Tag: غبن

  • پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں مالی غبن کا انکشاف

    پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں مالی غبن کا انکشاف

    لاہور: پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں مالی غبن اور بوگس بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ڈیپارٹمنٹ میں مالی غبن کی اطلاع پر کی گئی ابتدائی انکوائری میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈیپارٹمنٹ میں مالی غبن کیا گیا ہے اور بوگس بھرتیاں کی گئی ہیں۔

    انکوائری رپورٹ کے مطابق ڈیپارٹمنٹ میں کروڑوں روپے مالیت کی 6 دکانیں کوڑیوں کے بھاؤ من پسند افراد کو غیر معینہ مدت کے لیے دی گئیں، اور اس کے لیے ٹینڈر نہیں دیا گیا نہ ہی بولیاں لگیں۔

    رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ دکانوں کی سیکیورٹی کی رقم یونیوسٹی خزانے میں جمع کرانے کی بجائے ملوث آفیشلز نے لی، اس مالی غبن میں ڈیپارٹمنٹ کے سابق سربراہ، ایسوسی ایٹ پروفیسر، اور عملے کے چند افراد ملوث پائے گئے ہیں۔

    ڈیپارٹمنٹ میں بوگس بھرتیوں سے متعلق کیس اینٹی کرپشن کو بھیج دیا گیا ہے، اور ابتدائی رپورٹ میں ملوث افراد کے خلاف مکمل انکوائری اور تادیبی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

  • بھارتی شہری کی اماراتی کمپنی میں 22 لاکھ درہم کی خرد برد، مقدمہ درج

    بھارتی شہری کی اماراتی کمپنی میں 22 لاکھ درہم کی خرد برد، مقدمہ درج

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی کمپنی میں غبن کے الزام میں بھارتی شہری پر چار ساتھیوں سمیت فردِ جرم عائد کردی گئی، ملزم پر 22 لاکھ درہم کی خرد برد کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کی عدالت نے ایک پبلک کمپنی میں فنانشل اورایڈمنسٹریٹو مینجر کی حیثیت سے کام کرنے والے 49 سالہ بھارتی شہری پر اس کی غیرموجودگی میں فردِجرم عائد کی ہے، ملزم اپنے ساتھیوں سمیت مالی بے قاعدگیوں میں ملوث تھا۔

    ملزم کے ساتھ مزید چار ملزمان کو شریکِ جرم قرار دیا گیا  ہے  جن میں 51 سالہ فلپائنی نژاد شخص، دو بھارتی شہری جن کی عمریں 38 سال بتائی گئیں ہیں اور  مرکزی ملزم کی 44 سالہ بہن شامل ہے۔ عدالت میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے بالترتیب 70 ہزار درہم، ساڑھے گیارہ ہزار درہم، 35 ہزار درہم اور 19 ہزار درہم  کمپنی کے حساب میں خرد برد کرکے غبن کیے۔

    عدالت کی جانب سے عائد کی جانے والی فردِ جرم کے مطابق ملزمان کی یہ کارروائیاں جنوری 2011 سے فروری 2011 تک جاری رہیں۔ ان کے خلاف البارشا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    غبن کے معاملات کے ایک ماہر کے مطابق، خرد برد کرنے کے لیے طے شدہ طریقہ کار سے انحراف کیا گیا اورریکارڈز میں وسیع پیمانے پر بے قاعدگیا ں بھی کی گئیں ہیں۔ مقدمے کی آئندہ سماعت تین فروری کو ہوگی۔

  • راس الخیمہ، چیریٹی کی رقم میں‌ غبن، عرب شہری کو سزا

    راس الخیمہ، چیریٹی کی رقم میں‌ غبن، عرب شہری کو سزا

    راس الخیمہ : متحدہ عرب امارات کی عدالت نے چندے کی رقم میں 1 لاکھ درہم کا غبن کرنے کےجرم  میں عرب شہری کو سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چندے کے بُکس سے خطیر  رقم چوری کرنے والے ملازم کو گرفتار کرکے ریاست کی عدالت عالیہ میں پیش کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چندے کےڈبّے سے 1 لاکھ درہم کی بھاری رقم کا غبن کرنے والا ملازم چیریٹی سوسائٹی کا ملازم ہے۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق راس الخیمہ کی مقامی چیریٹی ایسوسی ایشن نے پولیس کو اپنے ایک عرب ملازم کے خلاف شکایت درج کروائی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کی ایسوسی ایشن کا ایک ملازم غبن میں ملوث ہے۔

    عدالتی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ملازم نے سوسائٹی کے چیریٹی بُکس کو نقلی چابی کی مدد سے کھول کر رقم چوری کی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے چیریٹی بُکس تک رسائی حاصل کی اور چندے کی رقم لے جانے والی گاڑی اور ایسوسی ایشن کے چیریٹی بیگز میں سوسائٹی سے چندے کے 1 لاکھ درہم لے کر فرار ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ راس الخیمہ کی عدالت نے فریقین کے بیانات سننے کے بعد ملزم کو چندے کی رقم میں غبن کرنے کے الزام میں سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔