصالحہ: 1 چائے کا چمچ

    زردے کا رنگ: 1 کھانے کا چمچ

    زیرہ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    دھنیا پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    ادرک لہسن پیسٹ: 2 کھانے کے چمچ

    اجوائن: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    پودینے کی چٹنی کے اجزا

    دہی: 1 کپ

    سبز مرچیں: آدھا کپ

    تازہ دھنیہ: 1 کپ

    تازہ پودینہ: 1 کپ

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    زیرہ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    لہسن کی جویں: 6 عدد

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    پودینے کی چٹنی کی ترکیب

    ایک گرینڈر میں سبز مرچیں، دھنیے کے پتے، پودینے کے پتے، لیموں کا رس، زیرہ پاؤڈر، نمک اور تھوڑا سا پانی ڈال کر تمام اجزا کو اچھی طرح گرینڈ کر لیں اور چٹنی بنا لیں۔

    تکہ بوٹی کی ترکیب

    ایک باؤل میں بون لیس بیف، دہی، پپیتا، کٹی لال مرچ، لال مرچ پاؤڈر، گرم مصالحہ پاؤڈر، سرخ کھانے کا رنگ، زیرہ پاؤڈر، دھنیہ پاؤڈر، لیموں کا رس، ادرک لہسن پیسٹ، اجوائن اور نمک ڈال کر تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کر کے 6 گھنٹے کے لیے میری نیٹ کر لیں۔

    میری نیٹڈ بیف کو کوئلوں پر گلنے تک پکائیں۔

    پودینے کی چٹنی اور سلاد کے ساتھ گرما گرم تکہ بوٹی سرو کریں۔

  • عید کے دن کہاں بارش ہوگی اور کہاں نہیں؟

    عید کے دن کہاں بارش ہوگی اور کہاں نہیں؟

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر کراچی میں بارش نہیں ہوگی البتہ بالائی علاقوں اور پنجاب میں بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید کے موقع پر بارش نہیں ہوگی، البتہ 24 اور 25 جولائی کو بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید کے موقعے پر بالائی علاقوں اور پنجاب میں بارش کا امکان ہے جبکہ آزاد کشمیر میں عید پر طوفانی بارش ہوسکتی ہے۔

    چند روز قبل کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل کی بارشیں ہوئی تھیں جس کے بعد سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا تھا، صوبہ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔

    ماہرین نے وارننگ دی ہے کہ کراچی میں بھی رواں برس بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

  • مسافروں کے لیے عید اسپیشل ٹرینوں سے متعلق بڑی خوش خبری

    مسافروں کے لیے عید اسپیشل ٹرینوں سے متعلق بڑی خوش خبری

    کراچی: محکمہ ریلوے نے اپنا فیصلہ بدلتے ہوئے عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر سامنے آ گیا، محکمہ ریلوے نے عید کے موقع پر کراچی اور راولپنڈی سے عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے کی جانب سے عید اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کی وجہ سے ہزاروں مسافروں شدید پریشانی کا شکار ہو گئے تھے، تاہم اے آر وائی ہزاروں مسافروں کی آواز بنا، اور اب فیصلے کے مطابق ریلوے عید پر تمام ٹرینوں میں اضافی کوچز لگا رہا ہے اور عید اسپیشل ٹرینیں بھی چلا رہا ہے۔

    تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے کے پاس مسافر کوچز کی کمی کی وجہ سے کراچی سے صرف ایک عید اسپیشل ٹرین چلائی جائے گی، اور عید اسپیشل ٹرینوں میں اے سی بوگیوں کی کمی کی وجہ سے صرف اکانومی کلاس کی کوچز لگائی جا رہی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ہزاروں مسافروں کے لیے صرف 11 بوگیوں پر مشتمل عید اسپیشل ٹرین چلائی جائے گی، جب کہ ریلوے انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کی سہولت کے لیے اضافی رش کے پیش نظر 2 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سٹی سے 19 جولائی کو دوپہر 1 بجے روانہ ہو کر راولپنڈی پہنچے گی، دوسری عید اسپیشل ٹرین راولپنڈی سے 24 جولائی کو دن 11 بجے روانہ ہو کر کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔

    اس سے قبل ریلوے نے پہلی بار عید الاضحیٰ کے موقع پر عید اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کا فیصلہ کیا تھا، ترجمان ریلوے کا کہنا تھا کہ عید پر معمول کی ٹرینوں کے ساتھ دو، دو اضافی کوچز کی تجویز زیر غور ہے، کیوں کہ ملت ایکسپریس حادثے کی وجہ سے محکمہ ریلوے کو بوگیوں کی کمی کا سامنا ہے۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق ملت ایکسپریس حادثے کے بعد ایگزامنرز نے بوسیدہ بوگیوں کی کلیئرنس بند کر دی ہے، ملت ایکسپریس حادثے میں ایک ٹرین ایگزامنر کو معطل کیا جا چکا ہے، محکمہ ریلوے کے پاس موجود 400 سے زائد بوسیدہ بوگیوں کو زبردستی چلایا جا رہا تھا۔

    تاہم دوسری جانب عید پر اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کے فیصلے سے مسافروں کو شدید پریشانی لا حق ہوئی، اس فیصلے کے بعد بس والوں نے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا تھا، اور عید پر آبائی علاقوں میں جانے والے پردیسی بکنگ آفس پر پریشانی کا شکار نظر آئے۔

  • سعودی عرب: وقوف عرفہ اور عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟

    سعودی عرب: وقوف عرفہ اور عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب میں وقوف عرفہ 19 اور عیدالاضحیٰ 20 جولائی کو ہو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہر فلکیات ڈاکٹر خالد الزعاق نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت میں عیدالاضحیٰ 20 جولائی بروز پیر، حج 19 جولائی بروز اتوار کو ہو گا، جب کہ یکم ذوالحجہ بروز اتوار 11 جولائی کو ہوگا۔

    ماہر فلکیات کے مطابق جمعہ کے روز سورج غروب ہونے سے قبل چاند بھی ڈوب جائے گا، جس کی پیدائش ہفتے کی صبح ہو گی، اس طرح ہفتے کی شام ہلال دیکھا جا سکے گا، جو تقریباً 36 منٹ تک رہے گا۔

    پاکستان میں عید الاضحیٰ کس تاریخ کو ہوگی ؟ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

    انھوں نے مزید کہا کہ اس حساب سے 11 جولائی بروز اتوار ذوالحجہ کی پہلی تاریخ ہوگی، جب کہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 19 جولائی بروز اتواراور عیدالاضحیٰ 20 جولائی کو ہوگی۔

    واضح رہے کہ سعودی عدالت کی جانب سے آج جمعہ کی شام، ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں ڈائریکٹراسپیس سائنسز جامعہ کراچی پروفیسرجاوید اقبال نے عیدالاضحیٰ 21 جولائی کو ہونے کی پیش گوئی کی ہے، انھوں نے آج کہا ہے کہ ہفتہ کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔