Tag: غازی آباد

  • مندر پر حملہ، آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کے خلاف ایف آئی آر درج

    مندر پر حملہ، آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کے خلاف ایف آئی آر درج

    غازی آباد: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد میں ایک متنازعہ پنڈت یتی نرسنگھا نند کے ایک معاون کی شکایت کے بعد آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کے خلاف پیر کو ایک ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نرسنگھا نند کو پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی پر متعدد ایف آئی آرز اور مسلم گروپوں کے احتجاج کا سامنا ہے، اس کے خلاف احتجاج کرنے پر بی جے پی لیڈر اُدیتا تیاگی نے پولیس اسٹیشن میں محمد زبیر کے خلاف غازی آباد کے ڈاسنا دیوی مندر پر حملے کی ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔

    ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ محمد زبیر اور دیگر 2 مسلم لیڈرز ارشد مدنی اور اسدالدین اویسی نے شہر کے اطراف مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی، اور انھیں ترغیب دی کہ وہ ڈاسنا میں شیوشکتی دھام مندر پر حملہ کرنے کے لیے باہر کے لوگوں کو جمع کریں۔‘‘

    واضح رہے کہ 5 اکتوبر کو ایک ہجوم نے مندر پر حملہ کر دیا تھا، محمد زبیر پر الزام ہے کہ انھوں نے انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جو وائرل ہو گئی اور اس کے بعد مسلمانوں کے ہجوم نے شیوشکتی دھام کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی۔

    خاتون لیڈر اُدیتا تیاگی نے پولیس کو دی گئی اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ اویسی، زبیر، مدنی، اور دیگر مسلم رہنماؤں نے مسلسل عوام کو یہ ترغیب دی تھی کہ وہ یتی نرسنگھا نند سرسوتی کو قتل کریں۔ خاتون نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دینے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔

    پولیس نے محمد زبیر کے خلاف اشتعال انگیز ٹویٹس کے ذریعے مسلمانوں کو ڈاسنا دیوی مندر پر حملے کے لیے اکسانے کے الزام پر ایف آئی آر درج کر لی۔

  • کراچی: نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    کراچی: نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    کراچی: اورنگی ٹاؤن غازی آباد میں نامعلوم موٹو سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 28 سال نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن غازی آباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جابحق ہوگیا۔

      پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 28 سالہ جنید نسیم کے نام سے ہوئی ہے، صبح ساڑھے 7 سے 8 بجے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا علاقے میں لائٹ نہیں تھی لائٹ نا ہونے کے باعث علاقہ مکین باہر بیٹھے تھے۔

    عینی شاہدین نے بتایا مقتول جنید موٹر سائیکل پر آرہا تھا پیچھے 2 نا معلوم ملزمان آئے ملزمان نے پیچھے سے مقتول کو ایک گولی ماری، مقتول اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر محمدی مسجد کی گلی میں پیدل بھاگا مقتول بچانے کے لئے آوازیں لگا رہا تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ علاقہ مکین جمع ہوئے تو ملزمان نے پستول دیکھا کر ڈرایا ملزمان نے اسکا پیچھا کیا اور 2 گولیاں سر پر مار کر فرار ہو گئے ملزمان نے مقتول سے کچھ نہیں لوٹا واقعہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتا ہے مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

    ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمان بگٹی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی تنازع کا نتیجہ ہے، جائے وقوع سے مقتول کا موبائل فون ملا ہے نمبرز پر رابطہ کیا ہے، مقتول کے لواحقین سے رابطہ نہیں ہوا۔

  • باراتیوں سے بھری بس میں چھ افراد زندہ جل گئے!

    باراتیوں سے بھری بس میں چھ افراد زندہ جل گئے!

    ہائی وولٹیج تار کی زد میں آنے کے باعث بس میں آگ لگ گئی، دیکھتے ہی دیکھتے 6 لوگ موت کے منہ میں چلے گئے۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے غازی پور میں باراتیوں سے بھری بس کا اوپری حصہ 11 ہزار وولٹ کے تار سے چھو گیا جس کے سبب چھ افراد زندہ جل گئے۔ ہائی وولٹیج تار سے ٹکرانے کے بعد بدقسمت بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی زد میں کئی دیگر لوگ بھی آئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

    میڈیا میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گیارہ ہزار وولٹ کے تار کو بس نے جیسے ہی چھوا پوری بس میں آگ لگ گئی۔ 6 لوگ جائے حادثہ پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    متعدد مسافر آگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئے جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ یہ حادثہ شہر کے ’مردہ‘ نام سے مشہور علاقے کے مہاہر دھام کے پاس رونما ہوا۔

    آگ اس قدر شدید تھی کہ کوئی بھی اسے بجھانے کے لیے بس کے قریب جانے کی ہمت نہ کر سکا اس دوران جلتی بس کے اندر بچوں سمیت کئی مسافر پھنس گئے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، ریسکیو کے بعد زخمیوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا۔

    واقعے کی اندوہناک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں مسافروں کی چیخ و پکار کی آواز سنی جا سکتی ہے۔

    بس میں سوار میرا نامی خاتون نے بتایا کہ بس میں تقریباً 40 سے 50 لوگ تھے جبکہ کئی لوگوں کی موت واقع ہوگئی ہے۔ آگ لگنے کے بعد کسی نے مجھے باہر دھکا دیا۔ میرے بچے بھی اسی بس میں تھے جو آگ کی زد میں آگئے۔

    واضح رہے کہ یہ بس مئو سے بارات لے کر مردہ کے مہاہر دھام آ رہی تھی۔ بس کچی سڑک سے آرہی تھی اور اس میں 30 سے زائد افراد سوار تھے۔

  • ویڈیو: خواتین نے بی جے پی رہنما کے کپڑے پھاڑ دیے

    ویڈیو: خواتین نے بی جے پی رہنما کے کپڑے پھاڑ دیے

    غازی آباد: بھارتی ریاست اترپردیش میں خواتین سمیت عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک اقلیتی رہنما رضوان خان میر کی پٹائی کر دی، اور ان کے کپڑے پھاڑ دیے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی اترپردیش کے علاقے غازی آباد میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے سابق صدر رضوان خان میر کی پٹائی کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بہت سارے افراد نے پولیس کی گاڑی کی موجودگی میں رضوان میر کو پکڑ رکھا ہے اور انھیں مار ر ہے ہیں، لوگوں کی پٹائی سے بی جے پی رہنما لہو لہان دکھائی دیتے ہیں۔

    خواتین نے بھی رضوان میر کو پیٹا، لوگوں نے ان کے کپڑے پھاڑ دیے اور پٹائی کر کے ان کا سر پھاڑ دیا، پٹنے کے بعد رضوان کو پولیس اہل کار بچا کر لے گئے۔

    یہ واقعہ شالیمار گارڈن تھانہ علاقے میں بھارت ماتا چوک کے قریب پیش آیا، معلوم ہوا کہ بی جے پی لیڈر اور دوسری پارٹی کے درمیان ایک دکان پر قبضہ اور کرایہ کو لے کر اتوار کو جھگڑا ہوا تھا۔

    رضوان میر نے کچھ عرصہ قبل بھارت ماتا چوک پر ایک دکان کرائے پر لی تھی، دکان کے مالک عبدالصابر سے کرایہ پر جھگڑا ہوا، اس کے بعد عبدالصابر کے لوگوں نے ان کی پٹائی کر دی، پٹائی کرنے والوں میں زیادہ تر خواتین تھیں۔

    بی جے پی لیڈر کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے 4 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

  • بھارت میں ایک اور انسانیت سوز واقعہ، با حجاب خواتین پر لاٹھی چارج (ویڈیو وائرل)

    بھارت میں ایک اور انسانیت سوز واقعہ، با حجاب خواتین پر لاٹھی چارج (ویڈیو وائرل)

    اترپردیش: بھارت میں ایک اور انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے، باحجاب مسلم خواتین پر پولیس نے بہیمانہ لاٹھی چارج کیا، جس کی (ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں غازی آباد کے علاقے کھوڑا کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں خواتین حجاب پہنے سڑک پر نظر آ رہی ہیں اور پولیس ان پر لاٹھی چارج کر رہی ہے۔

    پولیس اہل کاروں نے مسلمان خواتین پر لاٹھیاں کیوں برسائیں، غازی آباد کے پولیس سرکل آفیسر ابھے کمار مشرا نے بتایا کہ گزشتہ اتوار کو یہ واقعہ پیش آیا، پولیس ایک پارٹی پیٹرولنگ کر رہی تھی، سڑک پر ایک جگہ دس پندرہ خواتین جمع ہو گئی تھیں، انھیں دیکھ کر اہل کاروں نے دفعہ 144 کا حوالہ دیتے ہوئے وہاں سے ہٹانے کی کوشش کی۔

    سرکل آفیسر نے کہا کہ خواتین اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کر رہی تھیں، تاہم انھوں نے صحافیوں کے پوچھنے پر بھی یہ نہیں بتایا کہ ان کے مطالبات کیا تھے، پولیس افسر نے یہ تسلیم کیا کہ خواتین کے ساتھ نامناسب سلوک کیا گیا اور ان پر لاٹھی چارج کیا گیا، جس کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

    حجاب سے متعلق سوال پر بھی پولیس افسر ابھے کمار مشرا نے کنی کترائی، اور کوئی جواب نہیں دیا، جان چھڑاتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور ایک ٹیم کو تفتیش کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس کیس میں کسی اہل کار کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، واقعے کی ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے اور اس میں کسی شخص کا ذکر ہے تاہم ابھے مشرا نے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی، اور کہا واقعے میں ملوث اہل کاروں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، شناخت کے بعد ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

  • ’خونی گنے کے جوس‘ کی فروخت، ویڈیو وائرل

    ’خونی گنے کے جوس‘ کی فروخت، ویڈیو وائرل

    موسم گرما میں تپتی دھوپ کے دوران اگر آپ گھر سے باہر سڑک پر ہوں، اور ایسے میں آپ کو گنے کے جوس کا اسٹال دکھائی دے جائے، تو آپ یقیناً اس کی طرف دوڑ پڑیں گے۔

    لیکن اگر آپ کو زرد گنے کے جوس کی جگہ سرخ رنگ کا خونی جوس پیش کیا جائے تو آپ کو کیسا لگے گا؟

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد کے شہری آج کل اسی الجھن کا شکار ہیں، غازی آباد میں ’خونی گنے کا جوس‘ بیچنے والا ایک شخص بے حد مقبول ہورہا ہے۔

    مذکورہ جوس والے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے جو خون جیسا سرخ مشروب خون جمع کرنے والی تھیلی میں ڈال کر فروخت کر رہا ہے۔

    دراصل یہ دکاندار گنے کے جوس میں پودینے اور چقندر کا جوس ملاتا ہے جس کی وجہ سے یہ ایک سرخ رنگ کا مشروب بن جاتا ہے، یہ دیکھنے میں تو بہت عجیب لگتا ہے لیکن نہایت ذائقہ دار ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس ویڈیو کو 22 گھنٹوں میں 74 ہزار سے زائد افراد نے دیکھا اور مختلف تبصرے کیے۔

    کچھ افراد نے اس جوس کو پینے کا ارادہ ظاہر کیا جبکہ کچھ نے گنے کے جوس میں اس قسم کی ملاوٹ پر ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔

  • بھارت: شہری علاقے میں تیندوے کی موجودگی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں

    بھارت: شہری علاقے میں تیندوے کی موجودگی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں

    بھارت کے شہر غازی آباد میں تیندوے کی موجودگی نے خوف و ہراس پھیلا دیا، کئی دن گزرنے کے بعد بھی حکام تیندوے کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں ایک علاقے میں تیندوا دیکھا گیا۔

    تیندوا ایک گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوا جب وہ رات کے وقت گلیوں میں گھوم رہا تھا۔

    تیندوے کی موجودگی کی اطلاع پر ضلعی فارسٹ ڈپارٹمنٹ نے فوری طور پر تلاش کا آغاز کیا اور رات کے وقت کیمپ لگا کر بھی اس تلاش جاری رکھی تاہم دو دن گزرنے کے بعد بھی تیندوے کا سراغ نہیں ملا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پکی سڑکوں کی وجہ سے تیندوے کے قدموں کے نشانات بھی نہیں ملے جس کی وجہ سے اسے ڈھونڈنے میں دشواری ہورہی ہے۔

    تیندوے کی وجہ سے مقامی افراد خوف و ہراس کا شکار ہیں، حکام کی جانب سے انہیں رات کے وقت بلا ضرورت باہر نہ نکلنے اور گھروں کے دروازے بند رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

    کئی افراد چوکیداری کی غرض سے جاگ کر راتیں گزار رہے ہیں۔

  • اسکول سے واپس آئے بچوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    اسکول سے واپس آئے بچوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک گھر میں ہونے والی ڈکیتی اس وقت خونریز واردات میں بدل گئی جب ڈاکوؤں نے گھر میں موجود خاتون کو قتل کردیا، بچے اسکول سے گھر لوٹے تو ماں کو مردہ حالت میں پا کر ان پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ غازی آباد میں پیش آیا جہاں 35 سالہ خاتون اپنے 3 سالہ بیٹے کے ساتھ گھر پر اکیلی تھی۔ ان کا شوہر کام پر گیا ہوا تھا جبکہ 13 سالہ بیٹی اور 10 سالہ بیٹا اسکول گئے ہوئے تھے۔

    دن میں کسی وقت ڈکیت گھر میں داخل ہوئے اور خاتون اور بچے کو یرغمال بنا کر گھر میں موجود 70 ہزار روپے مالیت کے زیورات اور 50 ہزار روپے نقد اپنے ساتھ لے گئے، خاتون نے ممکنہ طور پر مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بچے جب اسکول سے گھر پہنچے تو انہوں نے ماں کو بے حس و حرکت صوفے پر پڑا ہوا پایا جبکہ چھوٹا بھائی فرش پر بیٹھا رو رہا تھا۔

    خاتون کے شوہر دلشاد کو پڑوسی کی جانب سے فون کیا گیا جس کے بعد وہ فوری طور پر گھر پہنچا۔

    دلشاد نے پولیس کو بتایا کہ اس نے قرض کی واپسی کے لیے کچھ رقم گھر میں جمع کر رکھی تھی جو ڈاکو اپنے ساتھ لے گئے۔

    پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی، اب تک پولیس آس پاس کے 30 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرچکی ہے لیکن تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے ممکنہ طور پر خاتون کے منہ پر تکیہ رکھا اور دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جس سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

  • بیٹسمین کا جان لیوا شاٹ، گیند بولر کے سر پر جا لگی (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    بیٹسمین کا جان لیوا شاٹ، گیند بولر کے سر پر جا لگی (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    اترپردیش: بھارت کے شہر غازی آباد میں ایک میچ کے دوران بلے باز نے گیند کو ہٹ کیا تو گیند 120 میل فی گھنٹہ رفتار سے سیدھی جا کر بولر کے سر پر لگی، اور وہ اگلے ہی لمحے وہیں پر ڈھیر ہو گئے۔

    اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، گیند جیسے ہی بولر کو لگی اور وہ زمین پر بے حس و حرکت ہو کر گر گئے، تو لوگ یہی سمجھے کہ وہ مر گیا ہے، لیکن 120 میل فی گھنٹہ رفتار کی گیند سر پر ٹکرانے کے بعد بھی وہ خوش قسمت نکلے۔

    ویڈیو میں بیٹسمین کو سیدھی ڈرائیو کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے، پھر گیند بولر کے سر سے ٹکرائی اور وہ زمین پر گر گئے۔ وکٹ کیپر اور دوسرے کھلاڑی دوڑتے ہوئے ان کے پاس آئے، اکثر نے یہی سمجھا کہ وہ مر چکا ہے، کیوں ایسے جان لیوا واقعات پہلے بھی رونما ہو چکے ہیں، تاہم بولر صرف بے ہوش ہو کر گر گئے تھے، اور ان کے دائیں کان کی لو گہری سرخ تھی، جہاں گیند لگی تھی۔

    یہ واقعہ 3 اپریل کو بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد میں واقع VVIP کرکٹ اکیڈمی میں پیش آیا، بولر کو فوراً قریبی اسپتال لے جایا گیا، ابھی ڈاکٹر ان کا جائزہ لے رہے تھے کہ انھیں خود ہی ہوش آ گیا، لیکن تب تک ان کی موت کی افواہیں بھی گردش کرنے لگ گئی تھیں، جس پر انھیں اپنے زندہ ہونے کا ایک ویڈیو پیغام دینا پڑا۔

    کھلاڑی، جس کا نام معلوم نہیں ہو سکا، نے پیغام میں کہا ’میں مرا نہیں، زندہ ہوں۔‘ انھوں نے مزید کہا یہ افواہ گردش کر رہی تھی کہ میں موقع ہی پر مر گیا تھا لیکن یہ درست نہیں، میں بس کچھ وقت کے لیے بے ہوش ہو گیا تھا، میں اب ٹھیک ہوں اور سر میں تھوڑا سا درد اور چکر ہیں، تاہم میں جلد ہی دوبارہ کھیلنے آؤں گا۔

    یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ بولر کی سماعت کو نقصان پہنچا ہوگا لیکن ڈاکٹرز نے کہا کہ وہ بہت خوش قسمت ہے کیوں کہ اسے کوئی ایسا نقصان نہیں پہنچا۔

    یاد رہے کہ نومبر 2014 میں آسٹریلوی کرکٹر 25 سالہ فلپ ہفس بیٹنگ کے دوران گردن پر گیند لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔

  • بدبختی مقدر ہو گئی، بیٹوں نے ماں پر تشدد کر کے ٹانگ توڑ ڈالی

    بدبختی مقدر ہو گئی، بیٹوں نے ماں پر تشدد کر کے ٹانگ توڑ ڈالی

    لاہور: تھانہ غازی آباد کے علاقے میں بد بخت بیٹوں نے گھریلو تنازع پر سگی ماں پر بدترین تشدد کر کے اس کی ٹانگ توڑ دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے غازی آباد میں 3 سگے بیٹوں کا خون سفید ہو گیا، انھوں نے اپنی بیویوں کے ساتھ مل کر بزرگ ماں پر بدترین تشدد کیا، جس سے اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔

    ماں کا ساتھ دینے والے 2 بیٹوں کو بھی باقی تین بھائیوں نے تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کیا، بیٹوں نے زخمی ماں کو اسپتال لے جا کر پلستر چڑھوایا۔

    پولیس بھی ماں پر تشدد کرنے والے ملزمان کے ساتھ مل گئی، یہ واقعہ 5 دن قبل پیش آیا، متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس کو بھائیوں کے تشدد کے بعد درخواست دی گئی لیکن پانچ دن گزر گئے اور تھانہ غازی اباد پولیس نے تاحال ایف آئی آر درج نہیں کی۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے شقی القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ بزرگ خاتون کی عمر اور تکلیف کا بھی خیال نہ کیا، پولیس روزانہ انھیں تھانے بلاتی ہے اور بٹھا کر واپس بھجوا دیتی ہے۔

    متاثرین نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ پولیس زخمی ماں کے خلاف ہی مقدمہ درج کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ متاثرین نے انصاف کے لیے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔