Tag: غربت کا خاتمہ

  • ایلون مسک کی کتنی دولت سے دنیا سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے؟

    ایلون مسک کی کتنی دولت سے دنیا سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے؟

    نیویارک: اقوام متحدہ کے ایک ماہر نے کہا ہے کہ دنیا کے دولت مند ترین آدمی ایلون مسک کی صرف 2 فی صد دولت سے دنیا میں غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیس ایکس کے بانی اور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ تنہا ہی دنیا سے مفلسی اور بھوک کا خاتمہ کر سکتے ہیں، ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کی دولت کا 2 فی صد حصہ اس دنیا کو کئی مشکلات سے نجات دینے کے لیے کافی ہوگا۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ اس ہفتے ایلون مسک کے دنیا کے سب سے امیر آدمی بنتے ہی، کچھ لوگ ان سے اپنی دولت لے کر عالمی غربت سے لڑنے میں مدد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، کیوں کہ دنیا کے بہت سارے معاشرے اس وقت اندرونی تنازعات، موسمیاتی تبدیلی اور کرونا کے عالمی وبائی مرض کے ساتھ جوجھ رہے ہیں۔

    ڈیوڈ بیزلے نے دنیا بھر میں امیر ترین افراد سے اپیل کی ہے کہ صرف ایک مرتبہ ایک ساتھ ہو کر دنیا کو بچا لیں، انھوں نے خاص طور پر ایلون مسک اور ایمازون کے مالک جیف بیزوس کا نام لیا، جو اس وقت دنیا کی امیر ترین شخصیات ہیں۔

    ڈیوڈ بیزلے نے ٹوئٹر پر ایلون مسک سے اپیل کی کہ وہ صرف ایک بار 6 ارب ڈالر عطیہ کریں تو اس سے سوا 4 کروڑ لوگوں کی مدد ہو جائے گی، یہ وہ لوگ ہیں جو غذا کی درجہ بندی میں اسٹیج فور یعنی ایمرجنسی کی حالت میں ہیں، ورنہ انھیں بچایا نہیں جا سکے گا۔

    بلوم برگ کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ایلون مسک کی دولت 289 بلین ڈالرز سے تجاوز کر رہی ہے، اور ان کا 2 فی صد چندہ بھی دنیا بھر کے لیے کافی ہوگا۔ تاہم ایلون مسک کا اس پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا بلکہ وہ اب یونیورسٹی بنانے کا سوچنے لگے ہیں۔

  • غربت کے خاتمے کا عالمی دن: غریبوں کی نصف تعداد بھارت سمیت صرف 5 ممالک میں موجود

    غربت کے خاتمے کا عالمی دن: غریبوں کی نصف تعداد بھارت سمیت صرف 5 ممالک میں موجود

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج غربت کے خاتمے کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ترقی پذیر ممالک سے غربت کا خاتمہ اور غریبوں کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔

    غربت کے خاتمے کا یہ دن منانے کا آغاز سنہ 1993 سے ہوا۔ اس دن دنیا بھر میں غربت، محرومی اور عدم مساوات کے خاتمے، غریب عوام کی حالت زار اور ان کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا پیغام اجاگر کیا جاتا ہے۔

    رواں برس اس دن کا مرکزی خیال ہے کہ غریب بچوں اور ان کے خاندانوں کو خود مختار کرنے کے لیے کام کیا جائے تاکہ غربت کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔

    اقوام متحدہ کے طے کردہ پائیدار ترقیاتی اہداف میں پہلا ہدف دنیا بھر سے غربت کا خاتمہ ہے تاہم یہ ہدف ابھی بھی اپنی تکمیل سے کوسوں دور ہے۔

    عالمی اداروں کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں غریب افراد کی تعداد 3 ارب کے قریب ہے۔ ان افراد کی یومیہ آمدنی ڈھائی ڈالر سے بھی کم ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 25 سال میں 70 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے اوپر آگئے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے مطابق ان غریب افراد کی نصف تعداد دنیا کے صرف 5 ممالک میں رہائش پذیر ہے جو بھارت، بنگلہ دیش، عوامی جمہوریہ کانگو، ایتھوپیا اور نائیجیریا ہیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بھی ایک تہائی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزار رہی ہے جبکہ صوبوں میں سب سے زیادہ غربت بلوچستان میں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق صوبائی لحاظ سے غربت کی سب سے بلند شرح صوبہ بلوچستان میں ہے، دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ، اس کے بعد صوبہ خیبر پختونخواہ اور سب سے کم صوبہ پنجاب میں ہے۔

    گزشتہ روز بھوک اور افلاس پر نظر رکھنے والے ادارے گلوبل ہنگر انڈیکس نے سالانہ رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق غربت کے حوالے سے پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوئی جبکہ بھارت مزید تنزلی کا شکار ہوا۔

    گلوبل ہنگر انڈیکس کی جانب سے جاری ہونے والی رینکنگ میں 117 ممالک کا نام شامل ہے، جنوبی ایشیا میں بھارت کو سب سے زیادہ غربت و افلاس کا شکار ملک قرار دیا گیا اور تنزلی کے بعد اس کا نمبر 102 تک پہنچ گیا۔

    رینکنگ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی صورتحال بہتر ہے اور بھارت کے مقابلے میں پاکستان کا نمبر 8 درجے اوپر یعنی 93 ویں پوزیشن پر ہے۔

  • احساس پروگرام کے تحت اس سال کئی اقدامات کیے جائیں گے: وزیر اعظم

    احساس پروگرام کے تحت اس سال کئی اقدامات کیے جائیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لیے قومی گریجویشن پروگرام کا افتتاح کر کے خوش ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام کا افتتاح کر کے خوش ہوں، یہ پروگرام احساس پروگرام کا حصہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت اس سال کئی اقدامات کیے جائیں گے، احساس پروگرام کا مقصد لاکھوں غریبوں کو پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ محروم طبقے کو وسائل، مخصوص فنڈز اور تربیت فراہمی کے ذریعے ان کو غربت سے نکالا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملکی صورت حال پر وزیراعظم عمران خان کا مصنفہ آئن رینڈ کی تحریر کا حوالہ

    خیال رہے کہ آج اس سے قبل وزیر اعظم نے ایک اور ٹویٹ میں پاکستان کی موجودہ صورت حال پر روسی نژاد امریکن مصنفہ این رینڈ کی تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے 60 برس قبل جو لکھا وہ آج ہمارے حالات پر پورا اترتا ہے۔

    معروف مصنفہ نے لکھا تھا کہ جب کوئی شے بنانے کے لیے ان لوگوں سے اجازت لینی پڑے جو خود کچھ نہ بناتے ہوں، جب پیسا ان کے پاس جا رہا ہو جو بہتری کی بجائے ذاتی مفاد کے لیے کام کرتے ہوں، جب قانون بھی آپ کے خلاف انھیں تحفظ دے، جب بد عنوانی کو ایوارڈ دیا جائے اور دیانت داری ذات کی قربانی بن جائے تو آپ کو سمجھ جانا چاہیے کہ آپ کا معاشرہ تباہ ہو چکا ہے۔

  • انسانی وسائل کی ترقی اورغربت کا خاتمہ حکومت کا منشور ہے‘ اسد عمر

    انسانی وسائل کی ترقی اورغربت کا خاتمہ حکومت کا منشور ہے‘ اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت انسانی وسائل کی بہتری میں سرمایہ کاری کے لیے پُرعزم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انسانی وسائل سے متعلق سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اقتصادی ترقی کی رفتارتیز کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کرنی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی اور غربت کا خاتمہ حکومت کا منشور ہے، سماجی تحفظ کے فروغ کے لیے صوبوں سے مل کر کام کررہے ہیں۔

    وزیرخزانہ نے کہا کہ انسانی وسائل، تعلیم، صحت میں سرمایہ کاری سب سے زیادہ منافع بخش ہے، حکومت انسانی وسائل کی بہتری میں سرمایہ کاری کے لیے پُرعزم ہے۔

    پاکستان کو کیپیٹل مارکیٹ میں اصلاحات لانی ہوں گی‘ اسد عمر

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پبلک پرائیوٹ شراکت داری کو بہتربنانا ہوگا، اب تک صرف پاور سیکٹر میں شراکت داری دیکھنے میں آئی ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسلامک بینکنگ میں مواقع بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستانی بینک ڈیپازٹ کو درست انداز میں بروئے کارنہیں لا رہے۔

    وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ اصلاحات سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، اس وقت مارکیٹ میں ضرورت سے زیادہ ریگولیشن ہیں۔

  • کمزور کو غربت سے نکالنے کے لیے پروگرام ترتیب دے رہے ہیں: وزیراعظم

    کمزور کو غربت سے نکالنے کے لیے پروگرام ترتیب دے رہے ہیں: وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی ثانیہ نشتر سے ملاقات کے دوران کہا کہ غربت کا خاتمہ اور کمزور طبقے کو اٹھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے چیئرپرسن بی آئی ایس پی ثانیہ نشتر سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ جو خاندان غربت کی لکیر سے نیچے ہیں ان کی غذائی ضروریات کو پورا کریں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ریاست احساس کا نام ہے جو معاشرے کے کمزور طبقوں کو اوپر اٹھاتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لئے ایک مفصل پروگرام ترتیب دے رہے ہیں، جو کمزور طبقے کو غربت کے شکنجے سے نکالنے میں کردار ادا کرے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پروگرام غربت سے متاثرہ افراد کی وقتی ضرورت تک محدود نہ ہو اور غربت کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کو آرڈینیشن ہو۔

    وزیر اعظم نے ثانیہ نشتر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غربت کے خاتمے، بے روزگار افراد کو ہنر کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جو خاندان غربت کی لکیر سے نیچے ہیں ان کی غذائی ضروریات کو پورا کریں گے۔

    ثانیہ نشتر نے عمران خان کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق بریفنگ دی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے چیئرپرسن ثانیہ نشتر کو ضروریات پورا کرنے کےلیے پروگرام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔

  • غربت کا خاتمہ کیسے کیا جائے؟ وزیر اعظم آئندہ ہفتے پالیسی کا اعلان کریں گے

    غربت کا خاتمہ کیسے کیا جائے؟ وزیر اعظم آئندہ ہفتے پالیسی کا اعلان کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم نے غربت کے خاتمہ کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا، عمران خان آئندہ ہفتے غربت میں کمی کیلئے پالیسی کااعلان کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں غریب عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ملک بھر میں غربت مٹاؤ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بنی گالہ میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا.

    اس موقع پر فواد چوہدری، سینیٹر فیصل جاوید اور افتخار درانی، نعیم الحق اور دیگر بھی موجود تھے، وزیراعظم نے ملک کی معاشی صورتحال کو ہر قمیت پر مستحکم کرنے کا عزم کا اظہار کیا.

    اجلاس میں وزیراعظم نے رہنماؤں کو غربت میں کمی کیلئے فریم ورک بنانے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ غربت میں کمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، عام شہریوں کی زندگی پہلے سے بہتر دیکھنا چاہتا ہوں۔

    علاوہ ازیں اجلاس میں حکومتی کارکردگی اور سو روزہ پلان کا جائزہ اور تحریک انصاف کی تنظیم نو کے امور پر بھی مشاوت کی گئی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور چین کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے برطانیہ کے صحافیوں نے ملاقات کی، یہ ملاقات چیئرمین سیکرٹریٹ بنی گالہ میں ہوئی، ملاقات میں حکومتی کارکردگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر بات چیت کی گئی۔